Tag: اینٹی کرپشن

  • خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف آپریشن، 5 ماہ میں 5 کروڑ وصول، 36 ملزمان گرفتار

    خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف آپریشن، 5 ماہ میں 5 کروڑ وصول، 36 ملزمان گرفتار

    پشاور: محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پختون خوا نے بد عنوانی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ماہ میں کرپٹ عناصر سے 5 کروڑ وصول کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں اینٹی کرپشن کا محکمہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران متحرک رہا، جنوری سے اب تک 15 ایف آئی آر درج جب کہ 36 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    کرپٹ عناصر سے 5 ماہ میں 5 کروڑ روپے وصول کیے گئے، اس عرصے میں 3 افراد پر جرم ثابت ہوا جنھیں سزائیں سنائی گئیں۔

    محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 27 کیس، 356 انکوائریاں اور 1052 شکایات نمٹائی گئیں، جب کہ 98 کیسز، 1634 انکوائریاں اور 1879 شکایات زیر تفتیش ہیں۔

    اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ سب سے زیادہ شکایات 504 محکمہ مال کے خلاف ہیں، دوسرے نمبر پر 311 شکایات محکمہ آب پاشی، 159 شکایات سی اینڈ بلیو کے خلاف ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا: وزیر اعظم

    حکام نے مزید بتایا کہ احتساب کمیشن کے خاتمے کے بعد 547 شکایات اینٹی کرپشن کے حوالے کیے گئے، 146 شکایات پر کارروائی مکمل کی گئی جب کہ 401 پر کارروائی جاری ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل ڈی ریل نہیں ہوگا، پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے، مایوس نہیں کریں گے۔

  • وزیر اعظم کی کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اعجاز حسین شاہ کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعظم نے ملک بھر میں بدعنوان اور کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اعجاز حسین شاہ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرپشن کے ناسور نے نہ صرف ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا بلکہ اداروں کو بھی تباہ کیا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن نے عام آدمی کی زندگی کو متاثر کیا ہے، کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلا تفریق و امتیاز کارروائی کو ایک مشن سمجھ کر پورا کیا جائے، حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

    اس سے قبل وزیر اعظم نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ منی لانڈرنگ کرنے والے افراد سے اگر سوال پوچھا جائے تو ان کا رد عمل یہ ہوتا ہے کہ وہ غصے میں لال پیلے ہو جاتے ہیں۔

    انہوں نے فرانسیسی ماہر معاشیات فریڈرک باسٹائٹ کا ایک اقتباس شیئر کیا تھا جس میں باسٹائٹ کہتا ہے کہ جب کسی سماج میں ایک طبقے کے لیے لوٹ مار معمول کا کام بن جاتا ہے تو وقت کے ساتھ ساتھ وہ اپنی لوٹ مار کے لیے قانون کا سہارا بھی لے لیتے ہیں۔

  • کے پی اسمبلی میں احتساب کمیشن کے خاتمے کا بل منظور

    کے پی اسمبلی میں احتساب کمیشن کے خاتمے کا بل منظور

    پشاور: خیبرپختونخواہ اسمبلی میں احتساب کمیشن ختم کرنےکابل منظورکرلیا گیا ، ملازمین کی نوکریاں ختم کردی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر قانون سلطان محمد کی جانب سے احتساب کمیشن کے خاتمے کا پیش کیا گیا۔

    صوبائی اسمبلی نے احتساب کمیشن کے خاتمے کا بل کثرت ِ رائے سے منظور کرتے ہوئے اس کے تمام اثاثے اینٹی کرپشن کے حوالے کرنے کافیصلہ کیا ہے۔

