Tag: این 95 ماسک

  • فیس ماسک نگلنے سے معصوم پینگوئن موت کے گھاٹ اتر گیا

    فیس ماسک نگلنے سے معصوم پینگوئن موت کے گھاٹ اتر گیا

    کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے دوران جب انسانوں نے گھر سے نکلنا بند کردیا تو کچرے اور آلودگی میں بھی کمی واقع ہونے لگی، تاہم اس دوران ضروری قرار دی گئی ایک چیز یعنی فیس ماسک ماحول کے لیے ایک بڑے خطرے کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔

    ایسے ہی غیر ذمہ دارانہ طریقے سے پھینکے گئے ایک فیس ماسک نے ایک معصوم پینگوئن کی جان لے لی جس نے ماسک کو نگل لیا تھا۔

    برازیل کے ساحل پر مردہ پائے گئے اس پینگوئن کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تو اس کے جسم میں ایک این 95 فیس ماسک موجود تھا جس نے اس کے پورے معدے کو ڈھانپ لیا تھا۔

    پینگوئن کے مردہ جسم کا ایگزامینیشن کرنے والی ماہر آبی حیات کا کہنا تھا کہ ہمیں اس نوعیت کے حادثات کا خدشہ تھا اور اس حوالے سے ہم نے پہلے ہی دنیا کو آگاہ کردیا تھا۔

    ان کے مطابق یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے پھینکے جانے والے فیس ماسک کس طرح جنگلی و آبی حیات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور ان کی موت کا سبب بن سکتے ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ واقعہ انسانوں کی غیر ذمہ داری کو بھی ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح سے اس ماسک کو نامناسب مقام پر پھینکا گیا جو نہ صرف جانوروں بلکہ خود انسانوں کے لیے بھی مضر صحت ہو سکتا ہے۔

    زمین کی جنگلی و آبی حیات کے لیے ایک نہایت بڑا خطرہ پلاسٹک تھا جو کسی طرح زمین میں تلف نہیں ہوتا اور لاکھوں کروڑوں سال تک زمین پر موجود رہ سکتا ہے، یہ پلاسٹک مختلف جانوروں کی موت کا سبب بھی بن رہا تھا۔

    ابھی اس خطرے کا ادراک کرتے ہوئے اس کی روک تھام کے اقدامات کیے جارہے تھے کہ کرونا وائرس کے بعد استعمال شدہ فیس ماسک، دستانے، سینی ٹائزر کی بوتلیں اور دیگر حفاظتی سامان کا کچرا ایک نئے خطرے کی صورت کھڑا ہوگیا۔

    جانوروں کے تحفظ کی تنظیم ڈبلیو ڈبلیو ایف نے جولائی میں وارننگ دی تھی کہ اسپتالوں میں استعمال شدہ حفاظتی لباس یعنی پی پی ای کو غیر محفوظ طریقے سے تلف کرنا ماحول کے لیے نئے خطرات کھڑے کرسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہم کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی سامان کا صرف 1 فیصد بھی غیر ذمہ دارانہ طریقے سے تلف کریں تو ہر ماہ 1 کروڑ فیس ماسک ادھر ادھر پڑے ماحول کو آلودہ اور کچرے و گندگی میں اضافہ کر رہے ہوں گے۔

  • وفاقی کابینہ نے این 95 ماسک اور پی پی ایز کی برآمد کی اجازت دے دی

    وفاقی کابینہ نے این 95 ماسک اور پی پی ایز کی برآمد کی اجازت دے دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں این 95 ماسک، پی پی ایز کی برآمد کی اجازت اور پٹرول بحران پرقائم انکوائری کمیشن میں نئےارکان شامل کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی صورتحال سمیت 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کو دو سالہ ولولہ انگیز قیادت اور اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مقابلے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے پی ٹی وی پر لازمی سروسز ایکٹ نافذ کرنے کی منظوری اور این 95 ماسک، پی پی ایز کی برآمد کی اجازت دے دی جبکہ سیکورٹیز  پیپر  لمیٹڈ کراچی پر بھی لازمی سروسز ایکٹ میں توسیع کی منظوری دے گئی۔

    کابینہ نے سیکیورٹی پرنٹنگ کے ملازمین پر لازمی سروسز ایکٹ کے نفاذ میں توسیع ، پاک ایران انوسٹمنٹ کےڈائریکٹرعباس دانشورکی مدت میں 3سال کی توسیع منظور کرلی۔

