Tag: ایم کیو ایم

  • ایم کیو ایم کراچی کے اداروں کی تباہی کی ذمے دار ہے: سعید غنی

    ایم کیو ایم کراچی کے اداروں کی تباہی کی ذمے دار ہے: سعید غنی

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کراچی کے اداروں کی تباہی کی ذمے دار ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایم کیو ایم کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت کراچی سمیت ملک کے ہرشہرمیں ہے.

    وزیربلدیات سندھ نے کہا کہ پیٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں سے توجہ ہٹانے کے لئے آج ڈراما رچایا گیا، ایم کیوایم کو پانی کے ساتھ ساتھ مہنگائی پر بھی احتجاج کرنا چاہیے.

    سعید غنی نے کہا کہ ایم کیوایم نے آدھی وزارت کی امید پرعوام دشمن بجٹ کو ووٹ دیا، جو افسوس ناک ہے.

    انھوں نے کہا کہ پانی کی قلت ہر شہرمیں ہے، واٹربورڈمیں تعینات ایم کیوایم کارکن پانی تقسیم خراب کرنے میں ملوث ہیں.

    مزید پڑھیں: پورا شہر لے کر نکلے تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی: خالد مقبول صدیقی

    وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ پانی کی فراہمی متاثرکرنیوالےملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی.

    خیال رہے کہ آج ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاج مظاہرہ کیا گیا، حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 11 سال سے وڈیرے اور جاگیر داروں نے معاشی دہشت گردی مچا رکھی ہے، پاکستان کو بچانے کے لیے کراچی کو بچانا ضروری ہے۔

  • کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا: خالد مقبول صدیقی

    کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا: خالد مقبول صدیقی

    کراچی: وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ہر حکومت کی بنیادی ضرورت ہوتی ہے، کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول نے کہا کہ ریاست کی دوسری ذمہ داری تحفظ ہے، اپنی جماعت کو چھوڑ کر جانا بھی عدم تحفظ کی دلیل ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے پریس کلب پر پانی کی عدم فراہمی کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ ایم کیو ایم کا قصور پڑھے لکھے متوسط نوجوانوں کو اسمبلیوں میں بھیجنا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ جبر کرنے والے تھک چکے ہیں، اب انھیں آپ کی ضرورت ہے، آئیں سندھ کے شہری علاقوں کے عوام مہاجروں کو ان کا حق دلائیں۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  کراچی کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں: سراج الحق

    کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کا 70 برس کا قرض اگر کوئی اتار سکتا ہے تو وہ یہی جماعت ہے۔

    خیال رہے کہ دو دن قبل ایم کیو ایم پاکستان نے شہر قائد میں پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا، کراچی میں قلت آب کا مسئلہ گمبھیر شکل اختیار کر چکا ہے، ایم کیو ایم پاکستان سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کے خلاف میدان میں آ گئی ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کا مؤقف ہے کہ کراچی میں پانی کی چوری اور غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے شہر بوند بوند کو ترس گیا ہے۔

  • وزیر اعظم کی ایم کیوایم کو وفاقی ترقیاتی پیکج کی پہلی قسط فوری ریلیز کرانے کی یقین دہانی

    وزیر اعظم کی ایم کیوایم کو وفاقی ترقیاتی پیکج کی پہلی قسط فوری ریلیز کرانے کی یقین دہانی

    اسلام آباد: وزیر اعظم  عمران خان سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے آج اہم ملاقات کی.

    تفصیلات کے مطابق یہ ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم کے چیمبر میں ہوئی، اس موقع پر وفاق کی جانب سے جہانگیرترین، نعیم الحق، پرویز خٹک، ندیم افضل چن موجود تھے.

    [bs-quote quote=”یم کیو ایم کی جانب سے لاپتا افراد کی بازیابی، منصوبوں کی تکمیل، دفاترکھولنے اور سیاسی آزادی دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا.” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    ایم کیو ایم پاکستان کا وفد خالد مقبول صدیقی، اسامہ قادری، امین الحق، کشور زہرہ پر مشتمل تھا. ملاقات میں ایم کیو ایم نے اپنے مطالبات دہرائے.

    اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ، خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی،حیدرآباد ترقیاتی پیکج ایمرجنسی بنیاد پر جاری کیا جائے.

    ایم کیو ایم کی جانب سے لاپتا افراد کی بازیابی، منصوبوں کی تکمیل، دفاترکھولنے اور سیاسی آزادی دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا.

    مزید پڑھیں: کراچی: ایم کیو ایم کا پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کا اعلان

    وزیراعظم کی جانب سے ایم کیوایم وفد کو وفاق کی جانب سے ترقیاتی پیکج کی پہلی قسط فوری ریلیز کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی.

    وزیر اعظم نے کہا کہ تحریری معاہدے پرمن وعن عمل درآمد کیا جائے گا، وزیراعظم نے جہانگیر ترین کو تحریری معاہدے پرعمل درآمد کا ٹاسک دے دیا.

    اس موقع پر جہانگیر ترین نے کہا کہ ایم کیو ایم سے تحریری معاہدے پرعمل درآمد اخلاقی ذمہ داری ہے، جسے پورا کریں گے.

  • کراچی: ایم کیو ایم کا پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم کا پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے شہر قائد میں پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قلت آب کا مسئلہ گمبھیر شکل اختیار کر گیا، عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے.

    ایم کیو ایم پاکستان سندھ حکومت اور واٹربورڈ کے خلاف میدان میں آ گئی ہے، پارٹی کی جانب سے پانی کی چوری اور غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے.

    پانی کے بحران کے خلاف  ایم کیو ایم یکم جولائی کو پریس کلب کے سامنے احتجاج کرے گی، پارٹی کی جانب سے عوام کو مظاہرے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے.

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوام احتجاج کا حصہ بن کر سندھ حکومت اورواٹربورڈ پراپنےعدم اعتماد کا اظہار کریں.

    مزید پڑھیں: شہر قائد میں ایک بار پھر بجلی اور پانی کا بحران : بیشتر علاقوں میں اندھیرے کا راج

    پارٹی کے اعلامیہ کے مطابق سندھ حکومت کی نااہلی کے باعث عوام پانی سے محروم ہیں، پانی بحران کے خلاف ایم کیو ایم احتجاجی تحریک پھیلانے پر بھی غور کر رہی ہے.

    پارٹی ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان ایم ڈی واٹربورڈ کے دفتر اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر بھی احتجاج کی حکمت عملی پرغور کر رہی ہے.

  • ایم کیو ایم کی سندھ کے بجٹ پر کڑی تنقید

    ایم کیو ایم کی سندھ کے بجٹ پر کڑی تنقید

    کراچی: ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کے پیش کردہ سندھ بجٹ پر کڑی تنقید کی ہے. فسادات کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج سندھ اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے خواجہ اظہارالحسن نے سندھ کے بجٹ کو آڑے ہاتھ لیا. انھوں نے کہا کہ تمام آن لائن بزنس پر30 فیصد ٹیکس لگا دیا گیا.

    خواجہ اظہارالحسن  نے کہا کہ یہاں تودرزی پربھی ٹیکس لگا دیا ہے، کچر اٹھانے والوں پرٹیکس لگایا، آخر سندھ حکومت نے کیساعوام دوست بجٹ دیا؟

    انھوں نے بجٹ تقاریرمیں سارش چھپی ہے، یہ بجٹ تقاریرتوجہ ہٹاؤ تقاریر تھیں، اشتعال انگیز جملے بازی کی گئی، تاکہ بجٹ پرسیاسی تقاریرکریں، بدترین طرزحکومت چھپانےکے لئے اپوزیشن پرجملے بازی کرتے ہیں.

