Tag: ایٹمی جنگ

  • پاک بھارت چھوٹی نہیں بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، ایٹمی جنگ کے قریب تھے، ڈونلڈ ٹرمپ

    پاک بھارت چھوٹی نہیں بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، ایٹمی جنگ کے قریب تھے، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتے، پاکستان کے ساتھ بہت عمدہ بات چیت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت چھوٹی نہیں، بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، دونوں ملک ناراض تھے، اور دونوں ملک ایٹمی جنگ کے قریب تھے۔

    انھوں نے کہا لڑائی بڑھ رہی تھی، میزائل حملے کیے جا رہے تھے، وہ مقام آ گیا تھا جب ایٹمی جنگ چھڑ جاتی، میں نے اپنے اہلکاروں سے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو فون کرو، تجارت اور ملاقاتوں کا آغاز کرو۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ’’میں نے کہا ہم تجارت کو بہت زیادہ بڑھائیں گے، میں اپنے وعدے پورا کرنے والا شخص ہوں، تجارت کو دشمنیاں ختم کرنے اور امن کے لیے استعمال کر رہا ہوں۔‘‘


    جوہری معاہدے پر ایران جلدی سے آگے بڑھے، ٹرمپ


    امریکی صدر نے کہا بھارت سب سے زیادہ ٹیرف لگاتا ہے، بھارت نے کاروبار کرنا تقریباً ناممکن بنا دیا ہے، اب بھارت امریکا سے ٹیرف 100 فی صد کم کرنے پر تیار ہے۔

    امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے معاملے میں تو وہ پُر یقین تھے تاہم پاکستان سے بھی تجارت پر بات کی ہے، پاکستان کی خواہش ہے کہ امریکا سے تجارت کرے، پاکستانی ذہین لوگ ہیں، حیرت انگیز اشیا بناتے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ پاکستان سے امریکا زیادہ تجارت نہیں کرتا اس کے باوجود اُن کے پاکستان سے اچھے تعلقات ہیں، ٹرمپ نے مزید کہا کہ خارجہ پالیسی امور میں انھیں زندگی میں آج تک جس بات پر سب سے زیادہ سراہا گیا ہے وہ پاک بھارت جنگ بندی کامیاب بنانا ہے۔

  • روس نے بڑے خطرے سے خبردار کر دیا

    روس نے بڑے خطرے سے خبردار کر دیا

    ماسکو: روس نے ایک بار پھر دنیا کو متنبہ کیا ہے کہ ایٹمی جنگ کے خطرات موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا ہے کہ نیٹو کے رکن ممالک روس اور یوکرین کے درمیان امن سمجھوتے کو سبوتاژ کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے ہیں۔

    انھوں نے خبردار کیا کہ اس صورت حال میں ایٹمی جنگ کے خطرات موجود ہیں، اس لیے ایٹمی طاقتوں کے درمیان کسی بھی قسم کے مسلح تصادم کی روک تھام ضروری ہے۔

    روس کے وزیر خارجہ نے نیٹو اور امریکا پر زور دیا کہ وہ یوکرین کو اسلحے کی فراہمی کا سلسلہ بند کر دیں، روسی وزیر خارجہ نے یوکرین میں بائیولوجیکل تجربہ گاہوں کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی تحقیقات کرائے جانے کا مطالبہ کیا۔

    ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانوی وزیر دفاع نے 8 ہزار برطانوی فوجیوں کو درجنوں ٹینکوں، ہیلی کاپٹروں اور توپ خانے کے ساتھ مشرقی یورپ میں تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    روس کی وزارت خارجہ کے محکمہ تخفیف اسلحہ کے سربراہ ولادیمیر پریماکوف نے کہا ہے کہ انھوں نے یوکرین میں امریکا کی بائیولوجیکل تجربہ گاہوں کی سرگرمیوں کے جائزے کی غرض سے روسی پارلیمانی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لیے نائب وزیر خارجہ وکٹوریا نولینڈ سمیت بعض امریکی عہدیداروں کو دعوت نامے جاری کیے ہیں۔

