Tag: ایوان صدر

  • ایوان صدر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ہونے والی تقریب مؤخر

    ایوان صدر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ہونے والی تقریب مؤخر

    اسلام آباد: ایوان صدر میں پاک فوج کے سربراہ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر ہونے والی تقریب مؤخر کردی گئی۔

    ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بچوں پر حملے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر ہنگامی دورے پر وزیراعظم کے ہمراہ کوئٹہ جائیں گے جس کے باعث انہوں نے ایوان صدر میں اپنے اعزاز میں تقریب مؤخر کرنے کی درخواست کی۔

    جس کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ایوان صدر کی تقریب مؤخر کردی گئی، ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب خضدار میں اندوہناک حملے کی وجہ سے مؤخر کی گئی۔

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری

    ’فیلڈ مارشل کا اعزاز شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں‘

    واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے بیجز لگانے کیلئے خصوصی تقریب آج سہ پہر ساڑھے 4 بجے ایوان صدر اسلام آباد میں ہونا تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان نے معرکہ حق، آپریشن بُنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی تھی۔

    جنرل عاصم دوسری شخصیت ہیں جنہیں فیلڈ مارشل بنایا گیا ہے جب کہ صدر جنرل ایوب خان 1959 میں فیلڈ مارشل بنے تھے۔

    فیلڈ مارشل فوج میں اعلیٰ ترین عہدہ ہے، عہدے پر فائز شخص فائیو اسٹار جنرل اور سینئر ترین آرمی افسر ہوتا ہے۔ یہ ایوارڈ غیر معمولی، مثالی قیادت اور خدمات کے پیش نظر دیا جاتا ہے۔

    آرمی چیف فیلڈ مارشل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ اعزاز پوری پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کے بہادر مردوں اور خواتین کو خراج تحسین ہے، خاص طور پر ان شہداء کو جو پاکستان کے خلاف بھارتی بلا اشتعال اور بزدلانہ جارحیت کے خلاف آہنی کی دیوار کی طرح کھڑے رہے۔

  • وفاقی کابینہ میں توسیع، ایوان صدر میں نئے وزراء کی تقریب حلف برداری کی تیاریاں مکمل

    وفاقی کابینہ میں توسیع، ایوان صدر میں نئے وزراء کی تقریب حلف برداری کی تیاریاں مکمل

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ کے نئے وزراء کی تقریب حلف برداری آج ایوان صدر میں ہوگی، صدر مملکت آصف زرداری 10 سے زائد نئے وزراسے حلف لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ میں توسیع کے پہلے مرحلے میں ایوان صدر میں حلف برداری کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    وزراکی تقریب حلف برداری آج شام5بجےایوان صدر میں ہوگی ، صدر مملکت آصف زرداری 10 سے زائد نئے وزراسے حلف لیں گے

    وزیراعظم اسپیکر، چیئرمین سینیٹ ،ارکان پارلیمنٹ ودیگر افراد شریک ہوں گے ، نئے متوقع وزرامیں حکومت میں شامل اتحادیوں کی نمائندگی بھی شامل ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے سینیٹرز کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے، پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی نے پارٹی سینیٹرزکےنام بھی وزیر اعظم کو بھجوا دیئے ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے اپنےدورہ حکومت کے ایک سال بعد کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، پندرہ سے بیس وفاقی وزراء، وزرائے مملکت اور مشیر کابینہ کا حصہ ہوں گے۔

    نئے وزرا اور وزرائے مملکت میں حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل، ایم کیو ایم کے مصطفی کمال شامل ہوں گے جبکہ بیرسٹر عقیل اور حزیفہ رحمان کو بھی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ سینیٹر طلال چوہدری، افضل کھوکھر، عبد الرحمن کانجو، سرادر یوسف، نوشین افتخار، رومینہ خورشید عالم، رضاحیات ہراج وفاقی کابینہ میں شامل ہوں گے جبکہ چوہدری ریاض (جج) کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

    ڈاکٹر توقیر حسین شاہ وزیراعظم کے ایڈوائزر ہوں گے جبکہ علی زاہد چوہدری جنید انوار رانا مبشر اقبال اور بلال اظہر کیانی وفاقی کابینہ میں شامل ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق حنیف عباسی کو وزارت ریلوے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو وزارت قومی صحت کا قلمدان دینے کا امکان ہے۔

    خالد مگسی کو وزارت مواصلات اور مصطفیٰ کمال کو سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت دیے جانے کا امکان ہے تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی ازبکستان سے واپسی پر نئے وزراء کی حتمی فہرست سامنے آ جائے گی۔

  • ایوان صدر میں 26 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کی تقریب ملتوی

    ایوان صدر میں 26 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کی تقریب ملتوی

