سنہ 2013 کی بلاک بسٹر اینی میٹڈ فلم فروزن کے سیکوئل ’اولفز فروزن ایڈونچر‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔
والٹ ڈزنی پکچرز کی اینی میٹڈ فلم فروزن کا نیا حصہ دراصل 21 منٹ پر محیط میوزیکل شارٹ فلم ہے۔
افسانوی کہانی دی سنو کوئین سے ماخوذ فروزن کے مصنف اور ہدایت کار جینیفر لی اور کرس بک ہیں۔ فلم کی کہانی 2 بہنوں ایلسا اور انا کی محبت پر مبنی ہے۔
فروزن میں چھوٹی بہن انا سر دھڑ کی بازی لگا کر اور تمام خطرات سے کھیلتے ہوئے اپنی بڑی بہن کو بچانے جاتی ہے جو ایک جادوئی صلاحیت کی حامل ہوتی ہے اور جسے چھوتی ہے اسے برف کا بنا دیتی ہے۔
اب اس حصے میں یہ دونوں بہنیں کرسمس کے موقع پر کچھ اداس دکھائی دے رہی ہیں جو بہت پہلے اپنے والدین کو کھو چکی ہیں۔
ایسے میں ان کا دوست برفانی پتلا اولف انہیں خوش کرنے کے لیے ایک گرینڈ کرسمس پارٹی کی تیاریوں میں مصروف ہو جاتا ہے۔
فلم میں مختلف اینی میٹڈ کرداروں کے لیے کرسٹین بیل، ایڈینا مینزل، جوناتھن گروف اور جوش گیڈ نے اپنی آوزیں پیش کی ہیں۔
اولف کی دلچسپ مہم جوئی اور ایلسا کے جادو پر پر مبنی فلم رواں برس 22 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔
بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول اینی میٹڈ سیزیر منینز کے چوتھے حصہ ڈسپیک ایبل می 3 کا ایک اور ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ فلم میں گرو کا جڑواں بھائی دکھایا گیا ہے لیکن یہ گرو کے برعکس نہایت خوبصورت بالوں کا مالک ہے۔
منینز کا پہلا حصہ ڈسپیک ایبل می سنہ 2010 جبکہ دوسرا حصہ 2103 میں پیش کیا گیا تھا۔ فلم کا تیسرا حصہ منینز کے نام سے 2015 میں پیش کیا گیا جو دراصل ڈسپیک ایبل می کا پریکوئل تھا۔ اس میں یہ زرد کردار اپنے مالک کی تلاش میں سرگرداں نظر آئے۔
اب چوتھے حصے کے ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ اپنے زمانے کا مشہور چور گرو جرائم سے تائب ہو کر اپنی اہلیہ لوسی کے ساتھ جرائم کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔
ان کا سامنا ایک انوکھے چور سے ہے جو عالمی شہرت یافتہ آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کا بے حد مداح ہے اور اس کی طرح رقص کرتے ہوئے اپنا کام دکھا جاتا ہے۔ اس کا ہتھیار ببل گم ہے جس کے ذریعے یہ سب کو بے بس کردیتا ہے۔
فلم کا ایک اور پہلو گرو کا جڑواں بھائی ڈرو ہے جو طویل عرصے بعد گرو سے ملنے آتا ہے۔ اس کے خوبصورت بالوں کو دیکھ کر گرو کا اپنے بالوں سے محرومی کا احساس بڑھ جاتا ہے۔
دونوں بھائی مل کر ببل گم کے ذریعے چوری کرنے والے چور کو پکڑنے چل پڑتے ہیں۔
فلم ڈسپیک ایبل می 3 اگلے سال 30 جون کو ریلیز کردی جائے گی۔