    اجلاس میں اینٹی ٹیررازم ایکٹ 1997 کے اختیارات سےمتعلق تجاویز پٹرول بحران پرقائم انکوائری کمیشن میں نئے ارکان شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

    وفاقی کابینہ نےانکوائری کمیشن میں دو نئے ممبران شامل کرنے کی منظوری دی، کمیشن پٹرول بحران سے متعلق تحقیقات کرے گا اور پٹرول بحران کےمرتکب افراد کی نشاندہی اورسزائیں تجویز کرے گا۔

    اجلاس میں سیکٹرجی 12، 13 اور14کے ماو ایریا کی زمین کے استعمال کے طریقے کی منظوری دی جبکہ کابینہ کو پنشن فنڈ کے قیام اور حکومت کی 2سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    کابینہ کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے بورڈز کی تنظیم نو پر بھی بریفنگ دی گئی۔

  • ملک میں این 95 ماسک اور ٹمریچر گنز کی تیاری پر کام جاری

    ملک میں این 95 ماسک اور ٹمریچر گنز کی تیاری پر کام جاری

    اسلام آباد: قائمہ کمیٹی برائے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں سینی ٹائزر اور وینٹی لیٹرز بنائے جارہے ہیں، این 95 ماسک، فیس شیلڈ، ٹمریچر گنز اور ویکسین کی تیاری پر کام جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر مشتاق احمد کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کرونا وبا کے دوران پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت دیگر شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

    اجلاس میں کرونا وائرس کے دوران وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے کردار پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کونسل فار انڈسٹریل ریسرچ نے سینی ٹائزرز تیار کیے۔

    سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ اس وقت یورپ اور امریکا میں سینی ٹائزرز برآمد کر رہے ہیں، کرونا وائرس پر ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اسپرے گنز ڈرونز اور سینی ٹائزرز بھی دفاعی ادارے بنا رہے ہیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ این 95 ماسک، فیس شیلڈ، ٹمریچر گنز اور ویکسین کی تیاری پر کام جاری ہے۔ سینی ٹائزر اور وینٹی لیٹرز ہم بنا چکے ہیں۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نے وبا کے دوران وزارت سائنس کے ذیلی اداروں کو فنڈز نہیں دیے۔

    چیئرمین کمیٹی نے دریافت کیا کہ کرونا وائرس کے فنڈز کہاں گئے، کیا این ڈی ایم اے ریسرچ ادارہ ہے؟ سینٹر ہدایت اللہ کا کہنا تھا کہ آئندہ اجلاس میں این ڈی ایم اے اور وزارت خزانہ حکام کو بلایا جائے۔

    کمیٹی ارکان کا کہنا ہے کہ ویکسین پر کام وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے تحقیقی اداروں نے ہی کرنا ہے، وزارت سائنس کے ذیلی اداروں کو نظر انداز کرنے سے سنجیدگی کا اندازہ ہوتا ہے۔

    چیئرمین انجینیئرنگ کونسل کا کہنا تھا کہ اس وقت مڈل ایسٹ اور افریقہ کی مارکیٹ کھلی ہے، پاکستان وینٹی لیٹرز برآمد کر کے زر مبادلہ کما سکتا ہے۔

    چیئرمین کمیٹی نے دریافت کیا کہ کیا پاکستانی وینٹی لیٹرز ملک میں بن رہے ہیں یا اسیمبل ہو رہے ہیں؟ جس پر بتایا گیا کہ اس وقت دونوں کام ہو رہے ہیں جو پارٹس نہیں بن رہے وہ منگوائے جارہے ہیں۔

  • ‘پاکستان  بہت جلد خود این 95 ماسک بنانے کے قابل ہو جائے گا’

    ‘پاکستان بہت جلد خود این 95 ماسک بنانے کے قابل ہو جائے گا’

