Tag: این سی او سی

  • پی ایس ایل 7: شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری

    پی ایس ایل 7: شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پی ایس ایل 7 کے میچز میں 100 فی صد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے پی ایس ایل شائقین کے لیے بڑی خوش خبری آ گئی، سو فی صد شائقین کو اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم صرف ویکسینیٹڈ افراد ہی اسٹیڈیم جا سکیں گے۔

    این سی او سی کے مطابق اگر کرونا کیسز بڑھے تو جنوری کے تیسرے ہفتے میں اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی، اس سلسلے میں این سی او سی نے وفاق، صوبوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے۔

    مراسلے کے مطابق صرف ویکسینیٹڈ افراد کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، اور تمام عمر کے افراد اسٹیڈیم آ سکیں گے، تاہم اسٹیڈیم آنے کے لیے 12 سال سے زائد عمر والوں کی ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

    شائقین میچ دیکھنے کیوں نہیں آئے؟ وسیم اکرم شائقین کرکٹ سے افسردہ

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجرا کے لیے میکنزم تیار کرے گا، اور میچز کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری بھی پی سی بی پر ہوگی۔

    پی ایس ایل کے براڈکاسٹ رائٹس کی فروخت پر وضاحت

    کرکٹ گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی ذمہ داری بھی کرکٹ بورڈ اٹھائے گا، نیز اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے ماسک اور سماجی فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا۔

    یاد رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے دوران اسٹیڈیم شائقین سے خالی تھا، جس پر اعلیٰ سطح پر تشویش کا اظہار کیا گیا، دیگر وجوہ کے ساتھ ساتھ ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ویکسینیشن کارڈ نہ ہونے پر شائقین کو اسٹیڈیم کے دروازے سے واپس جانا پڑا تھا۔

  • این سی او سی کا بوسٹر ڈوز کے لیے عمر کی حد میں کمی کا فیصلہ

    این سی او سی کا بوسٹر ڈوز کے لیے عمر کی حد میں کمی کا فیصلہ

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بوسٹر ڈوز کے لیے عمر کی حد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، این سی او سی کا کہنا ہے کہ 30 سال سے زائد عمر کے افراد بوسٹر ڈوز لگوا سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بوسٹر ڈوز کے حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا گیا، این سی او سی نے بوسٹر ڈوز کے لیے عمر کی حد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ 30 سال سے زائد عمر کے افراد بوسٹر ڈوز کے لیے اہل ہیں، 30 سال سے زائد افراد کے لیے بوسٹر ڈوز کی سہولت یکم جنوری سے دستیاب ہوگی۔ اہل افراد اپنی من پسند ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوا سکیں گے۔

    این سی او سی نے کرونا وائرس صورتحال پر نیشنل ویکسین اسٹریٹجی پر بھی غور کیا، این سی او سی نے ویکسی نیشن کے بارے میں سخت اقدامات پر اتفاق کرتے ہوئے صوبوں میں ویکسی نیشن کی مقررہ اہداف پر بھی نظر ثانی کی۔

    صوبوں میں ویکسی نیشن کے نئے اہداف کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 7 لاکھ 13 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی، ملک کے 14 کروڑ 15 لاکھ سے زائد آبادی کی ویکسی نیشن کرلی گئی۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ دنیا کے 95 ممالک میں اومیکرون کے 58 ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں، یورپ اومیکرون ویرینٹ کا مرکز ہے، ڈنمارک اور برطانیہ میں اومیکرون کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے، بھارت میں اومیکرون کے اب تک 149 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    این سی او سی کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ شہری کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ویکسی نیشن کروائیں۔

  • این سی او سی: زیادہ ویکسینیشن شرح والے علاقوں میں پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ

    این سی او سی: زیادہ ویکسینیشن شرح والے علاقوں میں پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ

    لاہور: این سی اوسی کی جانب سے ریچ ایوری ڈور ویکسینیشن مہم کے تحت پنجاب میں زیادہ ویکسینیشن کی شرح والے علاقوں میں پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کر لیاگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب میں 55 فی صد سے زائد والے علاقے بہترین، 45 سے زائد والے بہتر قرار دے دیے گئے، جب کہ 45 فی صد سے کم ویکسینیشن شرح کے شہروں کو تیسرا درجہ دے دیا گیا۔

