Tag: ایکسپو 2030

  • سعودی عرب نے اٹلی اور جنوبی کوریا کو ہراتے ہوئے ایکسپو 2030 کی میزبانی جیت لی

    سعودی عرب نے اٹلی اور جنوبی کوریا کو ہراتے ہوئے ایکسپو 2030 کی میزبانی جیت لی

    پیرس: سعودی عرب نے ایکسپو 2030 کی میزبانی جیت لی، سعودی دارالحکومت ریاض ایکسپو 2030 کی میزبانی کرے گا۔

    روئٹرز کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض نے اٹلی اور جنوبی کوریا کو ہراتے ہوئے ایکسپو 2030 عالمی میلے کی میزبانی کا حق جیت لیا ہے۔ اسے قطر میں گزشتہ سال کے فٹ بال ورلڈ کپ کے بعد خلیجی ملک کی ایک اور سفارتی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔

    جنوبی کوریا کے بندرگاہی شہر بوسان اور اٹلی کا شہر روم بھی پانچ سالہ ایونٹ کی میزبانی کرنے کی دوڑ میں شامل تھے، یہ ایکسپو لاکھوں وزیٹرز اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو راغب کرتا ہے۔

    ووٹ کے نتائج منگل کو سامنے آئے ہیں، پیرس میں حتمی ووٹنگ کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا تو سعودی ٹیم خوشی سے نہال ہو گئی، ایکسپو کی میزبانی ملنے پر ریاض میں شان دار آتش بازی کا مظاہرہ ہوا اور کنگڈم ٹاور جگمگا اٹھا، روایتی رقص کر کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

    سعودی ولئ عہد نے کہا کہ ورلڈ ایکسپو تاریخ میں اپنی نظیر آپ ہوگا، اس کامیابی سے سعودی عرب نمایاں ترین بین الاقوامی پروگراموں کی میزبانی کا آئیڈیل فرنٹ بن جائے گا۔

    پیرس میں قائم بیورو کے 182 اراکین کی جانب سے میزبانی کے مقابلے میں ریاض نے 119، بوسان نے 29 اور روم نے 17 ووٹ حاصل کیے، سعودی عرب کو پہلے راؤنڈ سے جیتنے کے لیے دو تہائی ووٹ درکار تھے۔

    اطالوی مدمقابل نے نتیجے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا، اطالوی ایکسپو بولی کے سربراہ جامپیارو مسولو نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اتنے بڑے تناسب سے سعودی عرب کا جیتنا ان کے لیے بالکل غیر متوقع تھا، یہ میرٹ نہیں بلکہ لین دین کا نتیجہ ہے، کل فٹ بال چیمپئن شپ تھی، اور آنے والے کل اولمپکس ہوں گے۔

    تاہم دوسری طرف جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے بولی جیتنے پر سعودی عرب کو مبارک باد دی، اور خلیجی ریاست کو ایک اہم شراکت دار قرار دیا، اور مزید کہا کہ ان کی قوم ریاض کو کامیاب تقریب کے انعقاد میں مدد کے لیے اپنے وسائل اور تجربے کا اشتراک کرے گی۔

    واضح رہے کہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس کل سے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں شروع ہوگی، کانفرنس میں فلسطینی اور اسرائیلی صدور بھی شریک ہوں گے، اسرائیلی صدر جمعہ کو ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب کریں گے، اسی روز فلسطینی صدر محمود عباس بھی خطاب کریں گے، تاہم مسیحوں کے روحانی پیشوا نے معالجین کی ہدایت پر دورہِ دبئی منسوخ کر دیا ہے، اس کانفرنس میں 140 سے زائد ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے، اور یہ کانفرنس 12 دسمبر تک جاری رہے گی۔