Tag: این ڈی ایم اے

  • پاکستان میں بنے وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ تیار

    پاکستان میں بنے وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ تیار

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بنے وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ تیار ہوگئی ہے جو رواں ہفتے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حوالے کر دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان میں بنے وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ تیار ہوگئی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وینٹی لیٹر رواں ہفتے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حوالے کر دیے جائیں گے، اس پیش رفت پر این آر ٹی سی کو بہت مبارک ہو۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ 3 ڈیزائن بھی آخری مراحل میں ہیں جس کے بعد ہم دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوں گے جو پیچیدہ میڈیکل مشینیں بناتے ہیں، تمام مشینیں یورپی معیار کے مطابق ہیں۔

    دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کرونا مریضوں کے لیے مختلف شہروں میں مجموعی طور پر 15 سو 39 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تاحال صرف 549 وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں، جس کا مطلب ہے کہ کرونا کے وہ مریض جن کی حالت تشویش ناک ہے اور جنہیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا ہے، ان کے لیے 990 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔

    این سی او سی نے یہ خوش خبری بھی دی تھی کہ آئندہ ماہ کے اختتام تک ملک بھر میں مزید 1895 وینٹی لیٹرز دستیاب ہوں گے۔

  • این ڈی ایم اے نے وزیر اعلیٰ سندھ کے بیان کی تردید کر دی

    این ڈی ایم اے نے وزیر اعلیٰ سندھ کے بیان کی تردید کر دی

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بیان کی تردید کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ٹڈی دل آپریشن کے لیے گاڑیوں کی خریداری کے حوالے سے بیان متنازع ہو گیا، این ڈی ایم اے کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ حکومت سندھ کو گاڑیوں کی خریداری کے لیے کوئی لسٹ نہیں دی گئی۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا صوبائی اسمبلی میں دیا گیا بیان حقیت کے برعکس ہے، سندھ سمیت تمام صوبوں کو این ایل سی سی (نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر) کے تعاون سے گاڑیاں دی گئی ہیں، صوبوں کو دیگر وسائل بھی این ایل سی سی کی وساطت سے مہیا کیے گئے۔

    ترجمان نے کہا کہ این ڈی ایم اے پہلے بھی اس حوالے سے اپنا مؤقف دے چکا ہے، لوکسٹ کے خلاف نیشنل ایکشن پلان وزارتِ خوراک کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

    انسدادٹڈی دل آپریشن، تازہ ترین صورتحال سامنے آگئی

    واضح رہے کہ پورے ملک میں ٹڈی دل کے حملوں سے فصلوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، بڑے پیمانے پر اس خطرے سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کیے گئے، چین سے بھی اس سلسلے میں درکار سامان منگوایا جا چکا ہے۔

    دو دن قبل بھی اندرون سندھ دادو میں شہر اور گرد و نواح میں ٹڈی دل نے حملہ کر کے گھاس اور کپاس کی فصلوں کو نقصان پہنچایا تھا، ٹڈی دل کے حملوں سے کاشت کار اور کسان سخت پریشان ہو چکے ہیں۔

    جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹڈی دل کے مسئلے پر حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی، ہر کسی کو نظر آ رہا ہے کہ حکومت کے پاس جہاز نہیں، وہ ٹڈی دل کو ختم نہیں کر سکتی۔

    یکم جون کو وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ وفاق ٹڈی دل روکنے کے لیے طیارے، 110 ڈبل کیبن گاڑیاں اور سپرے فراہم کرے۔

  • ٹڈی دل کا خاتمہ: 6 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبے پر اسپرے

    ٹڈی دل کا خاتمہ: 6 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبے پر اسپرے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک کے 44 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں، اب تک پورے ملک میں 6 لاکھ 4 ہزار ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک کے 44 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے 29، خیبر پختونخواہ کے 9، پنجاب کے 1 اور سندھ کے 5 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہوئے ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق متاثر اضلاع میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشک، کوئٹہ، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، اورکزئی اور خیبر کے اضلاع شامل ہیں۔

