Tag: ایک اور کیس

  • پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    پشاور : پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا، جس کے بعد ملک بھر میں رواں برس اس وائرس سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 56 تک جا پہنچی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کے مطابق پولیو کیس خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان سے رپورٹ ہوا ہے۔

    این ای او سی ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں سال کے پولیو کیسز کی تعداد 56 تک پہنچ چکی ہے، رواں سال صرف ڈی آئی خان سے 7پولیو کیسز سامنے آئے ہیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق رواں سال بلوچستان سے 26، کے پی سے 15کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، رواں سال سندھ 13، پنجاب، اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا۔

    اس سے قبل پاکستان میں پولیو کے مزید تین کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد پولیو کیسز کی تعداد 55 ہوگئی تھی۔

    قومی ادارہ صحت کی ریجنل لیبارٹری نے 3 پولیو کیسز کی تصدیق کر دی جس کے مطابق پولیو کیسز ڈیرہ اسماعیل خان، ژوب اور جعفر آباد سے رپورٹ ہوئے۔

    واضح رہے کہ پولیو ایسا موذی مرض ہے جس کا شکار بچہ زندگی بھر کے لیے چلنے پھرنے سے معذور ہو جاتا ہے۔

    پولیو کی روک تھام کے لیے پاکستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 1992 میں ہوا تھا۔ جس میں ملک بھر میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاتے ہیں۔

    تاہم کئی پسماندہ علاقوں میں مختلف منفی مفروضوں کے باعث والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کر دیتے ہیں جب کہ کئی پولیو ورکرز اس مہم میں اپنی جانیں بھی گنوا بیٹھے ہیں۔

  • مشتبہ ٹرانزیکشنز : نیب نے خواجہ آصف کے خلاف  ایک اور کیس کھول لیا

    مشتبہ ٹرانزیکشنز : نیب نے خواجہ آصف کے خلاف ایک اور کیس کھول لیا

    لاہور: مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اورسابق وزیردفاع خواجہ آصف کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، نیب نے بیرون ملک چاول کی برآمدات میں مشتبہ ٹرانزیکشنز کی شکایات پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف قومی احتساب بیورو لاہور نے ایک اور کیس کھول لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے خواجہ آصف کی مبینہ کمپنی طارق میر اینڈ کمپنی کے لائسنس پر کاروباری تفصیلات طلب کرلی ہیِں۔

    نیب کیجانب سے خواجہ آصف کی مبینہ طارق اینڈ کمپنی سے برآمدات کا کاروبار کرنے والے تمام افراد کو طلب کیاگیاہے جبکہ نیب نے محمد عثمان، انوار الرحمان سمیت دیگر شامل تفتیش افراد کو آج طلب کر رکھا ہے۔

    بیرون ملک چاول کی برآمدات میں مشتبہ ٹرانزیکشنز کی شکایات پر تحقیقات کاآغاز کیا گیا ہے۔

    یاد رہے خواجہ آصف کیخلاف کینٹ ویوہاؤسنگ سوسائٹی سیالکوٹ کیس میں بھی تحقیقات جاری ہے،  نیب ذرائع کے مطابق خواجہ آصف پر الزام ہے کہ انہوں نے موجودہ زمین سے زیادہ فروخت کر دی۔

    خواجہ آصف پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا بھی الزام ہے ، خواجہ آصف نے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ہاؤسنگ سوسائٹی کےلیے ایک سو سینتیس کنال راضی پر مبینہ طور قبضہ کر کہ غیرقانونی فروخت کاالزام ہے۔

    خواجہ آصف کی اہلیہ، بیٹے اور سابق میئرسیالکوٹ توحید اختر چودھری کو بھی شامل تفتیش کیا جا چکا ہے۔

  • ملک میں پولیووائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا

    ملک میں پولیووائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا

    اسلام آباد : اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ڈیڑھ سالہ بچے میں پولیووائرس کی تصدیق ہوگئی ، جس کے بعد رواں برس کے مجموعی  پولیوکیسزکی تعداد چوبیس ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں پولیووائرس کا ایک اورکیس سامنےآ گیا، ضلع بنوں کے ڈیڑھ سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی، پولیو ٹیسٹ کے لیے متاثرہ بچے کے نمونے اکتیس مئی کو بھجوائےگئے تھے۔

    وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق متاثرہ بچے کی پولیو ویکسی نیشن نہیں ہو سکی تھی، متاثرہ بچے کے والدین پولیو ویکسی نیشن سے انکاری تھے۔

    رواں برس کے مجموعی پولیوکیسز کی تعداد چوبیس ہوگئی، رواں برس پنجاب اور سندھ میں تین، تین خیبر پختونخوا میں گیارہ اور ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سات پولیوکیس سامنے آچکے ہیں۔

    یاد رہے پولیو میں اضافے کو دیکھتے ہوئے پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا جس کے بعد راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ، ایک اور کیس سامنے آگیا

    چند روز قبل کراچی اور لاہور سمیت 6 بڑے شہروں سے نئے لیے گئے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی، کوئٹہ کے ریلوے پل اور طاؤس آباد کے علاقوں، حیدر آباد میں تلسی داس پمپنگ اسٹیشن، راولپنڈی میں صفدر آباد اور پشاور کے شاہین ٹاؤن کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    لاہور میں آؤٹ فال ایف، جی، ایچ کے سیوریج میں جبکہ کراچی کے سہراب گوٹھ، راشد منہاس روڈ، چکورا نالہ اور کورنگی نالہ کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی تھی۔

    خیال رہے عالمی ادارہ صحت نے پولیو کیسز رجسٹرڈ ہونے کے سبب پاکستان پر پہلے سے عائد سفری پابندیوں میں توسیع کردی ہے۔

    واضح رہے اس وقت دنیا میں صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان ایسے ملک ہیں جہاں اب تک پولیو کا مرض مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکا ہے۔