  • ایٹمی جنگ خودکشی ہے، بھارت پاکستان کی صلاحیتوں کو جانتا ہے: وزیر خارجہ

    ایٹمی جنگ خودکشی ہے، بھارت پاکستان کی صلاحیتوں کو جانتا ہے: وزیر خارجہ

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایٹمی جنگ خود کشی ہے، بھارت پاکستان کی صلاحیتوں کو جانتا ہے، دنیا بھی واقف ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج ملتان میں وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کا کہ دنیا سیاسی مصلحت سے کام نہ لے، کسی ملک کے دہشت گردی کو ہوا دینے سے زیادہ سنجیدہ کیا ہو سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان اور بھارت جوہری قوتیں ہیں، دنیا کونوٹس لینا چاہیے، بھارت باقاعدہ منصوبہ بندی سے پاکستان میں عدم استحکام چاہتا ہے، بھارت نے اپنے اور پڑوسی ملک میں کیمپ بنا رکھے ہیں، ایک سیل بنا رکھا ہے جس کا مقصد سی پیک کو نقصان پہنچانا ہے۔

    وزیر خارجہ اور آئی ایس پی آر ڈائریکٹر کی مشترکہ نیوز کانفرنس

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو صدر اشرف غنی نے دعوت دی جو انھوں نے قبول کی، مستقبل قریب میں وزیر اعظم کا کابل جانے کا ارادہ ہے، افغانستان کا امن سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے، افغانستان میں کوئی نقصان ہوتا ہے تو منفی اثرات پاکستان پر پڑتے ہیں، ہم کو ایک مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

    وزیر خارجہ نے کہا بھارت نے پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کے لیے منصوبہ تیار کیا اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) کو نقصان پہنچانے کے لیے ایک گروپ کو 80 ارب روپے دیے، معاملے کی سنگینی بھانپتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی بیانات جاری کیے، بھارت گلگت بلتستان میں بھی امن و امان کی صورت حال کو خراب کرنے کے لیے تخریب کاروں کے ٹریننگ کیمپ چلا رہا ہے۔

  • ایٹمی جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گے، عالمی برادری کردار ادا کرے: وزیر اعظم

    ایٹمی جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گے، عالمی برادری کردار ادا کرے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوئی تو اختتام ایٹمی جنگ ہوگا، ایٹمی جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گے، عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوئی تو اختتام ایٹی جنگ ہوگا۔ ہتھیار ڈالنے اور آزادی میں انتخاب کرنا ہوا تو پاکستانی آخری دم تک لڑیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایٹمی جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گے۔ ایٹمی جنگ سے بچنے کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہم نے اقوام متحدہ میں معاملہ اٹھایا۔

    انہوں نے کہا کہ جب 2 ایٹمی طاقتیں لڑیں گی تو اختتام بھیانک ہوگا۔ ایٹمی جنگ کے نتائج پوری دنیا میں پھیلیں گے۔ عالمی سطح پر مسئلے کو اسی لیے اٹھایا کہ جنگ سے بچا جائے۔

    اس سے قبل روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ کوئی بھی سمجھدارشخص جوہری جنگ کی بات نہیں کرسکتا، دنیا کو پاک بھارت جنگ کا نقصان ان کی سوچ سے بھی بڑھ کر ہوگا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 1962 کے بعد 2 جوہری طاقتیں آمنے سامنے ہیں، تنازعہ جوہری جنگ میں تبدیل نہ ہو، عالمی برادری مداخلت کرے، تقسیم کے وقت ہی کشمیر کا مسئلہ حل ہو جانا چاہیئے تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، مکمل بلیک آؤٹ ہے، بھارت کشمیریوں سے فیصلہ منوانے کے لیے غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے، اقوام متحدہ نے بھی کشمیر میں مظالم کی رپورٹ جاری کی۔

