Tag: اینٹی وائرل

  • کرونا کے علاج کے لیے دوائیوں کی فہرست سے اہم دوا خارج

    کرونا کے علاج کے لیے دوائیوں کی فہرست سے اہم دوا خارج

    جنیوا: عالمی ادارہ صحت نے ریمڈیسیور کو دوائیوں کی فہرست سے خارج کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کو روئٹرز نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اینٹی وائرل دوا ریمڈیسیور کو کرونا کی دوائیوں کی فہرست سے خارج کر دیا ہے۔

    قبل ازیں ڈبلیو ایچ او متنبہ کر چکی ہے کہ ریمڈیسیور کو کرونا کے مریضوں کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، خواہ وہ کتنے ہی بیمار کیوں نہ ہوں، کیوں کہ کرونا کے مریضوں میں اس کی افادیت کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

    اس سلسلے میں ڈبلیو ایچ او کی ایک سفارش بھی برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہوئی ہے، جو ایک جائزے پر مشتمل تھی، جس میں چار ممالک کے 7 ہزار سے زائد اسپتال میں داخل مریضوں پر ریمڈیسیور کا استعمال کیا گیا تھا۔

    عالمی ادارہ صحت کے گائیڈ لائن ڈیویلپمنٹ گروپ پینل کا کہنا تھا کہ اگر ریمڈیسیور کے کوئی مثبت اثرات موجود ہیں تو اس کا امکان بہت کم ہے جب کہ نقصان کا امکان پھر بھی موجود ہے۔

    کرونا کی دوا آ گئی؟ امریکی میڈیا کا بڑا دعویٰ

    شواہد کا جائزہ لینے کے بعد اس پینل نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ مریضوں کے لیے اموات کی شرح یا دیگر اہم نتائج پر ریمڈیسیور کا کوئی مفید اثر نہیں دیکھا گیا۔

    واضح رہے کہ ابتدائی تحقیق کے بعد امریکا، یوروپی یونین اور دیگر ممالک میں ریمڈیسیور کے استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے، یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ دوا کو وِڈ 19 کے کچھ مریضوں میں صحت یابی کا وقت کم کر سکتی ہے۔

  • کرونا کی دوا آ گئی؟ امریکی میڈیا کا بڑا دعویٰ

    کرونا کی دوا آ گئی؟ امریکی میڈیا کا بڑا دعویٰ

    واشنگٹن: امریکی صدارتی الیکشن کے قریب کرونا وائرس کی دوا بھی سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا نے دعویٰ کر دیا ہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کی دوا آ گئی ہے، آئندہ چند روز میں دوا کرونا مریضوں پر استعمال کی جائے گی۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فیڈرل ڈرگ اتھارٹی نے کرونا کی پہلی دوا کی مکمل منظوری دے دی ہے، ایف ڈی اے نے اینٹی وائرل دوا ریمڈیسیور (Remdesivir) کی اسپتالوں کو سپلائی کی منظوری بھی دے دی ہے، اس سے قبل اس دوا کی ہنگامی بنیادوں پر استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ بھی ریمڈیسیور دوا سے صحت یاب ہوئے تھے، یہ دوا کرونا وائرس کا پہلا منظور شدہ علاج ہوگا، رواں سال اس دوا کی فروخت کا تخمینہ 2.17 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

    امریکا: کرونا کے مریضوں پر اینٹی وائرل دوا کا استعمال شروع

    ادھر ریمڈیسیور بنانے والے کمپنی کے اسٹاک شیئرز میں 4.1 فی صد اضافہ ہو گیا ہے، امریکا میں اسپتالوں کو یہ دوا 3120 ڈالرز کی فروخت کی جائے گی۔

    دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ریمڈیسیور سے مریض 5 روز میں صحت یاب ہو جاتا ہے۔

  • امریکا: کرونا کے مریضوں پر اینٹی وائرل دوا کا استعمال شروع

    امریکا: کرونا کے مریضوں پر اینٹی وائرل دوا کا استعمال شروع

    واشنگٹن: امریکا میں کو وِڈ نائنٹین کے مریضوں پر ایک اینٹی وائرل دوا کا ہنگامی استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں ایک اینٹی وائرل دوا Remdesivir کا ہنگامی بنیادوں پر مریضوں پر استعمال شروع ہو گیا، امریکی فیڈرل ڈرگ اتھارٹی نے مریضوں پر اس کے استعمال کی اجازت دے دی۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کرونا مریضوں پر دوا کے استعمال کی اجازت ہنگامی بنیادوں پر دی گئی ہے، یہ دوا وائرس سے متاثر شدید بیمار افراد کو دی جائے گی، ابتدائی طور پر 15 لاکھ کی تعداد میں یہ دوا امریکا بھر میں فراہم کی جا رہی ہے۔

