Tag: این ڈی ایم اے

  • چین سے مزید امدادی اور خریدا گیا سامان پہنچ گیا

    چین سے مزید امدادی اور خریدا گیا سامان پہنچ گیا

    کراچی: پی آئی اے کا خصوصی طیارہ چین سے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا، این ڈی ایم اے کی جانب سے خریدے گئے سامان کی کھیپ بھی چین سے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چین سے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے مزید امدادی سامان پہنچ گیا، پرواز پی کے 8852 آج امدادی سامان لے کر بیجنگ سے اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچی۔ امدادی سامان میں وینٹی لیٹرز، ماسک، حفاظتی لباس اور ٹیسٹنگ کٹس شامل ہیں۔ پی آئی اے کا ایک طیارہ چند روز قبل بھی چین سے امدادی سامان لے کر پہنچا تھا، قومی ایئر لائن کے ترجمان عبد اللہ خان نے کہا کہ پی آئی اے مشکل کی گھڑی میں قوم کے ساتھ ہے۔

    دوسری طرف این ڈی ایم اے کی جانب سے بھی خریدے گئے سامان کی کھیپ اسلام آباد پہنچ گئی ہے، چین سے خریدے گئے سامان میں 2000 ٹیسٹنگ کٹس، 50 موبائل ایکسرے مشین، ایک لاکھ این 95 ماسک، 5 لاکھ میڈیکل ماسک، 10 ہزار سرجیکل گاؤن، اسکریننگ کٹس اور وینٹی لیٹرز شامل ہیں، یہ سامان 50 بلین کی امدادی رقوم سے خریدا گیا ہے۔

    پی آئی اے کی پرواز سے چین سے آج اسلام آباد پہنچنے والا امدادی سامان اتارا جا رہا ہے

    خیال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 66 ہو چکی ہے جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد بھی بڑھ کر 4601 ہو چکی ہے۔ کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک میں مزید 4 کرونا مریض انتقال کر گئے ہیں۔

    پنجاب میں 2279، سندھ میں 1128 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، کے پی میں 620، بلوچستان میں 219 کیس رپورٹ ہوئے، گلگت بلتستان میں 215 اور آزاد کشمیر میں 33 کیس رپورٹ ہوئے، وفاقی دارالحکومت میں کرونا وائرس کے 107 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • ملک کے تمام 3 اور 4 اسٹار ہوٹلز قرنطینیہ میں تبدیل کرنے کی ہدایت

    ملک کے تمام 3 اور 4 اسٹار ہوٹلز قرنطینیہ میں تبدیل کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے تمام 3 اور 4 اسٹار ہوٹلز کو قرنطینیہ میں تبدیل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو خط لکھا ہے، خط میں تمام 3 اور 4 اسٹار ہوٹلز خالی کروانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلز کو فوری طور پر قرنطینیہ میں تبدیل کیا جائے، ہوٹلوں میں قیام اور کرائے داری کے تمام معاملات فوری طور پر منجمد کیے جائیں۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کے خاتمے تک ہوٹلز بطور قرنطینیہ استعمال ہوں گے، وائرس کے مشتبہ مریضوں کے لیے ون پرسن ون روم کی پالیسی پر عمل ہوگا۔

    این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ قائم کردہ قرنطینیہ کی تفصیلات این ڈی ایم اے کو بھجوائیں۔

    مذکورہ خط کی نقل وزیر اعظم آفس، وزارت صحت، وزارت داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور چیف سیکریٹری آزاد جموں کشمیر کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

  • ووہان میں پھنسے طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ

    ووہان میں پھنسے طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے خطیر رقم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین کے حوالے کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاق نے چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ووہان میں مقیم پاکستانوں کے لیے تیار کھانا ارسال کر رہا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پاکستانی طلبا کے لیے 14 ٹن تیار کھانا ارسال کیا جائے گا، کھانا لے کر جہاز جمعہ کے روز اسلام آباد سے ووہان روانہ ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق وزارت اوور سیز نے طلبا کے کھانے کے لیے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں، رقم کا چیک چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضال کے حوالے کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ووہان میں موجود طلبا سمیت ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ دفتر خارجہ اور فارن مشن چین میں موجود ہم وطنوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔

  • کرونا وائرس: پاکستان سے ماسک اور دستانوں کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ

    کرونا وائرس: پاکستان سے ماسک اور دستانوں کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ

    اسلام آباد: کرونا وائرس سے بچاؤ کے طور پر پاکستان سے ماسک اور دستانوں کی برآمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق پاکستان سے ماسک اور دستانوں کی برآمدگی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پابندی کا فیصلہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے طور پر کیا جا رہا ہے۔

    اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

    مراسلے کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک اور دستانوں کا استعمال ناگزیر ہے۔ وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر وقت ہر جگہ پر ضروری اسٹاک موجود ہونا چاہیئے۔

    مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ زمینی، فضائی یا بحری راستوں سے ماسک اور دستانوں کی برآمدگی روکی جائے۔ اس سلسلے میں تمام وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ایئرپورٹس پر 12 ہزار سے زائد مسافروں کی اسکریننگ کی گئی، متعلقہ محکموں سے فوکل پوائنٹ اور ٹیلی فون نمبرز کا تبادلہ کیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق نیشنل ایمرجنسی کنٹرول سینٹر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، اقوام متحدہ کے ادارے اور میڈیا کے ذریعے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چینی شہر ووہان میں اب تک 213 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے بین الا قوامی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق کمزور نظام صحت والے ممالک میں اس وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کا خدشہ ہے، وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

  • بارشوں اور برفباری سے 100 افراد جاں بحق، متاثرین کو خیمے اور کمبل فراہم

    بارشوں اور برفباری سے 100 افراد جاں بحق، متاثرین کو خیمے اور کمبل فراہم

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے جاں بحق افراد کی تعداد 100 ہوگئی، متاثرین تک خیمے اور کمبل پہنچا دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں برفباری اور بارش سے نقصانات میں اضافہ ہوگیا، جاں بحق افراد کی تعداد 100 ہوگئی۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں برفباری سے 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔ آزاد کشمیر میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 76 ہوگئی۔ آزاد کشمیر کے سورنگن گاؤں میں برفانی تودہ گرنے سے 19 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ میں 2، 2 افراد جاں بحق ہوئے، مجموعی طور پر برفباری سے 90 افراد زخمی ہوئے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ برفباری سے 213 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ متاثرین تک 2 ہزار خیمے، ساڑھے 12 سو کمبل اور ساڑھے 22 سو کی تعداد میں دیگر اشیا پہنچا دی گئی ہیں۔

  • ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق: این ڈی ایم اے

    ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق: این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوئے جبکہ مختلف مقامات پر 35 گھر تباہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق بارش اور برفباری سے نقصانات پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رپورٹ جاری کردی۔ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوئے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 35 گھر تباہ ہوئے، 72 گھنٹے میں صرف بلوچستان میں 20 اموات اور 23 افراد زخمی ہوئے۔ خیبر پختونخواہ میں 3 افراد زخمی اور 5 گھر تباہ ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے 55 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔ سورنگن گاؤں میں 19 افراد برفانی تودے میں دب کر جاں بحق ہوئے۔ واقعے کے 10 افراد تاحال لا پتہ ہیں جبکہ 4 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق زخمی افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ برف میں پھنسے افراد کو بذریعہ ہیلی کاپٹر نکالنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ آزاد کشمیر میں برفباری سے 30 گھر بھی تباہ ہوئے۔

    اسی طرح گلگت بلتستان میں 3 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کوئٹہ سے خانوزئی جانے والے 300 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، چاغی اور مند میں پھنسے لوگوں کو 2 ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نکالا گیا۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 72 گھنٹے میں سب سے زیادہ 66.25 ملی میٹر بارش بانڈی عباس پور میں ہوئی، دارالحکومت اسلام آباد میں 31.75 ملی میٹر بارش ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ چکوٹی کے مقام پر 49.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

  • آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی: چیئرمین این ڈی ایم اے

    آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی: چیئرمین این ڈی ایم اے

    میرپور آزاد کشمیر: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی، ایسا نظام وضع کر رہے ہیں جس سے حکومت پر انحصار ختم ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے آزاد کشمیر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لواحقین کو حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر نے 5، 5 لاکھ دیے، زلزلہ متاثرین کا 95 فیصد ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی، زلزلے کے بعد سے ایدھی فاؤنڈیشن شانہ بشانہ کام کر رہی ہے۔ ایسا نظام وضع کر رہے ہیں جس سے حکومت پر انحصار ختم ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی وجہ سے حالیہ زلزلے سے نمٹا گیا، این ڈی ایم اے کی وجہ سے بہت سی قیمتی جانیں بچائی گئیں۔ این ڈی ایم اے ہر سال 8 اکتوبر کو ریزیلینس ڈے مناتی ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر نے آڈٹ کا 95 فیصد کام مکمل کرلیا، ایرا سے نکالے گئے ملازمین کو ایمرجنسی یونٹ میں بھرتی کیا جائے گا۔ میرپور میں بچوں اور خواتین کے لیے سہولت مرکز بنا رہے ہیں، آخری متاثر کی آباد کاری تک این ڈی ایم اے عوام کے ساتھ ہے۔

