Tag: ای سی ایل سے نکالنے

  • شہباز شریف سمیت 200 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا نوٹیفکیشن چیلنج

    شہباز شریف سمیت 200 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا نوٹیفکیشن چیلنج

    کراچی : وزیراعظم شہبازشریف سمیت دو سو افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا نوٹیفکیشن عدالت میں چیلنج کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں وزیراعظم پاکستان شہبازشریف سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں شامل 2 سو سے زائد افراد کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

    درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ نئی وفاقی حکومت کے قیام کے بعد وزیراعظم شہبازشریف سمیت ہائی پروفائل ملزمان کا نام ای سی ایل سے خارج کردیا گیا۔

    جس پر جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ حکومت کی پالیسی ہوگی تب ہی تو نام ای سی ایل سے خارج کیا ہے، محمود اختر نقوی درخواست گزار نے عدالت میں کہا کہ حکومت کی ایسی پالیسی ہوہی نہیں سکتی۔

    جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے استسفار کیا کس نے شہبازشریف اور دیگر کا نام ای سی ایل میں شامل کیا تھا؟ محمود اختر نقوی نے بتایا نیب اور ایف آئی اے کی سفارش پر وفاقی حکومت نے نام ای سی ایل میں شامل کیے تھے۔

    عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ حکومت نے ان سب کے نام ای سی ایل میں شامل کیے تھے اب حکومت نے ہی نام نکال دیے ہیں۔

    جس پر درخواست گزار کا کہنا تھا کہ جن کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے ان پر سنگین مقدمات میں ہیں، قومی خزانہ لوٹ پر پیسہ ملک سے باہر لے گئے ہیں، شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، مفتاح اسماعیل سمیت بیشتر کے نام عدالتی حکم پر ای سی ایل میں شامل کیے گئے تھے۔

    درخواست گزار نے مزید کہا کہ عدالت نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا، عدالت کی اجازت کے بغیر کسی کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

    عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کا کہنا تھا ہم جائزہ لے کر حکم نامہ جاری کریں گے۔

  • کرکٹر شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

    کرکٹر شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو کرکٹر شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے سات دن میں عمل درآمد کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کرکٹر شرجیل خان کی درخواست پر سماعت کی، کرکٹر شرجیل خان کے وکیل شیغان اعجاز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شرجیل خان کا اسپاٹ فکسنگ اور میچ فکسنگ سے کوئی تعلق نہیں رہا، وفاقی حکومت نے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کر رکھا ہے‌‌۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ شرجیل خان کو عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں،استدعا ہے کہ عدالت شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔

    وزارت داخلہ کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے کے پاس انکوائری زیرالتواء ہے، شرجیل خان کا نام ایف آئی اے کے کہنے پر ای سی ایل میں ڈالا گیا، جس پر عدالت نے وزارت داخلہ کو کرکٹر شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا اور سات دن میں عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

    مزید پڑھیں : سزا بھگتنے کے بعد کرکٹر شرجیل خان نے اسپاٹ فکسنگ پر معافی مانگ لی

    خیال رہے کہ کرکٹر شرجیل خان پر پی ایس ایل ٹو میں فکسنگ کا یہ الزام تھا کہ انہوں نے میچ میں رقم کے عوض دو ڈاٹ بالز کھیلیں۔ شرجیل خان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کوڈ کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا جس کے بعد ان پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی۔

    بعد ازاں کرکٹر شرجیل خان نے اسپاٹ فکسنگ پر معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ یقین دلاتا ہوں مستقبل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کروں گا، قوائد کی خلاف ورزی وقتی فائدہ دیتی ہے مگر نتائج کیریئر پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

  • نیب کا نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر مثبت جواب دینے سے انکار

    نیب کا نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر مثبت جواب دینے سے انکار

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر غیر مشروط طور پر مثبت جواب دینے سے انکار کردیا اور کہا نام نکالنے کے لیے مضبوط شواہد ہونے چاہییں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق نیب نے وزیرداخلہ کو جوابی خط لکھ دیا، نیب نے کہا ہے کہ قانونی رائے کے لئے وزارت قانون سے رابطہ کریں، مجرم نوازشریف کےخلاف متعدد مقدمات زیرالتواہیں۔

    ذرائع کے مطابق جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ غیرمشروط طورپر مثبت جواب نہیں دے سکتے، میڈیکل رپورٹ نیب کو فراہم کی جائے، ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے مضبوط شواہد ہونے چاہییں۔

    یاد رہے گذشتہ روز نواز شریف کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا معاملہ وزارت داخلہ نے نیب کو بھیجا تھا، جس پر ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے خط موصول ہوگیا ہے۔

    مزید پڑھیں : نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے معاملہ نیب کوبھیج دیا گیا

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں کہا تھا کہ نوازشریف کے ای سی ایل کا معاملہ نیب کے پاس ہے، نیب کی سفارش پر نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا اور نیب کی سفارش پر ہی ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا۔

    واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف نے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست دی تھی، درخواست نواز شریف کی فیملی کی جانب سے بیماری اور بیرون ملک علاج کرانے کی بنیاد پر دی گئی تھی ، درخواست میں کہا گیا تھا کہ نوازشریف بیرون ملک علاج کے لئے جانا چاہتے ہیں۔

    جس پر حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا نام 48سے 72گھنٹوں میں ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا، نواز شریف کو ایئر ایمبولینس میں بیرون ملک لے جایا جاسکتا ہے۔