Tag: این اے 75 ڈسکہ

  • این اے 75 ڈسکہ: پی ٹی آئی رہنماؤں نے بڑا دعویٰ کردیا

    این اے 75 ڈسکہ: پی ٹی آئی رہنماؤں نے بڑا دعویٰ کردیا

    سیالکوٹ: الیکشن کمیشن نے این اے 75 کے ضمنی الیکشن کا نتیجہ روکنے کا حکم دے دیا ہے مگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے بڑا دعویٰ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈسکہ میں پی ٹی آئی امیدوار کامیاب ہوچکا ہے، حلقے کے تمام نتائج آر اوز کو موصول ہوچکے ہیں، فوری طور پر نتائج کا اعلان کیا جائے۔

    فردوس عاشق نے نون لیگ پر ڈسکہ کے نتائج پر اثر انداز ہونے کا بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آراو کا تعلق ناروال سے ہے، احسن اقبال نے رات بھر ریٹرننگ افسر کو یرغمال بنائے رکھا اور نتائج جاری نہ کرنے کا کہا۔

    اس سے قبل معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 7,827 ووٹوں کی برتری حاصل کرکے میدان مار چکی ہے، ن لیگ کے احسن اقبال، جاوید لطیف، کنیز جونیئر اور عطا تارڑ نے ریٹرننگ افسر کو یرغمال بنارکھا ہے اور انہیں الیکشن نتائج کا اعلان کرنے سے روکا جا رہا ہے۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے بھی ٹوئٹر پر نون لیگ پر نتائج روکنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ این اے75 کا نتیجہ صبح5بج کر40منٹ پر آچکا،لیکن آر او نارووال کا رہنےوالا ہے، احسن اقبال کے دباؤ کی وجہ سے نتیجہ روک کر بیٹھے ہیں، جیت جائیں تو نواز کے بیانیے کی جیت، ہار جائیں تو نہتی لڑکی۔

    شہباز گل نے بھی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی NA 75 کا الیکشن 7827 ووٹوں سے جیت چکی، اللہ کا شکر۔ مریم اور ان کے پاپا کے بیانیے کو شکست ہوئی۔ جب آپ ریاست مخالف بیانیہ دیں گے کرپشن کریں گے، تو ہار آپکا مقدر ہوگی۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نون لیگ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب ن لیگ جیتے تو سب ٹھیک ہے لیکن جب ہارے تو دھاندلی ہے، پی ٹی آئی حکومت میں نوشہرہ اور وزیر آباد میں میں ن لیگ جیتی، دونوں جگہ پر ن لیگ نےدھاندلی کی کوئی بات نہیں کی، ڈسکہ میں مقابلہ سخت تھا تو ہر طرف دھاندلی کا شور ہے، جو دھوکہ دہی کرتے ہیں وہ شکست تسلیم نہیں کرتے۔

  • این اے 75 ڈسکہ کے نتائج میں ردوبدل کاشبہ ،  الیکشن کمیشن کا تحقیقات کا حکم

    این اے 75 ڈسکہ کے نتائج میں ردوبدل کاشبہ ، الیکشن کمیشن کا تحقیقات کا حکم

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے نتائج روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا اور کہا ڈی آراواور آر او نے بتایا 20 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں ردوبدل کاشبہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 75 کےضمنی انتخابات سےمتعلق اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں ریٹرننگ افسرکو نتائج روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے نتائج کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ڈی آراواور آر او نے بتایا 20 پولنگ اسٹیشنزکے نتائج میں ردوبدل کاشبہ ہے، ڈی آر او تفصیلی رپورٹ بھجوا رہا ہے جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر کو آر او کے دفتر پہنچنے کی ہدایت کردی ہے، صوبائی الیکشن کمشنر کے ساتھ جوائنٹ الیکشن کمشنر بھی ہوں گے۔

    اعلامیے میں الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر کو فوری ریکارڈ محفوظ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا مکمل انکوائری کے بغیر حلقے کا غیر حتمی نتیجہ جاری کرنا ممکن نہیں۔

    مزید پڑھیں : ریٹرننگ افسر نے این اے 75 کا نتیجہ روک لیا

    جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 20 پولنگ اسٹیشنوں کے انتخابی عملے نے خود کولاپتہ کر لیا ہے ، چیف سیکرٹری اور آئی جی نے لاپتہ عملےاور پولنگ بیگزٹریس کرانےکی یقین دہانی کرائی ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آج صبح 6بجے لاپتہ عملہ ریٹرننگ افسرکے پاس پہنچا ، ڈی آراواور آراونے انتخابی ریکارڈ میں ردوبدل کے خدشات کا اظہار کیا جبکہ آراواورڈی آراو کواین اے 75 کے نتائج کےاعلان سے روک دیا گیا ہے ۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام تحقیقات کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا، معاملہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کمزوری لگتی ہے۔

    یاد رہے ریٹرننگ افسر نے مسلم لیگ (ن) کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 75 کا نتیجہ روکتے ہوئے ریفرنس چیف الیکشن کمشنر کو بھجوادیا تھا۔