Tag: این اے دو سو چھیالیس

  • این اے 246: ٹھپہ مافیا انتخابی عملے میں شامل تھا، سراج الحق

    این اے 246: ٹھپہ مافیا انتخابی عملے میں شامل تھا، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ این اے 246 میں پولنگ کے عملے کی گرفتاریوں سے ثابت ہو گیا کہ ٹھپہ مافیاانتخابی عمل میں شامل تھا۔

    کراچی کے حلقہ این اے دو سو چھیالیس میں ضمنی انتخاب پر تبصرہ کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں الیکشن کمیشن کی نااہلی ایک بار پھر ثابت ہوگئی۔

    جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ایم کیو ایم سے سیاسی مقابلے کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کے بدعنوان عملےکا بھی سامناکیا،سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابی فہرستوں کےساتھ ساتھ آئندہ الیکشن میں انتخابی عملے کو شفاف بنانا بھی ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رینجرز اور کراچی کی انتظامیہ نےفعال کردار ادا کیاہے، ان کا مطالبہ تھا کہ این اے دو سو چھیالیس میں ووٹوں کی گنتی شفاف بنانے کیلئے فوری انتظامات کیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ  ٹھپہ مافیا انتخابی عملے میں شامل تھا ، سراج الحق کا کہنا تھا کہ کارکنوں نےایم کیوایم کےساتھ بدعنوان عملےکابھی سامناکیا۔

  • این اے 246: غیرملکی مبصرین بلائے جائیں، نسرین جلیل

    این اے 246: غیرملکی مبصرین بلائے جائیں، نسرین جلیل

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی سینیٹر نسرین جلیل نے مطالبہ کیا ہےکہ الیکش کمیشن این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب کی مانیٹرنگ کیلئےغیر ملکی مبصرین بلائے جائیں۔

    ایک بیان میں نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے اس سے قبل بھی این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب میں انتخابی عمل کو شفاف اورغیر جانبدار بنانے کیلئے غیر ملکی مبصرین کو مانیٹرنگ کی دعوت دینے کا مطالبہ کر چکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مبصرین ضمنی انتخاب کی مانیٹرنگ کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کوتیار ہیں۔

    علاوہ ازیں کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ حلقہ این اے دو سو چھالیس میں انتظامات پر امیدواروں کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔ کوششوں کا مقصد الیکشن کامیاب بنانا ہے۔

    دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی غلام قادرتھیبو نے بھی ضلع وسطی کادورہ کیا اوراین اے دو سوچھیالیس میں انتخابی انتظامات کاجائزہ لیا۔ میڈٰیا سےگفتگو میں ان کا کہنا تھا ضمنی الیکشن کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

  • ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل بلال اکبر کا این اے 246 کا دورہ

    ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل بلال اکبر کا این اے 246 کا دورہ

    کراچی : ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے این اے دو سو چھیالیس کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں سیکیورٹی فول پروف بنانے کےاقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نےحلقے کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

    دورے کے دوران ڈی جی رینجرزنےضمنی الیکشن کیلئے کئے گئے حفاظتی انتظامات کاجائزہ لیا۔تاہم اس موقع پر انھوں نے میڈیاسے بات کرنےسے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کل الیکشن خیریت سے ہوں گے اس کے بعد میڈٰیا سے بات کروں گا۔

    علاوہ ازیں کراچی کےاہم حلقےدوسوچھیالیس میں ضمنی الیکشن کے لئے زبردست انتظامات کئے گئےہیں، ہرپولنگ اسٹیشن کےاندرسی سی ٹی وی کیمرے لگادیئے گئے،شہر میں تین روز کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    رینجرز اہلکار پولنگ بوتھ کے اندراور باہر تعینات ہونگے اوران کے پاس مجسٹریٹ کے اختیارات ہونگے۔ ووٹوں کی گنتی بھی رینجرز کی نگرانی میں ہوگی ۔

    تمام پولنگ اسٹیشن حساس قرار دے دیئے گئے ہیں۔ ضمنی الیکشن کو صاف و شفاف بنانے کے لئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر اداروں نے مکمل تیاری کرلی ۔

    کے الیکٹرک نے بھی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ تئیس اپریل کو حلقے بھر میں عام تعطل کا بھی اعلان  کردیا گیا ہے، موبائل فون پولنگ اسٹیشن میں نہیں جاسکےگا۔ موبائل فون صرف پریزائیڈنگ افسران کے پاس ہوگا۔

