Tag: ایٹمی دھماکے

  • روس کا ایٹمی دھماکے سے متعلق اہم بیان

    روس کا ایٹمی دھماکے سے متعلق اہم بیان

    ماسکو : روس نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے کسی جوہری تجربے کی صورت میں روس بھی ایسا ہی اقدام کرے گا اور اس کے لئے روسی پارلیمنٹ جوہری تجربات پر پابندی کے جامع معاہدے سی ٹی بی ٹی کی توثیق کو منسوخ بھی کرسکتی ہے۔

    روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق CTBTروسی وزارت خارجہ میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ اور اسلحہ کی تجارت پر کنٹرول کے شعبہ کے سربراہ ولادی میر یرما کوف نے روسی ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں کہی۔

    انہوں نے کہا کہ روس نے سی ٹی بی ٹی پر دستخط 23 سال قبل کئے تھے لیکن امریکا نے اس معاہدے پر ابھی تک دستخط نہیں کئے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ اس صورتحال میں روسی پارلیمنٹ کا ایوان زیریں روس کی طرف سے اس معاہدے کی توثیق کو منسوخ کرسکتا ہے لیکن ایسا ہونے کی صورت میں بھی روس جوہری تجربے میں پہل نہیں کرے گا اور ہمارا ملک 1992 میں روسی صدر کے فرمان کے ذریعے جوہری تجربات پر عائد کی گئی پابندی پر عملدرآمد جاری رکھے گا۔

    تاہم روسی عہدیدار نے واضح کیا کہ اگر امریکا نے جوہری تجربہ کیا تو روس بھی جواب میں ایسا ہی کرے گا۔

    روسی عہدیدار نے کہا کہ امریکا کا اس حوالے سے رویہ ہر گزرتے سال کے ساتھ زیادہ غیر اخلاقی ہو تا جا رہا ہے اور وہ خود اس معاہدے پر دستخط نہ کرنے کے باوجود سی ٹی بی ٹی کی مکمل توثیق کرنے والے ممالک کو یہ ہدایات جاری کرتا ہے کہ انہیں اس معاہدے کو کیسے نافذ کرنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی حکام نیواڈا میں جوہری تجربات کی اعلی ترین سطح پر تیاری کو یقینی بنائے ہوئے ہیں اور اس وجہ سے روسی حکام کا خیال ہے کہ امریکی اپنے جوہری ہتھیاروں کو جدید بنانے کے ایک حصے کے طور پر ایک مکمل جوہری تجربہ کر سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ روسی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ڈوما کے سپیکر ویاچسلاو ولوڈن کی تجویز پر، ڈوما کی کونسل نے 9 اکتوبر کو وزارت خارجہ کے ساتھ مشترکہ طور پر بین الاقوامی امور کی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ سی ٹی بی ٹی کی توثیق کو منسوخ کرنے کے معاملے پر غور کرے۔

  • آج بھٹو اور نواز شریف کو یاد کرنے کا دن ہے: خواجہ آصف

    آج بھٹو اور نواز شریف کو یاد کرنے کا دن ہے: خواجہ آصف

    اسلام آباد: سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آج ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف کو یاد کرنے کا دن ہے، دو منتخب وزرائے اعظم نے پاکستان کا نام بلند کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ آج یوم تکبیر ہے، جس شخص نے یہ پروگرام شروع کیا وہ پھانسی چڑھ گیا، جس نے تکمیل کی وہ جیل میں ہے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج ہم نہ نظریاتی طور پر آزاد ہیں نہ معاشی طورپر، ایوان میں بیٹھے افراد پر ملک میں جمہوریت اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کا فرض عاید ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہمیں آج دشمنوں نے گھیرا ہوا ہے، موقع دیا جاتا تو پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہو چکا ہوتا، ہمیں معاشی غلام بنایا جا رہا ہے، زنجیروں میں جکڑا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کے واقعے پر خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے: خواجہ آصف

    آج نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں ہے اس کو یاد کرنے کا دن ہے، سلسلہ چلتا رہتا تو آج پاکستان جمہوری اور معاشی لحاظ سے نا قابل تسخیر ہوتا۔

    خیال رہے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران انھوں نے کہا تھا کہ میرانشاہ واقعے پر کسی نے کچھ نہیں کہا، واقعے پر کچھ نہ کہنا پارلیمنٹ کی توہین ہے، غلطیاں کرنے والے کہیں بھی ہوں ان کو سیاسی طور پر ٹھیک کریں، لوگ ایوان میں مسئلے حل کرنے کے لیے بیٹھے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے میں خاموش رہ کر افواج اور وہاں کی عوام کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے۔

  • ن لیگ کا یوم تکبیر کی مناسبت سے اسمبلی میں قرارداد لانے کا فیصلہ

    ن لیگ کا یوم تکبیر کی مناسبت سے اسمبلی میں قرارداد لانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن نے یوم تکبیر کی مناسبت سے اسمبلی میں قرارداد لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کا پارلیمنٹ ہاؤس میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، ذرایع کا کہنا ہے کہ ن لیگ یوم تکبیر کی مناسبت سے اسمبلی میں قرارداد لائے گی۔

    کل 28 مئی کو مسلم لیگ ن قومی اسمبلی میں نواز شریف کو ایٹمی دھماکے کرنے پر خراج تحسین پیش کرے گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنما کل ایوان میں یوم تکبیر پر اظہار خیال کریں گے، اسمبلی اجلاس کے بعد رہنما لاہور اور پشاور روانہ ہو جائیں گے۔