    بل کے مطابق احتساب کمیشن کے کنٹریکٹ ملازمین کی نوکریاں ختم ہوجائیں گی اور مستقل ملازمین کوسرپلس پول میں رکھاجائےگا۔ مستقل ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ قوانین کے مطابق احتساب کمیشن پانچ کروڑ سے زائد کی کرپشن پر ہی کارروائی کرسکتا تھا ، اس سے کم پر کارروائی کا دائر  اختیار اینٹی کرپشن کا تھا۔ اب احتساب کمیشن کو ختم کرنے سے اینٹی کرپشن کا دائرہ اختیار بڑھانا ہوگا تاکہ وہ پانچ کروڑ سے زائد کی کرپشن کے خلاف بھی کارروائی کرسکے۔

    خیبر پختونخواہ کے محکمہ اینٹی کرپشن کی استعداد بڑھانے کے لیے احتساب کمیشن کے تمام تر اثاثے بھی بل کے ذریعے اینٹی کرپشن کے حوالے کیےجارہے ہیں۔

  • کراچی : غیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف بڑا آپریشن، سامان ضبط، دس افراد گرفتار

    کراچی : غیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف بڑا آپریشن، سامان ضبط، دس افراد گرفتار

    کراچی : اینٹی کرپشن کے عملے نے غیر قانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے ضلع غربی میں چلنے والے3غیر قانونی ہائیڈرنٹس سیل کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ضلع غربی میں چلنے والے3غیر قانونی ہائیڈرنٹس سیل کردئیے گئے، ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ افسران نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے غیرقانونی ہائیڈرنٹس سے10افراد کو حراست میں لے لیا۔

    کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر ضلع وسطی کی سربراہی میں کی گئی، آپریشن کے احکامات مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے دیئے گئے تھے۔

    مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ ہائیڈرنٹ مافیا کے کارندے کتنے بھی بااثر کیوں نہ ہوں شہریوں کو پانی کی فراہمی پرسمجھوتہ نہیں ہوگا، غیرقانونی ہائیڈرنٹس پرچھاپہ خفیہ اطلاع پر مارا گیا، غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔

    غیرقانونی ہائیڈرنٹس سے بڑےپیمانے پر پانی فروخت کیا جارہا تھا، مشیراینٹی کرپشن سندھ کا کہناہے کہ مذکورہ ہائیڈرنٹس سے مشینری اور جنریٹر تحویل میں لئے گئے ہیں، پانی کی چوری روکنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائیں گے۔

  • انٹر بورڈ کی ہزاروں امتحانی کاپیاں اینٹی کرپشن حکام کے حوالے

    انٹر بورڈ کی ہزاروں امتحانی کاپیاں اینٹی کرپشن حکام کے حوالے

    کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے ہزاروں امتحانی کاپیوں کا ریکارڈ اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کے حکام نے ناظم آباد میں واقع انٹر بورڈ آفس کے امتحانی سیکشن سے آٹھ ہزار سے زائد امتحانی کاپیوں سمیت دفتری امور کی اشیا کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تحویل میں لی گئی کاپیاں سپلیمنٹری امتحانات کی ہیں تاہم کسی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا، اینٹی کرپشن حکام کو تحقیقات اور تفتیش کیلئے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی امتحانی کاپیوں کا ریکارڈ مطلوب تھا جس کے لئے بورڈ حکام کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نے سیکریٹری بورڈ اور یونیورسٹیز کو ہدایت کی تھی جس کے بعد ہزاروں امتحانی کاپیوں ایک ٹرک میں بھر کر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کی گئیں۔

    واضح رہے کہ اس سے چند ماہ قبل بھی اینٹی کرپشن حکام نے امتحانی کاپیوں اور بورڈ کے بعد معاملات کا ریکارڈ حل کرنے کیلئے دو سے تین مرتبہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں کارروائی کی، تاہم اب اعلیٰ حکام کی ہدایت کے بعد بورڈ حکام متعلقہ اور مطلوبہ دستاویزات اینٹی کرپشن حکام کو فراہم کردیتے ہیں۔

    رابطہ کرنے پر انٹر بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم نے خود ریکارڈ اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کیا ہے جو ان کو مطلوب تھا تاہم کسی قسم کی کوئی کارروائی آج نہیں کی گئی ہے۔