    محکمہ صحت نے نوٹیفیکشن جاری کر دیا، نوٹیفیکیشن کا اطلاق 16 سے 31 دسمبر تک ہوگا۔

    بہترین

    نوٹیفیکیشن کے مطابق 55 فی صد سے زائد ویکسینیٹد شرح والے علاقوں میں معمولات زندگی مکمل طور پر بحال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    55 فی صد سے زائد ویکسینیشن شرح والے شہروں میں منڈی بہاؤالدین، نارووال، جہلم، روالپنڈی، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، حافظ آباد اور لودھراں شامل ہیں، جہاں سماجی سرگرمیاں، ڈائننگ، شادی کی تقریبات، کاروباری و دفتری اوقات، کھیل، جم، سینما اور مذہبی تقریبات بھی معمول کے مطابق چلیں گی۔

    ان علاقوں میں انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ 100 گنجائش کے ساتھ چل سکے گی، ریل گاڑی 100 فیصد گنجائش کے ساتھ چل سکے گی، مکمل ویکسینیٹد افراد کے ساتھ کنٹرول ٹورزم کی اجازت ہوگی، اور تعلیمی ادارے معمول کے اوقات میں 100 فی صد تعداد کے ساتھ کھلے رہیں گے۔

    بہتر

    این سی او سی کے مطابق 45 سے 55 فیصد ویکسینیشن شرح والے علاقوں میں پابندیاں عائد رہیں گی، سیکریٹری عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ 45 سے 55 فیصد ویکسینیشن شرح والے شہروں میں لاہور، گوجرانولہ، ملتان، سرگودھا، گجرات، سیالکوٹ، چکوال، اوکاڑہ، وہاڑی، رحیم یار خان، شیخوپورہ، اٹک، خوشاب، لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بھکر، خانیوال، پاکپتن، راجن پور، مظفرگڑھ اور چنیوٹ شامل ہیں۔

    ان علاقوں میں تمام کاروباری سرگرمیاں رات 10 بجے تک جاری رہ سکیں گی، انڈور تقریبات کی 500 افراد کی گنجائش کے ساتھ اجازت ہوگی، آؤٹ ڈور تقریبات 1000 افراد کی گنجائش کے ساتھ ہو سکیں گی۔

    انڈور ڈائننگ 70 فی صد جب کہ آؤٹ ڈور ڈائننگ 100 فی صد گنجائش کے ساتھ رات 11:59 تک جاری رہے گی، انڈور شادی کی تقریبات 500 جب کہ آؤٹ ڈور تقریبات 1000 افراد کی گنجائش کے ساتھ رات 11:59 تک جاری رہیں گی۔

    سینما گھر، دفاتر، مزار اور جمز مکمل ویکسینیٹڈ افراد کے لیے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، تمام تفریحی مقامات، پولز اور پارکس 70 فی صد گنجائش کے ساتھ کھلے رہیں گے۔

    تیسرا درجہ

    45 فیصد سے کم ویکسینیشن شرح والے علاقوں میں پابندیوں کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں، ان شہروں میں بہاولنگر، بہاولپور، فیصل آباد، جھنگ، قصور، ننکانہ صاحب اور ساہیوال شامل ہیں، جہاں تمام کاروباری سرگرمیاں رات 10 بجے تک ہو سکیں گی۔

    ان ڈور تقریبات 300 افراد کی گنجائش کے ساتھ، آؤٹ ڈور تقریبات 500 افراد کی گنجائش کے ساتھ جاری رہیں گی، انڈور ڈائننگ 50 فیصد جب کہ آؤٹ ڈور ڈائننگ 100 فیصد گنجائش کے ساتھ رات 11:59 جاری رہے گی۔

    سینما گھر، جمز اور مزار مکمل ویکسینیٹڈ افراد کے لیے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، تمام تفریحی مقامات، پولز اور پارکس 50 فی صد گنجائش کے ساتھ کھلے رہیں گے، تمام سرکاری ونجی دفاتر اور تعلیمی ادارے معمول کے اوقات میں کھلے رہیں گے۔

    سیکریٹری عمران سکندر بلوچ کے مطابق صوبہ بھر میں ان باونڈ پیسنجرز پالیسی نافذ رہے گی، ڈومیسٹک پروازوں میں رفرشمنٹس کی اجازت ہوگی، جب کہ 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی مکمل ویکسینیشن کروانے کی جامع منصوبہ کی گئی ہے، حکومتی احکامات کے مطابق صرف ویکسینیٹڈ افراد کو عوامی سروس اسٹیشنز پر سہولت فراہم کی جائیں گی۔