    اسلام آباد : ایوان صدر میں ہونے والی 26 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کی تقریب ملتوی کردی گئی، نئے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں چھبیسویں آئینی ترمیم پر دستخط کی تقریب ملتوی کر دی گئی۔

    ارکان قومی اسمبلی نے بتایا کہ دستخط کی تقریب ملتوی ہونے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے تاہم ایوان صدر میں تقریب کے انعقاد کا نیا وقت نہیں بتایا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت آصف زرداری معمول کے مطابق آئینی ترمیم پر دستخط کریں گے، ان کے دستخط کے بعد ترمیم آئین کا حصہ بن جائے گی۔

    ایوان صدرسیکریٹریٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نئے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، ایوان صدرمیں ترمیم پر دستخط کی تقریب آج دن میں کسی وقت ہوگی۔

    اس سے قبل آئینی ترمیم پر صدر مملکت آصف علی زرداری کے دستخط کی تقریب صبح 6 بجے منعقد کی گئی تھی تاہم اب اسے ملتوی کردیا گیا ہے، تقریب کیلئے صبح 8 بجے کے وقت کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

    یاد رہے حکومت سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی میں بھی دوتہائی اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے، قومی اسمبلی میں بھی چھبیسویں آئینی ترمیم کی شق وارمنظوری دی گئی۔

    مزید پڑھیں : قومی اسمبلی میں 26 ویں آئینی ترمیم دوتہائی اکثریت سے منظور

    ترمیم  کے حق میں 225 اراکین نے اور مخالفت میں بارہ اراکین نے ووٹ دیے، ترمیم کی شق وارمنظوری کےدوران تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کےاراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

    شق وار آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد ڈویژن کے ذریعے ووٹنگ کاعمل مکمل کیا گیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام پانچ بجےتک ملتوی کردیا گیا۔

    خیال رہے وزیر قانون آئینی ترمیم کے اہم نکات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ تین سینئرترین ججوں میں سےچیف جسٹس کاانتخاب کیاجائے گا، چیف جسٹس کے منصب کی میعاد تین سال ہوگی، آئینی عدالت کے بجائے آئینی بینچ بنے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا کیا گیا قاضی فائزعیسیٰ کو رکھنے کے لیے یہ سب کیا جا رہا ہے لیکن چیف جسٹس واضح کرچکےتھےتوسیع نہیں چاہتے۔

  • عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ دینے کی قیاس آرائیاں غلط ہیں، ایوان صدر

    عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ دینے کی قیاس آرائیاں غلط ہیں، ایوان صدر

    ایوان صدر کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ صدرِ مملکت عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ دینے سے متعلق قیاس آرائیاں غلط ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی کی طرف سے مشاورت کا عمل جاری ہے، صدرِ مملکت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ دینے کے حوالے سے جو قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں وہ غلط ہیں۔

    ایوان صدر کے ذرائع نے مزید بتایا کہ صدر اور وزیرِ قانون کے درمیان ہونے والی ملاقات مشاورت کے سلسلے کی کڑی تھی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نگران وزیرقانون و انصاف احمد عرفان اسلم کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں انتخابات کی تاریخ پرغور کیا گیا تھا۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ ملاقات میں صدر مملکت نے الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق صدارتی اختیار کا ذکر کیا تو وزیر قانون نے انتخابات کی تاریخ سے متعلق وزارت قانون کا موقف دہرایا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیرقانون کی رائے تھی کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔

  • 9 مئی کو آپ نے جو کیا وہ کسی دہشت گرد نے نہیں کیا، مریم اورنگزیب

    9 مئی کو آپ نے جو کیا وہ کسی دہشت گرد نے نہیں کیا، مریم اورنگزیب

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 مئی کو آپ نے جو کیا وہ کسی دہشت گرد نے نہیں کیا۔

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ 9 مئی قومی سانحہ ہے جس پر ہر آنکھ اشک بار ہے، آج ہر شخص افسردہ اور اسکی شدید مذمت کر رہاہے، 9 مئی کی منصوبہ بندی زمان پارک میں عمران خان کے حکم پر ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان وضاحتیں پیش کر رہے ہیں، اس شخص کی پوری سیاست انتشار، فتنہ فساد پر مبنی ہے، صدرپاکستان اور عمران خان کی آڈیو ہے جس میں کہا کہ مبارک ہو پی ٹی وی پر حملہ کردیا۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ ایجنٹ، فتنہ سمجھتا ہے یہ سب کچھ کرنا پر امن سیاست ہے، 9 مئی کو آپ نے جو کیا وہ کسی دہشت گرد نے نہیں کیا، ایک دہشت گرد نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا اور دوسرے نے کرایا، پاکستان کی محبت الوطن جماعتوں کو کل شاہراہ دستور پر سب نے دیکھا۔

