Tag: ایک لاکھ ملازمتیں

  • ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتوں کی فراہمی، وزیراعظم کے دورہ قطر کا اعلامیہ جاری

    ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتوں کی فراہمی، وزیراعظم کے دورہ قطر کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد : امیر قطر نے پاکستان کی ترقی میں ہر ممکن ساتھ دینے کا اعلان کردیا، ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی، قطر آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پاکستان کی مدد کرسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ قطر کے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزیر اعظم نے دورے کے پہلے دن قطری ہم منصب سے ملاقات کی۔

    قطری وزیراعظم کے ساتھ وفود کی سطح پربات چیت ہوئی، اس کے علاوہ وزیراعظم کی سرمایہ کاروں کے وفد سے بھی ملاقات ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق امیر قطر نے پاکستان کی ترقی میں ہر ممکن ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ قطر آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پاکستان کی مدد کرسکتا ہے۔

    وزیراعظم نے کاروباری اور تاجر برادری سے ملاقات میں قطری سرمایہ کاروں کو پاکستانی معیشت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، انہوں نے کہا کہ سرمایہ کارتوانائی، پٹرولیم، فارماسوٹیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

    اس کے علاوہ زراعت، ریسرچ، ثقافت، سیاحت اورتعلیم کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی، وزیر اعظم نے قطرکی سرکاری اور نجی کمپنیوں کےوفود سےبھی ملاقاتیں کیں،سرمایہ کاروں کوہاؤسنگ منصوبے میں پارٹنر بننے کی پیشکش کی۔

    اعلا میہ میں مزید کہا گیا ہے کہ قطرایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کرے گا، وزیراعظم نے ملازمتیں فراہم کرنے پر قطری حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیراعظم نے فیفا ورلڈ کپ میں پاکستان سے افرادی قوت بلانے کی درخواست بھی کی، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امیر قطرکو دورہ پاکستان کی دعوت امیر قطر نے قبول کرلی، سفارتی سطح پر رابطوں کے بعد دورے کی تاریخ طے کی جائے گی۔

  • قطر کی پاکستان کو 1لاکھ ملازمتیں دینے کی پیشکش، قطری وزیر خارجہ

    قطر کی پاکستان کو 1لاکھ ملازمتیں دینے کی پیشکش، قطری وزیر خارجہ

    نیو یارک : قطری وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمٰن پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران پاکستان کے ایک لاکھ ہنر مند افراد کو ملازمتیں دینے کی پیشکش کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے امریکی شہر نیو یارک میں موجود پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے قطری ہم منصب محمد بن عبد الرحمٰن نے ملاقات کی، دوران ملاقات دونوں وزراء خارجہ کے درمیان باہمی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔

    قطری وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمٰن نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران خارجہ امور پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ورکرز کو ایک لاکھ ملازمتیں دینے کی پیشکش کی۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کویتی نائب وزیر اعظم سے ملاقات میں کہا تھا کہ پاکستان کویت سے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک خطے کی ترقی و استحکام پرمشترکہ نقطہ نظررکھتے ہیں۔

    ان کا کویتی نائب وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تیل کی تلاش، زراعت میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھائی جائے۔