Tag: ایچ ای سی

  • وائس چانسلر اردو یونیورسٹی سے بد تمیزی، ایچ ای سی نے اجلاس طلب کر لیا

    وائس چانسلر اردو یونیورسٹی سے بد تمیزی، ایچ ای سی نے اجلاس طلب کر لیا

    اسلام آباد: اردو یونی ورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین سے بد تمیزی کے معاملے کی گونج ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں بھی سنی گئی، ایچ ای سی نے اس سلسلے میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں جامعہ اردو کے وائس چانسلر پر ایک طلبہ تنظیم کے کارکنوں نے تشدد کیا تھا اور ان کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا، ایچ ای سی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اجلاس بلا لیا۔

    یہ اجلاس 21 اکتوبر کو سہ پہر ڈھائی بجے ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں ہوگا، اجلاس میں جامعات کے سربراہان کی سیکیورٹی کا معاملہ زیر غور آئے گا، اس بات پر مشاورت ہوگی کہ جامعات کے سربراہان کی سیکیورٹی کیسے بڑھائی جائے۔

    اجلاس میں طلبہ کو شرپسند عناصر سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی غور کیا جائے گا، جب کہ جامعات میں فنڈنگ کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  جامعہ اردو : طلبہ تنظیم کے کارکنان کا وائس چانسلر پر تشدد

    اس اجلاس میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی جامعات کے وائس چانسلرز ذاتی حیثیت میں پیش ہوں گے، جب کہ ملک بھر کی جامعات کے دیگر وائس چانسلرز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوں گے۔

    یاد رہے وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے ساتھ بدتمیزی کا یہ افسوس ناک واقعہ گزشتہ روز کراچی میں پیش آیا تھا، طلبہ تنظیم کے کارکنوں نے ڈاکٹر الطاف حسین کو گاڑی سے اتار کر گھیسٹا، اور ان پر تشدد کیا۔

    جامعہ اردو کے اساتذہ نے وائس چانسلر پر ہونے والے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور تمام کیمپسز میں ہونے والی کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ انجمن اساتذہ نے پولیس کا رویہ بھی غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔

  • وزیر اعظم سے پروفیسر عطا الرحمان کی ملاقات، پی ایم ہاؤس میں یونی ورسٹی کے منصوبے پر گفتگو

    وزیر اعظم سے پروفیسر عطا الرحمان کی ملاقات، پی ایم ہاؤس میں یونی ورسٹی کے منصوبے پر گفتگو

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے پروفیسرعطا الرحمان نے ملاقات کی ہے، جس میں وزیر اعظم ہاؤس میں انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونی ورسٹی کے مجوزہ منصوبے پر گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم ہاؤس میں ڈاکٹر عطا الرحمان نے عمران خان سے ملاقات کی، ای اینڈ ٹی یونی ورسٹی پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بریفنگ میں کہا کہ یونی ورسٹی میں سینٹر آف ایکسیلنس کے 6 شعبے قایم کیے جائیں گے۔

    پروفیسر عطا الرحمان نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں کہا کہ شعبہ جات میں مصنوعی ذہانت، توانائی، بائیو ٹیکنالوجی، مٹیریل سائنسز کے شعبے شامل ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر عطا الرحمان کے ساتھ ملک بھر میں مزید 5 سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام پر بھی مشاورت کی، ملاقات میں ایک سینٹر اسلام آباد باقی 4 صوبوں میں بنائے جانے کی تجویز پیش کی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم نے سوہاوہ میں القادر یونی ورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

    ملاقات میں ملک میں تحقیقی کام کے فروغ کے لیے فنڈز کی فراہمی کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

    یاد رہے کہ 5 مئی کو وزیر اعظم عمران خان نے سوہاوہ میں القادر یونی ورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھا تھا، تقریب سے خطاب انھوں نے کہا کہ روحانیات کو سپر سائنس بنائیں گے، القادر یونی ورسٹی میں صوفی ازم پر بھی ریسرچ کی جائے گی، یہ یونی ورسٹی تاریخ سے آگاہ کرے گی، 35 فی صد بچوں کو مفت اسکالر شپ ملے گی۔