Tag: اینٹی کار لفٹنگ سیل

  • دس سیکنڈ میں موٹر سائیکل تالا کھولنے والا محبوب گوپانگ گرفتار

    دس سیکنڈ میں موٹر سائیکل تالا کھولنے والا محبوب گوپانگ گرفتار

    کراچی: اینٹی کار لفٹنگ سیل نے سچل گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے دس سیکنڈ میں کسی بھی موٹر سائیکل کا تالا کھولنے والے محبوب گوپانگ کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے سی ایل سی نے سچل مخدوم بلاول شاہ گوٹھ میں کارروائی کے دوران بین الصوبائی لفٹر گروہ کے اہم کارندے کو حراست میں لے لیا۔

    اے سی ایل سی کے ایس ایس پی اسد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ محبوب علی گوپانگ عرف سالار بین الصوبائی گروہ کا سرغنہ ہے جو اے سی ایل سی کو کچھ عرصے سے مطلوب تھا۔

    ملزم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ موٹر سائیکل کے تالے کھولنے میں نہایت مہارت رکھتا ہے اور کسی بھی موٹر سائیکل کا تالا محض دس سیکنڈ میں کھول لیتا ہے۔

    ایس ایس پی اسد رضا نے کہا کہ ملزم گوپانگ کو چار بار پہلے بھی گرفتار کیا جاچکا ہے، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ وہ کن بنیادوں پر رہا ہوتا رہا۔

    اے سی ایل سی کے مطابق بین الصوبائی گروہ کے سرغنہ سے 18 موٹرسائیکلیں بھی بر آمد کرلی گئی ہیں، جنھیں وہ دوسرے صوبے میں بھیج کر فروخت کرنے والا تھا۔

    اے سی ایل سی پولیس کی کارروائی : موٹرسائیکلیں چھیننے والے 6 ملزمان گرفتار


    ایس ایس پی اسد رضا کا کہنا تھا کہ ملزم سے موٹر سائیکلوں کے چیچز نمبر تبدیل کرنے والی مشین بھی بر آمد ہوئی ہے، ملزم موٹر سائیکلیں بلوچستان میں 18 سے 25 ہزار روپے میں فروخت کرتا تھا۔

    اینٹی کار لفٹنگ سیل کے مطابق ملزم نے گلستانِ جوہر بلاک 7 میں بھی واردات کی جس کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم گوپانگ کو بہ آسانی شناخت کیا جاسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • افغانستان سے آنے والے جرائم پیشہ عناصر کراچی میں پھر متحرک

    افغانستان سے آنے والے جرائم پیشہ عناصر کراچی میں پھر متحرک

    کراچی: افغانستان سے آنے والے جرائم پیشہ عناصر کراچی میں پھر سے تحرک ہوگئے ہیں، انتہائی مطلوب گروہ کے چار کارندے گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کار لفٹنگ سیل نے سہراب گوٹھ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ 8 ارکان پر مشتمل گروہ کے چار کارندے پکڑے گئے ہیں۔

    ایس ایس پی اے سی ایل سی اسد رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان میں ایک کا تعلق کراچی سے ہے جب کہ باقی تین افغانی ہیں۔

    ملزمان سے افغان کرنسی، پاسپورٹ، اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے، ایس ایس پی نے کہا کہ ملزمان قیمتی پینل اور نیوی گیشن سسٹم چوری کرتے تھے، جب کہ پینل میں قیمتی سامان لاکھوں روپے میں فروخت ہوتا تھا۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ افغان ملزمان 4 سال سے کراچی میں وارداتیں کر رہے تھے، ڈیفنس میں 21 مئی کی رات کو 10 منٹ میں 6 کاروں کا صفایا کیا گیا تھا، اے آر وائی نیوز نے چوری کرتے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی تھی۔

    ایس ایس پی اسد رضا کے مطابق جنوبی زون میں 4 ماہ کے اندر کاروں کا صفایا کرنے کے 54 مقدمات درج ہوئے ہیں، جب کہ ملزمان نے 4 سال میں 2500 وارداتیں کیں۔

    کراچی کے شہری کل سے ایک اور ہیٹ ویو کے لیے تیار رہیں


    اسد رضا کا کہنا تھا کہ کراچی میں مصری خان اورغنی نیٹ ورک چلاتے ہیں، اے سی ایل سی مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کام کررہی ہے۔

    انھوں میڈیا کو بتایا کہ ملزمان خود قیمتی کار میں شہر کے پوش علاقوں میں گھومتے تھے اور مہنگی کار دیکھ کر وہیں اپنی گاڑی پارک کرکے واردات کرتے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