Tag: ایںٹی نارکوٹکس

  • گوادر 200 لیٹر لیکوئیڈ آئس، ڈی جی خان 180 کلو چرس، پشین میں 371 کلو ہیروئن، 221 کلو مارفین برآمد

    گوادر 200 لیٹر لیکوئیڈ آئس، ڈی جی خان 180 کلو چرس، پشین میں 371 کلو ہیروئن، 221 کلو مارفین برآمد

    راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے گوادر میں 200 لیٹر لیکوئیڈ آئس، ڈی جی خان میں 180 کلو چرس، اور پشین میں 221 کلو مارفین برآمد کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات کے خلاف ملک گیر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، دس سے زائد کارروائیوں میں اے این ایف نے بھاری مقدار میں منشیات برآمدگی سمیت 9 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، اور ان کے خلاف منشیات رکھنے اور اسمگلنگ کے مقدمات درج کر دیے ہیں۔

    اےاین ایف کے مطابق گوادر کے علاقے پدی زر کے قریب چھپائی گئی 200 لیٹر لیکوئیڈ آئس، اور 30 کلو چرس برآمد ہوئی، برآمد منشیات بیرون ملک اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔

    کوئٹہ سے پنجاب منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنائی گئی، ڈیرہ غازی خان کے قریب پیاز سے بھرے ایک ٹرک میں چھپائی گئی 180 کلو چرس برآمد ہوئی، چرس ٹرک میں بنے خفیہ خانے میں چھپائی گئی تھی، اے این ایف نے 2 ملزمان کو گرفتار کیا۔

    پشین کے غیر آباد علاقے سے 371 کلو ہیروئن اور 221 کلو مارفین برآمد ہوئی، برآمد منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی غرض سے پہاڑیوں میں چھپائی گئی تھی۔

    گڈاپ ٹاؤن کراچی کے قریب انڈس چوک پر کار سے 51 کلو چرس برآمد کی گئی، اور ملزم گرفتار ہوا، ایئر پورٹ روڈ کوئٹہ میں لوڈر رکشے میں چھپائی گئی 10 کلو چرس برآمد ہوئی، اور ملزم کو گرفتار کیا گیا، پنجگور کے علاقے بونستان میں جھاڑیوں کے نیچے چھپائی گئی 15 کلو چرس برآمد ہوئی۔

    اے این ایف راولپنڈی کی رنگ روڈ پشاور الحرم ٹاؤن میں کارروائی کے دوران پہلے سے گرفتار ملزم کی نشان دہی پر خیبر ایجنسی کے رہائشی 2 ملزمان گرفتار کیے گئے، ملزمان کے قبضے سے 2 آئس بھرے کیپسول بھی برآمد ہوئے، وزیر آباد روڈ کے قریب سیالکوٹ کے رہائشی ملزم سے 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

    جی ٹی روڈ پشاور کے قریب 2 افغان باشندوں سے 2400 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی، باڑہ خیبر کے غیر آباد علاقے سے 5 کلو چرس اور 1 کلو 500 گرام آئس برآمد ہوئی، خیبر ضلع جروبی میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 7 کلو چرس برآمد ہوئی، پشاور میں پشتہ خرہ چوک کے قریب گاڑی سے 2 کلو چرس برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

  • مشکوک کشتی سے 2 ارب سے زائد مالیت کی آئس ڈرگ برآمد

    مشکوک کشتی سے 2 ارب سے زائد مالیت کی آئس ڈرگ برآمد

    کوئٹہ: پاک بحریہ اور ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انٹیلی جنس نے بلوچستان کے علاقے پشوکان سے ملحقہ سمندر میں مشترکہ انسداد منشیات آپریشن میں 100 کلو گرام آئس ڈرگ برآمد کر لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاک بحریہ نے ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انٹیلی جنس کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں پشوکان، بلوچستان کے قریب سمندر میں ایک مشکوک کشتی سے سو کلوگرام آئس منشیات برآمد کر لی ہے۔

    پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا، قبضے میں لی گئی منشیات کی مالیت تقریباً 2ارب 25 کروڑ روپے ہے۔

    ترجمان کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب آپریشن پاک بحریہ کی سمندر میں مؤثر نگرانی کا نتیجہ ہے، برآمد شدہ منشیات اور گرفتار ملزم مزید قانونی کارروائی کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انٹیلی جنس کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

    ملزم یاسین جمال برآمد شدہ چرس کے پیکٹس کے ساتھ، جسے نیو ٹاؤن، راولپنڈی پولیس نے گرفتار کیا

    راولپنڈی سے اے آر وائی نیوز کے نمایندے بابر ملک کے مطابق آج نیو ٹاؤن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے 15 کلو سے زائد چرس برآمد کر کے ایک ملزم یاسین جمال کو گرفتار کر لیا جس کے انکشاف پر پولیس کانسٹیبل اظہر شیخ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ایس پی راول کا کہنا تھا کہ پولیس کانسٹیبل جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کرتا تھا۔

    ایس ایچ او تھانہ نیو ٹاؤن مرزا جاوید اقبال نے دوران چیکنگ ملزم یاسین جمال کو گرفتار کر کے مہران کار سے 15 کلو 905 گرام چرس برآمد کی تھی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