    خواجہ اظہار نے یاد دہانی کروائی کہ انھوں‌ نے پہلے بھی کہا، کسی کی شناخت پرانگلی نہیں اٹھائیں، کیا آپ سندھ میں ہونے والے فسادات کو بھول گئے؟

    مزید پڑھیں: سندھی اورمہاجرکوالگ کرنا اشتعال انگیزی ہے، فاروق ستار

    انھوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ چراغ سب کے بجھیں گے، اب احتساب چل رہا ہے اور آپ اس کا رخ موڑنا چاہتے ہیں، کراچی کے لئے 150ارب روپےکا اعلان کیا گیا تھا. میں استعفیٰ دےدوں گا اگر بجٹ میں 150 ارب روپے مجھے دکھا دیے جائیں.

    تقریر کے دوران احتجاج پر انھوں نے کہا کہ مجھے تقریر نہیں کرنے دی گئی، تو ہمارے ممبران چلیں جائیں گے.

  • وفاق کراچی کوبراہ راست فنڈز دے: ایم کیو ایم کا وزیر اعظم سے مطالبہ

    وفاق کراچی کوبراہ راست فنڈز دے: ایم کیو ایم کا وزیر اعظم سے مطالبہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بجٹ کے بعد خود کراچی آ کر بیٹھوں گا اور منصوبوں کا جائزہ لوں گا.

    تفصیلات کے مطابق آج وزیراعظم کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا پارلیمانی اجلاس ہوا. پارلیمانی اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا.

    پارٹی ذرائع کے مطابق رکن اسمبلی اسامہ قادری نے اجلاس میں پھر مطالبات سامنے رکھ دیے، ایم کیوایم نے کراچی کو ترقیاتی پیکج نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا.

    ایم کیو ایم کی جانب سے اسیر اورلا پتا کارکنان کی بازیابی اورپارٹی دفترکھولنے کا مطالبہ بھی دہرایا گیا.

    رکن اسمبلی اسامہ قادری نے وزیراعظم کے اردگرد موجود افراد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی خوشامدیوں کی وجہ سےحکمران تباہ ہوئے.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ وفاق حکومت کراچی کوبراہ راست فنڈز دے، سندھ حکومت نے صوبے کو تباہ کر دیا ہے.

    وفاقی نمائندہ کی جانب سے کہا گیا کہ اتحادی پیسے مانگتے ہیں، وفاق پیسے دیتا ہے، وہ لگائے نہیں جاتے. اس کے جواب میں اسامہ قادری نے کہا کہ ہم نے کبھی پیسےنہیں مانگے، ہم پرکوئی کرپشن کا الزام نہیں.

    بعد ازاں وزیر اعظم نے کہا کہ میں‌ خود کراچی آؤں گا اور منصوبوں کا جائزہ لوں گا.

  • لندن: بانی ایم کیو ایم ضمانت پر رہا

    لندن: بانی ایم کیو ایم ضمانت پر رہا

    لندن: بانی ایم کیو ایم کو لندن پولیس نے ضمانت پر رہا کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق لندن پولیس نے بانی ایم کیوایم کو رہاکر دیا، اس فیصلے کا سبب ناکافی شواہد کو قرار دیا ہے.

    بانی ایم کیو ایم سے سدرن پولیس اسٹیشن میں‌ تفتیش کی گئی. بانی ایم کیوایم نےتفتیش میں پولیس کوجواب دینے سے انکارکردیا تھا. انھوں نے تفتیش میں صرف نام، تاریخ پیدائش اور پتہ بتایا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ یارڈنےصبح سویرے بانی ایم کیو ایم کےگھرچھاپہ مار کرانھیں گرفتار کیا تھا، ان پرنفرت انگیز تقریر سے تشدد پر اکسانے کے الزامات ہیں۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بیان میں کہا تھا ایم کیو ایم کےایک شخص کو نفرت انگیزتقریروں پرگرفتارکیا گیا، چھاپے میں پندرہ پولیس اہلکاروں نےحصہ لیا، پولیس نےگھنٹوں رہائش گاہ کی تلاشی لی، اس دوران افسرپاکستانی حکام سےبھی رابطےمیں رہے.

