Tag: این ڈی ایم اے

  • سمندری طوفان بیپر جوائے آج شام کیٹی بندر پر لینڈ فال کرے گا، این ڈی ایم اے

    سمندری طوفان بیپر جوائے آج شام کیٹی بندر پر لینڈ فال کرے گا، این ڈی ایم اے

    اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بیپرجوائے آج شام کیٹی بندر پر لینڈ فال کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ طوفان کیٹی بندر کے جنوب مغرب سے 145کلو میٹر کے فاصلے پرہے، سمندری طوفان بیپر جوائے آج شام کیٹی بندرپرلینڈ فال کرے گا۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ طوفان بیپر جوائے کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرائے گا، طوفان کراچی کےجنوب سے 220 کلو میٹر،ٹھٹھہ سے 225 کلو میٹر کی دورہے۔

    طوفان کے باعث متاثرہ علاقوں میں گرج و چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں ، طوفانی ہواؤں اور بارشوں کا سلسلہ 17 جون تک جاری رہے گا۔

    سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر شدید طغیانی اور 6 فٹ تک لہریں بلند ہوں گی۔

    دوسری جانب پاک فوج نےمتاثرہ علاقوں میں ریسکیو عمل کےنئےاعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں ، نئے اعدادوشمار کے مطابق 97.4 فیصد آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

    کورکمانڈرکراچی کا کہنا ہے کہ پاک فوج، رینجرز، بحریہ، این ڈی ایم اے وانتظامیہ دادکی مستحق ہے، مقررہ وقت میں منتقلی کےعمل کو کامیابی سے مکمل کیا گیا۔

    کور کمانڈر کراچی نے اسٹیک ہولڈرز کو طوفان گزرنے تک ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے ملیر اور حیدرآباد میں اضافی فوجی دستے اسٹینڈ بائے رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔

  • سمندری طوفان انتہائی شدت اختیار کر چکا ہے، این ڈی ایم اے

    سمندری طوفان انتہائی شدت اختیار کر چکا ہے، این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ سمندری طوفان  انتہائی شدت اختیار کر چکا ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان بیپر جوائے انتہائی شدت اختیار کرچکا ہے جس کے ممکنہ اثرات میں تیز آندھی، بارش اور سیلاب متوقع ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 13 تا 17جون ماہی گیر، سیاح  سمندر کا رخ کرنے میں احتیاط برتیں۔

    ’سمندری طوفان کراچی سے 470 کلومیٹر دور، رخ مسلسل تبدیل کر رہا ہے‘

    این ڈی ایم اے نے وفاق، بلوچستان اور سندھ کے تما م ملحقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے، این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کریں۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان بائپر جوائے سے متعلق نئی اپ ڈیٹ جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹے کے دوران سمندری طوفان کا رخ شمال اور شمال مغرب کی جانب ہوا ہے اور اب یہ کراچی کے جنوب سے 470 کلومیٹر جب کہ ٹھٹھہ کے جنوب سے 460 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔

  • وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش کے ممکنہ اثرات کے بارے میں وارننگ جاری

    وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش کے ممکنہ اثرات کے بارے میں وارننگ جاری

    کراچی: این ڈی ایم اے کی جانب سے وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش کے ممکنہ اثرات کے بارے میں وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش اور ممکنہ ہنگامی صورت حال کے حوالے سے وارننگ جاری کر دی۔

    پیش گوئی کے مطابق متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، مزید برآں، اتھارٹی کی جانب سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، طوفانی سیلاب، اور بارش کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں پانی کے ریلوں کے حوالے سے ممکنہ خطرات کی نشان دہی بھی کی گئی ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ژالہ باری کی وجہ سے فصلوں، پودوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    اتھارٹی نے پہاڑی علاقوں سمیت خطرے سے دوچار علاقوں میں عوام کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے، شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین رپورٹس سے آگاہ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ممکنہ نقصان کو کم کرنے کے لیے صوبائی حکام کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔

    این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ ہنگامی صورت حال کی صورت میں شہری فوری مدد کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

  • رواں برس بھی سیلاب آنے کا قوی امکان: این ڈی ایم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    رواں برس بھی سیلاب آنے کا قوی امکان: این ڈی ایم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی تباہ کن سیلاب آنے کے 72 فیصد امکانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے بریفنگ دی۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی تباہ کن سیلاب آنے کے 72 فیصد امکانات ہیں، گرمی کی شدت میں جلد تیزی، گلیشیئرز پگھلنے اور قبل از وقت مون سون سے سیلاب آسکتا ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی 17 سیٹلائٹس کو مانیٹر کر رہے ہیں، ملک بھر میں 36 مقامات پر فلڈ ارلی وارننگ سسٹم نصب کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چین کے پاس کم سے کم ایک سال قبل فلڈ وارننگ جاری کرنے کا نظام موجود ہے، یہ نظام 90 فیصد درست پیش گوئی کر سکتا ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ اگر رواں برس بھی سیلاب آیا تو بڑی تباہی کا خدشہ ہے، گزشتہ برس کے سیلاب کے بعد تعمیر نو کا کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔

  • این ڈی ایم اے نے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی

    این ڈی ایم اے نے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی

    اسلام آباد:  نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رواں ہفتے ملک کے بیشتر مقامات پر زلزلے کے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی۔

    این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ زلزلے میں سب سے زیادہ نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا، زلزلے میں 11 اموات ہوئیں، تمام افراد کا تعلق کے پی سے تھا جس میں 6 مرد 3 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ زلزلے میں مجموعی طور  پر 79 افراد زخمی ہوئے، کے پی میں 77 اور پنجاب میں 2 افراد زخمی ہوئے۔

    این ڈی ایم اے کی رپورٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 172 گھروں کو نقصان پہنچا، جس میں خیبر پختونخوا میں 169، آزادکشمیر میں 2 گھروں کو نقصان پہنچا ہے خیبر پختونخوا میں 22 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق زلزلے میں مجموعی طور پر19 مویشی ہلاک ہوئے، خیبر پختونخوا میں 17، آزادکشمیر میں 2 مویشی ہلاک ہوئے اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں4 اسکول اور  4 عمارتوں کو معمولی نقصان ہوا۔

    این ڈی ایم اے نے رپورٹ میں مزید بتایا کہ زلزلے سےگلگت بلتستان میں ایک مسجد شہید ہوئی اور مویشیوں کا باڑہ بھی گرگیا۔

  • پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری

    پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری

    اسلام آباد: پاکستان میں ترکیہ کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے زلزلہ زدگان کو خیموں کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کے شہری اور امدادی ٹیمیں پہلے زلزلہ زدہ علاقوں میں پہنچیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ترکیہ کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اب تک 4 ہزار خیمے اور 8 ہزار کمبل فضائی راستے سے جبکہ 3 ہزار خیمے اور 25 ہزار کمبل براستہ سڑک ترکیہ بھجوائے ہیں۔

    سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان ریل، فضا، سمندر اور سڑک سے بھرپور امداد ترکیہ بھیج رہا ہے، آئندہ ہفتے مزید 4 ہزار کمبل لے کر خصوصی کارگو جہاز پاکستان سے ترکیہ پہنچے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کا جہاز جلد ہی کراچی سے 3 ہزار 500 خیمے لے کر ترکیہ روانہ ہوگا۔

    سفیر کے مطابق پاکستان دنیا میں خیمے بنانے والا بڑا ملک ہے اور ترکیہ کو خیموں کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کے شہری اور امدادی ٹیمیں پہلے زلزلہ زدہ علاقوں میں پہنچیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ریسکیو ٹیموں نے 28 قیمتی جانیں بچائیں، ایک ٹیم نے 137 گھنٹے بعد ایک 10 سالہ بچے کو زندہ نکالا۔

  • پاکستان نے شام کےزلزلہ متاثرین کیلئے ہنگامی امداد روانہ کردی

    پاکستان نے شام کےزلزلہ متاثرین کیلئے ہنگامی امداد روانہ کردی

    اسلام آباد : این ڈی ایم اے نے شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی کھیپ روانہ کردی ، امدادی سامان میں خیمے اور کمبل شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کی جانب سے شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی کھیپ روانہ کردی گئی۔

    سامان اسلام آباد ائیر پورٹ سے خصوصی طیارےکے ذریعے دمشق بھیجا گیا، اس موقع پر وزیرتعلیم راناتنویر، چیئرمین این ڈی ایم اے، شام کے سفیر بھی ایئرپورٹ پرموجود تھے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق شام بھیجے گئے امدادی سامان میں 270 بڑے خیمے اور 2600 کمبل کمبل شامل ہیں، شام کےمتاثرہ بہن بھائیوں کیلئے مزید امدادی سامان جلدبھیجا جائے گا۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مشکل کی گھڑی میں شام کوہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

    سامان شام میں تعینات پاکستانی سفیر شاہد علوی وصول کریں گے اور مزید امدادی سامان براستہ روڈ شام اور ترکیہ کیلئے جلد روانہ کیا جائے گا۔

    ترجمان نے بتایا کہ 10 فروی کوامدادی سامان کا بڑا قافلہ بذریعہ روڈ شام کے لیےروانہ ہوگا، این ڈی ایم اے شام اور ترکی کیلئےاربن سرچ اینڈریسکیو ٹیم بھی فراہم کررہا ہے۔

