Tag: این ای ڈی یونیورسٹی

  • این ای ڈی یونیورسٹی میں اعلیٰ سطح تقرریاں عدالت میں چیلنج

    این ای ڈی یونیورسٹی میں اعلیٰ سطح تقرریاں عدالت میں چیلنج

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ میں این ای ڈی ٹیچرز ایسوسی سیشن نے رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کی تقرری کے خلاف درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی میں اعلیٰ سطح تقرریاں عدالت میں چیلنج کردی گئیں۔

    این ای ڈی ٹیچرزایسوسی سیشن نے رجسٹرار اور کنٹرولرامتحانات کی تقرری کے خلاف درخواست دائر کردی۔

    وکیل نے کہا کہ سلیکشن بورڈ نے شفافیت نظر انداز کر کے رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کی تقرری کی منظوری دی، کنٹرولر امتحانات این ای ڈی کے داخلہ ٹیسٹ کی تیاری کیلئے پرائیویٹ کوچنگ سینٹر بھی چلاتے ہیں۔

    وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ دہرے کردار سے اخلاقی اورپیشہ ورانہ خدشات لاحق ہیں، وائس چانسلرنےاپنی مدت ملازمت مکمل ہونے سے 2ماہ قبل سلیکشن بورڈ کا اجلاس منعقد کیا، فیکلٹی ارکان کی انتظامی عہدوں پرتقرری غیرقانونی ہے۔

    وکیل نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں قانون کے مطابق روٹیشن پالیسی پر بھی عمل نہیں کیاجارہا، استدعا ہے رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کی تقرری کے سلیکشن بورڈ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

    درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ عدالتی احکامات کے مطابق فیکلٹی ارکان کو انتظامی عہدوں سے ہٹایاجائے ساتھ ہی رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کی تقرری کے لئے ازسرنو سلیکشن بورڈ بنانے کا حکم دیا جائے۔

  • کراچی کے طلبا کا بڑا کارنامہ، بنا ڈرائیور چلنے والی گاڑی تیار کرلی، ویڈیو دیکھیں

    کراچی کے طلبا کا بڑا کارنامہ، بنا ڈرائیور چلنے والی گاڑی تیار کرلی، ویڈیو دیکھیں

    کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی کے پوسٹ گریجوٹس کی ٹیم نے ایک ایسی الیکٹرکل گاڑی متعارف کرائی ہے جو بنا ڈرائیور کے چلتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی کے طلبا نے ڈرائیور لیس گاڑی بنانے کا کارنامہ انجام دیا ہے، طلبا کو لگتا ہے کہ یہ گاڑی پاکستان میں رہنے والے لوگوں کی توجہ ضرور حاصل کرے گی۔

    یہ ایک ایسی گاڑی ہے جسے کوئی بھی لوکیشن دے دی جائے یہ وہاں باآسانی پہنچ سکتی ہے، بین الاقوامی طور پر یہ گاڑی متعارف ہوچکی ہے۔

    گاڑی بنانے والے طلبا نے کہا کہ پاکستان میں کافی مختلف صورتحال ہوتی ہے یہاں پر راستوں میں کافی گڑھے ہوتے ہیں، اگر ایسا کوئی گڑھا گاڑی کے سامنے آئے تو اسے پتا ہو کے کیسا ردعمل دینا ہے۔

    رہنمائی کرنے والے استاد کا کہنا ہے کہ یہ نہ صرف مقامی ٹرانسپورٹ بلکہ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے لیے بھی ایک آئیڈیل ٹیکنالوجی ہے، ہیوی وہیکل، بسوں اور کوچز سب میں یہ ٹیکنالوجی اپلائی ہوسکتی ہے۔

  • انٹر  کے خراب نتائج : این ای ڈی یونیورسٹی  نے طلبا کے لیے بڑا اعلان کردیا

    انٹر کے خراب نتائج : این ای ڈی یونیورسٹی نے طلبا کے لیے بڑا اعلان کردیا

    کراچی : این ای ڈی یونیورسٹی نے داخلہ پالیسی تبدیل کردی اور کہا 55 فیصد مارکس لینے والا بھی داخلہ درخواست دینے کا اہل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے خراب نتائج کے باعث این ای ڈی یونیورسٹی نے داخلہ پالیسی تبدیل کردی، این ای ڈی انتظامیہ نے کہا کہ 55 فیصد مارکس لینے والا بھی داخلہ درخواست دینے کا اہل ہوگا، سینڈیکیٹ کی منظوری کےبعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

    یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ 2024کے داخلے 24 مارچ سے شروع ہوں گے ، داخلہ ٹیسٹ مئی میں منعقدہوگا۔