  • بھارتی وزیر دفاع کا ’ایٹمی حملے کی پالیسی‘میں تبدیلی کا عندیہ

    بھارتی وزیر دفاع کا ’ایٹمی حملے کی پالیسی‘میں تبدیلی کا عندیہ

    نئی دہلی: بھارتی وزیردفاع راج ناتھ نے مسئلہ کشمیر پر ایک اور گیدر بھبکی لگاتے ہوئے ہندوستان کی ایٹمی پالیسی میں تبدیلی کا عندیہ دے دیا ہے، ان کا بیان مسئلہ کشمیر کے ایٹمی  جنگ کا فلیش پوائنٹ  ہونے کے پاکستانی موقف کی تصدیق ہے۔

    تفصیلات کےمطابق بھارتی وزیردفاع راج ناتھ نے اپنے ٹویٹرپیغام میں کہا ہے کہ انڈیا آج تک ایٹمی حملے میں پہل نہ کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے لیکن مستقبل میں یہ پالیسی تبدیل بھی ہوسکتی ہے۔

    بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کا یہ ٹویٹ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب پاکستان کی درخواست پر آج شام سلامتی کونسل کا مسئلہ کشمیر کو لے کر ہنگامی اجلاس منعقد ہونے جارہا ہے، ان کے اس بیان سے پاکستان کی جانب سے کشمیر کو نیوکلیئر جنگ کا فلیش پوائنٹ قراردینے کے موقف کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    بھارت کے وزیر دفاع کی جانب سے کیے گئے ٹویٹ کو بھارتی میڈیا میں نیوکلیئرپالیسی میں تبدیلی کاعندیہ قرار دیا جارہا ہے، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ بھارتی وزیردفاع کااشتعال انگیزبیان خطےکوایٹمی جنگ کی طرف دھکیل رہاہے۔

    ایٹمی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان اشتعال انگیز اور ان کے بیان سے بھارت کی انتہاپسندسوچ ظاہر ہوتی ہے ، ساتھ ہی ساتھ ایٹمی جنگ کےخطرےکی طرف بھی اشارہ ہورہا ہے۔

    یاد رہے کہ بھارت نے سنہ 1974میں پہلی بار’’سمائلنگ بدھا‘‘کےنام سے ایٹمی دھماکہ کرکے جنوبی ایشیا میں ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ شروع کرتے ہوئے دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔

    بھارت کواس عمل سےبازرکھنے کے لیے اسی سال یعنی سنہ 1974 میں نیوکلیئرسپلائرزگروپ کاقیام عملا میں لایا گیا تاہم بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی جاری رکھی اور سنہ 1998میں ایک پھرایٹمی دھماکےکیے۔

    یہ دھماکےایسےوقت کیےگئے تھے جب این پی ٹی اورسی ٹی بی ٹی کے لیے زوردیاجارہاتھا، لیکن بھارت نےعالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتےہوئےاقوام عالم کی ایک نہ سنی اور ایٹمی تجربات جاری رکھے۔

    پاکستان اوربھارت کے درمیان مسئلہ کشمیرپرتین بڑی جنگیں ہونے کے سبب اس صورتحال میں پاکستان پرلازم ہوگیا تھاکہ اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے ایٹمی قوت حاصل کرے اور اس کا اعلان بھی کرے ، سو 28 مئی 1998 کو پاکستان نے چاغی میں دھماکے کرکے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا۔

    یاد رہے کہ بھارت کی موجودہ حکومت کی جانب سے اکثر اشاروں کنایوں میں ایٹمی پالیسی میں تبدیلی کا تذکرہ کیا جاتا رہا ہے تاہم بھارتی وزیردفاع کے منصب پر فائز راج ناتھ کا سلامتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر یہ ٹویٹ اشارہ کررہا ہے کہ بھارت عالمی طاقتوں کو دھمکا رہا ہے کہ اس کے خلاف کسی کارروائی کی صورت میں وہ ایٹم بم کے استعمال سے گریز نہیں کرے گا۔

