Tag: ایکسپو

  • پاکستانی ٹیکسٹائلز ایشیا کی سب سے بڑی نمائش میں شرکت کے لیے تیار

    پاکستانی ٹیکسٹائلز ایشیا کی سب سے بڑی نمائش میں شرکت کے لیے تیار

    کراچی (25 اگست 2025): پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر انٹرٹیکسٹائل شنگھائی اپیرل فیبرکس اور یارن ایکسپو، آٹم ایڈیشن 2025 میں بھرپور شرکت کے لیے تیار ہے۔ یہ ایشیا کا نمایاں ترین ٹیکسٹائل پلیٹ فارم ہے، جس کی نمائش 2 سے 4 ستمبر تک نیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر شنگھائی، چین میں منعقد کی جائے گی۔

    ’انٹرٹیکسٹائل شنگھائی اپیرل فیبرکس‘ اس وقت ایشیا کی سب سے بڑی اور جامع نمائش ہے، جو مکمل طور پر گارمنٹس فیبرکس اور اس سے متعلقہ اشیا پر مبنی ہے۔ دور جدید میں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں تیزی سے ترقی کے ساتھ فائبر، یارن اور فیبرکس کی مانگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس سے بیرونی ممالک کے مینوفیکچررز کے لیے سازگار تجارتی مواقع فراہم ہوئے ہیں۔

    انٹرٹیکسٹائل شنگھائی اپیرل فیبرکس 2024 کے ایڈیشن میں 26 ممالک کے 4,000 سے زائد نمائش کنندگان شریک اور 115 ممالک سے 100,000 سے زائد پیشہ ور خریداروں نے نمائش کا دورہ کیا تھا، جو اس کی عالمی وسعت اور اثر و رسوخ کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی طرح یارن ایکسپو آٹم 2024 میں 538 نمائش کنندگان اور 81 ممالک سے 22,000 خریدار شریک ہوئے تھے۔

    انٹرٹیکسٹائل شنگھائی اپیرل فیبرکس 2025 میں پاکستان کے 3 نمائش کندگان ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے پویلین کے تحت شرکت کریں گے، جن میں ندیم انٹرپرائزز، سفائر ٹیکسٹائل ملز، اور ٹیکس ہب شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 4 معروف پاکستانی کمپنیاں — کوہ نور ملز لمیٹڈ، ازگارڈ نائن لمیٹڈ، ڈائمنڈ فیبرکس لمیٹڈ اور محمود ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ انفرادی طور پر نمائش میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یارن ایکسپو آٹم 2025 میں شریک ہونے والی کمپنیاں یہ ہیں: ابٹکس انٹرنیشنل، احسن کاٹن اور زیامن من نسیم ٹریڈ کمپنی لمیٹڈ۔

    پاکستان کی یہ مسلسل شرکت اس کے عالمی مارکیٹ شیئر کو بڑھانے اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں جدت لانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔انٹرٹیکسٹائل اور یارن ایکسپو کے 2025 ایڈیشنز سے تجارت، تعاون اور بین الاقوامی شراکت داری کے نئے مواقع متوقع ہیں۔