Tag: این اے 122 لاہور

  • این اے 122 لاہور میں کڑا مقابلہ: سعد رفیق اور  سردار لطیف کھوسہ مضبوط امیدوار

    این اے 122 لاہور میں کڑا مقابلہ: سعد رفیق اور سردار لطیف کھوسہ مضبوط امیدوار

    پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں لاہور کے حلقے این اے 122 سے مسلم لیگ ن کے سعد رفیق اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سردار لطیف کھوسہ مد مقابل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں، لاہور کے حلقہ این اے 122 سے مسلم لیگ ن کے معروف امیدوار خواجہ سعد رفیق میدان میں ہیں۔

    سال 2018 کے انتخابات میں یہ حلقہ این اے 131 کے طور پر مانا جاتا تھا۔

    اس حلقے سے دیگر کئی امیدوار میدان میں اترے ہیں ، تاہم  ن لیگی امیدوار خواجہ سعد رفیق اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار لطیف کھوسہ کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔

    این اے 122 لاہور کے نمایاں امیدواروں کی فہرست یہ ہیں

    مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق اس علاقے سے تین بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔

    اس حلقے کی کل آبادی 953,104 ہے اور کل 345,763 ووٹرز ہیں، جن میں 197,264 مرد اور 148,499 خواتین ہیں۔ این اے 122 لاہور دفاعی علاقوں اور کنٹونمنٹ کے علاقوں کو گھیرے ہوئے ہے۔

    سال 2018 کے عام انتخابات میں حلقہ این اے 131 میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تھا۔

    بانی پی ٹی آئی نے 84 ہزار 313 ووٹ حاصل کرکے سعد رفیق کو شکست دی تھی، جنہوں نے 83 ہزار 633 ووٹ حاصل کیے تھے۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار سید مرتضیٰ حسن اور پیپلز پارٹی کے امیدوار عاصم محمود نے بھی بالترتیب 9,780 اور 6,746 ووٹ لے کر نمایاں ووٹ حاصل کیے تھے۔

    بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نشست چھوڑنے کے بعد اس حلقے میں اکتوبر 2018 میں ضمنی انتخاب ہوا تھا، جس میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ہمایوں اختر خان کو میدان میں اتارا تھا لیکن ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کو سعد رفیق کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    خیال رہے پاکستان میں 8 فروری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، اس مرتبہ لگ بھگ 18000 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں جن میں سے 11785 آزاد اور 6031 امیدوار مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ ہیں۔