    اس سے قبل کم سے کم 60 فیصد مارکس کا حامل امیدوار داخلہ درخواست دینے کا اہل تھا۔

  • این ای ڈی یونیورسٹی میں اینی میشن اور گیمنگ کے مفت کورسز

    این ای ڈی یونیورسٹی میں اینی میشن اور گیمنگ کے مفت کورسز

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں سالانہ 2 ہزار طلبا و طالبات کے لیے مفت اینی میشن اور گیمنگ کورسز کے پروگرام کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے این ای ڈی یونیورسٹی میں سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    امین الحق کا کہنا ہے کہ 500 ارب ڈالرز کی عالمی گیمنگ انڈسٹری میں پاکستان کا حصہ 5 کروڑ ڈالر ہے، سینٹر سے گیمنگ انڈسٹری کو 50 کروڑ ڈالرز تک لے کر جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سالانہ 2 ہزار طلبا و طالبات کو مفت اینی میشن اور گیمنگ کورسز کروائے جائیں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سینٹر سے صرف کراچی ہی نہیں پورے ملک کی تعمیر و ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی، 13 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل سینٹر آف ایکسیلنس 6 ماہ میں فعال ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سینٹر میں گیمنگ و اینی میشن کا کام کرنے والی 50 کمپنیوں کو جگہ فراہم کی جائے گی، سینٹر کے ساتھ ملک کا پہلا جدید ترین ورچوئل پروڈکشن اسٹوڈیو بھی قائم کیا جارہا ہے۔

  • این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار، پولیس

    این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار، پولیس

    کراچی: پولیس نے این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم بلال ناصر کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والے ملز م نظام کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی کے طالبعلم بلال کے قتل میں ملوث ملزم نظام کو سپر ہائی وے  کے قریب گوٹھ سے گرفتار کیاگیا جبکہ  دوسرے ملزم کی نشاندہی بھی ہوچکی جلد گرفتار کرینگے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نظام سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، ملزم نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق  ملزم اس سے قبل پولیس مقابلوں میں زخمی بھی ہوچکا ہے، ملزم ایک مقدمے میں جیل بھی گیا لیکن 8 روز بعد ضمانت پر رہا ہوگیا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں ڈاکوؤں نے این ای ڈی یونیورسٹی گیٹ کے قریب ہوٹل پر لوٹ مار کی ، اکیس سالہ بلال ہوٹل پردوستوں کےساتھ چائے پی رہا تھا۔

    موبائل فون چھیننے کی کوشش پر این ای ڈی میں پٹرولیم انجینئرنگ کے تھرڈ سمیسٹر کے طالبعلم نے مزاحمت کی اور ڈاکو پرقابو پالیا لیکن ڈاکو نے انتہائی قریب سے گولی چلادی، بلال کوسینے اور پاؤں پرگولی لگی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

  • سپر اسٹور میں آتشزدگی، ایس بی سی اے نے این ای ڈی یونیورسٹی سے مدد طلب کر لی

    سپر اسٹور میں آتشزدگی، ایس بی سی اے نے این ای ڈی یونیورسٹی سے مدد طلب کر لی

    کراچی: شہر قائد میں واقع ایک سپر اسٹور میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث متاثرہ بلڈنگ بہ ظاہر ناقابل رہائش ہو چکی ہے، تاہم ایس بی سی اے نے اس بات کے باقاعدہ تعین کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی سے مدد طلب کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جیل چورنگی پر آگ سے متاثرہ بلڈنگ ابتدائی انسپیکشن میں ناقابل رہائش قرار دی گئی تھی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے اس سلسلے میں مدد کی درخواست کر دی۔

    ڈی جی نے بتایا کہ یکم جون کو سمیعہ برج ویو میں آگ لگی جسے بجھانے میں تین روز لگے، بلڈنگ کے بیسمنٹ کو گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، تین دن مسلسل اگ لگی رہنے سے بلڈنگ اسٹرکچر شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    کراچی کے ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں آتشزدگی ، بالائی منزل پر پھنسا نوجوان دم توڑ گیا

    ڈی جی ایس بی سی اے کے مطابق ابتدائی طور پر ٹیکنیکل کمیٹی نے بلڈنگ کو ناقابل رہائش قرار دیا تھا، تاہم این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین، انجنئیر اسٹیل ٹیسٹ، کاپو ٹیسٹ اور کور ٹیسٹ وغیرہ کر کے نقصان کا تعین کریں، جس کے بعد اقدامات کیے جائیں گے۔

    ڈی جی نے درخواست میں کہا کہ ماہرین کی رپورٹ کے بعد فیصلہ کیا جا سکے گا کہ بلڈنگ رہنے کے قابل ہے یا نہیں۔

  • این ای ڈی یونیورسٹی  کی طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری

    این ای ڈی یونیورسٹی کی طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری

    کراچی : کورونا وائرس کے پیش نظر  این ای ڈی یونیورسٹی نے طلبہ کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت کا فیصلہ کرلیا ، وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی نے کہا طلبہ سے ہاسٹل فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی ۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ این ای ڈی کے طلبہ کے لئے اچھی خبر سامنے آگئی، کورونا وائرس کے پیش نظر طلبہ کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی نے کہا کہ طلبہ سے ہاسٹل کا کرایہ بھی وصول نہیں کیا جائے گا، اس بات کا اندازہ ہے کہ کورونا وائرس سے لوگوں کے کاروبار اور نوکریاں متاثر ہوئی ہیں، اسی لئے والدین کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سروش لودھی کا کہنا تھا کہ جامعہ مالی خسارے کا شکار ہے، اس کے باوجود طلبہ کو ریلیف دے رہے ہیں، اس ماحول میں لوگوں کو آگے بڑھ کر ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہئے۔