    مزید پڑھیں: بانی ایم کیو ایم کا تفتیش کے دوران لندن پولیس کوجواب دینے سے انکار

    بعد ازاں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم ایم کیو ایم سیکرٹریٹ بھی پہنچی اور وہاں موجود ریکارڈ کی چھان بین کی۔

    واضح رہے  22 اگست  2016 میں بانی ایم کیو ایم نے  لندن سے بذریعہ ٹیلیفونک خطاب کے دوران ریاست مخالف تقریرکی تھی،  ان کی تقریر کے بعد اے آر وائی  سمیت مختلف ٹی وی چینلزپرحملہ کیا گیا تھا۔

  • بانی متحدہ مکافاتِ عمل کا شکارہیں، مصطفیٰ کمال

    بانی متحدہ مکافاتِ عمل کا شکارہیں، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ آج بانی ایم کیو ایم کے خاص ساتھی بھی انہیں چھوڑ کرجاچکے ہیں، یہ مکافاتِ عمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے پی ایس پی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہم بہت سالوں سےایک ٹریپ میں پھنسےہوئےہیں، کئی دہائیوں سے یہ سلسلہ مہاجر قوم کے ساتھ جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم آج سےپہلےبھی گرفتارہوئےتھے،آج پوراسیٹ بانی ایم کیوایم کےساتھ نہیں ہے، ان کے خاص ساتھی انہیں چھوڑ کرجاچکے ہیں اور اب صرف ان کے تنخواہ دار ان کے ساتھ ہیں۔

    مصطفی ٰ کمال کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کےساتھ جوہورہاہےوہ مکافات عمل ہے،ہمارے7کارکنان مارےگئےہم نےپلٹ کرکچھ نہیں کیا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایم کیو ایم میں رہتے ہوئے کوئی ثبوت جمع نہیں کیے، میں کسی کا ایجنٹ نہیں تھا جو ثبوت جمع کرتا۔ بانی ایم کیو ایم کی تقاریراوران کےاعمال ہی ان کےخلاف شواہدہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مجھےان کےخلاف کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہے،لندن پولیس کےپاس پہلےہی بہت شواہدموجودہیں۔

    بانی ایم کیو ایم لندن میں گرفتار، اسکاٹ لینڈیارڈ کی تصدیق

    آج صبح اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم کو صبح 8 بجے ان کےگھر پر چھاپہ مار کر انھیں حراست میں لیا، گرفتاری کے بعد انھٰیں مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ، نارتھ لندن میں چھاپے میں15 پولیس افسران نے حصہ لیا تھا۔

    نارتھ لندن میں بانی ایم کیوایم کےگھرکی تلاشی لی جارہی ہے، بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری ممکنہ طور پر 2016 کی نفرت انگیز تقریر پر کی گئی، نفرت پھیلانے کے جرم میں 6ماہ سے 3 سال تک کی سزاہوسکتی ہے۔

    یاد رہے اگست 2016 میں کراچی پریس کلب کے باہر قائد ایم کیو ایم کی جانب سے پاکستان مخالف اشتعال انگیز تقریر کی گئی تھی، جس کے بعد مظاہرین نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کر کے دفتری املاک کو شدید نقصان پہنچایا اور دفتر میں موجود اسٹاف کو بھی زدکوب کیا تھا۔

    بعد ازاں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا ’’ایم کیو ایم سے منسلک برطانوی شہری کی تقریر کا مکمل متن حاصل کرلیا ہے، جس کا ترجمہ کیا جارہا ہے تاکہ برطانوی قوانین کی روشنی میں اس حوالے سے کارروائی عمل میں لائی جائے‘‘۔

    ترجمان اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا تھا کہ ’’اشتعال انگیز تقریر کے بعد برطانیہ اور بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے کئی افراد نے بذریعہ خطوط اور کالز اپنی شکایات درج کروائیں تھیں جس پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا‘‘۔

