Tag: ایڈوائزری

  • سائبر حملوں میں اضافہ، نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم نے خبردار کردیا

    سائبر حملوں میں اضافہ، نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم نے خبردار کردیا

    اسلام آباد(10 اگست 2025): پاکستان کی نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (این سی ای آر ٹی) نے ملک بھر میں سائبر حملوں اضافے پر ایڈوائزری جاری کی ہے۔

    نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز ان حملوں کو انجام دینے کے لیے غیر تصدیق شدہ پلیٹ فارمز اور متاثرہ فائلوں کا استمال کر رہے ہیں۔

    ایڈوائزری کے مطابق بلیو لاکر وائرس خاص طور پر سسٹم میں دراندازی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جس سے سائبر کرائم متاثرہ سے تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز غیر تصدیق شدہ پلیٹ فارمز، وائرس زدہ فائلز کے ذریعے حملے کررہے ہیں، ہیکرز بلیو لاکر وائرس کے ذریعے حملہ کرکے اداروں سے تاوان مانگتے ہیں، سائبر حملوں سے کاروباری سرگرمیاں معطل، فائل مکمل ضائع ہوسکتی ہیں۔

    سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے 39 وزارتوں، اداروں کو خط لکھ کر خبردار کر دیا، جس میں اداروں کو سائبر حملے سے بچاؤ کیلئے ملٹی فیکٹر تصدیقی نظام رائج کرنےکی سفارش کی گئی ہے۔

    سائبر ایمرجنسی ٹیم نے لنکس اور اٹیچمنٹس کے لئے ای میل فلٹرنگ نظام اپنانے، سائبر حملے کی صورت میں شیئر ڈرائیوز بیک اپس الگ کرنے اور اداروں کو حملےکی صورت میں تحقیقات کیلئے فارنزک ثبوت محفوظ رکھنےکی سفارش کی ہے۔

    خط میں سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خارجہ، ڈی جی نیکٹا، ڈی جی، ایف آئی اے، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، الیکشن کمیشن، قومی اسمبلی، پیمرا سمیت دیگراداروں کو تاوان کے لئے سائبر حملوں کا پیشگی نظام بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-petroleum-limited-cyber-attack-on-it-system-8-august-2025/

  • بارش کے دوران موٹر وے پر سفر کرنے والے یہ کام ہرگز نہ کریں، اہم ایڈوائزری جاری

    بارش کے دوران موٹر وے پر سفر کرنے والے یہ کام ہرگز نہ کریں، اہم ایڈوائزری جاری

    ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری ہونے کے بعد موٹر وے نے بھی دوران بارش مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔

    اس وقت پنجاب کے کئی اضلاع میں طوفانی بارشیں جاری ہیں۔ جس نے جل تھل کو ایک کر دیا ہے جب کہ مون سون کے تباہ کن اسپیل نے 7 قیمتی جانیں لے لی ہیں۔

    تیز بارش کے دوران ویسے تو اکثر سفر سے گریز کرتے ہیں مگر کچھ کسی مجبوری اور کچھ موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے سفر جاری رکھتے ہیں۔ ایسے میں سڑکوں پر پانی اور پھسلن سے حادثات کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

    موٹر وے پولیس نے بھی بارشوں کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس میں بارش کے دوران موٹر ویز پر سفر کرنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق آگہی دی گئی ہے۔

    ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران سڑکوں پر پھسلن ہوتی ہے جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے دوران بارش گاڑی ڈرائیو کرنے والے افراد اپنی گاڑی کی رفتار کم اور اگلی گاڑی سے فاصلہ زیادہ رکھیں۔

    موٹر وے پولیس نے خاص طور پر یہ انتباہ جاری کیا ہے کہ بارش کے دوران اچانک برک لگانے سے گریز کریں جب کہ پہاڑی علاقوں کی جانب سے سفر کرنے والے ڈرائیور زیادہ احتیاط برتیں۔

    موسم سے متعلق خبریں 

    ایڈوائزری میں موسم برسات کے دوران گاڑی کی لائٹس اور وائپر درست حالت میں رکھنے کی تاکید کے ساتھ کسی بھی مدد کی صورت میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے نے آج سے یکم جولائی تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہوا ہے جب کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/punjab-weather-today-first-moonsoon-spell/

