Tag: ایم کیو ایم

  • شہر قائد میں تھلیسیمیا کے مریضوں کے لیے خون کے عطیات کی اپیل

    شہر قائد میں تھلیسیمیا کے مریضوں کے لیے خون کے عطیات کی اپیل

    کراچی: شہر میں لاک ڈاؤن کے باعث خون کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے خون کی کمی کے باعث خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے عطیات جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے، خالد مقبول صدیقی نے شہریوں سے عطیات دینے کی اپیل کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں کے کے ایف کے تحت خون کے عطیات کا کیمپ منعقد کیا گیا، جہاں خون عطیہ کرنے والوں کی رجسٹریشن اور مکمل اسکریننگ کے بعد خون لیا جا رہا ہے، خون جمع کرنے کے ساتھ ساتھ کرونا سے بچاؤ کے لیے بھی تمام حفاظتی اقدامات اپنائے گئے، بتایا گیا کہ یہ عطیات مختلف اسپتالوں میں قائم بلڈ بینکس کو فراہم کیے جائیں گے۔

    کیمپ میں ایم کیو ایم کے سینکڑوں کارکنان نے اپنے خون کا عطیہ دیا، خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ قطاریں خون لینے والوں کی نہیں بلکہ دینے والوں کی ہے، ملک میں زلزلہ، سیلاب یا کوئی بھی قدرتی آفت آئی ہو ایم کیو ایم نے اپنا کردار ادا کیا۔

    گورنر سندھ کا تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ

    کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران تھلیسیمیا کے مرض میں مبتلا افراد کے لیے خون کے عطیہ میں واضح کمی آئی، جس کے لیے یہ مہم شروع کی گئی جو آیندہ کئی روز تک جاری رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے اس شہر سے اربوں روپے کمائے اب وقت ہے عوام پر وہ پیسہ خرچ کریں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے بجلی کے بل کو آدھا کیا جائے، دریں اثنا، ایم کیو ایم کی جانب سے ناظم آباد، گلبہار ٹاؤن میں مستحقین مین امدادی سامان کے کیمپ بھی لگائے گئے، خالد مقبول کا کہنا تھا کہ مستحقین کو ان کے گھروں پر راشن پہنچایا جائے گا۔

  • ایم کیو ایم وفد کی سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی سے ملاقات

    ایم کیو ایم وفد کی سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی سے ملاقات

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی سے ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم وفد کے وفد نے خالد مقبول کی قیادت میں سابق وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں سندھ کی سیاسی صورت حال سمیت وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کی پالیسیوں پر مشترکہ حکمت عملی بنانے اور سندھ اور بلوچستان میں نئے صوبوں سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔

    اس سے قبل سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی نے سندھ ،بلوچستان میں نئے صوبے بنانے کی حمایت کی تھی۔

    ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے ہر اس جگہ بننے چاہئیں جہاں ضرورت ہو، ظفراللہ جمالی کے تجربے کی پاکستان کو ضرورت ہے۔

    دوسری جانب میر ظفر اللہ جمالی کا کہنا تھا کہ میں نے کراچی صوبے کی بات نہیں کی، جو بھی آتا ہے وہ کہتا ہے سرائیکی صوبے کی بات کرتے ہیں، ایک صوبے کا حل نہیں نکال سکتے ہیں تو سندھ، بلوچستان کا کیا کریں گے۔

  • 35 سال میں پہلی بار سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ منقطع ہوئے: شاہد خاقان

    35 سال میں پہلی بار سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ منقطع ہوئے: شاہد خاقان

    کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 35 سال میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں کوئی ڈائیلاگ نہیں ہو رہے، کوئی رابطہ نہیں ہو رہا، سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ کی کمی کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار سے ملاقات کی، بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم شہباز شریف کی ہدایت پر پرانے ساتھی فاروق ستار کے پاس آئے ہیں، سیاسی جماعتیں اپنے سیاسی ڈائیلاگز برقرار رکھتی ہیں، سیاسی ڈائیلاگز کے لیے ہمیشہ حکومت ہاتھ آگے بڑھاتی ہے لیکن پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی ڈائیلاگز نہیں ہو رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کراچی عام شہر نہیں یہ پاکستان کا دل ہے، کراچی ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان بھی ترقی نہیں کرے گا، کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو پاکستان کے مسائل بھی حل نہیں ہوں گے، پاکستان میں گورنرز کا ماڈل ناکام ہو چکا ہے، پاکستان کو ایک فری اینڈ فیئر الیکشن کی ضرورت ہے۔

    شہباز شریف کی ہدایت پر 4 رکنی پارٹی وفد کراچی پہنچ گیا

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور ہم نے پارلیمان میں ایک ساتھ کام کیا، ہمارے درمیان رابطے آسان ہیں تو گلے شکوے بھی چلتے رہتے ہیں، ہم نے ایک دوسرے سے گلے شکوے کیے ہیں، اب ملک کی صورت حال کے پیش نظر سیاسی مفاہمت نہیں بلکہ قومی ایجنڈا وضع کرنے کی ضرورت ہے، عام آدمی دیوار سے نہیں لگا بلکہ دیوار میں چنوا دیا گیا ہے، قومی ایجنڈے میں ہمارا فوکس معیشت پر ہونا چاہیے۔

    انھوں نے کا کہ کراچی میں 12 سال میں ایک قطرہ پانی میں اضافہ نہیں ہوا، گزشتہ 2 سال میں موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہوئی، معاشی بحران سنگین ہے، دکانیں اور گھر توڑے گئے لیکن ان کو متبادل نہیں دیا گیا۔

    بعد ازاں، مسلم لیگ نون کے وفد نے شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں ادارہ نور حق جا کر سابق میئر کراچی نعمت اللہ خان کے انتقال پر تعزیت کی، شاہد خاقان نے کہا کہ نعمت اللہ خان مرحوم کراچی کے محسن تھے، انھوں نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔

  • عمران فاروق قتل کیس، گواہوں کے تہلکہ خیز انکشافات

    عمران فاروق قتل کیس، گواہوں کے تہلکہ خیز انکشافات

    اسلام آباد: ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اہلیہ شمائلہ فاروق، برطانوی گواہوں کے بعد حکام کے بھی بیانات قلمبند کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے انٹیلی جنس اینالسٹ جوناتھن بانڈ، پولیس افسرپال ہال مین اور ڈیٹیکٹو کانسٹیبل جیمز لنچ کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔

    پولیس افسر پال ہال نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران فاروق کے قتل میں استعمال چاقو چین سےدرآمد شدہ تھا، چینی کمپنی نے رابطے پر کنفرم کیا کہ چاقو ان کا بنایا ہوا ہے، کمپنی نے کہا چاقو یوکے میں صرف ایک اسٹور پر فروخت ہوتاہے، میں نے جائے واردات کے قریبی اسٹور سے 4چاقوؤں کا سیٹ خریدا، یوکے میں کچن میں استعمال چاقوؤں کاسیٹ پیکنگ میں دستیاب ہوتا ہے۔

    پولیس کےڈیٹیکٹو کانسٹیبل جیمز لنچ نے بطور گواہ بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ میں نے ایک نوکیا فون کے ڈیٹا کو ایگزامن کیا، فون میں ایک میسج محسن علی سید اور اس کی فلائٹ سے متعلق تھا، میسج پاکستان کے ایک نمبر سے بھجوایا گیا تھاجس میں فلائٹ کی تاریخ تھی، میسج کی تاریخ یکم جنوری 1976 نظرآ رہی تھی جوکہ درست نہیں، متعلقہ ماڈل موبائل سے طویل عرصہ بیٹری نکالی جائے تو غلط وقت آتاہے۔

    عدالت نے مزید 2 برطانوی گواہوں محمد اکبر اور معین الدین شیخ کو کل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عمران فاروق کی قتل سے پہلے اپنے قاتلوں سے ملاقات ہوئی تھی، شمائلہ فاروق