    انہوں نے کہا کہ کل کیا ایوان صدر کا ایک شیشہ ٹوٹتے دیکھا، کیاکل سپریم کورٹ، پارلیمنٹ میں ایک پتہ بھی ہلتے ہوئے دیکھا، تم نے بڑے آسانی سےکہہ دیا یہ حملہ ہم نے نہیں کسی اور نے کیا، کیا عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھا ہوا ہے ایسے نہیں چلے گا۔

    مریم اونگزیب نے مزید کہا کہ آپ نےکہا میرے پاس ثبوت ہیں آزاد تحقیقات ہونگی تو دونگا،  آپ کے پاس ثبوت تھے تو نہ پیش ہونےکی درخواست کیوں دی، آپ کو پتا ہے کہ آپ نے فائرنگ نہیں کرائی تو آج عدالت پیش ہوجاتے۔

  • صدر عارف علوی نے پاک فوج کے شہدا اور افسران کو اعزازات سے نوازا دیا

    صدر عارف علوی نے پاک فوج کے شہدا اور افسران کو اعزازات سے نوازا دیا

    اسلام آباد : ایوان صدر میں صدرعارف علوی نے پاک فوج کے شہدا اور بری بحری اور فضائیہ کے افسران کو اعزازات سے نوازا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر اسلام آباد میں فوجی اعزازات دینے کی پروقارتقریب کا انعقاد ہوا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فوجی افسران اور جوانوں میں اعزازات تقسیم کئے۔

    ایوان صدرمیں فوجی اعزازات دینے کی پروقار تقریب میں صدرعارف علوی نے پاک فوج کے شہدا ،بری بحری اور فضائیہ کےافسران کواعزازات سے نوازا ۔

    کمانڈربحرین نیشنل گارڈز اورپاکستان میں سعودی ڈیفنس اتاشی کونشان امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔

    تقریب میں اسپیکر قومی اسملبی راجہ پرویزاشرف،آرمی چیف سیدعاصم منیر اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشادمرزا سمیت مختف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

  • الیکشن کمیشن نے ایوان صدر کو مشاورتی عمل میں شامل کرنے سے معذرت کر لی

    الیکشن کمیشن نے ایوان صدر کو مشاورتی عمل میں شامل کرنے سے معذرت کر لی

    اسلام آباد: صوبوں کے انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ایوان صدر کو مشاورتی عمل میں شامل کرنے سے معذرت کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی کے صوبہ پنجاب اور خیبر پختون خوا میں عام انتخابات سے متعلق لکھے گئے دوسرے خط کا بھی الیکشن کمیشن نے جواب دے دیا، خط ایوان صدر کو موصول ہو گیا، خط سیکریٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکریٹری ایوان صدر کے نام لکھا گیا ہے۔

    خط میں الیکشن کمیشن نے صوبوں کے انتخابات سے متعلق ایوان صدر کو مشاورتی عمل کا حصہ بنانے سے معذرت کی ہے، اور لکھا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت تحلیل شدہ اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ گورنر دے سکتا ہے۔

    خط میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے تحت صوبہ پنجاب و کے پی گورنرز کو خط لکھا لیکن دونوں گورنرز نے تاحال الیکشن کے لیے تاریخ نہیں دی، دونوں صوبوں میں عام انتخابات سے متعلق معاملہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں گورنر پنجاب سے مشاورت کا حکم دیا، جس پر الیکشن کمیشن حکام نے گورنر پنجاب سے مشاورت کی، لیکن گورنر نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی۔

    خط میں لکھا گیا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا اپیل دائر کی، الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کا کوئی آئینی و قانونی اختیار نہیں ہے، اور کمیشن اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن پہلے خط کے جواب میں بھی صدر مملکت کے آفس کو تمام صورت حال سے آگاہ کر چکا ہے، اور بتا چکا ہے کہ پنجاب اور کے پی انتخابات کا معاملہ اس وقت عدالتوں میں زیر سماعت ہے، اس لیے الیکشن کمیشن ایوان صدر کو اس مشاورتی عمل میں شامل نہیں کر سکتا۔

    خط میں لکھا گیا تھا کہ ایوان صدر کو صوبوں کے انتخابات کی مشاورت میں شامل کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کل فیصلہ کرے گا، الیکشن کمیشن کا اجلاس کل صبح طلب کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ صوبوں کے انتخابات سے متعلق ایوان صدر میں اجلاس کے معاملے پر ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن شرکت کرنے یا نہ کرنے پر غور کر رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے بھی اہم مشاورتی اجلاس کل صبح 9 بجے طلب کر لیا ہے، جس میں صدر کے بلائے گئے اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق صوبوں کے انتخابات پر صدر سے مشاورت غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، آئین کے تحت انتخابات کے لیے صدر سے مشاورت نہیں کی جا سکتی، آئین کے تحت صرف گورنرز سے مشاورت ہو سکتی ہے، اس لیے الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم نے صدر کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی تجویز دی ہے۔