  • این اے 246: پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب

    این اے 246: پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب

    کراچی : قومی اسمبلی کی حلقہ این اے246کے ضمنی انتخاب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ انتخابی سامان کی ترسیل پریذائڈنگ افسران کو کل سے شروع کی جائے گی۔

    این اے دو سو چھیالیس کا معرکہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ۔ ووٹوں کی گنتی سے کوئی تبدیلی آئے یا نہ آئے۔ کراچی ضمنی انتخاب ملکی تاریخ میں انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہونے جا رہی ہے۔

    این اے دو سو چھیالیس کے دو سو تیس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔ بیلٹ پیپرزسمیت تمام انتخابی سازوسامان تیار ہو چکا ہے۔

    پریذائیڈنگ افسران کو انتخابی سامان کی ترسیل بدھ سے شروع کی جائے گی۔ آج رات بارہ بجے ضمنی انتخاب کیلئے قواعد کے مطابق انتخابی مہم اختتام پزیر ہوجائے گی، تمام پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا جا چکا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے کہہ دیا ہے کہ تمام امیدوار ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔ کسی ووٹر کو پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

    پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔ انقلابی نوعیت کے اقدامات سے لگ رہا ہے کراچی ضمنی انتخاب میں سلیکشن نہیں الیکشن ہی ہوگا۔ ایک دو روز باقی ہیں،  آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا؟

  • این اے 246: جے یو آئی (ف) نے جماعت اسلامی کی حمایت کردی

    این اے 246: جے یو آئی (ف) نے جماعت اسلامی کی حمایت کردی

    کراچی : جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان نے کراچی کے حلقے این اے دو سو چھیالیس میں جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق این اے دو چھیالیس میں ضمنی انتخاب کے معرکے کیلئے جوڑ توڑ جاری ہے۔ ایم کیوایم۔ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی اپنے حمایتیوں کی تعداد بڑھانے میں مصروف ہیں۔

    ایم کیو ایم نے آزاد امیدوار ملانے کے ساتھ فقہ جعفریہ کی تنظیموں کی حمایت حاصل کر لی ہے۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے جمیعت علمائے پاکستان کا تعاون حاصل کرلیا۔

    جماعت اسلامی نے کراچی کے ضمنی انتخاب میں اپنے امیدوار کی حمایت پر جے یو آئی ف کو آمادہ کرلیاہے، جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ نے کراچی کے حلقے این اے دو سو چھیالیس میں جماعت اسلامی کے امیدوار عمران اسماعیل کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

    جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اپنے وفد کے ہمراہ جے یو آئی ف کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ جے یو آئے ف نے اپنے کارکنوں کو جماعت اسلامی کے امیدوار کی ہر ممکن حمایت کی ہدایت کر دی۔

    جماعت اسلامی کے وفد میں حافظ نعیم الرحمان، ضمنی انتخاب کے امیدوار راشد نسیم اور اسد اللہ بھٹو شامل تھے۔ جنہوں نے جے یوآئی ف کے رہنماؤں اسلم غوری، قاری عثمان اور دیگر سے ملاقات کی۔

    قاری عثمان کا کہنا تھا دینی قوتوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، دینی قوتیں ایک پلیٹ فارم پرمتحدہ مجلس عمل کی صورت میں تبدیلی لائیں۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کراچی میں الیکشن کمیشن اور ایم کیو ایم میں کوئی فرق نہیں۔ پولنگ اسکیمیں ایم کیو ایم کی مرضی سے بنی ہیں۔ الیکشن کمیشن اگرغیرجانبدار نہ رہا تو اس کے کیخلاف بھی مہم چلائیں گے۔

  • این اے 246 : سات شیعہ تنظیموں کاایم کیوایم کی حمایت کااعلان

    این اے 246 : سات شیعہ تنظیموں کاایم کیوایم کی حمایت کااعلان

    کراچی : فقہ جعفریہ کی سات تنظیموں نے این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

    ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس میں فقہ جعفریہ کی سات تنظیموں نے حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کی حمایت کا اعلان کیا۔ ان میں جعفریہ الائنس ، تحریک نفاذ جعفریہ پاکستان ، تنظیم عزادارن اور تنظیم عزا بھی شامل ہیں۔