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے مقتول رہنما کی اہلیہ شمائلہ عمران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ عمران فاروق کی قاتلوں سے ملاقات ہوچکی تھی، دو نوجوانوں نے میرے شوہر کو روک کر بتایا کہ وہ اے پی ایم ایس او کے کارکن اور ان کے چاہنے والے ہیں، میرے شوہر کو اپنی سیکیورٹی پر خدشات تھے، جس کا ذکر انہوں نے لندن کی پولیس سے بھی کیا تھا۔

    شمائلہ فاروق کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ شوہر کو محسن علی سید اور کاشف کامران خان پرشک نہیں ہوا، علاوہ ازیں عدالت میں بیوہ عمران فاروق کے علاوہ جائے واردات پر سب سے پہلے پہنچنے والے پولیس افسر اور ڈاکٹر کابیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔

    شمائلہ فاروق دو پولیس افسران کے ہمراہ ہینڈن مجسٹریٹ کورٹ سے پہنچیں، اس موقع پر پاکستان ہائی کمیشن کے حکام بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

  • حکومت نے کراچی سے متعلق ایم کیو ایم مطالبات پرعمل نہیں کیا، بلاول بھٹو

    حکومت نے کراچی سے متعلق ایم کیو ایم مطالبات پرعمل نہیں کیا، بلاول بھٹو

    اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے کراچی سے متعلق ایم کیو ایم مطالبات پرعمل نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ چین میں محصور پاکستانیوں کے حوالے سے کافی پریشان ہیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں چین میں پھنسے پاکستانیوں کے مسئلے کو اٹھایا ہے، حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستانیوں سے متعلق اقدامات کر رہے ہیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی سےمتعلق ایم کیوایم مطالبات پرعمل نہیں کیا، کراچی کی دعویدار ایم کیوایم بھی مانتی ہے وعدے پورے نہیں ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے نظریات میں کافی فرق ہے، کراچی کے عوام کے مسائل سب کو مل کر حل کرنا چاہئیے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام سے جو وعدے کیے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں ہوا، وعدہ کیا گیا تھا پانی کے منصوبوں پر وفاق سندھ حکومت سے مل کر کام کرے گا۔

    آئی جی سندھ کے لیے تجویز کردہ نام مسترد کرنے پر بلاول بھٹو برس پڑے

    یاد رہے کہ دو روز قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کے لیے سنیارٹی پر نام بھیجے لیکن پھر بھی وزیراعظم نے اتفاق نہیں کیا۔

  • سندھ کی اپوزیشن کا آئی جی سے متعلق دو ٹوک مؤقف اپنانے کا فیصلہ

    سندھ کی اپوزیشن کا آئی جی سے متعلق دو ٹوک مؤقف اپنانے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ کی موجودہ صورت حال اور آئی جی کی تعیناتی کے معاملے پر ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے دو ٹوک مؤقف اپنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کی موجودہ صورت حال اور آئی جی سند ھ کی تعیناتی پر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے، جس میں ان معاملات کو زیر غور لایا جائے گا۔

    ذرایع کے مطابق ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کلیم امام نے بہ طور آئی جی سندھ اچھا کام کیا، آئی جی پولیس کو غیر جانب دار اور سیاست سے دور ہونا چاہیے، کلیم امام کو سیاسی دباؤ میں لایا گیا، سندھ حکومت کی آئی جی کے خلاف چارج شیٹ سیاسی لگتی ہے۔ کوئی افسر حکومت کے کہنے پر قبضے کرے اور پیٹرول پمپس بنائے تو ٹھیک ہے، لیکن اگر وہ ایسا نہ کرے تو ایمان دار افسر کو چلنے نہیں دیا جاتا۔

