Tag: ایڈیلیڈ

  • محمد عرفان کی جگہ یاسر شاہ کو موقع دیا جاسکتا ہے، وقاریونس

    محمد عرفان کی جگہ یاسر شاہ کو موقع دیا جاسکتا ہے، وقاریونس

    ایڈیلیڈ : آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کوارٹرفائنل کیلئے ٹیم میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ کینگروز سے مقابلے کے لئے بہترین ٹیم میدان میں اتاریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف بڑا میچ اور بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔ یاسر شاہ کی سوئی ہوئی قسمت کوارٹرفائنل میں جاگ سکتی ہے۔ کوچ وقار یونس نے لیگ اسپنر کے نام پر غورشروع کردیا۔

    محمد عرفان کی جگہ یاسر شاہ کو موقع مل سکتا ہے۔ ایڈیلیڈ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا مضبوط حریف ہے۔

    مقابلہ سخت ہوگا۔ کینگروز کو پہلے بھی ہراچکے ہیں۔ جنوبی افریقہ سے میچ کی طرح کھیلے تو جیتا جاسکتا ہے۔ وقار یونس نے کہا کہ محمد عرفان کی انجری نقصان بڑا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ہیڈ کوچ وقار یونس  کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کیلئے ایک دن اچھا آنا ہے اور ہوسکتا ہے وہ دن جمعے کا ہی ہو۔

  • محمد عرفان کی آسٹریلیا کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک

    محمد عرفان کی آسٹریلیا کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک

    ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کیخلاف کوارٹرفائنل سے قبل پاکستان کو دھچکا لگ گیا، طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان کی میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف ڈو اینڈ ڈائی میچ سے قبل شاہینوں کو بڑا دھچکالگ گیا، سات فٹ ایک انچ قد کے مالک محمد عرفان کولہے کی انجری سے تاحال صحت یاب نہ ہوسکے۔

    فاسٹ بالر کی آسٹریلیا کیخلاف ناک آؤٹ میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ ایڈیلیڈ میں محمد عرفان کاایم آر آئی ٹیسٹ کرا لیاگیا ہے،تاہم ابھی تک اس کی رپورٹ سامنے نہیں آئی ۔

    ذرائع کے مطابق محمد عرفان کی انجری شدید نوعیت کی ہے انہیں مکمل طور پر ٹھیک ہونے میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔انجری کے باعث محمد عرفان آج ہونے والے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    ایم آر آئی ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی فیصلہ ہوگا کہ محمد عرفان آسٹریلیا کیخلاف کوارٹرفائنل کھیلیں سکے گے یا نہیں۔

    محمد عرفان عالمی کپ کے پانچ میچز میں آٹھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں،واضح رہے  کہ فاسٹ بالر محمد عرفان یو اے ای کیخلاف میچ مں کولہے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔

  • ورلڈ کپ کوارٹر فائنل :پاکستان آسٹریلیا مقابلہ بیس مارچ کو ہوگا

    ورلڈ کپ کوارٹر فائنل :پاکستان آسٹریلیا مقابلہ بیس مارچ کو ہوگا

    ایڈیلیڈ : پاکستان نے ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ بیس مارچ کو سنسنی خیز مقابلہ چار بار کے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا سے ہوگا۔ اگر مگر ختم ہوگیا اور پاکستان کوارٹرفائنل میں پہنچ گیا۔

    اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہارنے والی ٹیم سیدھا گھر آئے گی۔ ائیر پورٹ پر شائقین یقیناً  بپھرے ہوئے ہونگے۔ ایک ناکامی پچھلی کامیابیوں کو بے معنی بنادے گی۔

    ایڈیلیڈ میں بیس مارچ کو گھمسان کا رن پڑے گا۔ مدمقابل آسٹریلیا جس کی باؤلنگ تباہ کن اور نو نمبر تک بیٹنگ ہے۔ شاہنیوں کا لمبے چوڑے کینگروز سے ٹاکرا ہوگا۔

    آسٹریلیا کے پاس چھکے مارنے والوں کی بھرمارہے۔ اور پاکستان کے پاس چھکے چھڑانے والوں کی کمی نہیں ،کیونکہ ان کے ساتھ قوم کی دعائیں ہوں گی۔

    اس دن بوم بوم دھوم مچائے گا اورویسے بھی سرفراز دھوکا نہیں دے گا۔ جمعے کا بابرکت دن ہوگا اور شاہینوں کی محنت بیڑا پار لگائے گی، کیونکہ قوم کی دعائیں جو ساتھ ہیں۔