کہتے ہیں کہ دنیا میں ہر نئی آنے والی نسل پچھلی نسل سے زیادہ ذہین ہوتی ہے۔ ایک ہی گھر میں موجود بچوں میں سے بھی چھوٹا بچہ اپنے بڑے بہن بھائیوں کی نسبت زیادہ چالاک اور سمجھدار ہوتا ہے۔
ایسی ہی کچھ کہانی ہالی ووڈ کی نئی اینی میٹد فلم ’دا باس بے بی‘ کی ہے جس کا ایک اور ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔
فلم ایک 7 سالہ بچے کی کہانی ہے جس کے ماں باپ ایک ننھا بچہ گود لیتے ہیں۔
سوٹ بوٹ میں ملبوس یہ بچہ نہ صرف اپنے ساتھ بریف کیس لیے گھومتا ہے بلکہ بہت تیزی سے باتیں بھی کرتا ہے اور اپنے آپ کو کسی باس سے کم نہیں سمجھتا ہے۔
یہ اپنے آس پاس موجود بچوں کو جمع کر کے انہیں احساس دلاتا ہے کہ ان کے ساتھ امتیازی سلوک ہوتا ہے اور انہیں اپنی زندگی بدلنے کے لیے کچھ کرنا چاہیئے۔
ٹریلر میں فلم کی کہانی اور فطری اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نہایت دلچسپ مناظر تخلیق کیے گئے ہیں۔
جیسے ایک منظر میں باس بے بی اپنی سیکریٹری (ایک اور ننھی بچی) کو میٹنگ کے پوائنٹس دوبارہ پڑھنے کو کہتا ہے۔ لیکن جب وہ بچی اپنا لکھا ہوا اسے دکھاتی ہے تو وہ آڑی ترچھی لکیروں کے سوا کچھ بھی نہیں ہوتا کیونکہ اتنی چھوٹی بچی کچھ پڑھ یا لکھ ہی نہیں سکتی۔
اسی طرح ایک منظر میں باس دوسرے بچوں سے پوچھتا ہے کہ انہوں نے اب تک اپنی زندگی میں کیا سیکھا تو وہ جواب دیتے ہیں، ’اے بی سی ڈی‘۔
فلم کے ہدایتکار ٹام مک گریتھ ہیں جو اس سے پہلے اینی میٹد سیریز مڈغاسکر اور شرک کا تیسرا حصہ تخلیق کر چکے ہیں۔
فلم دا باس بے بی 31 مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
ننھے بونے اسمرفس اس بار کسی انجان جگہ جا پہنچے ہیں جہاں عجیب و غریب مخلوقات سے ان کا واسطہ پڑ رہا ہے۔ اسمرفس کا نیا حصہ ’دا لوسٹ ویلیج‘ اینی میٹڈ فلم کی صورت میں پردہ اسکرین پر پیش کیا جارہا ہے۔
اس سے پہلے اتفاقاً انسانوں کی دنیا میں آجانے والے اسمرفس اس بار خود نئی دنیا ڈھونڈنے جارہے ہیں۔
اسمرفس کو ایک بوسیدہ نقشہ ملتا ہے جس میں بتائے گئے مقام کو یہ بونے ڈھونڈنے نکلتے ہیں۔ چونکہ یہ جگہ ان کے لیے بالکل اجنبی ہوتی ہے لہٰذا یہاں موجود جاندار بھی ان کے بالکل مختلف ہیں۔
اپنے سفر میں اسمرفس کو مختلف خطرات کا سامنا ہوتا ہے جن کو شکست دے کر وہ بالآخر اس گاؤں تک پہنچتے ہیں البتہ ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں بھی ان کے لیے مشکلات ہی ہوں گی۔
اس سیریز کے پہلے دو حصے پیش کیے جاچکے ہیں اور اب تیسرا حصہ ’اسمرفس ۔ دا لوسٹ ویلیج‘ 7 اپریل کو نمائش کے لیے پیش کردیا جائے گا۔
پچھلے دونوں حصوں کے برعکس اس بار اسمرفس کو اینی میٹڈ فلم کی شکل میں پیش کیا جارہا ہے۔