Tag: ایکٹیمرا

  • بڑی خبر، ایکٹیمرا کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل

    بڑی خبر، ایکٹیمرا کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل

    اسلام آباد: کرونا مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے، ایکٹیمرا کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا مریضوں کی سہولت کے لیے ڈریپ اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکٹیمرا انجکشن کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل ہو گئیں، یہ گولی آئندہ ماہ ملک میں دستیاب ہو گی۔

    ڈریپ ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی کی فارما کمپنی ایکٹیمرا کی متبادل گولی اسپین سے درآمد کر رہی ہے، یہ گولی بیریسٹینیب (Baricitinib) سالٹ سے تیار شدہ ہے، جب کہ ایکٹیمرا کی متبادل ٹوفاسٹینیب گولی گزشتہ ماہ سے دستیاب ہے۔

    ذرائع کے مطابق ٹوفاسٹینیب، بیریسٹینیب مؤثر اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، اور یہ عالمی سطح پر ایکٹیمرا کا بہترین متبادل ہیں، دنیا میں ایکٹیمرا کی قلت پر متبادل دوا متعارف کرانے کا فیصلہ ہوا تھا، بیریسٹینیب گولی ایکٹمرا انجکشن کے مقابلے کئی گنا سستی ہے۔

    بیریسٹینیب کی 7 گولیوں کا پیکٹ 38 ہزار 389 روپے میں دستیاب ہوگا، جب کہ 200 ایم ایل ایکٹیمرا انجکشن کی مقررہ قیمت 60 ہزار روپے ہے، ایکٹیمرا انجکشن کرونا کے تشویش ناک مریضوں کو لگایا جاتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ نے رواں ہفتے بیریسٹینیب گولی کی قیمت مقرر کی ہے، جب کہ ڈریپ ایکٹیمرا انجکشن کی متبادل گولی کے درآمد کی اجازت دے چکی ہے۔

  • ایکٹیمرا انجکشن کا متبادل مل گیا

    ایکٹیمرا انجکشن کا متبادل مل گیا

    لاہور: کرونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے ارکان نے ایکٹیمرا انجکشن کے متبادل کے طور پر 2 دوائیں تجویز کردیں، صوبے میں انجکشن کی قلت اور بلیک میں فروخت رپورٹ کی جارہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کو ایکٹیمرا انجکشن کا متبادل مل گیا، کرونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے ارکان نے 2 ادویات تجویز کردیں جن میں بیری سیٹینب اور ٹوفاسٹینب ادویات شامل ہیں۔

    بیری سیٹینب کے 28 گولیوں کے پیکٹ کی قیمت 1 لاکھ 80 ہزار روپے ہے، کووڈ 19 کے مریضوں کو 14 روز تک روزانہ ایک گولی کی تجویز دی گئی ہے۔

    ٹوفاسٹینیب نامی گولی بھی کرونا کے علاج کے لیے 14 روز تک دی جائے گی۔

    وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی متبادل ادویات کی تجویز کی تصدیق کر دی، یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ انجکشن کے متبادل کے طور پر ماہرین نے گولیاں تجویزکر دی ہیں۔

    صوبائی ویزر کا کہنا تھا کہ جعلی ایکٹیمرا انجکشن بلیک میں ملنے کے معاملے پر تحقیقات کر رہے ہیں، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو کارروائی کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