  • مستقبل میں قیادت کی پیشکش ہوئی تو انکار نہیں کروں گا، یونس خان

    مستقبل میں قیادت کی پیشکش ہوئی تو انکار نہیں کروں گا، یونس خان

    ایڈیلیڈ: قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد انہیں کپتانی کی پیشکش ہوئی تو وہ انکار نہیں کریں گے۔

    ورلڈ کپ میں تو یونس خان ٹیم کے لئے کچھ کر نہیں سکے لیکن پھر بھی انکے ارمان ختم نہیں ہوئے، آؤٹ آف فارم یونس خان نے کپتانی کا خواب ایک بار پھر آنکھوں میں سجالیا ہے۔

    ایڈیلیڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں قیادت کی پیشکش ہوئی تو وہ انکار نہیں کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ  اپنی زندگی میں بہت غلطیاں کی ہیں اور انسان غلطیوں سے ہی سیکھتا ہے۔ میری خواہش ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچے اور ٹائٹل جیتے۔

    یونس خان نے کہا کہ وہ ٹیم اور ملک کے مفاد کے لئے کوئی بھی قدم اٹھانے سے گریز نہیں کرتے، اسی لئے وہ ہر پوزیشن پر کھیلنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

  • فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈن ورلڈ کپ تک کام کرنے پر آمادہ

    فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈن ورلڈ کپ تک کام کرنے پر آمادہ

    ایڈیلیڈ : قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈن اور پی سی بی کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔ گرانٹ لوڈن نے ورلڈ کپ تک ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔

    واضح رہے کہ  قومی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈن کا گزشتہ روز تین سینئیر کھلاڑیوں سے جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے پی سی بی کو مستعفی ہونے کی دھمکی دی تھی۔

    ذرائع کے مطابق پریکٹس کے دوران شاہد آفریدی، عمراکمل اور احمد شہزاد نے فیلڈنگ کوچ سے بدتمیزی کی۔ بھارت کے خلاف ایونٹ کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے تین کیچز ڈارپ کیے۔

    جس کے بعدگرانٹ لوڈن نے کھلاڑیوں کی خامیاں دور کرنے کیلئے بھرپورپریکٹس کرائی تو سینرپلیئرز نے فیلڈنگ کوچ پر چڑائی شروع کردی تھی۔

    گرانٹ لوڈن نے چیئر مین پی سی بی شہریار خان کو واقعے سے آگاہ کرتے ہوئےعہدہ چھوڑنے کی پیشکش کی تھی۔

    قومی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے گرانٹ لوڈن سے بات کرکے انہیں کام کرنے کے لئے رضامند کرلیا ہے۔ گرانٹ لوڈن کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ تک ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھیں گے جبکہ میگا ایونٹ کے بعد پی سی بی سے نئی شرائط پر بات چیت کی جائے گی۔

  • پاک بھارت میچ : عمراکمل ناقص امپائرنگ کی بھینٹ چڑھ گئے

    پاک بھارت میچ : عمراکمل ناقص امپائرنگ کی بھینٹ چڑھ گئے

    ایڈیلیڈ : ورلڈ کپ دو ہزار پندرہ میں ناقص امپائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک بھارت میچ میں تھرڈ امپائر نے ٹیکنالوجی کو نظر انداز کرکےعمراکمل کو متنازعہ آؤٹ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ میں ناقص امپائرنگ کا ایک اور متنازعہ فیصلہ سامنے آیا ۔ اس بار غلط فیصلے کی بھینٹ عمراکمل چڑھے۔ جدیجا کی گیند پر آن فیلڈ امپائر نے عمراکمل کو ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا، جس پر بھارتی کپتان دھونی نے ریویو لیتے ہوئے تھرڈ امپائر کا سہارا لیا۔

    تھرڈ امپائر اسٹیو ڈیوس نے اسنیکو میٹر پر لہریں ظاہر نہ ہونے کے باوجود عمر اکمل کو آؤٹ قرار دے دیا۔ ٹیکنالوجی کی موجودگی میں عمراکمل کو غلط فیصلے کی بھینٹ چڑھایااور فیصلہ بھارت کے حق میں دے دیا.

    کمنٹیٹرز نے بھی عمراکمل کے آؤٹ دیئے جانے کو مشکوک قرار دیا۔ قوانین کے مطابق شق کی بنیاد پر فیصلہ بلے باز کے حق میں دیا جاتا ہے، لیکن عمراکمل کے فیصلے پر آئی سی سی نے دہرا معیار اپناتے ہوئے غلط فیصلہ دیکر عمراکمل کو مشکوک آؤٹ دیا۔

    گذشتہ روز انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بھی امپائرنگ کا بلنڈر دیکھنے کو ملا، اینڈرسن کو غلط آؤٹ دینے کے بعد آئی سی سی نے انگلش ٹیم سے تحریری طور پر معافی مانگ لی تھی۔