    دوسری طرف پی ٹی آئی ذرایع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت گورنر کے ذریعے مشاورت نہیں کرے گی تو آئی جی کے معاملے کا فیصلہ نہیں ہوگا، وفاقی کابینہ نے گورنر اور وزیر اعلیٰ کی مشاورت کا فیصلہ کیا تھا۔ پی ٹی آئی کا یہ بھی مؤقف ہے کہ سندھ حکومت کا رویہ پولیس جوانوں اور افسران کی حوصلہ شکنی کا سبب بن رہا ہے۔

    آئی جی سندھ کیلیے تجویز کردہ نام مسترد کرنے پر بلاول بھٹو برس پڑے

    گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں اتحادیوں کی آ ئی جی سے متعلق مشاورت بھی ہوئی، گورنر نے اتحادیوں کے مشورے پر وفاقی اور صوبائی حکومت سے رابطہ کیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو فون کیا تاہم انھوں نے جواب دیا کہ آپ کا احترام ہے لیکن آئی جی معاملے پر بات نہیں کر سکتے۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے جواب کے بعد گورنر سندھ نے وزیر اعظم سے رابطہ کیا اور کہا کہ میں نے آپ کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سندھ کو فون کیا، انھوں نے آئی جی معاملے پر مثبت جواب نہیں دیا۔

    خیال رہے کہ آئی جی کے معاملے پر وفاقی اور صوبائی حکومت میں ڈیڈ لاک بر قرار ہے۔

  • ایم کیو ایم کو خدمت کرنے کے لیے وزارت کی ضرورت نہیں،خالد مقبول صدیقی

    ایم کیو ایم کو خدمت کرنے کے لیے وزارت کی ضرورت نہیں،خالد مقبول صدیقی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ عوام کی خدمت ہماری سیاست کی بنیاد ہے، ہےایم کیو ایم کو خدمت کرنے کے لیے وزارت کی ضرورت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی والوں سے وعدہ ہے مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ ترقیاتی کام کا سلسلہ اور تیز ہو، جب نشست نہیں تھی اس وقت بھی شہر کو چمکا کر رکھا تھا، عوام کی خدمت ہماری سیاست کی بنیاد ہے، ہم حکومت میں ہوں یا نہ ہوں لوگوں کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی محدود وسائل میں کام کر رہی ہے، اہلیان کراچی سے وعدہ ہے ان کے مسائل کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس65 فیصد ریونیوکے شہر کو دینے کے لیے کچھ ہوگا تو آئیں گے، کراچی میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے گی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کا کہنا تھا کہ جتنے وسائل ہیں انہیں شہر کی بہتری کے لیے استعمال کر رہے ہیں، شہریوں کو درپیش مشکلات سے نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

  • اتحادی جماعتوں کی ناراضی دور کرنے کے لیے پیکج ڈیل تیار

    اتحادی جماعتوں کی ناراضی دور کرنے کے لیے پیکج ڈیل تیار

    کراچی: اتحادی جماعتوں اور اپنے ناراض ارکان کو منانے کے لیے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے پیکج ڈیل تیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سندھ میں ارکان قومی اسمبلی کو 15,15 کروڑ کے ترقیاتی فنڈز دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، خصوصی ترقیاتی فنڈز پر ایم این ایز کی تجویز کردہ اسکیمیں شروع ہوں گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم اور جی ڈی اے ارکان قومی اسمبلی کو بھی 15 کروڑ کے ترقیاتی فنڈز ملیں گے، وفاقی حکومت نے کراچی میں 100 آر او پلانٹس لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس منصوبے کا آغاز آیندہ ماہ سے ہوگا، منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے حامل کنٹینر آر او پلانٹس لگائے جائیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق ارکان قومی اسمبلی کو رواں اور گزشتہ مالی سال کے ترقیاتی فنڈ دیے جا رہے ہیں۔

    حکومتی وفد سے ملاقات ، ایم کیو ایم کا ایجنڈا

    اس سلسلے میں پی ٹی آئی رکن اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ جو کام 70 سال میں کوئی نہیں کر سکا وہ پی ٹی آئی حکومت کرنے جا رہی ہے، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے ارکان کو بھی ترقیاتی فنڈز ملیں گے، ارکان سندھ اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز گورنر ایس آئی، ڈی سی ایل کے ذریعے دیں گے۔