    انھوں نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین، نارووال، جہلم، روالپنڈی، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، حافظ آباد اور لودھراں کے علاقوں نے ویکسینیشن مہم میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے، باقی اضلاع بھی اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں۔

  • این سی او سی کی  صوبوں کو کورونا ویکسینیشن میں تیزی لانے کی ہدایت

    این سی او سی کی صوبوں کو کورونا ویکسینیشن میں تیزی لانے کی ہدایت

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کوروناکی مجموعی صورتحال پراظہار اطمینان کرتے ہوئے صوبوں کو ویکسی نیشن میں تیزی لانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں کورونا کی صورتحال و نیشنل ویکسین اسٹریٹجی پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں متعلقہ حکام نے این سی او سی کو کورونا کیسز اور پھیلاؤ کی شرح پر بریفنگ دی گئی، جس پر این سی اوسی نے ملک میں کوروناکی مجموعی صورتحال پراظہار اطمینان کیا۔

    این سی اوسی کا کہنا تھا کہ ملک میں مثبت کوروناکیسز،اموات میں کمی آئی ہے اور کورونامریضوں کےاسپتالوں میں داخلوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر نے صوبوں کو ویکسی نیشن میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ویکسین کے مقررہ اہداف کے حصول کیلئے ویکسی نیشن تیز کی جائے۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات کی شرح کم ترین سطح پر آگئی ہے ، 24 گھنٹوں میں کورونا سے 5 اموات ریکارڈ کی گئی اور 315 کیسز سامنے آئے۔

  • این سی او سی کی  انسداد خسرہ و روبیلا مہم کے بعد کورونا ویکسینیشن میں تیزی لانے کی ہدایت

    این سی او سی کی انسداد خسرہ و روبیلا مہم کے بعد کورونا ویکسینیشن میں تیزی لانے کی ہدایت

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے انسداد خسرہ اور روبیلامہم کے بعدکورونا ویکسینیشن میں تیزی لانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراسد عمراورلیفٹیننٹ جنرل ظفراقبال کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا کیسز کی صورتحال اور ویکسینیشن مہم پر غور کیا گیا۔

    این سی او سی نے فریقین کو ویکسینیشن میں تیزی کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا انسداد خسرہ،روبیلامہم کے بعدکورونا ویکسینیشن میں تیزی لائی جائے۔

    اجلاس میں این سی او سی نے نیشنل ویکسین اسٹریٹجی پر تفصیلی غور کیا اور صوبوں کو بڑے پیمانے پر کوروناویکسینیشن کیلئے تیاریوں کی ہدایت کردی۔

    این سی او سی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا ویکسینیشن کال سینٹر، چیٹ بورڈقائم ہوں گے ، کال سنٹر،چیٹ بورڈویکسینیشن کیلئے شہریوں سے رابطہ کریں گے۔

  • پاکستان کی  50فیصد اہل ملکی آبادی کی ویکسینیشن بڑی کامیابی ہے، این سی او سی

    پاکستان کی 50فیصد اہل ملکی آبادی کی ویکسینیشن بڑی کامیابی ہے، این سی او سی

    اسلام آباد : این سی او سی نے ملک گیر جاری کورونا ویکسینیشن مہم پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا 50فیصد اہل ملکی آبادی کی ویکسینیشن بڑی کامیابی ہے اور ٹیمز کا کردار قابل ستائش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا ، جس میں ملک بھرمیں جاری ویکسینیشن کےعمل کا جائزہ لیا گیا۔

    این سی او سی نے بتایا 9نومبر کو 17 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی، 9نومبرکی ویکسینیشن ملکی تاریخ کی بلندترین شرح ہے۔

    اجلاس میں 12سال سےزائدکےبچوں کوسائنو ویک ،سائنو فارم لگانےکی منظوری دی گئی ، بچوں کی ویکسی نیشن 15نومبرسےشروع ہوگی، منظوری این سی او سی ہیلتھ ایکسپرٹ کمیٹی نے دی ، 12سال سےزائدکےبچوں کوفائزرلگانےکی منظوری پہلےہی دی جاچکی ہے۔