  • پاکستان کے جوہری ہتھیارمحفوظ ہاتھوں میں ہیں، دنیا کوفکرنہیں کرنی چاہیے، وزیراعظم

    پاکستان کے جوہری ہتھیارمحفوظ ہاتھوں میں ہیں، دنیا کوفکرنہیں کرنی چاہیے، وزیراعظم

    واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم اتحادی ہیں اور دونوں ممالک کو ماضی میں اعتماد کے ققدارن کے باعث نقصان اٹھانا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کوئی حل نہیں ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ امریکا وہ واحد ملک ہے جو پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالث کا کردار ادا کرسکتا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایٹمی ہتھیاروں کے کمان اور کنٹرول کا موثر نظام ہے، پاکستان کی مسلح افواج پیشہ ور ہیں اور وہ ہر چیلنج سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم اتحادی ہیں اور دونوں ممالک کو ماضی میں اعتماد کے ققدارن کے باعث نقصان اٹھانا پڑا۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ افغانستان میں انتخابات کے ذریعے ہی امن قائم کیا جاسکتا ہے کیونکہ امریکا گزشتہ چار دہائیوں سے افغانستان میں جنگ لڑ رہا ہے تاہم اس کے باوجود جنگ سے تباہ حال ملک میں اسے قیام امن میں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

    وزیراعظم عمران خان نے انٹرویو کے دوران کہا کہ قیدیوں کے تبادلے پر امریکا کے ساتھ بات چیت کی جاسکتی ہے۔

    امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں تعطل کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس سے خطے میں امن اور معیشت متاثر ہوسکتے ہیں۔

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے، امریکی اخبار

    پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے، امریکی اخبار

    نیویارک : امریکی اخبار نے خبردار کیا ہے کہ اگر اب ایٹمی جنگ ہوئی تو شمالی کوریا میں نہیں بلکہ پاکستان اور بھارت میں ہوگی، سرحدوں پردونوں ملکوں کی افواج تیارکھڑی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کا کہنا ہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے، افواج سرحدوں پر تیار کھڑی ہیں اورروایتی حریفوں کے درمیان مذاکرات کا بھی کوئی امکان نہیں۔

    امریکی اخبارکے اداریئے میں کہا گیا ہے کہ جنگ چھڑ جانےکی صورت میں دونوں ممالک جوہری ہتھیاروں کا استعمال کرسکتے ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑنے سے ہونے والے نقصانات کاحجم سوچ سےزیادہ رہےگا۔

    نیویارک ٹائمز کے مطابق مودی پاکستان کے خلاف ہندو انتہا پسندی کو ہوا دے رہےہیں اور بھارتی میڈیا جلتی آگ پرتیل کاکام کررہا ہے جبکہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو واپس کرکے خیرسگالی کے جذبے کا مظاہرہ کیا۔

    بھارت کا پاکستان پر حملے میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا دعوے مشکوک قرار

    امریکی اخبار نے بھی بھارت کے پاکستان پر حملے میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے دعوے کومشکوک قراردیا ہے۔

    نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے جب تک کشمیر کا فیصلہ نہیں ہوتا، ایسی ہی کشیدہ صورتحال کا سامنا رہے گا، پلوامہ حملے کے بعد سے اب تک پاک بھارت کشیدگی میں کمی آئی ہے لیکن جنگ کےبادل چھٹیں نہیں ہے۔

    خیال رہے پاک بھارت کےدرمیان اہم تنازعہ کشمیر کا ہے،جس کےمستقبل کافیصلہ کیے بغیرخوفناک صورتحال کاسامنارہےگا، اس سے پہلے سابق امریکی صدورکلٹن،بش اور اوباما پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں اہم کردار اداکرچکے ہیں ۔