    نیوز کانفرنس میں شیعہ علماء کا کہنا تھا کہ این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب میں کسی تنظیم کی نہیں نظریے کی حمایت کی ہے۔ ماضی کی طرح آج بھی ہمدردیاں ایم کیوایم کےساتھ ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اہلحدیث رابطہ کونسل پاکستان کراچی نے بھی ضمنی الیکشن این اے 246کی نشست پرنامزد متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنو رنوید جمیل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔

    یہ اعلان اہلحدیث رابطہ کونسل پاکستان کراچی کے صدر علامہ مرتضی خان رحمانی نے علمائے کرام کے ایک نمائندہ وفد کے ہمراہ خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیزآباد میں ایم کیوایم کی علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد و اراکین سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔

  • این اے دوسوچھیالیس میں ایم کیوایم کابھرپورسیاسی قوت کا مظاہرہ

    این اے دوسوچھیالیس میں ایم کیوایم کابھرپورسیاسی قوت کا مظاہرہ

    کراچی: ایم کیو ایم نے لیاقت آباد کراچی میں بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کیا، خواتین سمیت بچوں کی جلسے میں شرکت سے ہر سو رنگ بکھر گئے۔

    کریم آباد پل پر منعقدہ ایم کیو ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے،ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کہتے ہیں پی ٹی آئی کراچی کو آزاد نہیں یرغمال بنانےآئی ہے، عوام کا درد رکھنے کے دعویداروں کو کوٹہ سسٹم میں ناانصافی کیوں نظرنہیں آتی۔

    فیصل سبزواری کا کہناتھاکہ کراچی کو والے الطاف حسین کے چاہنے والے ہیں ،الطاف حسین یا ایم کیوایم نے کیا جرم کیاہے ۔ان کا کہناتھا کہ کہ اسلحے کی فیکٹریاں خیبر پختون خواہ میں ہیں اور یہ لوگ پرائیوٹ جہاز پرکراچی آتے ہیں نائن زیرو سیل کرنے والے طالبان کا دفتر کھولنا چاہتے تھے ۔

    ایم کیو ایم رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا ہے کہ اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پی ٹی آئی کس منہ سے کراچی میں سیاست کرے گی، ان کا کہناتھا کہ ہم الطاف حسین کے چاہنے والے ہیں الطاف حسین کے ساتھ ہما ری محبت کوئی ختم نہیں کر سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دن حق پرستوں کی فتح ہوگی اورکراچی کے ساتھ اتنی دشمنی اچھی نہیں ۔

    این اے دو سو چھیالیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو حلقے کے مسائل کا علم ہی نہیں ہے تو وہ اسے حل کیسے کر سکتی ہے۔جماعت اسلامی کو مخاطب کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ اگر جماعت اسلامی سیٹ ہار گئی تو کیا قیادت استعفی دے گی۔

    ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی والوں نے ملک بنایا ہے اور وہی ملک بچائیں گے کراچی کو آزاد کرانے کا دعویٰ کرنے والے نہیں چانے کہ حلقے میں کون کون رہتاہے۔  بہت جلد کراچی میں ہر گھر پر ایم کیو ایم کا جھنڈا لہرائے گا۔ 23 مارچ کو مخالفین منہ کے بل گریں گے جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی میں نمبر دو کے لیئے مقابلہ ہے۔

    این اے دو سو چھیالیس سے امیدوارکنور نوید جمیل نے کہا کہ کچھ لوگ چند گاڑیاں ساتھ لیکرسمجھتےہیں حلقہ جیت لیں گے،کراچی کےلوگ زندہ لاشیں نہیں،جلسےسےاندازہ لگالیں۔

    ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ 23 اپریل کو ایم کیوایم ایک تازہ دم جماعت کے طور پر سامنے آئے گی جب کہ ہمارے مخالفین کے پاس اب کوئی آسرہ نہیں وہ اس الیکشن سے پتلی گلی سے نکلنے کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں۔

    انہوں نےکہا کہ جو الزامات ایم کیوایم پر لگائے گئے ہیں اس کا جواب عوام 23 اپریل کو دیں گے، اس روز حقیقت کا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہوگا، کنورنوید الیکشن میں کامیاب ہوں گے اور پتنگ بلندیوں پر اڑے گی جس کی عوام کو پیشگی مبارکباد دیتا ہوں۔