    سندھ و پنجاب کے خیرپور، تھر پارکر، سکھر، شہید بے نظیر آباد، مٹیاری، جامشورو اور میانوالی متاثر ہوئے۔ ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 12 سو 81 مشترکہ ٹیموں نے لوکسٹ کنٹرول آپریشن میں حصہ لیا، 24 گھنٹے میں 3 لاکھ 38 ہزار ہیکٹر رقبے کا سروے ہوا، 24 گھنٹے میں 8 ہزار 320 ہیکٹر رقبے پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا اسپرے کیا گیا۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں 6 ہزار 500 ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا گیا، خیبر پختونخواہ میں 1 ہزار ہیکٹر رقبہ کی ٹریٹمنٹ ہوئی، پنجاب میں 20 ہیکٹر رقبے اور سندھ میں 800 ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا گیا۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ اب تک پورے ملک میں 6 لاکھ 4 ہزار ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا جا چکا ہے۔

  • کرونا کے بڑھتے کیسز، کراچی کے سرکاری اسپتالوں کے لیے بڑا فیصلہ

    کرونا کے بڑھتے کیسز، کراچی کے سرکاری اسپتالوں کے لیے بڑا فیصلہ

    کراچی: شہر قائد کے سرکاری اسپتالوں میں آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بیڈز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں محکمہ صحت کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں آئی سی یو، ایچ ڈی یو بیڈز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ این ڈی ایم اے 73 آئی سی یو، 428 ایچ ڈی یو بیڈ فراہم کر رہی ہے، بیڈز کو اسپتالوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صحت کی خدمات بڑھائی جا رہی ہیں لیکن کرونا کیسز بھی بڑھ رہے ہیں، گنجان آبادی کے باعث کراچی میں زیادہ کیسز ہو رہے ہیں۔

    اجلاس میں فیلڈ آئسولیشن سینٹر کو ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ کے لیے آلات اور ادویات مہیا کرنے کی منظوری دی گئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے مزید 107 افراد جاں بحق، 6,397 نئے کیسز، 8 لاکھ ٹیسٹ مکمل

    واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 46,828 ہو گئی ہے، انفیکشن سے اموات کی تعداد بھی بڑھ کر 776 ہو چکی ہے، دوسری طرف کرونا سے صوبے میں 22,047 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، سندھ میں ایکٹو کیسز کی تعداد 24,005 ہے۔

    ادھر پاکستان بھر میں کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن چکا ہے، اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک سو سات اموات ہوئیں۔

  • ملک کے 48 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے: این ڈی ایم اے

    ملک کے 48 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے: این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک کے 48 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں 4 ہزار 830 ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کی تفصیلات جاری کردیں۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک کے 48 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے 33، خیبر پختونخواہ کے 10، پنجاب کے 2 اور سندھ کے 3 اضلاع متاثر ہوئے ہیں، متاثر ہونے والے علاقوں میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشک اور کوئٹہ شامل ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان کے علاقے، لکی مروت، کرک، کرم، اورکزئی، پشاور، خیبر، پنجاب کے میانوالی، ڈی جی خان اور سندھ میں سانگھڑ، شہید بے نظیر آباد اور حیدر آباد ٹڈی دل سے متاثر ہوئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے، 1122 ٹیموں نے لوکسٹ کنٹرول آپریشن میں حصہ لیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ 24 گھنٹے میں 3 لاکھ 55 ہزار ہیکٹر رقبے کا سروے ہوا، 24 گھنٹے میں 4 ہزار 830 ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا گیا، بلوچستان میں 34 سو ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا گیا، پنجاب میں 30 ہیکٹر، خیبر پختونخواہ میں 11 سو اور سندھ میں گزشتہ روز 300 ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا گیا۔

    ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ملک میں 5 لاکھ 29 ہزار 300 ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا جا چکا ہے۔