    مزید پڑھیں : پاکستان نے بھارت کوفضائی جنگ میں شکست دے دی ، امریکی اخبار

    یاد رہے چند روز قبل بھی امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان سےفضائی جنگ ہارگیا، پاکستان کیساتھ فضائی تصادم میں شکست کے بعد بھارت کی بوسیدہ فوج پرسوالات اٹھنے لگے ہیں، جنگ کی صورت میں بھارتی فوج کے پاس صرف10دن کاگولہ بارودہے۔

    امریکی اخبار کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاکی 2جوہری طاقتوں میں فضائی تصادم بھارتی فوج کا امتحان ثابت ہوا، بھارتی طیارہ اس ملک کی فوج نے تباہ کیا جواس سے تعداد میں آدھی ہے۔

    واضح رہے 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کےدو طیارے مارگرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کوگرفتارکرلیا تھا، جس کے بعد بھارت نے بھی طیاروں کی تباہی اور پائلٹ لاپتہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں نشانہ بنائے، ایک طیارہ آزاد کشمیر دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرایا۔

    اس سے قبل 26 فروری کو بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی ، تاہم پاک فضائیہ کی بروقت ایکشن پر بھاگنے پر مجبور ہوگئے تھے، بعد ازاں بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ، جس میں 300 دہشت گرد مارے گئے ۔

  • پاک بھارت کشیدگی، ایٹمی جنگ کے خطرناک اثرات کرہ ارض پر پڑیں گے، بین الاقوامی رپورٹ

    پاک بھارت کشیدگی، ایٹمی جنگ کے خطرناک اثرات کرہ ارض پر پڑیں گے، بین الاقوامی رپورٹ

    نیویارک: بین الاقوامی تحقیقاتی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ پاک بھارت جنگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے گی جس کی وجہ سے دنیا کی آبادی کا بڑا حصہ بھوک سے مرجائے گا۔

    بین الاقوامی تحقیقاتی اداروں کے مطابق اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان جارحیت مزید بڑی اور جنگ چھڑ گئی تو اس سے صرف خطہ نہیں بلکہ پوری دنیا بری طریقے سے متاثر ہوگی۔

    تحقیقاتی اداروں کے مطابق اگر پاکستان اور بھارت کے پاس موجود ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال ہوا تو دنیا کی 90 فیصد آبادی بھوک سے مرنے کا خدشہ ہے۔

    امریکی ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاک بھارت ایٹمی حملے کی صورت میں اٹھنے والا دھواں دو ہفتے تک پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے گا، یہ دھواں آسمان پر بیس سے پچاس میل بلندی پر جمع ہوجائے گا جس کے اثرات کئی سالوں تک سامنے آتے رہیں گے۔

    مزید پڑھیں: پاک بھارت جنگ کی صورت میں خطے اور دنیا کی ہار ہوگی ،فوادچوہدری

    یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ ہوئی توبھارت کو زیادہ نقصان ہوگا، امریکی اخبار

    تحقیقاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ آسمان کی خاص بلندی پر دھواں جمع ہونے سے خطے میں بارشیں نہیں ہوں گی جبکہ دھوپ اور روشنی بھی نہیں ہوگی جس کی وجہ سے گندم، مکئی سمیت دیگر اجناس کی فصلیں تیار نہیں ہوسکیں گی۔

    رپورٹ کے مطابق جنگ میں ایٹمی ہتھیارچلنے سےاٹھنے والےدھوئیں سےکرہ ارض کادرجہ حرارت انتہائی کم منفی ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا اور اس کا آئس ایج ہونے کا خدشہ بھی ہے۔

    امریکی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کے پاس صرف 60 روز کے استعمال کی غذائی اجناس موجود ہیں، حملے کی صورت میں 2 ارب لوگوں کی موت واقع ہوسکتی ہے۔

