Tag: این آئی سی ایچ

  • انکیوبیٹر میں آگ لگنے سے بچی کی ہلاکت: نومولود بچی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئی

    انکیوبیٹر میں آگ لگنے سے بچی کی ہلاکت: نومولود بچی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض اطفال (این آئی سی ایچ) میں لگنے والی آگ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ جلنے والے انکیوبیٹر کے اندر موجود بچی، کرنٹ لگنے اور دھوئیں کی وجہ سے جاں بحق ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز قبل قومی ادارہ برائے امراض اطفال (این آئی سی ایچ)میں آگ لگنے اور بچی کے جھلس کر جاں بحق ہونے کے بارے میں صوبہ سندھ کی وزیر صحت عذرا افضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ واقعہ غفلت کا نتیجہ ہے، آگ لگ گئی تھی تو بچے کو بچانے کی کوشش کرنی چاہیئے تھی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 4 رکنی کمیٹی واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، کمیٹی نے متاثرہ خاندان، متعلقہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا بیان ریکارڈ کیا۔ دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے انکیوبیٹر بنانے والی کمپنی کے وینڈر کو طلب کرلیا ہے، انکیوبیٹر بنانے والی کمپنی اپنے وینڈر کے ذریعے بیان ریکارڈ کروائے گی۔

    ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے انکیوبیٹر کا صرف پنکھا اور تاریں جلیں۔ آگ نے انکیوبیٹر کی الیکٹرک سپلائی اور ہیٹر کو نقصان نہیں پہنچایا۔ انکیوبیٹر میں موجود آکسیجن شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کا سبب بنی۔

    ذرائع کا کہنا ہے نومولود بچی کی موت کرنٹ لگنے اور دھواں بھرنے سے ہوئی۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل قومی ادارہ برائے امراض اطفال (این آئی سی ایچ) کے آئی سی یو میں ایک انکیوبیٹرمیں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ آگ لگنے سے انکیوبیٹر کے اندر موجود نومولود بچی اندر ہی جاں بحق ہوگئی تھی۔

  • کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر اسپتالوں میں بھی کینسر وارڈ بنائیں گے: وزیر اعلیٰ

    کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر اسپتالوں میں بھی کینسر وارڈ بنائیں گے: وزیر اعلیٰ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قومی ادارہ برائے اطفال صحت (این آئی سی ایچ) میں بچوں کے کینسر سینٹر کے دورے کے دوران کہا کہ سندھ کے دیگر اسپتالوں میں بھی کینسر وارڈ بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قومی ادارہ برائے اطفال صحت (این آئی سی ایچ) میں بچوں کے کینسر سینٹر کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے سینٹر میں زیر علاج بچوں سے ملاقات کی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کینسر کا سینٹر چائلڈ ایڈ ایسوسی ایشن چلا رہا ہے، سینٹر 1999 سے کام کر رہا ہے۔ این آئی سی ایچ کے کینسر سینٹر میں 7 ہزار کینسر کے بچے رجسٹرڈ ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ یہ 3 سال کا علاج ہے، اس میں نہ صرف پورے ملک بلکہ افغانستان کے بھی بچے رجسٹرڈ ہیں۔ علاج مکمل طور پر مفت کیا جاتا ہے اور ایک بچے کے علاج پر 4 سے 5 لاکھ کی لاگت آتی ہے۔

    بریفنگ کے مطابق تمام اخراجات پیشینٹ ایڈ فاؤنڈیشن برداشت کرتا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بچوں میں کینسر کے علاج کے لیے ہر قسم کی سہولت مہیا کریں گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسپتالوں سے متعلق کورٹ میں ریویو پٹیشن دائر کر چکے، اسپتالوں میں سہولیات کو مزید بہتر کریں گے۔ سندھ کے دیگر اسپتالوں میں بھی کینسر وارڈ بنائیں گے۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ این آئی سی ایچ میں قائم وارڈ کا جائزہ لینے آیا تھا، دواؤں کی قیمتیں بڑھنے سے مسائل بڑھے ہیں لہٰذا بجٹ بھی بڑھائیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں کہا تھا کہ کچھ اسپتال ہمارے پاس ہی رہنے دیں، ہم عدالت میں بھی نظر ثانی پٹیشن فائل کر چکے ہیں۔ امید ہے فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