  • بلاول بھٹو پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں: سعید غنی

    بلاول بھٹو پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں: سعید غنی

    کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں، صوبہ بنانے کا نعرہ ایم کیو ایم سیاسی دباؤ سے نکلنے کے لیے لگاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات نے چوہدری اسلم کے گھر جا کر ان کے بھائی کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئین میں صوبے بنانے کا طریقہ کار درج ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ صوبے کا مطالبہ ایم کیو ایم کاحق ہے، صوبے کی خواہش ہے تو صوبائی اسمبلی میں قرارداد تو لائیں، صوبائی اسمبلی موجود ہے اگر اتنی ہمت ہے تو نئے صوبے کا معاملہ وہاں لے کر آئیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ کسی جماعت نے صوبے کی بات نہیں کی، ایم کیو ایم سیاسی دباؤ سے نکلنے کے لیے ایسے نعرے لگاتی ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی کسی کو غدار نہیں کہا، تمام سیاسی جماعتیں اور رہنما محب وطن ہیں، ایک مخصوص سوچ اقتدار میں آئے تو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے لگتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: باغ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا پاور شو، سندھ حکومت پر کڑی تنقید

    انھوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ پاکستان کے بہترین ججز میں سے ایک ہیں، انھوں نے اپنے فیصلوں کے ذریعے یہ مقام بنایا ہے، بلاول پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں، جن ایشوز پر لوگ بات نہیں کرتے بلاول کھل کر بات کرتے ہیں، بلاول ان ایشوز پر بات کرتے ہیں جن کی وجہ سے پاکستان بحران کا شکار ہے۔

    سعید نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو تمام معاملات پر کھل کر بات کر رہے ہیں، انھوں نے کہا تھا کہ ہم بتائیں گے اپوزیشن کیا ہوتی ہے، عالمی یا ملکی امور پر بلاول بھٹو بلا جھجک بات کر رہے ہیں، جن کو میڈیا پر آواز نہیں مل رہی بلاول بھٹو ان کی آواز بنے ہیں۔

    وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں اپوزیشن مضبوط نہیں ہو رہی، پیپلز پارٹی کے ووٹ بڑھے ہیں، پیپلز پارٹی کارکنوں کی قربانیوں سے آج بھی زندہ ہے۔

  • ایم کیو ایم ساؤتھ افریقا کی صوبائی وزیر سعید غنی اور شہلا رضا کو قتل کی دھمکی

    ایم کیو ایم ساؤتھ افریقا کی صوبائی وزیر سعید غنی اور شہلا رضا کو قتل کی دھمکی

    کراچی: ایم کیو ایم ساؤتھ افریقا دہشت گردی کی علامت بن گئی، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی اور رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا کو قتل کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم ساؤتھ افریقا نے پیپلز پارٹی کی اہم سیاسی شخصیات کو ہدف بنا لیا، صوبائی وزیر سعید غنی اور شہلا رضا کو قتل کی دھمکی دے دی۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارش پر محکمہ داخلہ نے سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا۔

    ذرایع نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر سعید غنی اور شہلا رضا کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

    ذرایع نے مزید بتایا کہ سعید غنی اور شہلا رضا کو غیر ضروری سرگرمیوں سے روک دیا گیا ہے، سیکورٹی الرٹ کی کاپی سعید غنی اور شہلا رضا کو بھی موصول ہو گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جماعت اسلامی کے ڈاکٹر پرویز محمود کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا کارکن عدالت میں پیش

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے ارباب چانڈیو نے کہا کہ سعید غنی اور شہلا رضا کو ملنے والی دھمکی کے لیٹر میں کہا گیا کہ انھیں ایک ہفتے کے اندر قتل کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ 27 اپریل کو سابق ٹاؤن ناظم ڈاکٹر پرویز محمود کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر کنور عمران کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم ناظم آباد گلبہار سیکٹر کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا انچارج تھا، دوران پوچھ گچھ اُس نے ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں کا بھی اعتراف کیا۔