Tag: این اے 259

  • این اے 259 میں دوبارہ ووٹنگ، شاہ زین بگٹی کو برتری حاصل

    این اے 259 میں دوبارہ ووٹنگ، شاہ زین بگٹی کو برتری حاصل

    کوئٹہ: این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر عدالت عظمیٰ کے حکم پر دوبارہ ووٹنگ میں جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی نے برتری حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ ہوئی جس میں ایک بار پھر شاہ زین بگٹی نے برتری حاصل کرلی۔

    غیرسرکاری نتائج کے مطابق جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی کو آزاد امیدوار طارق محمود پر برتری حاصل ہے۔ شاہ زین بگٹی نے مجموعی طور پر 29219 ووٹ حاصل کیے جبکہ میر طارق کھیتران 21421 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر ڈیرہ بگٹی میں این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوئی تھی۔ 29 پولنگ اسٹیشنز میں 111 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے جن میں 65 مردوں اور 46 خواتین ووٹرز کے لیے مخصوص تھے۔ کل ووٹرز کی تعداد 47 ہزار 269 تھی۔

    قومی اسمبلی کے حلقے این اے 259 میں الیکشن میں 31 امیدواروں نے حصہ لیا تاہم نمایاں امیدواروں میں جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی، آزاد امیدوار طارق محمود کھیتران اور پیپلزپارٹی کے باز محمد کھیتران شامل تھے۔

    یاد رہے عام انتخابات 2018 میں این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے جمہوری وطن پارٹی کےسربراہ شاہ زین بگٹی کامیاب ہوئے تھے۔

  • سپریم کورٹ نے این اے 259 میں 29 پولنگ اسٹیشنزپر دوبارہ پولنگ روک دی

    سپریم کورٹ نے این اے 259 میں 29 پولنگ اسٹیشنزپر دوبارہ پولنگ روک دی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ روک دی۔ پولنگ شاہ زین بگٹی کی درخواست پر روکی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شاہ زین بگٹی کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس گلزار نے سماعت کے دوران کہا کہ درخواست گزار نے تو انتخابات پر بہت الزامات لگائے ہیں، کیا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ری پولنگ ہو سکتی ہے؟۔

    وکیل عامررانا نے کہا کہ 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے لیے شیڈول جاری ہو چکا ہے، آئندہ ہفتے میں پولنگ ہونی ہے۔

    جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں درخواست غیرموثر ہو جائے؟۔ شاہ زین بگٹی کے وکیل حامد خان نے کہا کہ عدالت شاہ زین بگٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کرے۔

    حامد خان نے کہا کہ بحالی نہ ہوئی تو حلقہ نمائندگی کے بغیر رہ جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ 1221 ووٹوں کی شاہ زین بگٹی کی لیڈ ہے،مخالف کی بات مان بھی لی جاے تو بھی سو ووٹوں کی لیڈ رہ جاتی ہے۔

    شاہ زین بگٹی کے وکیل نے کہا کہ مخالف کی بات مان بھی لی جاے تو بھی سو ووٹوں کی لیڈ رہ جاتی ہے۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ شاہ زین بگٹی کو بحال کیا تو پھر یہ کیس چل نہیں پائےگا۔

    جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے فوری بعد کیس کی سماعت کرکے فیصلہ کردیں گے۔