  • اینٹی کرپشن کا سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر پر چھاپہ

    اینٹی کرپشن کا سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر پر چھاپہ

    کراچی: اینٹی کرپشن غربی (ویسٹ) نے مالی خورد برد کی اطلاعات پر پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد پر چھاپہ مارا ہے اور افسران کو تحویل میں لے کر 3 سال کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا ہے۔

    اے آر وائی کے رپورٹر سلمان لودھی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ اینٹی کرپشن پولیس نے چھاپہ سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر سے ملحقہ ایس آر پی کے بیس ون کے اکاؤنٹ سیکشن پر چھاپہ مارا اور تین سال کا ریکارڈ اپنی تحویل لے لیا جب کہ اکاؤنٹ سیکشن کے کچھ افسران کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    زرائع کے مطابق اینٹی کرپشن ویسٹ زون نے یہ چھاپہ سعید آباد پولیس سینٹر کے ایس پی آر میں مبینہ کرپشن کی اطلاعات ملنے پر مارا، تحویل میں لیے گئے ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور افسران سے پوچھ گچھ کا عمل مکمل ہونے کے بعد باضابطہ طور پر کیس دائر کیا جائے گا۔

    واضح رہے سندھ پولیس کے آئی جی اے ڈی خواجہ اپنی نیکی نامی اور ایمانداری کے لیے شہرت رکھتے ہیں اوراپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک محکمے سے کرپشن کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔

     

  • سندھ میں محکمہ اینٹی کرپشن کی ریکارڈ کارروائیاں

    سندھ میں محکمہ اینٹی کرپشن کی ریکارڈ کارروائیاں

    کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد رشوت ستانی کا دن آج منایا جائے گا۔ اس دن کو منانے کا مقصد ملک بھر میں کرپشن کی روک تھام کے لیے آگاہی فراہم کرنا اور انسداد کرپشن کے لیے کام کرنے والے سرکاری محکموں اور غیر سرکاری تنظیموں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

    آج انسداد رشوت ستانی کے دن کے موقع پر چیئرمین اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے اینٹی کرپشن کو چیف منسٹر سندھ سید مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری سندھ اور صوبے کی عوام کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ میں اینٹی کرپشن نے کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ، کے ایم سی، واٹر بورڈ، ایکسائز، ریونیو، تعلیم، صحت، محکمہ پولیس اور جیل خانہ جات جیسے اہم اداروں میں کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔

    مزید پڑھیں: ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت کی انوکھی کوشش

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کو گزشتہ چھ ماہ میں 1896 شکایات موصول ہوئیں۔ اس عرصہ میں 51 چھاپے اور 50 سے زائد کامیاب ٹریپ ہوئے ہیں۔ 104 ایف آئی آر جب کہ 876 اوپن انکوائریز شروع کی گئیں۔

    اس دوران کرپشن میں ملوث 120 سرکاری افسران کو گرفتار کیا گیا جن میں گریڈ 18 اور 19 کے افسران بھی شامل ہیں۔ محکمے نے سندھ بھر میں مختلف شعبوں کے دفاتر کے 31 اچانک دورے بھی کیے۔

    گزشتہ 6 ماہ میں ریکارڈ 111 کورٹ چالان جبکہ 7 ملزمان کو سزائیں بھی ہوئیں۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ محکمے کی تاریخ میں کی گئی ریکارڈ کاروائیاں ہیں کہ 106 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں 2007 کے مفرور ملزمان بھی شامل ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ سندھ صوبے کو کرپشن سے پاک بنا کر باقی صوبوں کے لیے سندھ کو ایک رول ماڈل بنائیں گے۔

  • سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر محکمہ اینٹی کرپشن کا چھاپہ، ریکارڈ ضبط

    سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر محکمہ اینٹی کرپشن کا چھاپہ، ریکارڈ ضبط

    کراچی : محکمہ اینٹی کرپشن نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ مارکر زمینوں میں خرد برد اور کرپشن کے حوالے سے ریکارڈ طلب کرلیا۔

