Tag: ایکنک

  • ایکنک نے گلگت بلتستان کے لیے پاور پلانٹس کا بڑا منصوبہ منظور کر لیا

    ایکنک نے گلگت بلتستان کے لیے پاور پلانٹس کا بڑا منصوبہ منظور کر لیا

    اسلام آباد (09 اگست 2025): گلگت بلتستان کے لیے 100 میگا واٹ سولر فوٹو وولیٹک پاور پلانٹس کے منصوبے منظور کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے اعلان کے 2 دن بعد ایکنک نے گلگت بلتستان کے لیے سولر پاور پلانٹس کے منصوبے کی منظوری دے دی، جس کے بعد اب اس منصوبے پر کام کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔

    سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی پہلے ہی اس منصوبے کی منظوری دے چکی ہے، اس منصوبے سے استور، داریل، تنگیر، دیامر، گھانچے اور غذر کے اضلاع مستفید ہوں گے، گلگت، ہنزہ، اشکومن، نگر، روندو، اسکردو اور شگر کے اضلاع بھی مستفید ہو سکیں گے۔

    پہلے مرحلے میں ضلع اسکردو کو 18.958 میگا واٹ بجلی فراہم کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں ہنزہ، گلگت اور دیامر کے اضلاع کو بجلی فراہم کی جائے گی، جب کہ تیسرے مرحلے میں جی بی کے دیگر اضلاع کو 16.096 میگا واٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔


    مفت سولر سسٹم: اہلیت چیک کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا


    جی بی میں اسپتالوں اور سرکاری دفاتر کو آف دی گرڈ 18.162 میگاواٹ بجلی مہیا کی جائے گی، حکام کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں یہ منصوبہ 3 سال میں مکمل ہوگا اور اس پر 24957 ملین لاگت آئے گی۔

  • سندھ نہیں پنجاب میں ایک اور موٹروے بنانے کی منظوری، وزیراعلیٰ کے خطوط نظرانداز

    سندھ نہیں پنجاب میں ایک اور موٹروے بنانے کی منظوری، وزیراعلیٰ کے خطوط نظرانداز

    کراچی: ایکنک نے حیدرآباد سکھر موٹروے نظرانداز کرکے پنجاب میں بنانے کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ کے خطوط نظرانداز کردیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے حیدرآباد سکھر موٹروے کیلئے لکھے گئے خطوط کو نظرانداز کردیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نے 6 مارچ 2024 کو وزیراعظم اور فیڈرل پی اینڈ ڈی کو خطوط لکھے تھے۔

    وزیراعلیٰ نے حیدرآباد سکھر موٹروے کیلئے 13 جنوری 2025 کو وزیراعظم کو ایک اور خط لکھا تھا، جام خان شورو نے ایکنک میں بھی حیدرآباد سکھر موٹروے کا معاملہ اٹھایا۔

    ایکنک نے کے فور سمیت متعدد منصوبوں‌ کی منظوری دے دی

    پی ڈی ایم حکومت اور مسلم لیگ ن کے دور میں حیدرآباد سکھر موٹروے کےلیے اسکیم نظرانداز ہوتی رہی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ لنک موٹروے کیلئے رقم مختص کرنے سے پہلے حیدرآباد سکھر موٹروے بنایا جائے۔

    خط میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے بننے سے معیشت ترقی کرے گی، حیدرآباد سکھر موٹروے گوادر اور کراچی پورٹ کے سامان کی ترسیل کیلئے اہم ہے۔

  • داسو ڈیم سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی مالیت میں 5 ارب اضافہ

    داسو ڈیم سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی مالیت میں 5 ارب اضافہ

    اسلام آباد: ایکنک نے داسو ڈیم کی پیداواری لاگت میں اضافے کی منظوری دے دی، داسو سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی مالیت میں 5 ارب اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس منعقد ہوا جس میں داسو ڈیم کی پیداواری لاگت میں اضافے کی منظوری دی گئی۔

    منصوبے کی مالیت میں اضافے کے بعد اس کی مالیت 90 ارب 83 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔

    اجلاس میں داسو ڈیم کے لیے زمین کی خریداری کے لیے بھی مالیت میں اضافے کی مشروط منظوری دی گئی، زمین اور تعمیرات میں لاگت پر اضافہ وزارت قانون کے مشورے سے مشروط کیا گیا ہے۔

    اجلاس نے بالا کوٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تعمیر کے لیے 85 ارب 91 کروڑ کی منظوری دی، قصور اور جھنگ کے کمبائنڈ پاور پروجیکٹ کی بھی منظوری دے دی گئی، خیبر پختون خوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے 17 ارب کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں وفاقی حکومت نے 4,300 میگاواٹ پر مبنی داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لیے تاخیر کا شکار زمین کے حصول کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اضافی 18 ارب روپے تک لاگت برداشت کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ دو سال قبل داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے 180 ارب کے دو ٹھیکے چینی کمپنی کو دیے تھے، ٹھیکوں میں ڈیم کے ڈھانچے سے متعلق سامان کی تیاری اور ہائیڈرالک اسٹیل اسٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ زیر زمین پاور کمپلیکس تیار کرنے، سرنگیں بنانے اور ہائیڈرالک اسٹرکچر (ایم ڈبلیو 02) کے منصوبے شامل تھے۔

    چینی کمپنی سے کیے جانے والے معاہدے کے تحت منصوبے کا پہلا مرحلہ 2021 میں مکمل ہونا تھا، جس کے تحت 2160 میگا واٹ بجلی پیدا ہونی تھی۔

  • کراچی کیلئے گرین ریپڈ بس سسٹم کے منصوبوں کی منظوری

    کراچی کیلئے گرین ریپڈ بس سسٹم کے منصوبوں کی منظوری

    اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی ایکنک نے کراچی کیلئے گرین ریپڈ بس سسٹم سمیت ایک سو ستاون ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔

    وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق ان پراجیکٹ میں ریلوے انجن کی مرمت، لائیو اسٹاک اور پانی سے بجلی پیدا کرنے والے پچھتر میگاواٹ کے پاور پلانٹس شامل ہیں ۔

    اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں ریلوے کے سو ڈیزل انجنوں کی مرمت کی منظوری دی گئی ۔پنجاب میں لائیواسٹاک کی بہتری کے لیے تین ارب پچاسی کروڑ روپے مختص کیے گئےجس سے دیہی علاقوں سے منڈی تک سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں گی ۔

    اس کے علاوہ وادی نیلم میں پینتس میگا واٹ اور چالیس میگا واٹ پانی سے بجلی بنانے والے دو پاور پلانٹ بھی لگائے جائیں گے۔