Tag: ایک شخص گرفتار

  • امریکا میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام‘ ایک شخص گرفتار

    امریکا میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام‘ ایک شخص گرفتار

    واشنگٹن: امریکا میں جوائنٹ ٹیرازم فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس سمیت دیگر سرکاری عمارتوں کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے مشتبہ شخص کوگرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جارجیا کے شہر کَمنگ میں انسداد دہشت گردی ٹاسک فورسز نے ایف بی آئی کی سربراہی میں چھاپہ مارکر21 سالہ مشتبہ شخص کوگرفتار کرلیا۔

    اٹارنی جنرل کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملزم وائٹ ہاؤس سمیت دیگرسرکاری عمارتوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ دیسی ساختہ بم اور ڈیوائس کی مدد سے وائٹ ہاؤس اور دیگر وفاقی عمارتوں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔

    امریکا میں بم دھماکوں میں ملوث ملزم نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا

    یاد رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں امریکی ریاست ٹیکساس میں بم دھماکوں میں ملوث 24 سالہ مشتبہ ملزم نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا تھا۔

    بعد ازاں امریکی پولیس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مشتبہ ملزم نے مارچ میں ہی شہر کے مختلف مقامات پر6 دھماکے کیے تھے، ملزم پارسل بیگ میں دھماکہ خیز مواد رکھ کر دھماکے کرتا تھا، بم دھماکوں کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

  • مراکش کی بلند و بالا چوٹیوں پر یورپی خواتین سیاح قتل، ایک شخص گرفتار

    مراکش کی بلند و بالا چوٹیوں پر یورپی خواتین سیاح قتل، ایک شخص گرفتار

    رباط: مراکش کے سیاحتی مقام پر ڈنمارک اور ناروے سے تعلق رکھنے والی دو سیاحوں کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا گیا، قتل کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مراکش کے سیاحتی پہاڑی سلسلے اٹلس کی بلند چوٹی پر قائم ایک کیمپ سے ناروے اور ڈنمارک کی دو سیاح طالبات کی لاشیں ملی ہیں، طالبات کو تیز دھارے آلے سے قتل کیا گیا ان کی گردن پر نشانات واضح ہیں۔

    لاشوں کی شناخت ناروے کی 28 سالہ طالبہ مارین کے نام سے ہوئی ہے تاہم ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی طالبہ کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

    مزید پڑھیں: آسٹریلیا کے سیاحتی مقام سے 7 افراد کی لاشیں برآمد

    رپورٹ کے مطابق ناروے کی یونیورسٹی میں زیر تعلیم دونوں طالبات دوست تھیں اور کرسمس کی تعطیلات کے دوران سیاحتی مقام آئی تھیں۔

    مراکش پولیس نے سیاح طالبات کے ممالک کو قتل سے متعلق آگاہ کردیا ہے جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    ناروے کی مقتول طالبہ کی والدہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں طالبات تمام تر حفاظتی انتظامات کے ساتھ مراکش کے سیاحتی مقام پر گئی تھیں۔

  • جرمنی میں نامعلوم افراد کاریلوےاسٹیشن پرحملہ‘5افرادزخمی

    جرمنی میں نامعلوم افراد کاریلوےاسٹیشن پرحملہ‘5افرادزخمی

    برلن : جرمنی کےشہرڈسلڈورف کے ریلوے اسٹیشن پر نامعلوم افراد کے کلہاڑی سے حملے میں 5افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق جرمنی کےشہرڈسلڈورف کےریلوے اسٹیشن پرنامعلوم افراد کےحملے میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔پولیس کاکہناہےکہ حملے میں ملوث ایک مشتبہ شخص کو گرفتارکرلیاگیاہےجبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

    جرمنی کی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لوگوں سے درخواست کی ہےکہ وہ اس واقعے کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔

    ریلوے اسٹیشن پر حملہ مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے کے قریب ہوا جس میں پانچ افراد زخمی ہوئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    ڈسلڈورف کے مرکزی ریلوےاسٹیشن پولیس اہلکاروں نے ریلوے سٹیشن کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور ہیلی کاپٹروں سے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔

    مزید پڑھیں:برلن :کرسمس بازار میں ٹرک نےشہریوں کو کچل دیا، 12افرادہلاک

    یاد رہےکہ گزشتہ سال دسمبر میں جرمنی کے دارالحکومت برلن کے کرسمس بازار میں ٹرک نےشہریوں کو کچل دیاتھاجس کے نتیجے میں کم سے کم 12 افراد ہلاک جبکہ 48 زخمی ہوگئےتھے۔

    واضح رہےکہ جرمنی میں گذشتہ برس دسمبر میں کرسمس مارکیٹ میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد سے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

  • ڈونلڈٹرمپ کی رہائش گاہ میں گھسنے کی کوشش کرنے والا شخص گرفتار

    ڈونلڈٹرمپ کی رہائش گاہ میں گھسنے کی کوشش کرنے والا شخص گرفتار

    نیویارک:امریکہ کے شہر نیویارک میں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ میں گھسنے کی کوشش کرنے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا.

    تفصیلات کے مطابق 20 سالہ شخص نے نیویارک میں 58 منزلہ ‘ٹرمپ ٹاور’ پر لگے شیشے سے سکشن کپس کے ذریعے اوپر چڑھنا شروع کیا کچھ دیر بعد لوگوں نے اس شخص کو اوپر چڑھتا دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی اور دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے نیچے لوگوں کا رش لگ گیا.

    trump-1

    پولیس نے عمارت کی 21 ویں منزل پر اس شخص کو پکڑ لیا اور بحفاظت نیچے لے آئے.گرفتارشخص کا کہنا تھاکہ وہ کسی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا تھا وہ ایک ریسرچر ہے اور اس کا تعلق ورجینیا سے ہے.

    trump-2

    گرفتار شخص نے مزید بتایا کہ اس کا مقصد امریکی صدارتی امیدوار سے تنہائی میں ملاقات کرنا تھا اور وہ انہیں کچھ خفیہ اور اہم معلومات دینا چاہتا تھا تاہم اس پیغام کے بارے میں اس نے کچھ نہیں بتایا.

    یادرہے کہ ‘ٹرمپ ٹاور’ ری پبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ بھی ہے اور یہیں سے ان کی انتخابی مہم کے سارے معاملات چلائے جاتے ہیں.

    جس وقت مشتبہ شخص نے عمارت میں چڑھنے میں کوشش کی اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ وہاں موجود نہیں تھے اور انتخابی ریلی میں شرکت کےلیے نیویارک سے باہر گئے ہوئے تھے.

    پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے جانے والے شخص کا طبی معائنہ کرانے کےلیے قریبی اسپتال لے جایا گیا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ اس کا ذہنی توازن درست ہے یا نہیں ہے.

    ٹرمپ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ مائیکل کوہن نے کہا کہ اس شخص نے انتہائی خطرنات اور احمقانہ حرکت کی تاہم مجھے امید تھی کہ نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ اسے پکڑ لے گا.

    واضح رہے کہ اس شخص نے چند روز قبل یوٹیوب پر ایک وڈیو بھی پوسٹ کی تھی جس میں اس نے ٹرمپ ٹاور پر چڑھنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا.

    اس نے اپنے وڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسا ان کی توجہ حاصل کرنے کےلیے کرے گا ساتھ ہی اس نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیں.

  • سانحہ یوحنا آباد میں مبینہ طور پر ملوث ایک شخص گرفتار

    سانحہ یوحنا آباد میں مبینہ طور پر ملوث ایک شخص گرفتار

    لاہور:حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے سانحہ یوحنا آباد میں مبینہ طور پر ملوث ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حساس ادارے نے بھٹہ چوک میں کارروائی کی، کارروائی کے دوران سانحہ یوحنا آباد کے ملزم عابد بیگ معاویہ کو حراست میں لے لیا۔

    عابد بیگ معاویہ ڈی جی خان کا رہائشی ہے اور اس پر خودکش حملہ آووروں کو سہولت فراہم کرنے کا شبہ ہے۔

    زرائع کے مطابق ملزم کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر بھی ہے تاہم عابد بیگ معاویہ کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام  پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سانحہ یوحنا آباد کے بعد ہنگامہ آرائی کے 22 ملزمان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    واضح رہے کہ لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں چرچز پر خود کش حملوں کے بعد مشتعل مظاہرین نے 2 بے گناہ افراد کو زندہ جلادیا تھا جبکہ نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