    محکمہ اینٹی کرپشن کے حکام نے سوک سینٹر میں قائم سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر کارروائی کے دوران ڈائریکٹر جنرل ممتاز حیدراور عملے سے پوچھ گچھ کی۔

    اینٹی کرپشن حکام نے گلستان جوہر میں زمینوں سے متعلق فائلیں بھی اپنی تحویل میں لیں جبکہ گلستان جوہر میں کہاں کہاں چائنہ کٹنگ اور زمینون میں خرد برد کی گئی اس حوالے سے بھی عملے سے پوچھ گچھ کی۔

    ڈی جی ممتاز حیدر سے سابق ڈی جی منظور قادرکاکا کے حوالے سے بھی استفسارکیاگیا۔ ممتاز حیدر نے انہیں سابق ڈی جی کی چھٹی کی درخواست بھی دکھائی۔

  • کرپشن کے خلاف تحقیقاتی ادارے سرگرم اینٹی کرپشن کا سوک سینٹر پر چھاپہ

    کرپشن کے خلاف تحقیقاتی ادارے سرگرم اینٹی کرپشن کا سوک سینٹر پر چھاپہ

    کراچی: محکمہ اینٹی کرپشن نے سوک سینٹر پر محکمہ ریکوری، لینڈ ڈپارٹمنٹ ،ای اینڈ آئی پی اور محکمہ لوکل ٹیکس پر چھاپہ مارکر عملے سے پوچھ گچھ اور ریکارڈ کی چھان بین کی اور متعدد فائلیں تحویل میں لے لیں۔

    محکمہ اینٹی کرپشن کے حکام نے پہلے کاروائی ای اینڈ آئی پی ڈپارٹمنٹ مین کی جہاں عملے سے پوچھ گچھ کے ساتھ ساتھ ریکارڈ طلب طلب کیا گیا اس دوران اینٹی کرپشن نے کنٹرکٹ ملازمین کی فہرست بھی اپنی تحویل میں لی،اور بچت بازار وں کی آڑ میں ہونے والی کرپشن کے حوالے سے ڈائریکٹر اور عملے سے پوچھ گچھ کی ، بچت بازار شہر میں کہاں کہاں لگتے ہیں اور اس کے پیسے پیسے کہاں کہاں ٹرانسفر کیے جاتے ہیں اس حوالے سے بھی اینٹی کرپشن نے ریکارڈ طلب کیا ہے۔

    اینٹی کرپشن نے دوسری کارروائی محکمہ لینڈ مین کی جہاں گلستان جوہر میں زمینوں سے متعلق فائل اپنی تحویل میں لی جبکہ گلستان جوہر میں کہاں کہاں چائنہ کٹنگ اور زمینون مین خرد برد کی گئی اس حوالے سے عملے سے پوچھ گچھ کی گئی۔

     تیسری کارروائی اینٹی کرپشن نے ریکوری ڈپارٹمنٹ میں کی، جہاں ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر سے پوچھ گچھ کی گئی اور ریکارڈ طلب کیا گیا، زمینوں میں ہیر پھیر، سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے پیسے کو بیرون ملک کہاں منتقل کیا جاتا ہے اور ریکوری ڈپارٹمنٹ میں مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے معلومات حاصل کی۔

     آخری کاررائی محکمہ لوکل ٹیکسز میں کی گئی جہاں سینئر ڈائریکٹر سے پوچھ گچھ کے بعد اینٹی کرپشن نے کئی فائل اپنی تحویل میں لی ، شہر میں کہاں کہاں خلاف قانون بل بورڈ ز اور سائن بورڈ لگائے گئے ہیں اور ان کے پیچھے کون کون سی سیاسی شخصیات ملوث ہیں اس حوالے سے اینٹی کرپشن نے ریکارڈ تحویل میں لے لیا ۔

     مزید ریکارڈ چند دن میں طلب کرلیا گیا ہے ، ان تمام کارروائیوں کے دوران کسی بھی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا ۔