Tag: این اے 75

  • این اے 75: دھاندلی میں ملوث افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کا فیصلہ

    این اے 75: دھاندلی میں ملوث افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کا فیصلہ

    اسلام آباد: این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے دوران دھاندلی کرنے والے افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 75 ڈسکہ ضمنی انتخاب انکوائری رپورٹ کی روشنی میں تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا، الیکشن کمیشن نے دھاندلی میں ملوث افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام ملوث افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی، الیکشن کمیشن نے متعلقہ شعبہ جات سے فوجداری شکایات کا ڈرافٹ مانگ لیا، محکمانہ کارروائی کے لیے انکوائری کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے بھی سفارشات طلب کر لیں۔

    الیکشن کمیشن نے متعلقہ شعبہ جات کو ایک ہفتے میں سفارشات منظوری کے لیے پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا، حکم میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دھاندلی میں ملوث کوئی افسر آئندہ انتخابی ڈیوٹی پر مامور نہ ہو۔

    این اے 133 ویڈیو لیکس

    دوسری طرف این اے 133 لاہور کے ضمنی الیکشن میں ویڈیو لیکس پر کوئی رپورٹ پیش نہیں کی جا سکی، ووٹوں کی خریداری پر مبینہ ویڈیو کی کوئی رپورٹ ریٹرننگ آفیسر کو پیش نہ کی گئی۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آر او نے ایف آئی اے، نادرا، پیمرا، اور پولیس سے 30 نومبر تک رپورٹ طلب کر رکھی تھی، لیکن متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

    سوشل میڈیا پر حلقے میں پیسوں کے عوض ووٹوں کی خریداری کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لیا تھا۔

  • این اے 75: الیکشن کمیشن نے انتخاب کی تاریخ تبدیل کر دی

    این اے 75: الیکشن کمیشن نے انتخاب کی تاریخ تبدیل کر دی

    سیالکوٹ: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کی تاریخ تبدیل کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب اب 10 اپریل کو ہوگا۔

    پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی نے کہا ہے کہ تاریخ کی تبدیلی ہماری درخواست پر کی گئی ہے، پولنگ 23 اسٹیشنز پر ہوں یا پورے حلقے میں، یہ فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا تھا کہ پنجاب کے انتخابی حلقے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن 18 مارچ کو ہوں گے۔

    ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انتخابی حلقے میں 21 پولنگ اسٹیشنز پر نیا عملہ کام کرے گا۔

    الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیا

    ڈی ای اے کے مطابق 339 پولنگ اسٹیشنز پر 19 فروری والا عملہ کام کرے گا، ڈیوٹی آرڈر کی اطلاع واٹس ایپ کے ذریعے کر دی گئی ہے، پولنگ اسٹیشن نمبر 346 کا پریذائیڈنگ افسر بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سیالکوٹ کے حلقے این اے 75 سے پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی کی جانب سے دائر درخواست کو منظور کرتے ہوئے آج کیس کی سماعت کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔

    پی ٹی آئی امیدوار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل کی ہے، جس پر رجسٹرار آفس نے فریقین کو گزشتہ روز نوٹس جاری کر دیے تھے۔

  • گلاس مانگنے پر پورا ڈرم دے دیا، ڈسکہ امیدوار کی الیکشن کمیشن پر تنقید

    گلاس مانگنے پر پورا ڈرم دے دیا، ڈسکہ امیدوار کی الیکشن کمیشن پر تنقید

    ڈسکہ: این اے 75 سے ضمنی انتخاب لڑنے والے پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’گلاس مانگنے پر الیکشن کمیشن نے پورا ڈرم دے دیا۔‘

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی اسجد ملہی نے کہا ریٹرننگ آفیسر کے پاس فارم 45 آنے پر نتیجہ جاری کرنا قانونی طور پر لازم تھا، ہم نے سپریم کورٹ سے رٹ پٹیشن میں نتیجہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    علی اسجد ملہی نے کہا کہ مخالفین نے 14 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ مانگا تھا، لیکن الیکشن کمیشن نےگلاس مانگنے پر پورا ڈرم ہی دے دیا، ہم بھی پورے حلقے میں انتخاب کے لیے 200 فی صد تیار ہیں۔

    پی ٹی آئی امیدوار کا کہنا تھا کہ این اے 75 میں پی ٹی آئی کے 55 ہزار ووٹ بڑھ گئے ہیں، کس نے معرکہ مارا، کون جیتا، مریم نواز یہ سب دیکھ لیں۔