  • ناصرجمشید ٹیم کا حصہ نہیں ہوںگے،یونس خان متوقع اوپنر

    ناصرجمشید ٹیم کا حصہ نہیں ہوںگے،یونس خان متوقع اوپنر

    ایڈیلیڈ : بھارت کے خلاف اہم میچ کیلئے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان سے اوپننگ کرائے جائے کا امکان ہے۔ایڈیلڈ میں پاک بھارت ٹاکرا۔ میلہ کون لوٹے گا؟ پاکستانی سلیکٹرز نے اہم میچ کے لئے حکمت عملی بنالی۔

    ذرائع کے مطابق احمد شہزاد کے ساتھ تجربہ کار بیٹسمین یونس خان سے اوپننگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محمد حفیظ کی جگہ لینے والے ناصر جمشید فائنل الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    مصباح الحق، حارث سہیل، صہیب مقصود اور عمر اکمل مڈل آرڈر کی کمان سنبھالیں گے۔ شاہد آفریدی اور یاسر شاہ اسپن بولنگ میں اپنا جادو جگائیں گے۔ محمد عرفان سمیت تین فاسٹ بولرز ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

  • ہارنے کی روایت توڑ دینگے، مصباح، جیت کیلئے اتریںگے،دھونی

    ہارنے کی روایت توڑ دینگے، مصباح، جیت کیلئے اتریںگے،دھونی

    ایڈیلیڈ : بھارت اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتانوں نے ورلڈ کپ کے پہلے ہی میچ کی اہمیت واضح کردی۔ دھونی کا کہنا ہے کہ میچ کا کوئی دباؤ نہیں جیت کے لئے میدان میں اتریں گے۔

    ادھر کپتان مصباح الحق نے بھی عالمی کپ میں بھارت سے ہار کی روایت بدلنے کا عزم ظاہرکردیا۔ ایڈیلیڈ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کا کہنا تھا کہ پاکستان سے پہلا میچ بہت اہم ہے۔

    +کھلاڑیوں پر میچ کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں مسلسل ناکامیوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ تمام کھلاڑی فٹ اور میچ کیلئے دستیاب ہیں۔

    وکٹ میں نمی ہے فائنل الیون کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کریں گے۔ ادھر پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بھی میگا ایونٹ میں بھارت سے ہار کی روایت توڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میچ میں ابتدائی پندرہ اوورز اہم ہوں گے۔ کھلاڑیوں کو جذبات کو قابو میں رکھ کر کھیلنا ہوگا۔ یاسر شاہ نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ بھارت کے خلاف میچ میں محمد عرفان کا کردار اہم ہوگا۔

  • وارم اپ میچ: آسٹریلیا نے بھارت کو تین سو بہتر رنزکا ہدف دیدیا

    وارم اپ میچ: آسٹریلیا نے بھارت کو تین سو بہتر رنزکا ہدف دیدیا

    ایڈیلیڈ : ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، پہلا وارم اپ میچ بھارت اور آسڑیلیا کے درمیان جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    آسٹریلوی اوپنر نے ٹیم کو باسٹھ رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنی عمدہ فارم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک اور سنچری اسکور کی۔

    وارنر ایک سو چار رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلوی قائد جارج بیلی نے فارم میں نظر آئے اور چوالیس رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

    گلین میکسویل نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف چونتیس گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔آسٹریلیا نے 48.02اوورز میں تین سو اکہتر رنزبنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے ۔

  • ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے بھارت کو 48 رنز سے شکست دے دی

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے بھارت کو 48 رنز سے شکست دے دی

    ایڈلیڈ : آسٹریلیا نے بھارت کو اڑتالیس رنز سے شکست دے کر چار میچز کی ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

    ایڈلیڈ میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز آسٹریلیا نے دوسری اننگز دو سو نوے رنز پانچ کھلاڑی آوٹ پر ڈیکلئیر کرکے بھارت کو کامیابی کے لئے تین سو چونسٹھ رنز کا ہدف دیا۔ بھارت کے ابتدائی دو کھلاڑی صرف ستاون رنز پر آوٹ ہوگئے۔

    جس کے بعد مرلی وجے نے کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ مل کر اسکور میں ایک سو پچاسی رنز کا اضافہ کیا۔ مرلی وجہ ناروس نائنٹیز کا شکار بنے اور ننانوے رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ ویرات کوہلی نے آسٹریلوی بولرز کے سامنے مزاحمت جاری رکھی تاہم وہ ایک سو اکتالیس رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوگئے۔ ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم تین سو پندرہ رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ نیتھن لیون نے دوسری اننگز میں سات وکٹوں سمیت میچ میں بارہ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