Tag: ایکشن

  • بیرون ملک فرار اشتہاریوں کے خلاف سی سی ڈی کا ایکشن، 5 اشتہاری گرفتار

    بیرون ملک فرار اشتہاریوں کے خلاف سی سی ڈی کا ایکشن، 5 اشتہاری گرفتار

    لاہور(17 جولائی 2025): کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے یو اےای سے 5 مطلوب اشتہاری گرفتار کرلیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک فرار اشتہاریوں کے خلاف سی سی ڈی کا ایکشن جاری ہے، اسپیشل آپریشن سیل نے یو اےای سے 5 مطلوب اشتہاری گرفتار کر لیے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان قتل اور مالی فراڈ کے سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے، سیالکوٹ پولیس کو مطلوب محمد جمیل، نارووال کے گل باز خان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ فیصل آباد پولیس کو مطلوب محمد الیاس اور شہزام خورشید کو گرفتار کیا، پولیس کو مالی فراڈ کے کیس میں مطلوب نوید ڈار گرفتار کرلیا، سی سی ڈی ٹیم تمام ملزمان کو لےکر آج لاہور پہنچے گی۔

    دوسری جانب سندھ پولیس کو دہشت گردی کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری کو گرفتار کرلیا، لاہور کی ڈولفن ٹیم نےگلشن راوی سے اشتہاری صدیق کو گرفتار کیا۔

    ترجمان ڈولفن کا کہنا ہے کہ ملزم کیخلاف تھانہ گلشن اقبال کراچی میں دہشتگردوں کی مالی معاونت وسہولت کاری کا مقدمہ درج ہے، ملزم کیخلاف 6 سال قبل مقدمہ درج کیا گیا تھا،گرفتاری سے بچنےکیلئے لاہور روپوش ہوگیا تھا۔

  • گھوڑے پر بیٹھ کر خریداری کرنا خاتون کو مہنگا پڑ گیا، سعودی حکومت کا ایکشن

    گھوڑے پر بیٹھ کر خریداری کرنا خاتون کو مہنگا پڑ گیا، سعودی حکومت کا ایکشن

    سوشل میڈیا پر ایک خاتون کی گھوڑے پر سوار ہوکر فارمیسی میں خریداری کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر سعودی حکومت نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔

    گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک خاتون کی گھوڑے پر سوار ہوکر فارمیسی میں خریداری کی ویڈیو وائرل ہوئی۔ یہ خاتون سعودی گھڑ سوار شہد الشمری تھیں جن کو فارمیسی میں خریداری کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

    عکاظ کے مطابق سعودی وزارت صحت نے فارمیسی میں گھوڑے پر خریداری کی تشہیری وڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فارمیسی میں غیر قانونی اشتہار بنایا گیا تھا جس پر وزارت صحت نے فوری ایکشن لے لیا۔

    دوسری جانب مذکورہ ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں

    وزارت صحت کا کہنا تھا ’ جو کچھ سامنے آیا ہے وہ ناق ابل قبول ہے۔ واقعے کی وسیع پیمانے پر تحقیقات کرنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔‘

    https://urdu.arynews.tv/saudi-woman-shahd-al-shammari-horse-viral-video/

  • پی ٹی آئی کے اقدامات پر ایکشن کیوں نہیں ہوتا؟ کیا ریاستی ادارے اتنے کمزور ہیں؟ جاوید لطیف

    پی ٹی آئی کے اقدامات پر ایکشن کیوں نہیں ہوتا؟ کیا ریاستی ادارے اتنے کمزور ہیں؟ جاوید لطیف

    پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے جو اقدام کرتے ہیں اس پر ایکشن کیوں نہیں ہوتا؟کیا ریاستی ادارے اتنے کمزور ہیں؟

    پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے  اےآر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو میں کہا کہ خوف میں مبتلا ہو کر دونوں کمیٹیاں بنی تھیں، خوف ختم نہیں ہوا اسی طرح ہے اور مذاکرات کرنیوالے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کی کوشش نہیں کررہے وہ انجوائے کررہے تھے۔