  • ایوان صدر نے 10 کروڑ روپے کی بجلی بچائی

    ایوان صدر نے 10 کروڑ روپے کی بجلی بچائی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بجلی کی بچت کے حوالے سے اجلاس میں شرکا کو بتایا گیا کہ ایوان صدر نے توانائی کی مد میں گزشتہ 2 سال میں 10 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بچت کی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بجلی کی بچت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں گرین پریذیڈنسی منصوبے کے تحت بجلی، پانی اور گیس کی بچت کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ایوان صدر نے توانائی کی مد میں گزشتہ 2 سال میں 10 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بچت کی۔

    انہوں نے کہا کہ ایوان صدر کا ماحول دوست منصوبہ پورے ملک کے لیےایک بہترین مثال ہے، ایوان صدر مکمل طور پر 1 میگا واٹ کے شمسی توانائی منصوبے پر چل رہا ہے۔

    صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایوان صدر نے 1 لاکھ 12 ہزار یونٹس قومی گرڈ میں دیے۔

  • وزیر اعظم نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی ایک اور سمری ایوان صدر بھجوا دی

    وزیر اعظم نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی ایک اور سمری ایوان صدر بھجوا دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نےگورنر پنجاب کو ہٹانے کی ایک اور سمری ایوان صدر بھجوا دی۔

    ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے صدر مملکت کو سمری بھیجی تھی، تاہم صدر عارف علوی نے مقررہ دنوں میں اسے مسترد کر دیا تھا۔

    اب وزیر اعظم نے ایک اور سمری صدر مملکت کو بھجوا دی ہے، جو ایوان صدر کو موصول ہو گئی ہے، وزیر اعظم ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کو وزیر اعظم کی نئی سمری پر 10 دن میں فیصلہ کرنا ہے۔

    حمزہ شہباز کی کابینہ، وزرا کے نام سامنے آ گئے

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق گورنر نہیں ہٹائے گئے تو 10 دن میں وہ خود فارغ ہو جائیں گے، وزیر اعظم ساتھ ہی نئے گورنر کے لیے نام بھی صدر مملکت کو ارسال کریں گے، پنجاب کی گورنر شپ پیپلز پارٹی کو ملنے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب نے عثمان بزدار اور ان کی کابینہ کو ایک نوٹیفکیشن جاری کر کے بحال کر دیا تھا، دوسری طرف حمزہ شہباز نے بھی نئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا تھا۔

    راجہ بشارت نے ایک بیان میں کہا کہ گورنر پنجاب کے نوٹیفکیشن کے بعد حمزہ نے جو حلف لیا اس کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے۔ پی ٹی آئی نے حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ پنجاب ہونے کا نوٹیفکیشن چیلنج کر دیا ہے۔

  • کرونا وائرس: کل صبح ساڑھے 10 بجے ایوان صدر میں دعا ہوگی

    کرونا وائرس: کل صبح ساڑھے 10 بجے ایوان صدر میں دعا ہوگی

    اسلام آباد: مہلک کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر کل ملک بھر میں اجتماعی دعا کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائم مقام صدر صادق سنجرانی کرونا وائرس کے خلاف میدان میں آ گئے، وائرس سے بچاؤ کے لیے کل اجتماعی دعا کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    قائم مقام صدر نے کہا کہ کل صبح ساڑھے 10 بجے ایوان صدر میں دعا ہوگی، قوم سے گزارش ہے کل جس جگہ پر بھی ہوں وہاں رک کر اجتماعی دعا میں شریک ہوں، گورنرز اور وزرائے اعلیٰ بھی اپنے دفاتر میں دعا کرائیں۔

    دنیا سناٹے کی طرف بڑھنے لگی، کرونا وائرس سے 6521 افراد ہلاک

    صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ وہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے مطمئن ہیں، تاہم انھوں نے کہا کہ یہ صرف وزارت صحت کی ذمہ داری نہیں، کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے یک جا ہو جائیں۔

    سندھ میں کرونا وائرس کے 41 نئے کیسز رپورٹ ، مریضوں کی تعداد 94 ہوگئی

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں ایک دن میں کرونا وائرس کے مزید 41 کیسز سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 76 جب کہ ملک بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 94 ہو گئی ہے۔ نہایت مہلک اور نئے وائرس کرونا نے 157 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے، وائرس کے خوف سے ہر سو سناٹا پھیل گیا، بازار ویران ہو گئے، دنیا بھر میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 6,521 ہو چکی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 169,925 تک پہنچ گئی۔