    ایف ڈی اے کمشنر اسٹیفن ہان کا کہنا ہے کہ ریمڈیسیور مریضوں کی جلد صحت یابی میں انتہائی مؤثر ثابت ہو سکتی ہے، دوا لینے والے مریض پندرہ دن کی بجائے 11 دن میں گھر جانے کے قابل ہو جائیں گے۔

    کرونا وائرس کی ویکسین کب تک دستیاب ہوگی؟

    امریکی میڈیا کے مطابق این آئی ایچ میں اس دوا کے مریضوں پر ٹرائل کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے تھے، جس کے بعد دوا کے باقاعدہ استعمال کا فیصلہ صدر ٹرمپ اور ایف ڈی اے کمشنر کی اہم ملاقات میں کیا گیا، کمشنر کا کہنا تھا کہ ریمڈیسیور امریکا میں کو وِڈ نائنٹین کے لیے پہلا تصدیق شدہ ادویاتی علاج ہے۔

    یہ دوا تیار کرنے والی کمپنی گِلی یَڈ سائنسز نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوا کے کلینیکل ٹرائلز جاری رکھیں گے، سی ای او ڈینئیل اوڈے کا کہنا تھا کہ دوا کی سپلائی جاری رکھنے کے لیے پارٹنرز کے ساتھ تعاون جاری رکھی جائے گی۔

  • کیوبا سے دنیا کو بچانے کے لیے حیرت انگیز دوا کی ترسیل شروع

    کیوبا سے دنیا کو بچانے کے لیے حیرت انگیز دوا کی ترسیل شروع

    ہوانا: امریکا کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرنے کے باوجود کیوبا جیسے چھوٹے ملک نے مہلک کرونا وائرس کا توڑ نکال لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیوبا نے دنیا بھر میں کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے حیرت انگیز دوا کا استعمال شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں کیوبا نے اپنی طبی ٹیمیں دیگر ممالک بھی بھیجنا شروع کر دی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ نئی دوا سے نیا کرونا وائرس ٹھیک ہو جاتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دوا انٹرفیرون الفا ٹو بی ری کمبنینٹ (IFNrec) کہلاتی ہے، جسے کیوبا اور چین کے سائنس دانوں نے مل کر بنایا ہے، چین میں اس دوا کا استعمال جنوری ہی سے جاری ہے۔

    کیوبا نے اب یہ دوا درجنوں دیگر ممالک کو بھی اپنی طبی ٹیموں کے ساتھ فراہم کرنی شروع کر دی ہے، کیوبن حکام کا کہنا ہے یہ نئی اینٹی وائرل دوا کرونا وائرس کے علاج کے سلسلے میں نہایت کارآمد ثابت ہوئی ہے۔

    کیوبا، جسے امریکا کی جانب سے پابندیوں کا سامنا ہے، نے اس سے قبل 1980 میں ڈینگی بخار کے علاج کے لیے جدید انٹرفیرون تراکیب کا استعمال پہلی بار شروع کیا تھا، اس کے بعد اسے ایچ آئی وی ایڈز، ہیومن پیپلوماوائرس، ہیپاٹائٹس بی، سی اور دیگر امراض میں بھی کامیاب پایا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دوا مریضوں میں وائرس کی وجہ سے ہونے والی ان پیچیدگیوں اور اضافے کو روکتی ہے جس سے عموماً مریض کی موت واقع ہو جاتی ہے۔

    گلاسگو یونی ورسٹی کی لیکچرر ہیلن یفی نے امریکی ہفتہ وار میگزین نیوزویک کو بتایا کہ یہ ایک حیرت انگیز دوا ہے، کم از کم 15 ایسے ممالک ہیں جنھوں نے کیوبا سے رابطہ کر کے مذکورہ دوا کی درخواست کی ہے۔ IFNrec ابھی کو وِڈ نائٹین کے علاج کے لیے منظور شدہ نہیں ہے تاہم اس سے مماثل وائرسز کے لیے مؤثر ثابت ہو چکی ہے۔

    چین کے قومی صحت کمیشن نے اسے کو وِڈ نائنٹین کے علاج کے لیے دیگر 30 ادویہ کے ساتھ منتخب کیا تھا، عالمی ادارہ صحت (WHO) بھی تین دیگر ادویہ کے ساتھ انٹرفیرون بیٹا پر کرونا کے لیے اس کے اثرات پر تحقیقات کر رہا ہے۔

    کیوبن حکام کا کہنا ہے کہ انھیں پابندیوں کی وجہ سے کرونا وائرس سے لڑنے میں بڑی رکاوٹوں کا سامنا ہے، اگر امریکا کی جانب سے 60 سال سے عائد پابندیاں ہٹائی جائیں تو صحت کے شعبے پر بہت بڑا مثبت اثر مرتب ہوگا۔ واضح رہے کہ امریکا نے پابندی کے شکار کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک ایران اور شمالی کوریا کو تعاون کی پیش کش کی ہے تاہم کیوبا کو تاحال کوئی پیش کش نہیں کی گئی۔