    ننکانہ صاحب : وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں کورونا کا عروج ہوگا ، پاکستان میں کورونا سے زیادہ غربت کا ڈر ہے، ہم بہت جلد خود این95ماسک بنانے کے قابل ہو جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی زیر صدارت ٹائیگرزفورس کا اجلاس ہوا، اعجاز شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم کو اپنے عوام کی بہت فکر ہے، لوگ ہدایت پر عمل کررہےہیں، ٹائیگرز قومی فرض سمجھتےہوئےاپنی ذمہ داریاں ادا کریں، ٹائیگرز کا کردار مکمل طور پر غیر سیاسی ہوگی، موجودہ صورتحال میں ٹائیگرز فورس کا کردار بہت اہم ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کورونا کے خاتمے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان میں کورونا سے زیادہ غربت کا ڈر ہے، 20نکاتی ایجنڈا علما کی مشاورت سے طے کیا گیا ، علماکرام حکومتی ہدایات پرعملدرآمدکیلئے اپنا کردار ادا کریں، مذہبی تہواروں پر حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے۔

    اعجاز شاہ نے کہا کہ ضلعی افسران بلا امتیاز حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کرائیں، ضلعی انتظامیہ ٹائیگرز فورس کے استعمال کیلئےحکمت عملی وضع کرے، وزیراعظم لاک ڈاؤن کے نقصانات سے مکمل آگاہ ہیں، پاکستان بہت جلد خود این95ماسک بنانے کے قابل ہو جائے گا۔

    کورونا کی صورتحال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں کورونا کا عروج ہوگا، پاکستانیوں کی اکثریت مسائل سے دوچار ہے۔

    سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھ میں ایک ارب تقسیم کئے گئے پتہ نہیں کن کو پیسے ملے، ان حالات میں بھی لوگ کرپشن سے باز نہیں آرہے۔

  • ‘کوشش کی جارہی ہے کہ مقامی سطح پر این 95 ماسک خود بنائیں’

    ‘کوشش کی جارہی ہے کہ مقامی سطح پر این 95 ماسک خود بنائیں’

    اسلام آباد : وزیر اعظم کےمعاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ مقامی سطح پر این 95 ماسک خود بنائیں اور روزکی بنیاد پر 20 ہزار ٹیسٹ کیے جائیں، ملک میں اس وقت 60 فیصد وائرس کا پھیلاؤ مقامی افراد سے ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کےمعاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، این 95 ماسک کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ مقامی سطح پر این 95 ماسک خود بنائیں، این 95 اور میڈیکل کٹس کی مقامی طور پر تیاری کرنا شروع کر دیں گے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں کام کرنےوالےڈاکٹروں کےلیےاین 95 ماسک لازمی قراردے دیا ، ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان کی فراہم کیلئے مزید اقدامات کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ قومی اور صوبائی سطح پر لاک ڈاون کی وجہ سےوائرس کےپھیلاؤمیں کمی آئی ، اب تک ملک بھر میں ایک لاکھ پانچ ہزار ٹیسٹ کیے ہیں ، کوشش ہےروزکی بنیاد پر 20 ہزار ٹیسٹ کیے جائیں۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اب ملک میں وائرس مقامی افراد سے پھیل رہا ہے ، اس وقت 60 فیصد وائرس کا پھیلاو مقامی افراد سے ہو رہا ہے، بیرون ملک سےآنے والوں کےعلاوہ مقامی افراد کا بھی ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

    معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ اس وقت ملک میں کوروناکے8ہزار رجسٹر کیس ہیں ، ٹریکنگ ٹیسٹ لانے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

  • ایک لاکھ این95 ماسک بجھوانے پر سندھ حکومت کا شکریہ، وزیراعلیٰ پنجاب

    ایک لاکھ این95 ماسک بجھوانے پر سندھ حکومت کا شکریہ، وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چینی امداد میں سے ایک لاکھ این 95 ماسک پنجاب بھجوانے پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کیا اور چینی امداد میں سے ایک لاکھ این 95 ماسک پنجاب بھجوانے پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت آپ کے اس اقدام کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے، آزمائش کی گھڑی میں ہم سب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا اتحاد اور عزم اس موذی مرض کو شکست دےگا، عوام کے تعاون سے کرونا کے چیلنج سے کامیابی سے نمٹیں گے۔

    چین کا خصوصی کارگو طیارہ این 95 ماسک کی کھیپ لے کر کراچی پہنچ گیا

    کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے گزشتہ روز چین سے خصوصی کارگو طیارہ ماسک اور حفاظتی سامان لے کر کراچی پہنچا تھا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چین سے آئے این 95 ماسک کی کھیپ وصول کی تھی۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1106 تک جا پہنچی ہے ، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 8 افراد جاں بحق اور 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