Tag: ایڈلیڈ

  • ایڈیلیڈ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلے روز 1 وکٹ پر 302 رنز بنالیے

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلے روز 1 وکٹ پر 302 رنز بنالیے

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز لبوشین اور ڈیوڈ وارنر کی سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے دن کے اختتام پر ایک وکٹ پر 302 رنز بنالیے، کھیل کا پہلا روز آسٹریلیا کے نام رہا، پاکستانی بولرز صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اوپنر ڈیوڈ وارنر 166 اور لبوشین 126 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ شاہین آفریدی نے حاصل کی۔

    پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد آسٹریلوی بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، میچ کا دوسرا سیشن بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔

    دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان اور آسٹریلیا مدمقابل ہیں، جبکہ بادلوں نے بھی میچ کو گھیر رکھا ہے، پاکستان کی جانب سے جوائے برن کی وکٹ شاہین آفریدی نے لی، آسٹریلوی اوپنر جوائے برن 4 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ امام الحق، محمدعباس اور محمدموسیٰ ٹیم میں شامل ہوگئے۔ حارث سہیل، عمران خان سینئر اور نسیم شاہ کو ٹیم سے آؤٹ کردیا گیا۔

    ٹاس کے بعد کومنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ وکٹ دیکھتے ہوئے ہم پہلے بولنگ ہی کرنا چاہتے تھے، ہم نے گزشتہ میچز میں تیسرے اور چوتھے دن اچھا کھیلا، کوشش کریں گے آج بھی اچھا کھیلیں۔

    مصباح کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد کیا قومی ٹیم آج پہلی کامیابی حاصل کرپائے گی یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوا ہے، جبکہ مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔

    ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا تھا، البتہ ٹیم کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم سیریز ہارنے کی صورت میں پی سی بی بڑے فیصلے کرسکتی ہے۔

  • بنگلہ دیش کی انگلینڈ کو 15 رنز سے اپ سیٹ شکست

    بنگلہ دیش کی انگلینڈ کو 15 رنز سے اپ سیٹ شکست

    ایڈلیڈ: بنگلہ دیش نے بگ تھری کے ٹھیکیدار انگلینڈ کو ورلڈ کپ سے باہر کا راستہ دکھادیا، انگلینڈ کو پندرہ رنز سے اپ سیٹ شکست دیکر بنگلہ دیش کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔

    کرکٹ کا بانی انگلینڈ ورلڈ کپ سے فارغ کردیا گیا۔ ایڈلیڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے گوروں کو پندرہ رنز سے ہرا کرعالمی کپ کی تاریخ میں پہلی بار کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

    انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اینڈرسن نے ابتدائی بلے بازوں کو پویلین بھیج کر اپنے  کپتان کا بھرم برقراررکھا۔ محمود اللہ اور مشفیق الرحیم نے ایک سو اکتالیس رنز جوڑ کر بنگال ٹائیگرز کو مکمل تباہی سے نکالا،۔

    محمود اللہ کی سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو دو سو چھیتر رنز کا ہدف دیا۔ معین علی اور ای این بیل نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ بنگال بولرز نے شاندار کم بیک کرتےہوئے پہلے معین علی اور پھر بیل کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    مشرفی مرتضی اور تسکین احمد نے انگلش مڈل آڈر کی کمر توڑ دی۔ جوس بٹلر اور کرس وکس نے پچہتر رنز جوڑ کر بنگلہ دیش کے لئے خطرے کی گھنٹی بجائی، لیکن بٹلر کے آؤٹ ہوتے ہی پوری ٹیم دو سو ساٹھ رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

    محموداللہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  • آسٹریلیا نے بھارت کو ایک سو چھ رنز سے شکست دیدی

    آسٹریلیا نے بھارت کو ایک سو چھ رنز سے شکست دیدی

    ایڈلیڈ : ورلڈ کپ کے پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے دفاعی چیمپیئن بھارت کو ایک سو چھ رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ گھر کے شیروں کو ایک اور شکست ہوگئی۔

    دفاعی چیمپیئن دورہ آسٹریلیا میں ایک بھی میچ نہ جیت سکے۔ کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے وارم اپ میچ میں کینگروز نے بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں ملا دیا۔ بھارت کو ایک سو چھ رنز سے شکست دی ۔

    آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ارون فنچ نے طوفانی آغاز فراہم کیا، ڈیوڈ وارنر نے ایک سو چار رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔

    گلین میکسویل نے ستاون گیندوں پر ایک سو بائیس رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، آسٹریلین ٹیم پورے اوورز کھیلے بغیر تین سو اکہتر رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی شروعات افسوسناک رہی،

    روہیت شرما اور ویرات کوہلی ایک بار پھر فلاپ ہوئے۔ شیکھر دھون، امبتی رایڈو اور اجنکے رہانے کی نصف سنچریاں بھی بھارت کو جیت نہ دلواسکی، بھارتی ٹیم مقررہ اوورز کھیلے بغیر ہی دو سو پینسٹھ رنز پر ڈھیر ہوگئی۔