    مزید پڑھیں : سستے داموں وینٹی لیٹر کی تیاری جامعہ این ای ڈی کا کارنامہ ہے: نثار کھوڑو

    انھوں نے مزید کہا کہا کہ طلبہ سے ہاسٹل فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی جامعہ کے طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل کو وِڈ نائنٹین وبا کے دوران پاکستان بھر میں پبلک سیکٹر جامعات میں پہلا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا تھا ، یہ جامعہ این ای ڈی کا اٹھائیسواں سینیٹ اجلاس تھا ، جس کی صدارت نثار کھوڑو نے کی۔

    انھوں نے کہا تھا کہ سندھ کی تمام جامعات میں طلبہ کے داخلے اوپن میرٹ پر ہونے چاہیئں، اگر داخلے اوپن میرٹ پر ہو رہے ہیں تو پھر داخلوں کے لیے کراچی اور سندھ کا لفظ اور یہ ٹرمنالوجی استعمال نہیں ہونی چاہیے، تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن اور ریسرچ کے ذریعے ہی دنیا کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

    جامعہ این ای ڈی کے پرو چانسلر اور مشیر جامعات و تعلیمی بورڈز نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ سستے داموں وینٹی لیٹرز کی تیاری این ای ڈی کا کارنامہ ہے۔

  • سندھ حکومت کا  این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک‘ ماربل سٹی کی تعمیر کا اعلان

    سندھ حکومت کا  این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک‘ ماربل سٹی کی تعمیر کا اعلان

    کراچی: شہرقائد میں دو بڑے صنعتی و کاروباری منصوبے لگانے کی منظوری دے دی گئی، منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے زیر صدارت  منعقدہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ کےاجلاس میں ٹیکنالوجی پارک اور ماربل سٹی منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔

    سندھ حکومت نے کراچی کے لئے مجوزہ ان دو منصوبوں کے لیے  محکمہ سرمایہ کاری سندھ کو  ہدایت کی ہے کہ انہیں جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

    اسپیشل اکنامک زون ایکٹ 2012 کے تحت یہ دونوں منصوبے اسپیشل اکنامک زون مقام کے حامل ہوں گے۔ ان دونوں منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو انکم ٹیکس اور مشینری  درآمد کرنے پر کسٹم ڈیوٹی میں 10 سال تک چھوٹ ملے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تیزی سے ترقی کرتی آئی ٹی انڈسٹری نے گزشتہ برس ایک ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا تھا۔

     آئی ٹی اورالیکٹرانکس سے وابستہ طلباء و طالبات،اساتذہ، پروفیشنلز اور ماہرین  کو انڈسٹری میں مفید مواقع کی فراہمی کے لئے سندھ حکومت ،این ای  ڈی یونیورسٹی کے ساتھ مل  کر یونیورسٹی کیمپس میں 12 ارب روپے کی لاگت سے 20 منزلہ ٹیکنالوجی زون کی عمارت تعمیر کرے گی جو 2021 میں مکمل ہوگی اور یہاں آئی ٹی اور الیکٹرانکس سے وابستہ تمام سرمایہ کاروں کو 30 فیصد کم کرائے پر مکمل لاجسٹکس سپورٹ کے ساتھ دفاتر دیئے جائیں گے۔

    کراچی کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت دوسرے بڑے صنعتی منصوبے ناردرن بائی پاس پر 300 ایکڑ اراضی کے حامل کراچی ماربل سٹی میں ماربل،گرینائٹ،سنگ مرمراوردیگر پتھروں کی ویلیو ایڈیشن کرنے والی صنعتوں کو فروغ دینے اور پتھر کو ویلیو ایڈیشن کے بعد فروخت کرنے کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے جس سے اس صنعت کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور سرمایہ کار زرمبادلہ کما سکیں گے۔

    ماربل سٹی سے ملحق مزید 200 ایکڑ اراضی تعمیرات سے وابستہ صنعتوں کے لئے مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے، اس زون میں سیمنٹ، سریا، لکڑی، فٹنگز اوردیگر تعمیراتی اشیاء کی صنعتیں قائم کی جائیں گی۔

  • این ای ڈی یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں میں تصادم، نوزخمی

    این ای ڈی یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں میں تصادم، نوزخمی

    کراچی : این ای ڈی یو نیورسٹی میں دوطلباء تنظیموں میں تصادم کے دوران نو طلبہ زخمی ہو گئے.

    تفصیلات کے مطابق این ای ڈی یو نیورسٹی میں کتب میلے کےدوران اے پی ایم ایس او اور اسلامی جمیعت طلبہ کے کارکنان کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوگئی اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی.

    جھگڑے میں لاتوں گھونسوں ،ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جس سے دونوں طلبہ تنظیموں کے نو کارکنان زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا.

    یونیورسٹی انتظامیہ نے پولیس کی مزید نفری کو طلب کرلیا۔ بات یہی ختم نہ ہوئی اسپتال پہنچ کر بھی کارکنان آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