Tag: ایکس صارفین

  • ایکس کا استعمال پاکستان میں 2 فیصد سے بھی کم لوگ کرتے ہیں: شزہ فاطمہ کا دعویٰ

    ایکس کا استعمال پاکستان میں 2 فیصد سے بھی کم لوگ کرتے ہیں: شزہ فاطمہ کا دعویٰ

    وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ایکس کا استعمال 2 فیصد سے بھی کم پاکستانی کرتے ہیں۔

    قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزہ فاطمہ نے کہا کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر پی ٹی اے نے ایکس کو بند کیا ہے، ایکس کی بندش کا آزادی اظہار رائے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    شزہ فاطمہ خواجہ نے دعویٰ کیا کہ ایکس کا استعمال پاکستان میں 2 فیصد سے بھی کم لوگ کرتے ہیں، پاکستان میں لوگ زیادہ ترفیس بک، وٹس ایپ استعمال کرتے ہیں اور اگر ہمارا مقصد آزادی اظہار رائے پر پابندی کرنا ہوتا تو ٹک ٹاک، فیس بک بند ہوتا۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں ہمارے خلاف جو زبان استعمال ہوتی ہے وہ ناقابل برداشت ہے ہمیں بار بار کہا جاتا ہے آزادی اظہار رائےکی وجہ سے ایکس بند ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم انکار نہیں کرتے کہ یوزرز اسپیڈ میں فرق پڑا ہے، پی ٹی اے نے رپورٹ دی گزشتہ سال سے انٹرنیٹ میں 28 فیصد بہتری آئی ہے، 24 فیصد موبائل انٹرنیٹ یوزرز میں بھی بہتری آئی ہے۔

    شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ یوزرز اسپیڈ کے جہاں چیلنجز ہیں ہم انکار نہیں کرینگے، ہمارے ملک میں فائبرائزیشن 2 فیصد سے کم ہے، بزنس میں چیلنجز ضرور آئے ہیں۔

    شزا فاطمہ نے کہا کہ اس ملک میں عاشورےکو پورے ملک میں انٹرنیٹ بند ہوتا تھا لیکن اس بار عاشورے پر پورے ملک میں انٹرنیٹ بند نہیں ہوا، ہماری پوری کوشش ہے ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے لوکلائز کریں۔

    انہوں نے کہا کہ دشمن ہر وقت سائبر حملوں کے لیے تیار بیٹھا ہے، ان سائبر حملوں کو ہم نے روکنا ہے، یہاں مذہبی بنیاد پر اور سماجی مواد پر ایشوز ہوجاتے ہیں، ایسے مواد کو پی ٹی اے بلاک کرتی ہے، ہم نے اپنے شہریوں کو محفوظ رکھنا ہے۔

    وزیر مملکت آئی ٹی نے کہا کہ صرف دو ماہ میں 150 سے زائد ہمارے فورسز کے اہلکار شہید ہوئے، ہماری کوشش ہے کہ ہم ٹیکنالوجی، قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ ڈیٹا پروٹیکشن، پرائیوسی کا تحفظ، معاشی اور ٹیکنالوجی کا توازن پیدا کریں، جیسے جیسے معیشت ڈیجیٹلائز ہوتی جائے گی تو ہمیں ڈیجیٹل سیفٹی اور حملوں سے بچنے کے لیے زیادہ کام کرنا ہوگا۔

    شزہ فاطمہ نے مزید کہا کہ میرے ہاتھ میں کوئی بٹن نہیں ہے جس سے میں انٹرنیٹ بند کرتی ہوں، ہمیں شوق نہیں ہے کہ انٹرنیٹ بند ہو اور انٹرنیٹ بند کرنے سے کوئی فائدہ ہوتا ہے نا خوشی ملتی ہے، ہم کوشش کرتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے والے یوزرز کو کم سے کم تکلیف پہنچے، اس دوران پیش آنے والی تکالیف پر میں معذرت چاہتی ہوں۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل کی منظوری مزید مشاورت کیلئے مؤخر کردی، وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے اجلاس کے شرکا کو بل پر بریفنگ دی، بتایا کہ ہم ڈیجیٹلائیزیشن نہیں کریں گے تو اسٹون ایج میں چلے جائیں گے۔

    شزہ فاطمہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کسی کا انتظار نہیں کرتی، ہر چیز کو سرویلنس کی نظر سے دیکھنا ہے توسب بند کردیں، اس بل سے پہلے ہم نے سب سے مشاورت کی ہے، ہم نے انڈسٹری کو ساتھ لے کر چلنا ہے، ٹیکنالوجی کوئی نیشنل ایشو نہیں۔