    علی اسجد ملہی نے سینیٹ انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا بے شک حفیظ شیخ ہارگئے لیکن عمران خان کا بیانیہ جیت گیا، عمران خان کے پاس اخلاقی قوت ہے، اور قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

    انھوں نے نکتہ اٹھایا کہ الیکشن کمیشن این اے 75 کے لیے رات 3 بجے چیف سیکریٹری کو کال کرتا رہا، لیکن یوسف رضاگیلانی کی بات آئی تو شام 7 بجے الیکشن کمیشن بند ہو گیا تھا۔

    واضح رہے کہ این اے 75 ڈسکہ میں پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی نے گزشتہ روز الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

  • ڈسکہ انتخاب: بیرسٹر علی ظفر نے وزیر اعظم کو قانونی مشورہ دے دیا

    ڈسکہ انتخاب: بیرسٹر علی ظفر نے وزیر اعظم کو قانونی مشورہ دے دیا

    لاہور: این اے 75 میں دوبارہ انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بیرسٹر علی ظفر نے وزیر اعظم عمران خان کو قانونی مشورہ دیا ہے، جس کے بعد فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کی حکمت عملی ترتیب دے دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق، علی ظفر ایڈووکیٹ اور علی اسجد ملہی نے ملاقات کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر علی ظفر نے وزیر اعظم کو اہم مشورہ دیا، علی ظفر کی رائے کی روشنی میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں دو پٹیشنز کے ذریعے چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ملاقات میں ڈسکہ کے ضمنی انتخاب سے متعلق وزیر اعظم کو بریف کیا گیا، جس کے بعد انھوں نے قانونی لائحہ عمل کی منظوری دے دی، تحریک انصاف ہائی کورٹ میں 2 پٹیشنز دائر کرے گی، ایک پٹیشن میں الیکشن کمیشن کے دوبارہ انتخاب کو چیلنج کیا جائے گا، دوسری پٹیشن میں افسران کے خلاف کارروائی کے فیصلے کو بھی چیلنج کیا جائے گا۔

    ملاقات کے بعد علی اسجد ملہی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم عمران کے سامنے آج ساری صورت حال رکھ دی ہے، وزیر اعظم نے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کی منظوری دے دی، پیر کے روز الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔

    ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کے بعد الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے این اے 75 کا ضمنی انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے 18 مارچ کو تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ری پولنگ کا حکم دے دیا تھا، ای سی پی میں این اے 75 انتخابات اور نتائج کیس سے متعلق سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے کی تھی۔

    الیکشن کمیشن نے ڈسکہ میں ڈی سی، ڈی پی او، اے سی، ایس ڈی پی او کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ سنایا، این اے 75 میں کمشنر اور آر پی او کو بھی عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ دیا، نیز کمشنر اور آر پی او کے خلاف کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

  • ‘الیکشن کمیشن کے این اے 75 سے متعلق  فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے’

    ‘الیکشن کمیشن کے این اے 75 سے متعلق فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے’

    لاہور : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو فیصلے کا اختیار ہے، این اے 75 میں ری پولنگ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم کا خواب ہے کہ شفاف انتخابات ہوں، قانون کی حکمرانی کے ساتھ جمہوریت آگے بڑھ سکتی ہے۔

    این اے 75 میں ری پولنگ کے فیصلے کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو فیصلے کا اختیار ہے، اس کے خلاف اپیل پر جائیں گے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا الیکشن میں تشدد سے بچنے کے لئے الیکٹرونک ووٹنگ پر جانا ہوگا، مریم نوازڈسکہ میں قاتل کو شاباش دینے گئی تھیں۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے این اے 75 ڈسکہ ضمنی انتخاب کالعدم قرار دیے جانے کے الیکشن ‏کمیشن کے فیصلہ کو چیلنج کرنےکی منظوری دیتے ہوئے عثمان ڈار اور قانونی ٹیم کوعدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    یاد رہے الیکشن کمیشن نے این اے75 کا ضمنی انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے 18 مارچ کو تمام پولنگ ‏‏اسٹیشنز پر ری پولنگ کا حکم دیا تھا۔

    فیصلے میں کہا گیا تھا کہ حلقے میں شفافیت کو مدنظر نہیں رکھا گیا، فائرنگ،ہلاکتوں کیساتھ امن ‏‏وامان کی خراب صورتحال رہی، خراب صورتحال کے باعث ووٹرز کیلئے ہراسمنٹ کا ماحول پیداہوا، ‏‏جس سے نتائج کےعمل کومشکوک اورمشتبہ بنایا گیا، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