  • دنیا ایٹمی جنگ سے صرف ایک قدم پیچھے ہے ، پوپ فرانسس کی وارننگ

    دنیا ایٹمی جنگ سے صرف ایک قدم پیچھے ہے ، پوپ فرانسس کی وارننگ

    چلی : پوپ فرانسس نے خبردار کیا ہے کہ دنیا ایٹمی جنگ سے صرف ایک قدم پیچھے ہے، کوئی بھی ایک حادثہ اس کی شروعات کرسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پوپ فرانس جنوبی امریکا کے دورے پر ہیں، چلی پہنچنے پر ان کیخلاف مظاہرے کئے گئے، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پوپ فرانسیس نے کہا کہ دنیا تیزی سے ایٹمی جنگ کی جاب بڑھ رہی ہے، دنیا ایٹمی جنگ سے صرف ایک قدم پیچھے ہے۔

    پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ میں اس بات سے بے حد خوفزدہ ہوں کیونکہ ایک حادثہ اس کی شروعات کرسکتا ہے، جوہری اسلحے کے ڈھیر لگانا حماقت ہے در اصل جوہری اسلحہ رکھنا ہی غلط ہے۔

    اس سے قبل بھی فرانسس نے ایک اور بڑی جنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا ایک بار پھر جنگ کے دہانے پر ہے اور ہم تیزی سے ایک بڑی جنگ کی بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔


    مزید پڑھیں : جنگ کا طوفان ہماری دنیا کو لپیٹ میں لیے ہوئے ہے، پوپ فرانسس


    انکا کہنا تھا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے جنگ عظیم دوئم میں لاکھوں افراد کی زندگیاں چلی گئی تھیں، ایسے بموں کا دوبارہ استعال بڑے پیمانے پر انسانی اور ماحولیاتی تباہی پھیلائے گا۔

    یاد رہے کہ مسیحوں کے مبارک دن کے موقع پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ جنگ کا طوفان ہماری دنیا کو لپیٹ میں لیے ہوئے ہے جس کے باعث اللہ کی سب سے اعلیٰ مخلوق کو انسانیت کی تذلیل، سماجی گٹھن اور معاشی بد حالی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئر کریں۔

  • ایٹمی جنگ کسی بھی وقت چھڑسکتی ہے‘ شمالی کوریا

    ایٹمی جنگ کسی بھی وقت چھڑسکتی ہے‘ شمالی کوریا

    نیویارک : شمالی کوریا نے امریکہ اور جنوبی کوریا کی فوجی مشقوں کو اشتعال انگیزقرار دیتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ ایٹمی جنگ کسی بھی وقت چھڑ سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شمالی کوریا کے نائب سفیر کم ان ریونگ نے کہا کہ 1970 سے لے کر اب تک شمالی کوریا کو امریکی کی جانب سے براہ راست خطرات کا سامنا رہا ہے۔

    شمالی کوریا کےسفیر نے کہا کہ ان کے ملک کو قومی اور ملکی دفاع کے لیے ایٹمی ہتھیار رکھنے کا حق ہے۔

    کم ان ریونگ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں شمالی کوریا کو تباہ کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں لہذا امریکہ کی جانب سے خطرات کے پیش نظر شمالی کوریا کواپنے دفاع کے لیے ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح ہونا ضروری ہے۔

    شمالی کوریا کے سفیر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکہ اور جنوبی کوریا کی فوجی مشقوں کو اشتعال انگیزقرار دیتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ ایٹمی جنگ کسی بھی وقت چھڑ سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ 29 ستمبر کو برطانوی تھنک ٹینک نے اپنی رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ شمالی کوریااورامریکا کی جنگ کاامکان بہت زیادہ ہے۔


    جاپان کوغرق امریکا کو راکھ اور تاریکی میں بدل دیں گے،شمالی کوریا


    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شمالی کوریا نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ جاپان کو غرق اور امریکا کو راکھ و تاریکی میں بدل دیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