    کمیٹی رکن عمر ایوب نے کہا ڈیجیٹل نیشن پلان میں ہم اتنی جلدی کیوں کر رہے ہیں؟ جلدی نہ کریں، ماہرین کو بلائیں اور مزید وقت لیں، نئی بیوکریسی بنائی جا رہی ہے، ہمیں حق ہے ہم پوچھ گچھ کریں۔

  • ایکس کے کروڑوں صارفین کی پرائیویسی خطرے میں پڑ گئی

    ایکس کے کروڑوں صارفین کی پرائیویسی خطرے میں پڑ گئی

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) صارفین کی پرائیویسی خطرے میں پڑگئی، صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سائبر ماہرین نے 200 ملین ایکس (سابقہ ​​ٹویٹر) صارفین کے 9.4 جی بی ڈیٹا پر مشتمل بڑے ڈیٹا لیک کی نشاندہی کی ہے۔

    سائبر سیکیورٹی پر خبریں اور تجزیہ شائع کرنے والی تنظیم سائبر پریس کے محققین کے مطابق یہ خبر حالیہ وقتوں میں ہونے والے بڑے ڈیٹا لیکس میں سے ایک ہے جس کے بعد صارفین کی پرائیویسی اور سیکیورٹی کے متعلق سوالات پیدا ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق لیک ہونے والے ڈیٹا میں صارفین کے ای میل ایڈریس، نام اور ایکس اکاؤنٹ کی تفصیلات شامل ہیں جو صارفین کی شناخت کے چرائے جانے اور ان کو سوشل انجینئرنگ اسکیم کا آسان ہدف بنا سکتی ہیں۔

    سائبر مجرمان اس ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے ای میلز اور ان سے جڑے سسٹم کو مزید متاثر کر سکتے ہیں۔

    یہ ڈیٹا لیک سب سے پہلے معروف ہیکنگ فورم پر رپورٹ ہوا۔ ’مشوپا‘ نامی ایک صارف نے 7 جولائی 2024 کو اس وسیع ڈیٹا بیس کو جاری کرنے کے لیے نیا اکاؤنٹ بنایا۔

    یہ ڈیٹا 10 فائلوں پر مشتمل ہے اور ہر فائل میں 1 جی بی کا ڈیٹا ہے جس کو کوئی بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔

  • ایکس صارفین کیلئے بڑی خبر، نئی تبدیلی کی تیاری

    ایکس صارفین کیلئے بڑی خبر، نئی تبدیلی کی تیاری

    دنیا بھر میں مقبول سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) میں ایک نئی تبدیلی کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جس کی ایلون مسک نے بھی تصدیق بھی کردی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی ٹائم لائن ڈیزائن تبدیل کیا جا رہا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایکس انتظامیہ کا منصوبہ ہے کہ صارفین کے فیڈز میں مواد کو ظاہر کرنے کے طریقے کو دوبارہ ڈیزائن کرے، اس کا مطلب ہے کہ پوسٹس پر ری پوسٹ (یعنی ری ٹویٹ)، لائک اور جواب دینے کے بٹن صارفین کی ایکس ٹائم لائن پر ظاہر ہی نہیں ہوں گے۔

    ایکس چاہتا ہے کہ صارفین بٹن پر ٹیپ کرنے کے بجائے کسی پوسٹ کو پسند یا جواب دینے کے لئے بائیں یا دائیں سوائپ کریں۔ آئی او ایس صارفین کسی پوسٹ پر ٹچ کرکے مزید اختیارات کے ساتھ مینو کھول سکتے ہیں۔

    تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اگر ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرنا ہوگا یا اس پر کوئی کمنٹس کرنے ہوں گے تو اسے کس طرح دائیں اور بائیں جانے سوائپ کیا جا سکے گا، تاہم امکان ہے کہ ایکس کا ٹائم لائن اس طرح بنایا جائے گا کہ اس پر ہر پوسٹ کو سوائپ کیا جا سکے گا۔

    ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ مذکورہ تبدیلی کب تک عمل میں آئے گی تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ 6 ماہ کے اندر پیش کردیا جائے گا۔

    ایکس پوسٹ پرآنے والی ڈیزائن کی تبدیلی کو سب سے پہلے میک رومرز کے محقق ایرن پیریس نے رپورٹ کیا تھا، تاہم بعد ازاں ایکس کے مالک ایلون مسک نے خود اس تبدیلی کی تصدیق بھی کی ہے۔ مذکورہ خبر پر اب تک زیادہ تر صارفین کا ردعمل منفی آرہا ہے۔