  • بینک سے 5لاکھ یا زائد رقم نکلوانے پر شہری کو پولیس سیکیورٹی لینا لازمی

    بینک سے 5لاکھ یا زائد رقم نکلوانے پر شہری کو پولیس سیکیورٹی لینا لازمی

    کراچی: بینک سے رقم لے کر نکلنے والوں کے تحفظ کیلئے ساؤتھ پولیس نے نئی ایڈوائزری جاری کردی، پولیس کو مطلع کرنا لازمی ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھ پولیس نے بتایا کہ 5لاکھ یا اس سے زائد رقم نکلوانے پر شہری کو پولیس سیکیورٹی لینا لازم ہوگا، بینک مینجر متعلقہ تھانے کو فون کرکے سیکیورٹی فراہم کرائے گا، بینک مینجر کو پابند کردیا گیا ہے کہ وہ خود متعلقہ تعلقہ تھانے فون کرکے سیکیورٹی مانگے۔

    پولیس نے بتایا کہ بینکوں کو مووی ایبل بنکر بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بینکوں میں تربیت یافتہ سیکیورٹی گارڈ کی تعیناتی لازم ہوگی۔

    حکام نے بتایا کہ بینک گارڈ کیلئے بلٹ پروف جیکٹ لازمی قرار دی گئی ہے، بینک کے داخلی و خارجی راستوں پر 8 میگا پکسل کیمرے نصب کیے جائیں۔

    ایڈوائزری میں غیرمتعلقہ افراد پر سخت نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ سرکاری تعطیلات کے دوران بھی بینک میں سیکیورٹی گارڈ موجود ہوگا۔

    بینک میں تعینات ہونے والے سیکیورٹی گارڈز کے حوالے سے پولیس کا مزید کہنا تھا کہ بینک گارڈز رجسٹرڈ اور مستند ایجنسی سے لیے جائیں۔

  • بھارت میں جمعہ کے دن ہولی کا تہوار، پولیس نے ایڈوائزری جاری کردی

    بھارت میں جمعہ کے دن ہولی کا تہوار، پولیس نے ایڈوائزری جاری کردی

    بھارت میں رمضان المبارک کے ماہ کے دوران جمعہ کے دن ہولی کا تہوار، ہولیکا دہن اور ہولی سے متعلق دیگر پروگراموں کے لیے پولیس کی جانب سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری آج سے 18 مارچ 2025 تک لاگو ہو گی۔ جس میں رمضان المبارک کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔

    ممبئی پولیس نے جو ایڈوائزری جاری کی ہے اس کے تحت فحش الفاظ یا نعرے نہ لگانا یا عوام میں فحش گانے نہ چلانا شامل ہے اوراشاروں، نقالی، تصاویر، علامات، پوسٹرز یا کسی بھی ایسی چیز کی نمائش یا تشہیر جس سے کسی بھی شخص کی ساکھ، شائستگی یا اخلاقیات کی توہین ہو،راہگیروں پر رنگین پانی، رنگ یا پاؤڈر پھینکنے یا اسپرے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    رپورٹس کے مطابق اس کے علاوہ رنگین یا عام پانی سے بھرے غبارے بنانا یا پھینکنا سختی سے منع کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ہولی اور رنگ پنچمی کے نام پر زبردستی چندہ جمع کرنے والوں کے خلاف بھی ایکشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 14 مارچ، جس دن پورے ملک میں ہولی کا تہوار منایا جائے گا، وہ دن جمعۃ کا دن ہوگا، رمضان المبارک کے دوران جمعہ یعنی جمعہ کی نماز مسلمانوں کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔

    ایک کٹنگ کے لاکھ روپے لینے والا بھارتی حجام، خاص بات کیا ہے؟

    جمعہ کے دن لوگ نماز پڑھنے کے لیے گھروں سے نکلیں گے اوردوسری جانب ہولی کی مناسبت سے ہندو اپنے گھروں سے نکل کر اپنے محلوں میں اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ ہولی منائیں گے۔

    بی جے پی کے وزیر کا ایک متنازعہ بیان بھی گردش کررہا ہے، رگھوراج سنگھ نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لیے مسلمان مردوں کو ‘ترپال سے بنا حجاب’ پہن کر باہر جانا چاہیے۔