    یوم تکبیر کی مرکزی تقریب ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف نے دنیا کے دباؤ کو ٹھکرا کر ملک کو ایٹمی قوت بنایا، حمزہ شہباز

    یاد رہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بننے کے 21 برس مکمل ہو گئے ہیں، کل قوم اکیسواں یوم تکبیر روایتی جوش و جذبے سے منائے گی، 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے خطے میں بھارتی بلا دستی کے عزائم خاک میں ملا دیے تھے۔

    ملک بھر کی مساجد میں شکرانے کے نوافل ادا کیے جائیں گے اور ملک کے استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

    پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بنا، یوم تکبیر کے دن پاکستان دفاع نا قابل تسخیر ہو گیا، یہ جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کا دن ہے۔

  • یومِ تکبیر: پاکستان کوایٹمی طاقت بنے 20 سال مکمل

    یومِ تکبیر: پاکستان کوایٹمی طاقت بنے 20 سال مکمل

    اٹھائیس مئی 1998ء میں آج کے دن پاکستان کی طرف سے کیے گئے تاریخی ایٹمی تجربات کی یاد میں آج یوم تکبیر منایا جا رہا ہے۔ اس دن بھارت کے ایٹمی دھماکوں کاجواب پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں پانچ ایٹمی دھماکےکر کے دیا تھا۔

    بیس سال قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ایٹمی دھماکے اس لیے کیے گئے کہ گیارہ مئی انیس سو اٹھانوے کو پوکھران میں تین بم دھماکے کرکے بھارت نے خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔

    بھارتی قیادت کی جانب سے ایٹمی دھماکے کے بعد پاکستان کو خطرناک دھمکیوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ ایک طرف بھارت دھمکیوں اور اسرائیل کی مدد سے پاکستان کی ایٹمی تجربہ گاہوں پرحملے کی تیاری کررہا تھاتو دوسری جانب مغربی ممالک پابندیوں کا ڈراوا دے کرپاکستان کو ایٹمی تجربے سے بازرکھنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔

    اس وقت کے امریکی صدربل کلنٹن نے بھی پانچ بار فون کرکے وزیراعظم نوازشریف کو ایٹمی دھماکہ نہ کرنے کا مشورہ دیا جبکہ اس کے بدلے کروڑوں ڈالر امداد کی پیشکش بھی کی گئی۔ تاہم عالمی دباؤ کے باوجود حکومت نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹھائیس مئی کے دن پانچ ایٹمی دھماکے کرنے کا حکم دے دیا اور چاغی کے پہاڑوں پر نعرہ تکبیر کی گونج میں ایٹمی تجربات کردئیے گئے۔


    پسِ منظر

    پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹرعبدالقدیر نے 1974 میں وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کو خط لکھ کرایٹمی پروگرام کے لیے کام کرنے کی پیشکش اور اسی سال کہوٹہ لیبارٹریز میں یورینیم کی افزودگی کا عمل شروع کردیا گیا۔ پاکستانی سائنسدانوں نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود ایٹمی پروگرام کو جاری رکھا اورملک کو جدید ترین ایٹمی صلاحیت رکھنے والے ممالک میں شامل کردیا۔

    ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان اس وقت ایک سو سے زائد ایٹمی وارہیڈزرکھتا ہے۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام شدید عالمی دباو کے باوجود تیزی سے جاری ہے اور پاکستان ہرسال اپنے ہتھیاروں کے ذخیرے میں دس نئے ایٹم بموں کا اضافہ کرلیتا ہے۔

    بھارت امریکہ ایٹمی معاہدے کے بعد پاکستان کی جانب سے چین کے ساتھ ایسا ہی معاہدہ کیا گیا ہے۔ ملک میں چین کے تعاون سے ایٹمی بجلی گھربھی بنائے جا رہے ہیں جبکہ خوشاب کے قریب پلوٹینیم تیارکرنیوالے دو نئے ایٹمی ری ایکٹرزبھی مکمل ہو چکے ہیں۔ خوشاب میں ہی ایک اور ایٹمی پلانٹ کی تعمیر بھی جاری ہے جن سے ایٹمی ہتھیار بنانے کی ملکی صلاحیت میں مزید اضافہ ہونا یقینی ہے۔

    ایک جانب تو یہ ایٹمی بم بھارت جیسے جنگ پسند ملک کے مدمقابل پاکستان کی پر وقار سالمیت کو یقینی بنائے ہوئے ہے لیکن اس مہنگے ترین ہتھیار کی تیاری اور اس کی حفاظت کی وجہ سے پاکستان معاشی ترقی کے وہ اہداف حاصل نہیں کرسکا جو اسے اب تک کرلینے چاہئے تھے بلکہ بعض میدانوں میں تو پاکستان جہاں تھا وہاں سے بھی پیچھے چلا گیا۔

    پاکستان کا ایٹمی پروگرام شروع دن سے ہی عالمی سازشوں اور شدید تنقید کا شکار ہے۔ پاکستانی کی ایٹمی طاقت کئی عالمی طاقتوں کو ایک آنکھ نہیں بھاتی اور یہی وجہ ہے کہ کچھ عرصے بعد باقاعدہ مخالفانہ مہم چلائی جاتی ہے۔

    حکومت اورپوری قوم کا فرض ہے کہ ملکی سلامتی کی علامت اس ایٹمی پروگرام کی حفاظت اور ترقی کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کے لیے تیاررہیں اور یہی آج کے دن یعنی یومِ تکبیرکا پیغام ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