  • ڈسکہ فائرنگ، لاٹھی چارج: عثمان ڈار، مریم نواز کے مخالفانہ ٹویٹس

    ڈسکہ فائرنگ، لاٹھی چارج: عثمان ڈار، مریم نواز کے مخالفانہ ٹویٹس

    ڈسکہ: سیالکوٹ کے شہر ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے موقع پر پُر تشدد واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسکہ حلقہ این اے 75 میں گوئند کے پولنگ اسٹیشن کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد کی ہلاکت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے بعد پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے میڈیا کو بتایا کہ رانا ثنا اللہ نے مسلح غنڈوں کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن پر قبضہ کیا، میں تین گھنٹے سے پولنگ اسٹیشن میں محصور رہا۔

    عثمان ڈار نے ایک ٹویٹ میں کہا رانا ثنا اللہ مسلح غنڈوں کے ہمراہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تاریخ رقم کرنے پہنچا، اب تک گولیاں لگنے سے 7 افراد زخمی اور 2 کارکنان شہید ہو چکے ہیں، ڈسکہ میں پر امن انتخابی عمل کے دوران دہشت گردی کی گئی، دہشت گردی کی ایف آئی آر رانا ثنا اللہ اور مسلح غنڈوں کے خلاف درج کرائیں گے۔

    عثمان ڈار، جنھوں نے این اے 75 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا عہدہ چھوڑ دیا تھا، نے سوال اٹھایا کہ پولنگ اسٹیشن کے باہر ن لیگی ایم پی اے اور ایم این اے کس حیثیت سے موجود رہے؟ چیف الیکشن کمشنر سے سوال ہے یہ پولنگ اسٹیشن کے باہر کیا کر رہے ہیں، دوپہر تک پولنگ پُر امن چل رہی تھی، رانا ثنا اللہ جیسے ہی مسلح جتھے کے ساتھ آئے صورت حال خراب ہو گئی۔

    این اے 71ضمنی الیکشن: پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ 2 افراد جاں بحق

    انھوں نے کہا ن لیگ نے ڈسکہ کا الیکشن لوٹنے کی تیاری کی، ہر پولنگ اسٹیشن کے باہر پولیس والے تعینات ہیں، لیکن جاوید لطیف، رانا ثنا جیسے لوگ حملہ کریں گے تو 10،8 پولیس والے کیا کریں گے، یہ ن لیگ کے کارکنوں کو ریاستی اداروں سے لڑا رہے ہیں۔

    ادھر رہنما مسلم لیگ ن مریم نواز نے بھی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ڈسکہ کلاں پولنگ اسٹیشن میں ہمارے ووٹرز پر بدترین لاٹھی چارج کیا گیا۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ پولیس عوام کی ملازم ہے یا پی ٹی آئی کی؟ مریم نواز نے پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹرز پر پولیس اہل کاروں کے لاٹھی چارج کی ویڈیو بھی ٹویٹ کی۔

    ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا کہ ڈسکہ میں ہر جگہ خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی، لیکن ن لیگ کے کارکنوں نے ہر چیز کا مقابلہ کیا، فائرنگ کرا کر ووٹرز کو بھگانے کی کوشش کی گئی، ڈسکہ کی صورت حال پر پوری انتظامیہ خاموش ہے، ڈسکہ میں فائرنگ پولیس کی موجودگی میں کی گئی ہے۔

    انھوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی، سی سی پی او کہاں ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کہتے ہیں فائرنگ کرنے والے پر مقدمہ ہوگا، مقدمہ تو وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف درج ہونا چاہیے، انتظامیہ کی آنکھوں کے سامنے فائرنگ ہو رہی ہے، پولیس پولنگ رکوانے میں لگی ہو تو فائرنگ کون روکے گا۔

  • سیالکوٹ کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی انتخاب کل ہوگا

    سیالکوٹ کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی انتخاب کل ہوگا

    سیالکوٹ: قومی اسمبلی کی نشست کے لیے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کل ہوگا، قومی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی افتحار الحسن کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 75 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کل ہوگی، مسلم لیگ ن کی سیدہ نوشین اور تحریک انصاف کے اسجد ملہی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    دیگر امیدواروں میں تحریک لبیک پاکستان کے محمد خلیل سندھو اور دیگر 7 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار 3 ہے، ضمنی الیکشن کے لیے حلقے میں 360 پولنگ اسٹیشنز قائم ہین جن میں سے 25 انتہائی حساس اور 155 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

    قومی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی افتحار الحسن کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