    جاوید لطیف نے کہا کہ اندر بیٹھے بندےکو پتہ ہے یہ چھوڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، اندر بیٹھے بندے کی کوشش ہے ان پر دباؤ بڑھے، کیا 9،10 مئی، 26 نومبر اور 190 ملین پاؤنڈحقیقت نہیں ہے؟، ایک ادارے کے اندر بغاوت کی منصوبہ بندی اور اکسانہ کیا حقیقت نہیں ہے؟

    مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے امید لگائے بیٹھے تھے کہ 20 جنوری کو ایک شخص آئے گا اور اڈیالہ جیل کا دروازہ کھول کر لے جائیگا۔

    جاوید لطیف نے کہا کہ مذاکرات اور جیل میں بیٹھے بندے کو چھڑوانے کیلئے عالمی قوتوں کا دباؤ ہے، 2014  میں ان کو سڑکوں پر لایا گیا، کیا آج تک وہ چیزیں تھمنے کا نام لے رہی ہیں؟

    ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور سرکاری وسائل استعمال کرتا ہے، جب علی امین گنڈاپور ٹارگٹ حاصل نہیں کرسکتا ہے تو اسے ہٹا کر تازہ دم گھوڑا لے آتا ہے، یہ کیا طریقہ ہےکہ آج بھی بیک ڈور چینلز استعمال ہورہے ہیں، کہا جاتا ہے کہ سیاسی لوگوں سے بات ہونی چاہیے ہم سے نہیں ہونی چاہیے۔

    جاوید لطیف نے کہا کہ پی ٹی آئی والے جو اقدام کرتے ہیں اس پر ایکشن کیوں نہیں ہوتا؟ کیا ریاستی ادارے اتنے کمزور ہیں؟ نہ تو وہ مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہیں اور نہ ہی تحریک کیلئے سنجیدہ ہیں، جو آئین وقانون کی بالادستی کی جدوجہد کرتے ہوئے گرفتار ہوا ہو تو پہلے میں اس کیلئےآواز اٹھاتا، جس طرح اسے اقتدار میں لایاگیا تھا تو وہ اب بھی یہی چاہتا ہے دوبارہ اسی طرح نوکری پر رکھا جائے۔

  • پی ایس ایل 9 میں کون سے غیر ملکی سپر اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے؟

    پی ایس ایل 9 میں کون سے غیر ملکی سپر اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے؟

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کا میلہ آج لاہور میں سجے گا جہاں ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ غیر ملکی سپر اسٹارز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

    پی ایس ایل نائن میں غیر ملکی سپر اسٹارز جیمزونز، ٹم سائفرڈ، ایلکس ہیلز، جیسن روئے ریزا ہینڈرکس اور کئی غیر ملکی کھلاڑی سیزن کی شان بڑھائیں گے۔

    پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز میں جیمز ونز، ٹم سائفرڈ جیسے جارح مزاج بیٹرز شامل ہیں جبکہ ڈینیل سیمز بال اور بلے دونوں سے کمال دکھائیں گے جبکہ شمسی اپنی لیگ اسپن سے وکٹیں اڑاتے ہیں۔

    اسلام آباد کی ٹیم کو بھی غیر ملکی کھلاڑی مضبوط بنائیں گے جس میں ایلکس ہیلز، کولن منرو، میتھیو فورڈ اور جوردن کاکس جیسے بڑے نام شامل ہیں ۔

    اس کے علاوہ جیسن روئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مضبوط ہتھیار ہوں گے، رائلی روسو، شرفین ردھر فوردڈ اور عقیل حسین بھی حریف ٹیموں کیلئے بڑا خطرہ ہوںگے جبکہ اس سیزن میں رائلی روسو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان بھی مقرر کیے گئے ہیں۔

    رومن پوول اور ٹام کوہلر کیڈمور پشاور زلمی کا حصہ ہیں جبکہ ریزا ہینڈرکس، ڈاوڈ ملان، ڈیوڈ ولی، جانس چارلس اور ریز ٹوپلے جیسے بڑے غیر ملکی اسٹارز ملتان کی نمائندگی کریں گے۔

    اس کے علاوہ 2 سال کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز میں غیر ملکی سپر اسٹارز میں وین ڈرڈوسن، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے اور شائے ہوپ قلندرز کی نمائندگی کریںگے۔