    این سی او سی نے ملک گیر جاری کورونا ویکسینیشن مہم پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا 50فیصد اہل ملکی آبادی کی ویکسینیشن بڑی کامیابی ہے، ویکسینیشن کیلئے اہل نصف آبادی کوکم ازکم ایک ڈوز لگادی گئی ہے۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ کے پی نصف آبادی کی ویکسینیشن کرنے والا دوسرا صوبہ ہے، کے پی کی نصف اہل آبادی کو ویکسین کی ایک ڈوزلگائی جا چکی ہے۔

    این سی او سی نے گھر گھر جاری کورونا ویکسینیشن مہم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کوروناویکسینیشن کی کامیابی کیلئےٹیمزکاکردارقابل ستائش ہے، ٹیموں کی بدولت ویکسینیشن مہم کی شرح میں اضافہ ہورہاہے۔

    اجلاس میں این سی او سی کو بذریعہ بارڈر آنیوالوں کیلئے پروٹوکول، ویکسینیشن پربریفنگ دی گئی ، جس پر این سی او سی نے کہا کہ ویکسین کی دوسری ڈوز کی شرح بڑھانے کیلئے اقدامات ناگزیرہیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز انتہائی اہمیت کی حامل ہے، شہری کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز ضرور لگوائیں، شہریوں کی قوت مدافعت میں اضافے کیلئے دوسری ڈوزضروری ہے۔

  • این سی او سی کا  12 سے 18سال کے بچوں  کی ویکسینیشن پر اظہارِ اطمینان

    این سی او سی کا 12 سے 18سال کے بچوں کی ویکسینیشن پر اظہارِ اطمینان

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 12سے18سال کے بچوں کی ویکسینیشن پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کورونا ویکسینیشن مہم میں مزید تیزی لانے پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراسد عمر، میجر جنرل ظفراقبال کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا ، جس میں کورونا ماس ویکسینیشن مہم پر بریفنگ دی گئی۔

    این سی او سی کا 12سے18سال کے بچوں کی ویکسینیشن پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کوروناویکسینیشن مہم میں مزیدتیزی لانے پر زور دیا اور کہا ویکسینیشن کیلئےاسکول انتظامیہ اور والدین تک رسائی یقینی بنائی جائے اور کوروناویکسین کی دوسری ڈوز یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

    این سی اوسی نے کوروناکیسز میں کمی کیلئے اقدامات اور ویکسینیشن کے مربوط نظام کیلئے اسٹیک ہولڈرز کی تعریف کی۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح ایک فیصد پر آگئی ہے ، چوبیس گھنٹےمیں کوروناسےمزید نوافرادانتقال کرگئے ، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار547 ہوگئی۔

    این سی اوسی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روزکوروناکےاکتالیس ہزارسات سونوٹیسٹ کیے گئے،جن میں 449 نئے کیسز سامنے آئے۔

  • وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کا این سی او سی کا دورہ

    وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کا این سی او سی کا دورہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے این سی او سی کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم پاکستان اور پاک فوج کے سربراہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا، سینٹر پہنچنے پر ڈی جی این سی او سی نے انھیں کرونا وبا کی صورت حال پر بریفنگ دی۔

    این سی او سی جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بریفنگ میں کرونا کے سدِ باب، ویکسین اور منیجمنٹ اسٹریٹجیز پر روشنی ڈالی گئی، جب کہ وزیر اعظم نے کرونا کی روک تھام کے لیے ادارے کی کاوشوں کو سراہا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے صوبوں اور دیگر اداروں کی کرونا سے تحفظ کی کوششوں کی تعریف کی، انھوں نے ویکسینیشن کی تکمیل کے لیے بھرپور اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

    این سی او سی کے مطابق وزیر اعظم نے لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کو ریٹائرمنٹ پر این سی او سی کی یادگار سے نوازا، انھوں نے لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان کی کوششوں اور خدمات کی تعریف بھی کی۔

    وزیر اعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ این سی او سی نے کرونا کے خلاف قوم کی جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

