Tag: ایک اور بھلکڑ کپتان

  • روہت شرما کے بعد بھارت کو ایک اور بھلکڑ کپتان مل گیا!

    روہت شرما کے بعد بھارت کو ایک اور بھلکڑ کپتان مل گیا!

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کے بھولنے کی عادت سے سب واقف ہیں ان کے بعد انڈیا کو ایک اور بھلکڑ کپتان مل گیا ہے۔

    بھارت کے کامیاب ترین سابق کپتانوں میں سے ایک روہت شرما کو جہاں ان کی عالمی سطح پر کامیابیوں کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔ وہیں انہیں ایک بھلکڑ شخص کے طور پر بھی یاد رکھا جائے گا۔ وہ کئی بار ٹورز پر اپنی اہم دستاویزات اور اشیا ہوٹل یا کہیں اور بھول گئے۔ اس کا اعتراف بھی انہوں نے کیا۔

    لیکن لگتا ہےکہ روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھارت کو ایک اور بھلکڑ کپتان شبمن گل کی صورت میں مل گیا ہے۔ انہوں نے روہت کے بعد صرف بھارتی ٹیم کی قیادت ہی نہیں سنبھالی بلکہ وراثت میں بھولنے کی عادت بھی لے لی۔

    انگلینڈ اور بھارت کے درمیان گزشتہ روز پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان شبمن گل بھی بھول گئے جس نے روہت شرما کی یاد تازہ کر دی۔

    ٹاس کے بعد پریزینٹر اور سابق کرکٹر روی شاستری نے بھارتی کپتان سے ٹیم میں تبدیلیوں سے متعلق سوال کیا۔ اس پر شبمن گل نے جواب دیا کہ آخری میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ دھرو جوریل، کرن نائر اور پراسدھ کرشنا کو ریشابھ پنت، شردل ٹھاکر اور جسپریت بمرا کی جگہ الیون میں شامل کیا ہے۔

    تاہم جب ٹیم شیٹ دیکھی گئی تو معلوم ہوا کہ بھارت نے پانچویں ٹیسٹ میچ کے لیے فائنل الیون میں تین نہیں بلکہ چار تبدیلیاں کیں۔

    دراصل بھارتی کپتان تبدیلیاں بتاتے ہوئے آکاش دیپ کا ذکر کرنا بھول گئے، جنہیں گروئن انجری کے باعث چوتھے میچ میں آرام دیا گیا تھا۔ تاہم پانچویں میچ میں انشول کمبوج کو باہر بنچ پر بھٹا کر آکاش دیپ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