  • این ڈی ایم اے کی جانب سے حفاظتی سامان کی پانچویں کھیپ کی ترسیل شروع

    این ڈی ایم اے کی جانب سے حفاظتی سامان کی پانچویں کھیپ کی ترسیل شروع

    اسلام آباد: نیشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی سامان کی پانچویں کھیپ کی ترسیل شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے 4 اسپتالوں کو کرونا حفاظتی سامان روانہ کر دیا گیا ہے، جس میں 3 پی سی آر ٹیسٹنگ مشینیں، 20 ہزار ٹیسٹنگ کٹس شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق بھجوائے گئے سامان میں 20 ہزار سرجیکل ماسک، 6 ہزار ڈی 95، دس ہزار این 95 ماسک، 14 ہزار حفاظتی سوٹ، 16 ہزار دستانے، اور 500 گاؤنز بھی سامان میں شامل ہیں۔

    این ڈی ایم اے کا پی آئی اے کو ایک لاکھ ڈالر کی حفاظتی کٹس کا عطیہ

    این ڈی ایم اے ترجمان نے بتایا کہ بلوچستان کے لیے 500 فیس شیلڈ، 800 حفاظتی عینکیں بھی ارسال کی گئی ہیں، 8 ہزار سینیٹائزر کی بوتلیں بھی سامان میں شامل ہیں، دیگر صوبوں کے لیے بھی پانچویں کھیپ کا سامان بھیجا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل این ڈی ایم اے نے پی آئی اے کو بھی ایک لاکھ ڈالر کی حفاظتی کٹس عطیہ کی تھیں، کٹس میں حفاظتی لباس، ماسک اور عینکیں شامل تھیں۔ کٹس کا استعمال پی آئی اے کا عملہ دوران پرواز کر رہا ہے۔

  • این ڈی ایم اے کا پی آئی اے کو ایک لاکھ ڈالر کی حفاظتی کٹس کا عطیہ

    این ڈی ایم اے کا پی آئی اے کو ایک لاکھ ڈالر کی حفاظتی کٹس کا عطیہ

    اسلام آباد: نیشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پی آئی اے کو ایک لاکھ ڈالرکی حفاظتی کٹس عطیہ کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پی آئی کو فراہم کردہ 1 لاکھ کٹس میں حفاظتی لباس، ماسک، عینکیں شامل ہیں۔عطیہ کی گئی حفاظتی کٹس کا استعمال پی آئی اے کا عملہ دوران پرواز کرے گا۔

    سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے 1 لاکھ کٹس دینے پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا شکریہ ادا کیا۔

    ارشد ملک کا کہنا تھا کہ قومی ادارے مکمل یکجہتی سے ملکی خدمت میں مصروف ہیں،عطیہ کردہ سامان سے پی آئی اے عملے،مسافروں کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

    پی آئی اے نے پائلٹس کے لیے چین سے حفاظتی کٹس منگوالیں

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 7 اپریل کو قومی ایئر لائن نے پائلٹس اور کیبن کریو کے لیے چین سے حفاظتی کٹس درآمد کی تھیں۔ ذرائع ایئر لائن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے شمالی علاقوں کی پروازوں میں یہ حفاظتی کٹس استعمال کی جائیں گی۔

  • کورونا وائرس ،این ڈی ایم اے کا مقامی مارکیٹ سے حفاظتی سامان کی خریداری کافیصلہ

    کورونا وائرس ،این ڈی ایم اے کا مقامی مارکیٹ سے حفاظتی سامان کی خریداری کافیصلہ

    اسلام آباد : نیشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کورونا سے بچاوُ کیلئے مقامی مارکیٹ سےحفاظتی سامان کی خریداری کافیصلہ کیا ہے،ترجمان نے بتایا کہ این 95 ماسک کے علاوہ باقی سامان پاکستان میں ہی تیار ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کورونا سے بچاوُ کیلئے مقامی مارکیٹ سےحفاظتی سامان کی خریداری کافیصلہ کرلیا ہے ، فیصلہ ملکی صنعت کی ترقی اور کاروبار کے تحفظ کےلیےکیا گیا۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق این 95 ماسک کے علاوہ باقی سامان پاکستان میں ہی تیار ہورہا ہے۔ این 95 ماسک کی اپریل سے ایک لاکھ پیدوار شروع ہو جائے گی

