Tag: اینٹی باڈی کاکٹیل

  • برطانیہ: کرونا کے علاج کے لیے اینٹی باڈی کاکٹیل منظور

    برطانیہ: کرونا کے علاج کے لیے اینٹی باڈی کاکٹیل منظور

    لندن: برطانیہ نے کرونا انفیکشن کے علاج کے لیے اینٹی باڈی کاکٹیل استعمال کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی صحت حکام نے جمعے کو کرونا انفیکشن کو روکنے اور اس کا علاج کرنے کے لیے ایک اینٹی باڈی کاکٹیل کی منظوری دی ہے، جسے ریجینرون اور روش نے تیار کیا ہے، جلد ہی مریضوں پر اس کا استعمال شروع کر دیا جائے گا۔

    ہیلتھ ریگولیٹری ایجنسی (MHRA) کا کہنا تھا کہ روناپریو (Ronapreve) دوا کرونا انفیکشن سے بچاؤ میں مدد کر سکتی ہے، شدید کووِڈ 19 علامات کو ختم کر سکتی ہے، اور اسپتال داخل ہونے کے امکانات کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔

    برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کاکٹیل علاج کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے ہمارے ‘ہتھیاروں’ میں ایک اہم اضافہ ثابت ہوگا۔

    جاپان: کرونا مریضوں کے اینٹی باڈی کاکٹیل سے علاج میں پیش رفت

    حکام کے مطابق روناپریو دوا انجیکشن یا ڈرپ کے ذریعے دی جا سکتی ہے، یہ دوا سانس کے نظام کے اندر کرونا وائرس سے بچاؤ کرتی ہے، اسے نظام تنفس کے خلیات تک رسائی سے روکتی ہے۔

    روناپریو کا تعلق ادویہ کی اس کلاس سے ہے، جسے مونوکلونل (monoclonal) اینٹی باڈیز کہا جاتا ہے، جو انفیکشن سے لڑنے والی قدرتی اینٹی باڈیز کی نقل کرتی ہیں، حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ دوا ویکسینیشن کے متبادل کے طور پر ہرگز استعمال نہیں کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جاپان پہلا ملک تھا جس نے روناپریو دوا کی کرونا انفیکشن کے علاج کے لیے منظور کیا تھا۔

  • جاپان: کرونا مریضوں کے اینٹی باڈی کاکٹیل سے علاج میں پیش رفت

    جاپان: کرونا مریضوں کے اینٹی باڈی کاکٹیل سے علاج میں پیش رفت

    ٹوکیو: جاپان میں کرونا مریضوں کے اینٹی باڈی کاکٹیل سے علاج میں پیش رفت ہو ئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کی وزارت صحت کووِڈ 19 کے ایسے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کرنے جا رہی ہے، جن کا علاج حال ہی میں منظور شدہ 2 ادویات ایک ہی وقت میں استعمال کر کے کیا جا رہا ہے۔

    وزارت کے مطابق یہ مرکب مختصر مدت کے لیے اسپتال میں داخل رہنے کے دوران دیا جائے گا، اینٹی باڈی کاکٹیل ٹریٹمنٹ کہلانے والے اس علاج میں مریضوں کو ڈِرپ کے ذریعے نس میں دو ادویات دی جاتی ہیں تاکہ وائرس کی سرگرمی کو دبایا جا سکے۔

    واضح رہے کہ اس کاکٹیل کے اثر کو جاننے کے لیے بیرونِ ملک انجام دیے گئے ایک طبی تجربے میں تصدیق ہوئی تھی کہ اس تھراپی سے اسپتال میں داخل ہونے کی شرح یا موت کا خطرہ 70 فی صد تک کم ہو جاتا ہے۔

    جاپان: کرونا مریضوں کے لیے اینٹی باڈی کاکٹیل

    وزارت صحت جاپان کا کہنا ہے کہ فی الوقت مذکورہ ادویات کی دستیابی محدود ہے، اس لیے یہ طریقہ معمر مریضوں اور صحت کے شدید مسائل میں مبتلا لوگوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، اور ان کے لیے جو اسپتال میں داخل ہیں۔

    لیکن ملک میں کرونا کیسز اور گھروں میں قرنطینہ ہونے والے افراد میں اضافے کے سبب اب اس کے استعمال کا دائرہ پھیلانے پر بھی زور دیا جانے لگا ہے۔

    اسپتالوں میں مختصر مدت کے لیے داخل ہونے والے مریضوں کا علاج اس اینٹی باڈی کاکٹیل سے کرنے کے لیے وزارت صحت مقامی حکومتوں کے ساتھ مل کر انتظامات کرے گی۔

  • جاپان میں کرونا کے مؤثر علاج پر مبنی دوا کے ہنگامی استعمال کی درخواست

    جاپان میں کرونا کے مؤثر علاج پر مبنی دوا کے ہنگامی استعمال کی درخواست

    ٹوکیو: جاپان کی بڑی فارماسیوٹیکل کمپنی چوگائی نے حکومت سے کرونا وائرس انفیکشن کے علاج کے لیے ایک اینٹی باڈی کاکٹیل کے ہنگامی استعمال کی منظوری مانگ لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کی کمپنی چُوگائی (Chugai Pharmaceutical) کو وِڈ 19 کے علاج کے لیے ایک اینٹی باڈی کاکٹیل کے ہنگامی استعمال کی منظوری کی خواہاں ہے، اس سلسلے میں کمپنی نے جاپانی وزارت صحت سے درخواست کی ہے کہ اس کی اینٹی باڈی کاکٹیل کو کرونا انفیکشن کے علاج کے لیے ہنگامی استعمال کی اجازت دی جائے۔

    کمپنی کے مطابق کرونا وائرس کو بے اثر کرنے والی یہ دوا اینٹی باڈیز casirivimab اور imdevimab کو ملا کر تیار کی گئی ہے، نیز یہ کاکٹیل سمندر پار طبی آزمائش میں مریض کو اسپتال میں داخل کرانے کی ضرورت اور اموات کو تقریباً 70 فی صد کم کرنے میں کامیاب پائی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ یہ کاکٹیل تجرباتی ادویات پر مبنی ہے، اسے گزشتہ نومبر میں امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی، چُوگائی نے منگل کے روز جاپان میں اس کی منظوری کے لیے درخواست دی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دوا کرونا وائرس کی متغیر اشکال کے خلاف بھی مؤثر ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ منظوری ملنے کی صورت میں حکومت رواں سال کے لیے ملکی ضروریات کے لیے کافی مقدار میں اس کے حصول کا ارادہ رکھتی ہے۔

    کمپنی کے صدر اور سی ای او، اوکُودا اوسامُو نے کہا ہے کہ علاج معالجے کی نئی صورتیں درکار ہیں کیوں کہ وائرس کی متغیر اشکال پھیل رہی ہیں اور عالمی وبا طول پکڑ چکی ہے۔

    انھوں نے کہا کمپنی جاپانی صحت حکام سے قریبی اشتراک کرے گی، تاکہ یہ اینٹی باڈی کاکٹیل، مریضوں کے علاج کے ایک نئے طریقے کے طور پر جلد سے جلد مہیا کی جا سکے۔