Tag: ایپلی کیشن

  • خبردار! آپ کے اسمارٹ فون میں موجود یہ ایپ آپ کو کنگال کر سکتی ہے

    خبردار! آپ کے اسمارٹ فون میں موجود یہ ایپ آپ کو کنگال کر سکتی ہے

    اسمارٹ فون رکھنے والے افراد اپنے فون میں مختلف ایپلی کیشنز رکھتے ہیں جس کا مقصد مختلف سرگرمیوں کو آسان بنانا ہوتا ہے، تاہم ایک ایپ ایسی ہے جو بظاہر بہت معتبر معلوم ہوتی ہے، لیکن درحقیقت وہ صارفین کو نقصان پہنچانے کے لیے بنائی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹو ڈو: ڈے مینیجر نامی اسمارٹ فون ایپلی کیشن کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ کے موبائل فون میں مذکورہ ایپ موجود ہے تو یہ موبائل سے آپ کے بینک اکاؤنٹس کی تمام معلومات چوری کر کے آپ کو کنگال کر سکتی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ایپ صارف کی پرائیویسی یعنی موبائل کے کوڈز، فنگر پرنٹ اور چہرے کی شناخت سمیت تمام معلومات حاصل کرلیتی ہے۔

    ماہرین نے اسمارٹ فون رکھنے والے ایسے صارفین جو اس ایپ کو پہلے ہی اپنے موبائل میں ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں، خبردار کیا ہے کہ اگر وہ کسی بڑی مصیبت سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو فوراً اس ایپ کو ڈیلیٹ کردیں، ورنہ انہیں پچھتاوا ہوگا۔

    یہ ایپ بنیادی طور پر دن بھر کی مصروفیات کا شیڈول بنانے کے ساتھ ساتھ اہم تقریبات یا پھر نماز کے اوقات کی یاد دہانی میں مدد کے لیے بنائی گئی ہے۔

    ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایپ نہ صرف اسمارٹ فون پر آنے والے تحریری پیغامات تک رسائی حاصل کر سکتی ہے بلکہ آپ کی بینکنگ کی حساس معلومات بھی چوری کر کے اس کا غلط استعمال کر سکتی ہے۔

  • وزیر اعظم کا بڑا فیصلہ: ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن بنانے کا حکم جاری

    وزیر اعظم کا بڑا فیصلہ: ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن بنانے کا حکم جاری

    اسلام آباد: ملک میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے نا خوش گوار واقعات کے تدارک کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کر لیا، انھوں نے میرا بچہ الرٹ نامی ایپلی کیشن کی تیاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بچوں کے اغوا اور گم شدگی کیسز کے تدارک کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے ’میرا بچہ الرٹ‘ کے نام سے ایک خصوصی ایپلی کیشن بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن 2 ہفتے میں تیار کر لی جائے گی، اس ایپلی کیشن کی مدد سے گم شدہ بچے کے درج کوائف فوری طور پر پولیس تک پہنچ جائیں گے۔

    بتایا گیا ہے کہ میرا بچہ الرٹ ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک ہوگی، اس اقدام سے کسی بھی واقعے میں بچے کی برآمدگی اور کیس پر پیش رفت کے سلسلے میں نظر رکھی جا سکے گی۔

    کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ بچوں کے ساتھ غیر اخلاقی، نا خوش گوار واقعات کی تحقیقات میں بڑی کام یابی ملی ہے، اس کام یابی سے ایسے مکروہ فعل میں ملوث دیگر ملزمان تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ بچوں سے متعلق واقعات کو معاشرتی وجوہ کے سبب سامنے نہیں لایا جاتا، تاہم موجودہ حکومت معصوم بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔

    انھوں نے کہا ایسے مکروہ اور بھیانک جرائم میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