    این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ مطلوبہ معیار اور مقدار کے مطابق سامان فراہم کرنےوالےہماری ترجیح ہیں ، کوئی کمپنی مقامی سطح پراین 95 ماسک بنانا چاہے تو اس کی معاونت کریں گے،ترجمان

    ترجمان نے کہا کہ مقامی پیداوارسےسامان کاحصول معاشی استحکام میں معاون ثابت ہو رہاہے، مقامی مارکیٹ سےسامان نہ ملنے یا معیار کے مطابق نہ ہونے پر باہر سے خریدا جائے گا۔

  • این ڈی ایم اے جنگی بنیادوں پر دن رات کام کر رہا ہے،عارف علوی

    این ڈی ایم اے جنگی بنیادوں پر دن رات کام کر رہا ہے،عارف علوی

    اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے جنگی بنیادوں پر دن رات کام کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا،چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل، عثمان ڈار اور مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    گلگت بلتستان کے لیے 10 ہزار اور اسکردو کے لیے5 ہزار ٹیسٹنگ کٹس مہیا کردی گئیں، امدادی سامان میں حفاظتی سوٹس،دستانے،فیس ماسک ،شیلڈز سمیت طبی آلات بھی شامل ہیں۔

    معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ پورے پاکستان میں ضرورت کے مطابق امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے، این ڈی ایم اے کے تعاون سے سامان کی ترسیل کا عمل 24 گھنٹے جاری ہے۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار نے صدر مملکت کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ گلگت سے ٹائیگر فورس میں ہزاروں نوجوان رجسٹرڈ ہوئے ہیں،
    وزیراعظم کی ہدایت پر رجسٹریشن میں 5 روز کی توسیع کی گئی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گلگت میں انٹرنیٹ مسائل کے باعث بہت سے نوجوان رجسٹرڈ نہیں ہوسکے،معاملے پر وزیراعظم کو اعتماد میں لے کر نوجوانوں کو سہولت دی جائے گی۔

    صدرِ پاکستان نے بہترین کوششوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں قومی اداروں میں ہم آہنگی وقت کی ضرورت تھی،این ڈی ایم اے جنگی بنیادوں پر دن رات کام کر رہا ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے،نوجوان قومی خدمت کے لیے خود کو آگے لائیں۔

  • این ڈی ایم اے نے بلوچستان کے ڈاکٹرز کے لیے مزید حفاظتی سامان جاری کردیا

    این ڈی ایم اے نے بلوچستان کے ڈاکٹرز کے لیے مزید حفاظتی سامان جاری کردیا

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے نے بلوچستان کے ڈاکٹرز کے لیے مزید حفاظتی سامان جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کی جانب سے بلوچستان کے ڈاکٹرز،طبی عملے کے لیے مزید حفاظتی سامان جاری کر دیا گیا، بلوچستان کو دیےگئے سامان میں 5 ہزار سرجیکل،324 این 95 ماسک، 615 حفاظتی سوٹ،4610سرجیکل دستانے، 235 جراثیم سے پاک گاؤن، 292 جوتوں کے کور،319سرجیکل ٹوپیاں،83 فیس شیلڈ بھی سامان شامل ہیں۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ پختونخوا کے اسپتالوں کے لیے اضافی سامان پہلے ہی بھیجا جا چکا ہے،حفاظتی سامان پہنچانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام اسپتالوں کو اضافی سامان آئندہ 2دن میں پہنچ جائے گا، این ڈی ایم اے ہرممکنہ ذرائع سے میڈیکل سامان کی خریداری کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چین سے کثیر مقدار میں سامان کی خریداری جاری ہے،آج ایک777جہاز چین سے مزید طبی وحفاظتی سامان لے کر پہنچا ہے،ایک اور جہاز اگلے 2 دن میں سامان لے کر آرہا ہے۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ صوبائی، ریجنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو طلب سے زیادہ سامان دیا جا رہا ہے۔