Tag: ایکسائز

  • پنجاب کے شہریوں کے لیے ایک اور خوشخبری

    پنجاب کے شہریوں کے لیے ایک اور خوشخبری

    لاہور: پنجاب میں اسٹینڈرڈ نمبر پلیٹس کا اجرا کردیا گیا، نمبر پلیٹس کی بکنگ کے لیے محکمہ ایکسائز پنجاب کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروائی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب نے اسٹینڈرڈ نمبر پلیٹس کا اجرا کردیا، آزمائشی نمبر پلیٹس کا اجرا اگلے ہفتے سے ہوگا۔

    صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد کا کہنا ہے کہ مستقل بنیادوں پر نمبر پلیٹس کا اجرا مارچ کے آخری ہفتے سے ہوگا، نمبر پلیٹس کی بکنگ کے لیے آج ہی محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروائیں۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے رجسٹریشن کروانے والے صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر نمبر پلیٹس کا اجرا کیا جائے گا، جن گاڑیوں کی نمبر پلٹس تیار ہوں گی ان کی وصولی کی تاریخ، وقت اور مقام کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس بھی کی جائے گی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور نیشنل ریڈیو اینڈ کمیونیکیشن کی خصوصی کاوشوں سے نمبر پلیٹس کی فراہمی ممکن بنانے میں کامیاب ہوسکے۔

    انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے صارفین کو نمبر پلیٹس کے لیے انتظار کرنا پڑا، ہم نے دن رات ایک کر کے عوام کو نمبر پلیٹس کی فراہمی کو ممکن بنایا۔

    صوبائی وزیر کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب سب سے زیادہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا محکمہ بن چکا ہے، عوام گھر بیٹھے ایکسائز پنجاب کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسل نمبر پلیٹس کا اجرا تحریک انصاف حکومت کا شاہکار منصوبہ ہے، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق ایکسائز پنجاب میں تبدیلی اور جدت لے کر آئے ہیں۔

  • ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس وصول

    ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس وصول

    اسلام آباد: ڈائریکٹر ایکسائز ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ جولائی سے دسمبر 2020 تک ریکارڈ 6 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس وصول کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم کا کہنا ہے کہ ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس کلیکشن کی گئی ہے، جولائی سے دسمبر 2020 تک ریکارڈ 6 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس وصول کیا گیا۔

    ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے دوران ریکارڈ وصولی صارفین کو جدید سہولیات کے سبب ممکن ہوئی، چیف کمشنر کے وژن کے مطابق ٹیکس وصولی کو آسان بنایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ گھر بیٹھے ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی ایکسائز ڈپارٹمنٹ کا انقلابی اقدام ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کو ایک اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ ٹیکس نظام میں متعدد اہم اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور رواں مالی سال کے 6 ماہ میں 22 سو 5 ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع ہوا۔

    وزیر اعظم نے ٹیکس نظام میں اصلاحات کو سراہا تھا اور ٹیکس دہندگان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں۔

    انہوں نے ہدایت دی تھی کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے ٹیکس دہندگان کی پذیرائی ہو۔

  • 15 ہزار سرکاری گاڑیاں اصلی نمبر پلیٹس کے بغیر استعمال ہونے کا انکشاف

    15 ہزار سرکاری گاڑیاں اصلی نمبر پلیٹس کے بغیر استعمال ہونے کا انکشاف

    کراچی: مختلف سرکاری محکموں اور اداروں کی 15 ہزار گاڑیاں اصلی نمبر پلیٹس کے بغیر استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، محکمہ ایکسائز سندھ کے پاس 80 ہزار نجی و سرکاری گاڑیوں کی نمبر پلیٹس موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 15 ہزار سرکاری گاڑیاں اصلی نمبر پلیٹس کے بغیر استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سرکاری گاڑیوں کی اوریجنل نمبر پلیٹس سندھ کے محکموں نے وصول نہیں کی۔

    محکمہ ایکسائز نے بھی گاڑیوں کی اصل نمبر پلیٹس وصول نہ کیے جانے کی تصدیق کردی۔

    رپورٹ کے مطابق وفاقی و صوبائی محکموں اور سندھ پولیس کی گاڑیاں 4 سال میں رجسٹرڈ ہوئیں، سندھ پولیس کے زیر استعمال 8 ہزار گاڑیوں میں اوریجنل نمبر پلیٹس نہیں۔ سندھ پولیس کی موبائلز اور دیگر گاڑیاں مختلف شہروں میں زیر استعمال ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ وفاقی و صوبائی محکموں کی رجسٹرڈ 7 ہزار گاڑیوں کی نمبر پلیٹس وصول نہیں کی گئیں، بغیر اوریجنل نمبر پلیٹس کے گاڑیاں استعمال کرنے والوں میں سینئر افسران شامل ہیں۔

    دوسری جانب ایکسائز سندھ کے پاس 80 ہزار نجی و سرکاری گاڑیوں کی نمبر پلیٹس موجود ہیں۔

    سرکاری گاڑیاں فینسی و ڈپلیکیٹ نمبر پلیٹس پر چلائی جارہی ہیں۔ اوریجنل نمبر پلیٹس وصول نہ کرنے والوں میں محکمہ تعلیم، محکمہ ثقافت، سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن، ریلوے اور ایوی ایشن ڈویژن کے محکمے شامل ہیں۔