  • ’جب میں ولن بنتا ہوں تو میرے سامنے ہیرو ٹک نہیں سکتا‘ فلم ’’جوان‘‘ کا ٹریلر جاری

    ’جب میں ولن بنتا ہوں تو میرے سامنے ہیرو ٹک نہیں سکتا‘ فلم ’’جوان‘‘ کا ٹریلر جاری

    ممبئی: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی کا ایکشن سے بھرپور میگا فلم ’جوان‘ کا ٹریلر جاری کردیاگیا۔

    شاہ رُخ خان کو جوان کے ٹریلر میں مختلف اوتار میں دکھایا گیا ہے، ایک سین میں اداکار کے چہرے کو مکمل طور پر پٹیوں سے ڈھکا ہوا دکھایا گیا جبکہ دوسرے سین میں شاہ رُخ نے آدھے چہرے پر ماسک لگا رکھا ہے، ایک اور ٹرین کے سین میں اداکار سرمنڈوائے نظر آئے۔

    اس فلم میں کنگ خان نے دوہرا کردار ادا کیا ہے، ایک سپاہی کے طور پر ایک پٹی بند بدلہ لینے والے ولن کے طور پر نظر آرہی ہیں۔

    شاہ رخ خان کی فلم ’ جوان‘ کی ٹریلر ’ میں کون ہوں، کون نہیں، پتا نہیں، میں اچھا ہوں، برا ہوں، میں پنے ہوں یا پاپ ہوں، یہ خود سے پوچھنا‘ یہ ڈائیلاگ بولتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

    شاہ رخ خان فلم میں کہتے ہیں کہ ’ جب میں ولن بنتا ہوں تو میرے سامنے کوئی بھی ہیرو ٹک نہیں سکتا ‘، ایک سین میں انہین ٹرین میں ڈانس کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

    اس فلم کی دلچسپ بات یہ ہے کہ ساؤتھ انڈین فلم کے مشہور ہدایت کار ایٹلی کی ہدایت کاری میں بننے والی والی فلم ہے، ‘جوان’ 7 ستمبر کو بھارت سمیت مختلف ممالک متعدد زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ’جوان‘ میں بالی وڈ کے سپراسٹار سنجے دت اور دیپیکا پڈوکون بھی جلوہ گر ہوں گے۔

  • 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مہم کا آغاز

    18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مہم کا آغاز

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مہم کا آغاز کردیا گیا، کم عمر ڈرائیورز اور ان کے والدین کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا گیا، ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا نے متعلقہ افسران کو حکم نامہ جاری کر دیا۔

    اقبال دارا کا کہنا تھا کہ کم عمر ڈرائیورز اور ان کے والدین کے خلاف مہم چلائی جائے، عدلیہ کی جانب سے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف نوٹس لیا گیا تھا۔

    ایسے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے، کم عمر ڈرائیورز بلکہ والدین کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • سعودی حکومت کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف ایکشن

    سعودی حکومت کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف ایکشن

    ریاض: سعودی حکومت نے اپنے نام پر غیر ملکی کو کاروبار کرنے کی اجازت دینے پر دو شہریوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے سعودی شہری سمیر بن محمد العقیل اور شہری خاتون لولو بنت محمد بن جنیدی پر شامی تارک وطن ماہر قاسم الکبیر کو اپنے نام سے تجارتی ادارہ کھولنے اور اس میں کاروبار کرنے کی اجازت کا الزم ثابت ہوا۔

    جدہ میں شامی تارک وطن دونوں سعودیوں کے نام پر قائم ادارے کے تحت اپنے لیے تعمیراتی ٹھیکے لیتا رہا ہے۔

    سعودی وزارت تجارت نے تینوں افراد کو عدالت میں پیش کیا جس نے تینوں افراد پر 3 لاکھ 50 ہزار ریال جرمانے کے علاوہ اجازت دینے والے مرد شہری اور شامی غیر ملکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

    سعودی حکومت کی جانب سے دونوں تجارتی ادارے ہمیشہ کے لیے بند اور ان کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا، دونوں شہریوں کو آئندہ کسی بھی تجارتی سرگرمی کا لائسنس نہیں دیا جائے گا۔

