Tag: ایک اور رکن پکڑا گیا

  • بابا صدیقی قتل کیس: پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی

    بابا صدیقی قتل کیس: پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی

    ممبئی: بھارتی فلم اڈسٹری کے معروف اداکار سلمان خان کے خاص دوست بابا صدیقی کے قتل کیس میں ممبئی کرائم برانچ کو بڑی کامیابی مل گئی ہے، پولیس نے لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ایک اور رکن کو حراست میں لے لیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ملزم کی شناخت امول گائکواڑ کے نام سے ہوئی ہے، کرائم برانچ کی اینٹی ایکسٹورشن سیل نے اسے پونے سے حراست میں لیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم امول گائکواڑ کا کردار اس واردات میں براہِ راست نہ سہی مگر اہم کردار تھا۔ وہ کیس کے ایک مفرور ملزم شبھم لونکر کو ممبئی لانے اور لے جانے میں ملوث تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم کو ریمانڈ پر لے کر مزید پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے تاکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک کا پتا لگایا جا سکے۔

    مذکورہ کیس میں پولیس نے اب تک 26 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، یہ گرفتاری اس معاملے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری دباؤ اور سختی کو ظاہر کرتی ہے۔

    واضح رہے کہ این سی پی کے سرکردہ لیڈر بابا صدیقی کو گزشتہ سال 12 اکتوبر 2024 کو ممبئی میں ان کے بیٹے کے دفتر کے باہر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا تھا، حملہ آوروں کی شناخت گرمیل سنگھ، دھرم راج کشیپ اور شیوکمار گوتم کے ناموں سے ہوئی تھی۔

    سلمان خان کیساتھ کام کرنے والوں کو لارنس بشنوئی گینگ کی خطرناک دھمکیاں

    موقع پر موجود عوام نے حملے کے وقت گرمیل سنگھ اور دھرم راج کشیپ کو دبوچ لیا تھا، جبکہ شیوکمار گوتم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ بعد میں پولیس نے اسے اتر پردیش کے بہرائچ ضلع سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ نیپال فرار ہونے کی کوششوں میں مصروف تھا۔