  • ایم کیو ایم آج لیاقت آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    ایم کیو ایم آج لیاقت آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    کراچی: این اے دو سو چھیالیس میں انتخابی ہل چل تیز ہوگئی ہے، ایم کیوایم آج عوامی قوت کا مظاہرہ کریگی، رینجرز حکام نےایم کیو ایم سے جلسے کا اجازت نامہ طلب کرلیا ہے جبکہ کپتان کھلاڑیوں کا جوش و خروش بڑھانے آج کراچی پہنچیں گے۔

    این اے دو سو چھیالیس کا ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی آمنےسامنے ہیں،  گرما گرم محاذ پرجیت کے لئے تینوں جماعتیں کوشاں ہیں۔ حلقےکے ووٹرز کو راغب کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کی الیکشن مہم عروج پر ہے۔

    ایم کیو ایم آج لیاقت آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، متحدہ نے جلسے کیلئے لیاقت آباد فلائی اوور کے پاس پنڈال سجالیا ہے، جلسے کے باعث فلائی اوور ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

    جلسے سے ایم کیوایم کےقائد الطاف حسین کا خطاب بھی متوقع ہے۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی کا سونامی کل عائشہ منزل کا رخ کرے گا، کھلاڑیوں کے جوش و خروش میں اضافے کیلئے کپتان آج پھر کراچی آرہے ہیں۔

  • ایم کیو ایم نے گھوسٹ پولنگ اسٹیشن بنا رکھے ہیں، عمران اسمٰعیل

    ایم کیو ایم نے گھوسٹ پولنگ اسٹیشن بنا رکھے ہیں، عمران اسمٰعیل

    کراچی : این اے دو سو چھیالیس میں پاکستان تحریک ا نصاف کے امیدوارعمران اسمٰعیل نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے گھوسٹ پولنگ اسٹیشن بنائے ہوئے ہیں، جس کے ثبوت وہ الیکشن کمیشن کو دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کی ریلی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    قومی اسمبلی کے حلقہ دو سو چھیالیس میں انتخابی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی، تحریکِ انصاف کی ریلی میں کارکنان کا جوش و جذبہ قابل دید تھا۔

    عمران اسمٰعیل نے کہا کہ  تحریک انصاف ضمنی معرکہ جیت گئی ہے، عزیز آباد اب ایم کیوایم کا نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پری پول دھاندلی ہورہی ہے، ایم کیو ایم نے گھوسٹ پولنگ اسٹیشن بنائے ہوئے ہیں ۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں خوف کی فضاء کا خاتمہ ہورہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کوایم کیوایم کےقبضےسےآزادکرائیں گے۔

    انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ  پی ٹی آئی  مذکورہ الیکشن جیت کر علاقے سے پانی،بجلی اور گیس کےمسائل حل کرےگی۔

  • این اے 246: انتخابی سرگرمیاں عروج پر، الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا

    این اے 246: انتخابی سرگرمیاں عروج پر، الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا

    کراچی : این اے 246 میں انتخابی گہما گہمی تیز سے تیز ترہوتی جا رہی ہے۔ تحریک انصاف انیس اپریل کو شاہراہ پاکستان پر میدان سجائے گی۔

    کراچی سینٹرل میں این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب کا دنگل تیئس اپریل کو ہوگا۔ تحریک انصاف کو پولنگ سے دو روز پہلے جناح گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت نہیں ملی۔

    ایم کیوایم ، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے امیدوار میدان میں ہیں۔ اس حلقے میں کارکنوں کے آمنے سامنے آنےکے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔

    پولیس نے الزام لگایا ہے کہ سیاسی جماعتیں ضابطہ اخلاق پر عمل نہیں کر رہیں۔ انتخابی امیدوار پابند ہیں کہ وہ جلوس اور ریلیاں نکالنے سے تین دن پہلے پولیس کو آگاہ کریں لیکن ایسا نہیں کیا جارہا ہے۔

    تمام تر صورتحال پر الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا ہے۔ این اے دو سو چھیالیس کے تمام پندرہ امیدواروں کو ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے جس میں ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی ہدایت کی گئی ہے۔

    این اے246کے دو سو تیرہ پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا جا چکا ہے۔ این اے 246میں بیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں ریٹرننگ افسران تک پہنچائے جائیں گے۔

    بیلٹ پیپرز کی چھپائی بھی سخت حفاظتی انتظامات میں کرائی گئی ہے۔ ایسا کاغذ اور رنگ استعمال کیا گیا ہے جو عام مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔ الیکشن کمیشن نے نینشل بینک اور ایف بی آر سے پولنگ کا عملہ مانگ لیا ہے۔