  • اگلے سال مون سون کی پیشگی تیاری اور اقدامات کی تجاویز

    اگلے سال مون سون کی پیشگی تیاری اور اقدامات کی تجاویز

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے منعقد کردہ کانفرنس کے دوران سیلاب سے نمٹنے کے لیے مختلف چیلنجز کا جائزہ لیا گیا، متعلقہ اداروں نے اگلے سال مون سون کی پیشگی تیاری اور اقدامات پر تجاویز دیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پوسٹ مون سون جائزہ رابطہ کانفرنس 2022 کا انعقاد ہوا۔

    کانفرنس کی صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کی، کانفرنس میں پی ڈی ایم ایز، وفاقی اور صوبائی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    متعلقہ اداروں نے رواں سال مون سون بارشوں کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی، کانفرنس کے دوران اس سال سیلاب سے نمٹنے کے لیے مختلف چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔

    کانفرنس میں متعلقہ اداروں نے اگلے سال مون سون کی پیشگی تیاری اور اقدامات پر تجاویز دیں۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ منصوبہ بندی اور لائحہ عمل تشکیل دے۔

  • کراچی میں کتنے سیلاب متاثرین موجود ہیں؟

    کراچی میں کتنے سیلاب متاثرین موجود ہیں؟

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اب تک 15 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کو لایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اجلاس میں فوکل پرسن نے بتایا کہ کراچی کے 6 اضلاع میں قائم 39 ریلیف کیمپس میں 15 ہزار 274 متاثرین موجود ہیں۔

    مفوکل پرسن کا کہنا ہے کہ متاثرین کو تیار خوراک، پانی، مچھر دانیاں اور دوائیں فراہم کی جارہی ہیں۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع شرقی میں 15 کیمپوں میں 7 ہزار 350 متاثرین سیلاب کو رکھا گیا ہے، ضلع غربی کے 6 کیمپوں میں 3 ہزار 490، ضلع کورنگی کے ایک کیمپ میں 466، ضلع ملیر کے 8 کیمپوں میں 3 ہزار 175 اور ضلع کیماڑی کے 7 ریلیف کیمپوں میں 793 سیلاب متاثرین کو رکھا گیا ہے۔

    فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ ضلع وسطی کے 2 ریلیف کیمپوں میں بھی متاثرین کو رکھا جائے گا۔

  • سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، تعداد 1033 ہو گئی

    سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، تعداد 1033 ہو گئی

    اسلام آباد: سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 1033 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلاب اور بارشوں سے نقصانات کی تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران مزيد 119 افراد زندگى کى بازى ہار گئے، سندھ ميں 76، خيبر پختون خوا میں 31 افراد لقمہ اجل بن گئے، بلوچستان میں 4، گلگت بلتستان میں 6، اور آزاد کشمير میں ایک ہلاکت ہوئى۔

    رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے میں 71 افراد زخمى ہوئے، 14 جون سے اب تک ملک بھر میں 1033 افراد زندگى کى بازى ہار چکے، بلوچستان میں 238، کے پى 226، آزاد کشمير میں 38 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    اين ڈى ايم اے کے مطابق ملک بھر میں 456 مرد، 207 خواتين اور 348 بچے جاں بحق ہوئے، ملک بھر میں اب تک زخميوں کى مجموعی تعداد بھی 1527 ہو گئى ہے، صوبہ سندھ زخمى افراد میں سرفہرست ہے ، تعداد 1009 تک پہنچ گئى، کے پى میں 282، پنجاب میں 105، بلوچستان میں 106 افراد زخمى ہوئے۔

    سیلاب سے 6 لاکھ 62 ہزار 446 مکانات جزوی، اور 2 لاکھ 87 ہزار 412 گھر مکمل تباہ ہوئے، ملک بھر میں 7 لاکھ 19 ہزار 558 مویشی سیلاب میں بہہ گئے۔

    بلوچستان میں این 25 شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کوئٹہ سے کراچی کے لیے بند ہے، این 70 شاہراہ لورالائی سے ڈیرہ غازی خان کے لیے بند ہے، گلگت بلتستان میں نلتر، غذر، شندور اور ششپرويلى روڈ سیلاب کی وجہ سے بند ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق شاہرہ این 90 خوازہ خیلہ سے بشام تک اور شاہراہ این 15 جھل کٹ تک بند ہے، سیلاب سے پنجاب میں شاہراہ این 55 فاضل پور سے راجن پور تک بند ہے۔

    سندھ میں بارشوں اور سيلاب کے باعث 2328 کلوميٹر سڑک کو نقصان پہنچا، بلوچستان میں اب تک 1000 کلوميٹر سڑک حاليہ بارشوں اور سيلاب سے تباہ ہوئى، جب کہ ملک بھر کے 149 پلوں کو سيلاب سے نقصان پہنچا ہے۔