  • مری اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری، سیاحوں کیلیے کیا ایڈوائزری جاری کی گئی؟

    مری اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری، سیاحوں کیلیے کیا ایڈوائزری جاری کی گئی؟

    مری سمیت بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد انتظامیہ الرٹ ہو گئی ہے اور سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔

    خشک سالی کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری نے موسم خوشگوار اور جاتی سردی کو واپس لوٹا دیا ہے۔

    پاکستان کے پرفضا تفریحی مقامات مری سمیت بالائی علاقوں میں شدید برفباری نے جہاں ان علاقوں کا حسن دوبالا کر کے سیاحوں کو متوجہ کر لیا ہے وہیں مقامی انتظامیہ نے آنے والے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری بھی جاری کر دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ملکہ کوہسار، نتھیا گلی، ایوبیہ، گلیات کے بالائی مقامات پر 6 سے 8 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ لواری ٹنل اور سیاحتی مقام کمراٹ میں بھی ایک فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ استور میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ دیر، مالم جبہ، میاندم اور کالام میں بھی برف باری سے سردی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    طویل انتظار کے بعد رواں سال پہلی بار جم کر برفباری نے موسم انتہائی دلفریب کر دیا ہے۔ ایسے حسین موسم اور برف پوش پہاڑوں کے نظاروں لطف لینے کے لیے ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح مری، گلیات اور بالائی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے ترجمان نے کہا ہے کہ مری میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید برفباری اور بارش کا امکان ہے جب کہ ملکہ کوہسار مری میں ڈی سی نے صورتحال دیکھتے ہوئے سیاحوں کیلیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

    برفباری کے بعد مقامی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر مری برفباری کے دوران خود سنو بائیک پر پٹرولنگ کر کے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں جب کہ سیاحوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔

    سیاحوں کو کہا گیا ہے کہ وہ موسم سے لطف اندوز ضرور ہوں تاہم ٹریفک جام والی صورتحال سے بچنے کی کوشش کریں۔

    واضح رہے کہ 2022 میں مری میں ریکارڈ برفباری کے بعد سیاح پرفضا وادی میں پھنس گئے تھے اور 21 سیاحوں کی اس واقعہ میں موت واقع ہوئی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/divisional-emergency-officer-confirms-21-people-died-in-heavy-snowfall-in-murree/

  • منکی پاکس سے بچاؤ کیلئے ایڈوائزری جاری

    منکی پاکس سے بچاؤ کیلئے ایڈوائزری جاری

    اسلام آباد: منکی پاکس سے بچاؤ کیلئے قومی ادارہ صحت کی جانب سے ایڈوائزری جاری کردی گئی۔

    قومی ادارہ صحت کی جانب جاری ہونے والے ہدایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ منکی پاکس چوہوں، جنگلی جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماری ہے، اس سے متاثرہ شخص 5 سے 21 دنوں میں ریکور ہو سکتا ہے۔

    قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس متاثرہ شخص سے دوسرے شخص میں بھی منتقل ہوسکتا ہے،گلے ملنے، ہاتھ ملانے سے وائرس دوسرے شخص میں منتقل ہو سکتی ہے۔

    قومی ادارہ صحت نے ہدایت نامے میں عوام کو ہدایت کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیارکریں، ہاتھ بار بار دھوئیں، سینی ٹائزر کا استعمال کریں، وائرس کا مبتلا افراد پیناڈول، پیراسیٹامول اور بروفین کا استعمال کریں۔

    منکی پاکس: کراچی سمیت ملک کے دیگر ایئر پورٹس پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

    منکی پاکس کا شکار شخص بخار، سر، کمر اور پٹھوں کے درد میں مبتلا ہو جاتا ہے،  منکی پاکس کے شکار کچھ افراد میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں، اس وائرس کیلئے3 ویکسین دستیاب ہیں لیکن ان کی فراہمی انتہائی کم ہے، پہلی ڈوز سےکسی قسم کا انفیکشن ہو تو دوسری ڈوز مشورے کے بغیر نہیں لگوائیں۔

    قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کا کوئی علاج نہیں لیکن بچاؤ کا واحد حل احتیاط ہے، ائیرپورٹ اور سی پورٹ پر موجود ملازمین ماسک کا استعمال لازمی کریں، چکن پاکس سے بچاؤکی ویکسین منکی پاکس کےمریض کو دی جا سکتی ہے۔

    منکی پاکس کے متاثرہ شخص کو ایم وی اے، بی این ویکسین اور ایل سی 16 ویکسین بھی لگائی جا سکتی ہے، منکی پاکس کیلئے این آئی ایچ اور دیگر اسپتالوں سے ٹیسٹ کروائے جاسکتے ہیں۔

  • اتحاد ایئر ویز نے اپنے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی

    اتحاد ایئر ویز نے اپنے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی

    ابو ظہبی: اتحاد ایئر ویز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ابو ظہبی انٹرنیشل ایئرپورٹ پر جلد چیک ان کی سہولت استعمال کریں تاکہ دسمبر کے مصروف سیزن کے دوران لمبی قطاروں سے بچ سکیں اور ان کا وقت ضائع نہ ہو۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی میں فارمولا ون سیزن کے فائنل کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں چھٹیوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث رواں ماہ شہر میں کافی گہما گہمی متوقع ہے۔

    رواں ہفتے اور دسمبر کے پورے مہینے میں ابو ظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا رش ہونے کی توقع بھی ظاہر کی جارہی ہے۔

    ایسے میں اتحاد ایئر ویز نے مسافرں کو قطاروں کی جھنجھٹ اور وقت کی بچت کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔

    ایڈوائزری کے مطابق 30 دسمبر تک مسافر اپنی پرواز سے 8 گھنٹے قبل تک چیک ان کرنے کے لیے اتحاد ایئر ویز کی سہولت استعمال کرسکتے ہیں۔

    اتحاد ایئر ویز کی چیک ان ڈیسک پورے ہفتے صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کھلی رہے گی۔

    ایک شخص ایک ساتھ سفر کرنے والے خاندان کے دیگر افراد کے لیے بھی چیک ان کرسکتا ہے لیکن اس کے لیے تمام افراد کا کرونا ٹیسٹ رزلٹ اور ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری ہوگا۔

    اتحاد ایئر ویز کی جانب سے ڈاکیومنٹس کی منظوری کی ای میل مسافروں کو بھیجی جائے گی تاکہ انہیں علم ہوجائے کہ ان کے دستاویزات مکمل ہیں، دستاویزات منظور ہونے والے مسافر ہوائی اڈے پر فاسٹ ٹریک ویریفائڈ ٹو فلائی ڈیسک کا استعمال بھی کرسکتے ہیں۔

  • عالمی پروازوں کی بحالی، نئی سفری ایڈوائزری جاری

    عالمی پروازوں کی بحالی، نئی سفری ایڈوائزری جاری

    کراچی: ملک میں عالمی پروازوں کی بحالی کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نئی سفری ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سِول ایوی اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے نظر ثانی شدہ قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں، یہ قواعد 20 جون (آج) سے 31 جولائی تک نافذ العمل رہیں گے۔

    قواعد و ضوابط کے تحت بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے ہوم قرنطینہ کی شق برقرار رکھی گئی ہے، جن مسافروں کا کرونا ٹیسٹ منفی ہو ان کے لیے لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ کی شرط نہیں ہوگی، منفی رپورٹ کی صورت میں مسافر اپنے گھر میں ہی 14 روز قرنطینہ رہ سکیں گے۔

    اگر مسافر کا کرونا ٹیسٹ مثبت ہوا اور علامات بھی زیادہ شدید ہوں تو لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ میں جانا ہوگا، اگر ٹیسٹ مثبت مگر مسافر کی حالت خراب نہیں، تو ایسے مسافر کو ہوم قرنطینہ کی اجازت دی جا سکتی ہے، تاہم مثبت کرونا ٹیسٹ کی صورت میں مسافر پر ایک سے دوسرے صوبے جانے کی پابندی ہوگی۔

    حکومت کا بڑا فیصلہ، بین الاقوامی پروازیں بحال ہو گئیں

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے مطابق قواعد و ضوابط کا سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، قواعد و ضوابط کا اطلاق تمام کمرشل اور نجی طیاروں کی پروازوں پر ہوگا، حسبِ سابق پرواز کی پاکستان آمد یا روانگی سی اے اے کی اجازت سے مشروط رہے گی۔