  • این سی او سی نے ہائی ویکسینیٹڈ 8 اضلاع میں پابندیاں نرم کر دیں

    این سی او سی نے ہائی ویکسینیٹڈ 8 اضلاع میں پابندیاں نرم کر دیں

    اسلام آباد: این سی او سی نے ہائی ویکسینیٹڈ 8 اضلاع میں کرونا پابندیاں نرم کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے کرونا پابندیوں میں نرمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد، اور میرپور سمیت آٹھ اضلاع میں کرونا پابندیاں نرم کر دی گئیں۔

    اس سلسلے میں این سی او سی نے وزارت صحت، وزارت داخلہ، تعلیم، ریلوے، وزارت اطلاعات، مذہبی امور، اور سول ایوی ایشن کو مراسلہ جاری کر دیا ہے، این سی او سی کرونا پابندیوں پر نظر ثانی 13 اکتوبر کو کرے گی۔

    مراسلے کے مطابق 8 اضلاع میں ان ڈور تقریبات کی مشروط اجازت ہوگی، اور ان میں صرف 200 افراد شریک ہو سکیں گے، جو ویکسینیٹڈ ہوں گے، جب کہ آؤٹ ڈور تقریبات میں 400 افراد شریک ہو سکیں گے۔

    نرم پابندیوں والے ان آٹھ اضلاع میں سینما ہالز بدستور بند رہیں گے، کراٹے، باکسنگ، مارشل آرٹس، واٹر پولو، کبڈی، ریسلنگ پر پابندی ہوگی۔

    ان اضلاع میں فوڈ کورٹس رات 12 بجے تک کھلی رہ سکیں گی، اور صرف 50 فی صد افراد داخل ہو سکیں گے، جو ویکسینیٹڈ ہوں گے، ویکسینیٹڈ افراد کو آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی، ان اضلاع میں ٹیک اوے کی سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہوگی۔

    این سی او سی کے مطابق ان اضلاع میں ان ڈور شادی تقریبات کی مشروط اجازت ہوگی، جس میں صرف 200 ویکسینیٹڈ افراد شریک ہو سکیں گے، جب کہ آؤٹ ڈور شادی میں 400 افراد شریک ہو سکیں گے۔

    ان اضلاع میں مزارات کھولنے کا فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی، ہفتہ وار ایک تعطیل کا فیصلہ بھی صوبائی حکومت کرے گی، کاروباری سرگرمیاں رات 10 بجے تک جاری رہیں گی، دفاتر کو 100 فی صد عملے کے ساتھ کام کی اجازت ہو گی۔

    مراسلے کے مطابق ان اضلاع میں ویکسینیٹڈ افراد کو ان ڈور جم میں جانے کی اجازت ہوگی، تعلیمی ادارے نصف حاضری، 3 دن پالیسی پر عمل درآمد کریں گے، ان باوئنڈ پیسنجر پالیسی جاری رہےگی، اندرون ملک پرواز میں کھانا، مشروبات دینے کی اجازت ہوگی، لیکن مسافروں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔

    این سی او سی کے مطابق 8 اضلاع میں سوئمنگ پولز، پارک 50 فی صد تعداد کے ساتھ کھل سکیں گے، ماسک کے استعمال کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ 70 روز چلنے کی اجازت ہوگی، صرف ویکسینیٹڈ افراد انٹر سٹی ٹرانسپورٹ استعمال کر سکیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کو کھانا پیش کرنے پر پابندی برقرار رہے گی، جب کہ ریل گاڑی میں 70 فی صد مسافروں کو بٹھانے کی اجازت ہوگی۔

  • کورونا ویکسینیشن : این سی او سی کی حاملہ  خواتین کیلئے اہم ہدایات جاری

    کورونا ویکسینیشن : این سی او سی کی حاملہ خواتین کیلئے اہم ہدایات جاری

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو بھی ویکسین لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کورونا ویکسین اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت پر اثر نہیں کرتی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو بھی ویکسین لگانے کی ہدایت کردی اور کہا حاملہ،دودھ پلانےوالی خواتین کیلئے ویکسین محفوظ اورمؤثرہے۔

    ان سی او سی کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین حمل کے کسی بھی مرحلےمیں لگائی جاسکتی ہے، کورونا ویکسین اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت پراثرنہیں کرتی۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا صورتحال میں بہتری آنے لگی ہے، ملک میں مثبت کیسز کی شرح 4 فیصد ہوگئی ہے ، این سی او سی کے مطابق ملک میں ایک دن میں 81 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 1800 سے زائد کیسز سامنے آئے۔