Tag: ایکسپورٹ پروسیسنگ زون

  • ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آگ پر 20 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا

    ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آگ پر 20 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا

    کراچی:ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آگ پر 20 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے ، فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل دو سے تین روز تک چل سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں لگنے والی آگ پرقابو پا لیا گیا، آگ پر20 گھنٹے بعد قابو پایا گیا ، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی جانب سے کولنگ کا عمل جاری ہے ، فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل دو سے تین روز تک چل سکتا ہے۔

    اس سے قبل ترجمان کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون ملک عبدالعزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا آگ کو مزید بڑھنے سے روک دیا ہے ، آگ نے تین فیکٹریوں کو اپنی لپیٹ میں لیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ آگ گتے کی فیکٹری میں لگی ،کپڑےاورپلاسٹک دانہ فیکٹری تک پہنچی، کےایم سی، نیوی اورہماری اپنی گاڑیوں نے اچھا کام کیا، واقعہ میں مالی نقصان ہوامگر جانی نقصان سے بچ گئے۔

    ملک عبدالعزیز نے مزید کہا تھا کہ ابتدائی معلومات کےمطابق آگ شارٹ سرکٹ سےلگی، آگ پر 80 فیصد قابو پالیا گیاہے، مزید کولنگ میں 3سے 4 دن لگ سکتے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز شہر قائد کے علاقے لانڈھی کی صنعتی فیکٹری میں لگنے والی آگ بے قابو ہوگئی تھی ، آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کالانڈھی فیکٹری میں آگ کا نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو اداروں کو ہدایت کی تھی کہ فیکٹری کے مزدوروں کی زندگیاں ہرصورت بچائی جائیں، آگ بجھانے کے لیے مزید فائرٹینڈرز کی ضرورت ہو تو دیگر اداروں سے فوری طور پر مدد طلب کی جائے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ وہ تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ ارسال کریں۔

  • کراچی: گزشتہ شام سے فیکٹریوں میں لگی آگ نہ بجھائی جا سکی

    کراچی: گزشتہ شام سے فیکٹریوں میں لگی آگ نہ بجھائی جا سکی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں گزشتہ شام سے تین منزلہ فیکٹریوں میں لگی آگ تاحال نہ بجھائی جا سکی، فائر بریگیڈ عملے کی 3 فیکٹریوں میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں لگی آگ کو 16 گھنٹے سے زائد ہو گئے ہیں، سٹی فائر بریگیڈ اور پاک بحریہ کے 15 فائر ٹینڈرز ایک اسنارکل کے ذریعے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی 3 گاڑیاں بھی آگ بجھانے کے عمل میں شریک ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک فیکٹری کی چھت پر 2 مزدور پھنس گئے تھے جنھیں بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر 70 فی صد قابو پا لیا گیا ہے، عقبی حصے میں تاحال آگ لگی ہے، پلاسٹک دانے اور گتے کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔

    آگ سے متاثرہ ایک 2 منزلہ فیکٹری کی پہلی منزل کی چھت بھی گر گئی ہے، ابتدا میں آگ گتے کی فیکٹری میں لگی جس نے متصل 2 فیکٹریوں کو لپیٹ میں لیا، آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کا خام مال اور دیگر اشیا جل گئیں۔

    لانڈھی کے صنعتی علاقے میں آتش زدگی کا واقعہ گزشتہ روز شام کو پیش آیا تھا، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا، فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 2 فیکٹریاں مکمل طور پر جل گئی ہیں، آگ پر قابو پانے کے لیے فیکٹریوں کی دیواریں بھی توڑی گئیں، تینوں فیکٹریاں 3 منزلہ ہیں اور بالکل ساتھ ساتھ بنی ہوئی ہیں۔

    آتش زدگی کے واقعے کے فوراً بعد محکمہ فائر بریگیڈ میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی، شیرپاؤ اور نیپا ہائیڈرنٹس پر بھی ایمرجنسی نافذ کی گئی، ایم ڈی واٹر بورڈ کا رات کو کہنا تھا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 2 لاکھ گیلن سے زائد پانی فراہم کیا گیا، ادھر ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ سول انتظامیہ کی درخواست پر پاک بحریہ کی ٹیم امدادی کارروائیوں کے لیے جائے وقوعہ پہنچ گئی تھی۔