Tag: این سی او سی

  • گزشتہ روز کرونا سے ہونے والی 119 اموات کی تفصیل جاری

    گزشتہ روز کرونا سے ہونے والی 119 اموات کی تفصیل جاری

    اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 119 افراد جاں بحق ہوئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے ان اموات سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق 109 اموات اسپتالوں میں ہوئیں، یہ مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج تھے، جب کہ 10 اموات گھروں پر ہوئیں۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے 119 افراد میں 76 فی صد مرد شامل ہیں، جب کہ جاں بحق افراد کی عمریں 1 سے 93 سال کے درمیان ہیں، ان میں 74 فی صد افراد دیگر امراض میں بھی مبتلا تھے۔

    24 گھنٹے میں پنجاب میں سب سے زیادہ 60 اموات رپورٹ ہوئیں، گزشتہ ایک روز میں سندھ میں کل 35 افراد جان کی بازی ہارے، خیبر پخون خوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19 اموات رپورٹ ہیں، اسلام آباد میں بھی 3 افراد جاں بحق ہوئے، آزاد کشمیر میں 2 اموات، مظفر آباد، سادھ نوتی میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔

    پاکستان میں کرونا سے اموات 3 ہزار 501 ہو گئیں، 1 لاکھ 76 ہزار متاثر

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا کیسز کا گراف تیزی سے بلند ہوتا جا رہا ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 13 واں ملک بن گیا ہے، اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ جاری ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 4,951 نئے کیسز سامنے آئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 176,617 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 3,501 ہو گئی ہے۔

  • 5 دن میں ایس او پیز کی 84 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں ہوئیں: این سی او سی

    5 دن میں ایس او پیز کی 84 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں ہوئیں: این سی او سی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 5 دن میں ملک میں ایس او پیز کی 84 ہزار 294 خلاف ورزیاں ہوئیں، 22 ہزار سے زائد دکانیں سیل اور ان پر جرمانے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکریٹریز، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندے بھی ویڈیو لنک پر شریک ہوئے۔

    اجلاس میں صوبوں کی کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیوں کی بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ 5 دن میں ملک میں ایس او پیز کی 84 ہزار 294 خلاف ورزیاں ہوئیں، 5 دن میں 22 ہزار 405 مارکیٹس اور دکانیں سیل اور ان پر جرمانے کیے گئے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ 5 دن میں انڈسٹریل سیکٹر میں 91 ہزار 197 گاڑیوں کو وارننگ و جرمانے کیے گئے، ملک بھر میں 12 سو 51 اسمارٹ لاک ڈاؤن جاری ہیں۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں 884 اسمارٹ لاک ڈاؤن سے 1 لاکھ 60 ہزار کی آبادی متاثر ہوئی، خیبر پختونخواہ میں 349 اسمارٹ لاک ڈاؤن سے 40 ہزار 500 افراد متاثرہوئے۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 9 اسمارٹ لاک ڈاؤن سے 10 ہزار کی آبادی متاثر ہوئی، اسی طرح آزاد کشمیر میں 9 اسمارٹ لاک ڈاؤن سے 24 سو کی آبادی متاثر ہوئی۔

  • این سی او سی نے صوبوں کو 250 اضافی وینٹی لیٹرز فراہم کردئیے

    این سی او سی نے صوبوں کو 250 اضافی وینٹی لیٹرز فراہم کردئیے

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے صوبوں کو 250 اضافی وینٹی لیٹرز فراہم کردئیے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق این سی او سی نے صوبوں کو 250 اضافی وینٹی لیٹرز فراہم کردئیے، وینٹی لیٹرز صوبوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے دئیے گئے ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ وینٹی لیٹرز آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد کو بھی فراہم کیے گئے ہیں، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، لاہور کے لیے 72 وینٹی لیٹرز فراہم کیے گئے ہیں۔

    اسی طرح پشاور، ایبٹ آباد کے لیے 52، کوئٹہ میں 20، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں 10، 10 وینٹی لیٹرز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ پمز میں 24، پولی کلینک میں 10 وینٹی لیٹرز فراہم کیے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ملک میں کورونا کے 4ہزار734 نئے کیس رپورٹ، مزید 97 اموات

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ کرونا آئسولیشن کے لیے مخصوص اسپتالوں کی تعداد 747 ہے، 22 ہزار 589 بیڈ کرونا مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 5 ہزار 60 ہے، 5 ہزار 60 بیڈ پر آکسیجن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، 1400 وینٹی لیٹرز موجود ہیں جن میں سے صرف 32 فیصد زیر استعمال ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل این سی او سی نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ملک میں24گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے97افراد انتقال کرگئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد1935ہوگئی۔