    خیال رہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی حکومت کے اتحادی ایک عرصے سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہ کیے جانے پر وفاق سے ناراض ہیں، اس سلسلے میں کئی بار مذاکرات بھی ہوئے تاہم کوئی نتیجہ برآمد نہ ہو سکا، ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ وعدے پورے کرنے کے لیے ایک بار پھر وعدے کیے جاتے ہیں، خالد مقبول صدیقی نے وزارت سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔

  • سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے، عمران اسماعیل

    سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے، عمران اسماعیل

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اسد عمر، پرویز خٹک، گورنر پنجاب ، حلیم عادل شیخ اور دیگر ملاقات میں موجود تھے۔

    ملاقات میں وفاق کے تحت ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے پر ہرممکن وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے، صوبے کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے۔

    جہانگیرترین اور پرویزخٹک آج ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین اور وزیر دفاع پرویزخٹک سمیت دیگر رہنما آج ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے، جہاں وہ خالد مقبول صدیقی اوررابطہ کمیٹی سےملاقات کریں گے۔

  • حکومتی وفد سے ملاقات ، ایم کیو ایم نے اپنا ایجنڈا تیار کر لیا

    حکومتی وفد سے ملاقات ، ایم کیو ایم نے اپنا ایجنڈا تیار کر لیا

    کراچی : ایم کیو ایم نے حکومتی وفد سے ملاقات کے لیے اپنا ایجنڈاتیار کر لیا ، جس میں کراچی پیکج ، حلقہ بندیوں کامعاملہ ، ترقیاتی کاموں میں سست روی اور دونوں جماعتوں میں 2تحریری معاہدوں پر عملدرآمد شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم نے حکومتی وفد کے سامنے پیش کرنے کے لئے اپنا ایجنڈا تیار کرلیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پیکج، حیدرآباد یونیورسٹی، مردم شماری اور حلقہ بندیوں کامعاملہ اٹھایاجائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ترقیاتی فنڈز،زیرالتوا،ترقیاتی کاموں میں سست روی ، پانی اور ٹرانسپورٹ کا منصوبہ بھی ایجنڈےمیں شامل ہیں جبکہ دونوں جماعتوں میں 2تحریری معاہدوں پر عمل کا بھی ملاقات میں جائزہ لیا جائےگا۔

    ایم کیو ٰایم ذرائع کا کہنا ہے کہ طاقتوربلدیاتی نظام، کراچی ، حیدرآباد فنڈز بھی ایم کیو ایم کے مطالبے کےاہم نکات ہیں ، وزارتوں کی بات ہی نہیں ، معاملہ شہری سندھ کے مسائل کا ہے ، بال تحریک انصاف کےکورٹ میں ہے،دیکھتے ہیں کیا لے کر آر ہے ہیں۔

    خیال رہے جہانگیرترین، پرویزخٹک اور اسدعمر3 بجے ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد پہنچیں گے ، جہاں وہ ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی سے ملاقات کریں گے۔

    مزید پڑھیں : جہانگیرترین اور پرویزخٹک آج ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے

    ذرائع کا کہناتھا کہ ملاقات میں ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کومنانےاور ان کے تمام جائز مطالبات اور تحریری معاہدے کے حوالے سے عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا،وفد مطالبات جلد پورا کرنے کی یقین دہانی اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام بھی پہنچائے گا۔

    یاد رہے 12 جنوری کو ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے استعفی کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے دوسرے ہی روز 13 جنوری کو وفاقی وزیر اسد عمر ایم کیو ایم پاکستان کو منانے بہادرآباد گئے تھے تاہم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنا فیصلہ واپس لینے سے صاف انکار کردیا تھا اور پھر 16 جنوری کو اپنا استعفی بھی وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کردیا تھا۔