Tag: این اے دوسو چھیالیس

  • کراچی: ریٹرننگ،پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ کےاختیارات مل گئے

    کراچی: ریٹرننگ،پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ کےاختیارات مل گئے

    کراچی : الیکشن کمیشن نے کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دوسو چھیالیس میں ضمنی انتخابات کے لئے تمام ریٹرننگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ کے اختیارات دے دیئے۔

    کراچی کے اس حلقہ میں دو سو تیرہ پولنگ اسٹیشن ہیں اور اتنے ہی ریٹرننگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران تعینات کئے گئے ہیں۔

    انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز تعینات کئے جائیں گے، جبکہ رینجرز کے اہلکاروں  کو بھی مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دئیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے انتخابی عمل میں دخل اندازی کرنے والوں کے خلاف بروقت کاروائی کی جا سکے گی۔

  • پی ٹی آئی نے الیکشن آفس کے اطراف رینجرز تعینات کرنیکی درخواست دیدی

    پی ٹی آئی نے الیکشن آفس کے اطراف رینجرز تعینات کرنیکی درخواست دیدی

    کراچی : تحریک انصاف نے کراچی میں الیکشن آفس کے اطراف رینجرز تعینات کرنے کی درخواست دیدی ہے۔اے آرائی نیوز نے درخواست کی کاپی حاصل کرلی ۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے حلقہ این اے دوسو چھیالیس کی الیکشن مہم کے دوران کسی بھی ممکنہ تصادم کے پیش نظر الیکشن آفس کے اطراف رینجرز تعینات کرنے کی درخواست دیدی ہے۔

    درخواست کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔ جس میں پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مخالفین الیکشن کیمپ پر دوبار ہ دھاوا بول سکتے ہیں لہذا انہیں سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

    درخواست میں الیکش کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ پولنگ کے دن الیکشن آفس کے اندر اور باہر فوج اور رینجرز کوبھی تعینات کیا جائے۔

    ادھر کرایم آباد میں پی ٹی آئی کے الیکشن آفس میں عمران اسماعیل کی آمد سے پہلے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پی ٹی آئی کے کیمپ آفس کی سرچنگ کی۔

  • متحدہ رہنماؤں نے پی ٹی آئی کا کیمپ دوبارہ بحال کردیا

    متحدہ رہنماؤں نے پی ٹی آئی کا کیمپ دوبارہ بحال کردیا

    کراچی : این اے دوسو چھیالیس کا علاقہ اس وقت انتہائی کشیدہ صورتحال کا شکار ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کریم آباد پہنچ کر صورت حال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی، اور پی ٹی آئی کے تباہ حال کیمپ کو بحال کرنے کیلئے اقداما ت کئے۔

    رہنماؤں میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، حیدر عباس رضوی، آصف حسنین، این اے دو سو چھیالیس کے امیدوار کنور نوید جمیل ودیگر بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے، حیدر عباس رضوی نے کہا کہ موجودہ صورتحال ایم کیو ایم کیلئے بھی انتہائی نقصان دہ ہے، ہم نے مشتعل افراد سے ہاتھ جوڑ کر پر امن رہنے کی درخواست کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ ایم کیو ایم کے کارکنان نہیں علاقہ مکین ہیں، جو قائد تحریک الطاف حسین کے نعرے لگا رہےتھے، انہوں نے کہا کہ ہمیں جیسے ہی خبر ملی ہم فوری طور پر کریم آبا د پہنچے اور صورت حال کو کنٹرول کرتے کی کوشش کی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے  پی ٹی آئی کے کیمپ کو اپنے ہاتھوں سے ٹھیک کیا، انہوں نے کہا کہ میں کل خود اس کیمپ میں بیٹھوں گا تاکہ پھر کوئی ایسا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔

  • ضمنی الیکشن این اے246:ایم کیو ایم پی ٹی آئی آمنے سامنے

    ضمنی الیکشن این اے246:ایم کیو ایم پی ٹی آئی آمنے سامنے

    کراچی: تحریک انصاف نے کراچی کے این اے دوسو چھیالیس سے ضمنی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے بعد پی ٹی آئی نے متحدہ کے گڑھ سے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کافیصلہ کرلیا۔

    پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے دوسو چھیالیس پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے تحریک انصاف کے رہنماؤں عمران اسماعیل ،نازیہ ربانی اور فردوس نقوی اور دیگر کے کاغذات نامزدگی وصول کرلئے ہیں۔

    لیکن حتمی امیدوار کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کو امیدواروں کے ناموں کا اعلان متوقع ہے۔این اے دوسو چھیالیس کی نشست سابق ایم کیوایم کے رہنما نبیل گبول کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