    جہاز کو اڑان بھرنے سے قبل جراثیم سے پاک کرنے کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازمی ہوگا، طیارے میں پرسنل پروٹیکشن ایکوئپمنٹ کا ضروری اسٹاک لازمی ہوگا، مسافروں کے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پُر کروانا بھی کمرشل و پرائیویٹ فضائی کمپنی کی ذمہ داری ہوگی۔

    سی اے اے نے ایک بار پھر مسافروں اور طیارے کے عملے کو ذاتی حفاظت اور سماجی فاصلہ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، دوران پرواز مسافروں کی نشستیں کیسی رکھی گئی ہیں، اس کا پلان تصاویر کی صورت سی اے اے کو بھجوایا جائے گا، پرواز کے ایئر پورٹ لینڈنگ کے بعد مسافروں کا سامان جراثیم سے پاک کر کے دیا جائے گا۔

    پرواز کے مسافروں کے لیے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم بھی جمع کرانا لازمی ہوگا، تمام ایئرپورٹس کے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک لاؤنجز میں پرواز کے عملے اور مسافروں کی خود کار تھرمل اسکینرز سے اسکینگ لازمی ہوگی، بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے کیبن کریو کے کرونا ٹیسٹ ترجیحاً ہوں گے۔

  • کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سی اے اے کا اہم اقدام

    کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سی اے اے کا اہم اقدام

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سی اے اے کا اہم اقدام سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کرونا وائرس کے پیش نظر ملازمین کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ سی اے اے ملازمین کی ڈیوٹی کے اوقات کار تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہیڈکوارٹرز، جنرل ڈیوٹی والے ملازمین 6گھنٹے کام کریں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی اےاے ملازمین صبح 10سے شام 4 بجےتک ڈیوٹی انجام دیں گے، جمعہ کوصبح 10بجےتا دوپہر ایک بجے تک ڈیوٹی ہوگی۔

    حکومت پاکستان کا کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بڑا فیصلہ

    یاد رہے کہ دو روز قبل حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کے بعد تمام علاقائی پروازیں بھی منسوخ کردی تھیں۔

    ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے علاقائی پروازوں کی منسوخی سے متعلق نوٹم جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت پاکستان نے تمام ایئر لائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا۔

    قبل ازیں حکومت پاکستان کی ہدایات کے بعد پاکستان انٹرنیشل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنی تمام بین الاقوامی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔

  • کرونا وائرس: چین سے آنے والی امپورٹ اشیا پر اہم شرط عائد

    کرونا وائرس: چین سے آنے والی امپورٹ اشیا پر اہم شرط عائد

    کراچی: پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت چین سے آنے والی امپورٹ اشیا پر فیومیگیشن کی لازمی شرط عائد کردی گئی۔ فیومیگیشن کے بعد اشیا کو کلیئرنس دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت محکمہ پورٹ ہیلتھ نے ایڈوائزری جاری کردی۔

    ایڈوائزری کے تحت چین سے آنے والے درآمدی مال کی کلئیرنس کے لیے شرط عائد کی گئی ہے کہ چین سے درآمد اشیا کو فیومیگیشن کر کے کلیئر کیا جائے۔

    ایڈوائزری میں کہا گیا کہ چینی سامان کی فیومیگیشن پورٹ ہیلتھ کی نگرانی میں کروائی جائے، اس ہدایت پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔

    ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس ہدایت پر عمل نہ کرنے سے پورے ملک کے لیے خطرہ ہوسکتا ہے۔ مذکورہ ہدایات کے بعد بندر گاہوں پر چین سے آنے والے 32 کنٹینرز روک لیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت پاکستان سے ماسک اور دستانوں کی برآمد پر بھی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے اور ہدایت کردی ہے کہ زمینی، فضائی یا بحری راستوں سے ماسک اور دستانوں کی برآمدگی روک دی جائے۔

    دوسری جانب کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چینی شہر ووہان میں اب تک 213 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق کمزور نظام صحت والے ممالک میں اس وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کا خدشہ ہے، وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