    عدالت نے قید کی سزا پوری کرنے کے بعد شامی غیر ملکی کو ملک سے بے دخل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت تجارت نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق ملوث افراد کے ناموں کی تشہیر مقامی اخبارات میں کی جا رہی ہے۔

  • فیس بک نے ایکشن لے لیا

    فیس بک نے ایکشن لے لیا

    سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے سفید فام قوم پرست تنظیم سے تعلق رکھنے والے کئی صارفین کے اکاؤنٹس بلاک کردیے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بلاک شدہ اکاؤنٹس کے ذریعے نسل پرستی کے خلاف تحریک کو بدنام کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی جس کے تحت ایکشن لیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جن فیس بک اکاؤنٹس کو بلاک کیا گیا ان کا تعلق سفید فام قوم پرست سے تھا جو سیاہ فاموں کو بدنام کرنے اور حالیہ نسل پرستی کی تحریک کو دہشت گردی کی شکل دینے کی کوشش کررہے تھے۔

    بلاک کیے جانے والے اکاؤنٹس کے روابط سفید فام گروپ ’پراؤڈ بوائز‘ سے بھی رہے ہیں اور فیس بک انتظامیہ پہلے ہی مذکورہ گروپ کو خطرناک قرار دے چکی ہے۔

    فیس بک کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ ایکشن سیاسی بنیاد پر نہیں بلکہ ملک کو انتشار سے بچانے کے لیے لیا گیا۔ کمپنی نے پہلے سے ہی مذکورہ بلاک شدہ اکاؤنٹس کو نظر میں رکھا ہوا تھا۔

  • مشتعل وکلاء کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، یاسمین راشد

    مشتعل وکلاء کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، یاسمین راشد

    لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مشتعل وکلاء نے پی آئی سی میں زبردستی گھس کر ڈاکٹرز پرتشدد کیا، مشتعل وکلاء کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈاکٹرز کے ساتھ کھڑے ہونے کاحکم دیا ہے، مشتعل وکلاء کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مشتعل وکلاء نے پی آئی سی میں زبردستی گھس کر ڈاکٹرز پرتشدد کیا، وکلاء نے گاڑیاں توڑیں اورعلاج معالجے کو زبردستی روک دیا۔

    صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ کسی کو اسپتال میں علاج روکنے یا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں ہے، تشدد کا نشانہ بننے والے ڈاکٹر ز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    وکلا نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بول دیا

    واضح رہے کہ وکلاء کی جانب سے آج پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے اندر گھس کر توڑ پھوڑ کی گئی اور ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان رپورٹ لینے کے لیے موقع پر پہنچے تو مشتعل وکلاء نے انہیں تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، آج انصاف پسند وکلاء بہت رنجیدہ اور دکھی ہوں گے۔

  • اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن، پولیس نے اوباش نوجوانوں کو حراست میں لے لیا

    اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن، پولیس نے اوباش نوجوانوں کو حراست میں لے لیا

    کراچی : اے ایس پی کلفٹن عمران مرزا سادہ لباس میں سی ویو پہنچ گئے، موٹر سائیکل پر کرتب دکھانے والے اوباش نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے سی ویو، شاہراہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں اوباش نوجوانوں کی جانب سے فیملز اور خواتین کو ہراساں کرنے کی خبر اے آر وائی نیوز نے نشر کی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    اے ایس پی کلفٹن عمران مرزا کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی عید کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    اے ایس پی عمران مرزا کا کہنا تھا کہ سی ویو پر پہلے سے دفعہ 144 نافذ ہے، سمندر میں نہانے والے 30 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

    پولیس نے شارع فیصل پر کرتب دکھانے والے 14 موٹرسائیکل سواروں کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیا گیا، موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ نوجوانوں کی بدتمیزیوں سے سی ویو سمیت دیگر تفریحی مقامات پر جانے والی فیملیز بھی تنگ آگئیں تھیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نے بتایا کہ شارع فیصل پر خاتون کو چھیڑنے والے تین موٹر سائیکل سواروں کی فیملز سے تلخ کلامی بھی ہوئی، ہر سڑک پر اسی طرح کے نوجوان نظر آرہے ہیں جو فیملیز کو تنگ کررہے ہیں۔