  • وزیر اعظم کل زلزلے سے  متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم کل زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے

    میرپور: وزیر اعظم عمران خان کل میرپور آزاد کشمیر جا کر زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کل بذریعہ ہیلی کاپٹر زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں زلزلہ متاثرین سے ملیں گے۔

    آج چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میرپور آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ زلزلے کے باعث 5 ہزار گھر بری طرح متاثر ہو چکے ہیں، سب سے زیادہ تباہی ساہنگ کے قریب گاؤں میں ہوئی۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد اور پنجاب کے متعدد شہروں سمیت آزاد کشمیر میں منگل کی سہ پہر کو 5.8 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے باعث 25 افراد جاں بحق جب کہ 452 افراد زخمی ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آزاد کشمیر زلزلہ، قدرت کا معجزہ، تین روز بعد لڑکی زندہ سلامت ملبے سے برآمد

    زلزلے کے باعث آزاد کشمیر میں میرپور، بھمبر اور جاتلاں کے علاقے زیادہ متاثر ہوئے جہاں زلزلے نے زبردست تباہی پھیلائی، جہاں بڑی تعداد میں مکانات، عمارتیں اور دیواریں منہدم ہوئیں۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر میں آیا زلزلہ اگرچہ درمیانی شدت کا تھا لیکن احتیاطی تدابیر نہ ہونے کے سبب شہریوں کو زیادہ جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ضلع میرپور میں زلزلے کے باعث پندرہ سو سے زاید مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے جب کہ سات ہزار سے زیادہ کو جزوی نقصان پہنچا۔

    اس زلزلے میں میرپور کو جاتلاں سے ملانے والی مرکزی شاہراہ بھی شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے، جگہ جگہ سڑک دھنس گئی، ایک پل کو بھی نقصان پہنچا۔

  • زلزلے میں جاتلاں سب سے زیادہ متاثر ہوا: چیئرمین این ڈی ایم اے

    زلزلے میں جاتلاں سب سے زیادہ متاثر ہوا: چیئرمین این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث میرپور میں 24 افراد اور جہلم میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ پاک آرمی کی 20 مشینیں سڑک کی بحالی کا کام کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ جاتلاں کل زلزلے میں زیادہ متاثر ہوا، زلزلے کے باعث میرپور میں 24 افراد اور جہلم میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ زلزلے کے باعث 450 گھر متاثر ہوئے۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ زلزلے سے 135 گھر بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جاتلاں تک تقریباً 14 کلو میٹر کی سڑک متاثر ہوئی ہے۔ پاک آرمی کی 20 مشینیں سڑک کی بحالی کا کام کر رہی ہیں، سی این ڈی ڈبلیو کی 16 مشینیں بھی کام کر رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آج شام تک سڑک ہلکی ٹریفک کے لیے قابل استعمال ہوجائے گی، پاک فوج سمیت دیگر ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ صاف پانی اور کھانے پینے کی اشیا آج شام تک پہنچ جائیں گی۔ امدادی اشیا کی ضرورت پڑی تو ہم موبائل نمبر فراہم کریں گے۔

    لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ جن سفیروں نے رابطہ کیا ہے انہیں فی الحال کہا ہے کہ امداد کی ضرورت نہیں، متاثرین کو ضروری اشیا فراہم کی جارہی ہیں۔ پاک فوج، آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔

    میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    اب تک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

  • جاپان کی زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش

    جاپان کی زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش

    اسلام آباد: گزشتہ روز کے زلزلے سے آزاد کشمیر میں ہونے والے نقصانات پر جاپان کی جانب سے امداد کی پیشکش کی گئی جس پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے جاپانی سفیر کا فون پر رابطہ ہوا۔ جاپانی سفیر نے گزشتہ روز زلزلے کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    جاپانی سفیر نے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش کی جس پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ جاپان کے سفیر کو بتایا نقصانات کا جائزہ لیاجا رہا ہے، بیرونی امداد کی ضرورت پیش آئی تو آگاہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔

    میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    اب تک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