Tag: ای پی آئی

  • ڈبلیو ایچ او کا سندھ کے لیے اہم تحفہ، اب بچوں کو حفاظتی ٹیکے گھروں پر لگ سکیں گے

    ڈبلیو ایچ او کا سندھ کے لیے اہم تحفہ، اب بچوں کو حفاظتی ٹیکے گھروں پر لگ سکیں گے

    کراچی: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے سندھ کو 22 کروڑ روپے مالیت کے طبی سامان اور گاڑیوں کا عطیہ دیا ہے، جس کی مدد سے اب بچوں کو حفاظتی ٹیکے گھروں پر بھی لگائے جا سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے محکمہ صحت سندھ کو 22 کروڑ مالیت کی موبائل ویکسی نیشن گاڑیاں، نگرانی کے لیے ڈبل کیبن گاڑیاں اور طبی ساز و سامان کا عطیہ دیا ہے۔

    عالمی ادارے نے صوبے بھر میں 345 ویکسی نیشن سینٹرز کی تزئین و آرائش اور ان میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی بھی شروع کر دی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے جمعرات کو ای پی آئی سندھ کے ہیڈکوارٹر میں ویکسی نیشن سروسز کے لیے طبی سہولتوں سے آراستہ 6 موبائل وینز، ڈبل کیبن گاڑی، طبّی ساز و سامان اور دیگر اشیا وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے حوالے کیں۔

    ڈاکٹر پالیتھا ماہی کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ 14 لاکھ ڈالر جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 22 کروڑ سے زیادہ بنتی ہے, کا طبی ساز و سامان محکمہ صحت سندھ کے حوالے کر رہا ہے، اس رقم سے نہ صرف گاڑیاں بلکہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے 345 سینٹرز کی تزئین و آرائش بھی کی جا رہی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ کراچی آتے ہیں انھیں صحت کی سہولیات میں مزید اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا عالمی ادارہ صحت نے سندھ کے عوام کے لیے ہمیشہ طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد کی ہے۔

    انھوں نے عالمی ادارہ صحت سے درخواست کی کہ وہ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے بھی ویکسین کی فراہمی، ویکسین کی کولڈ چین برقرار رکھنے اور اسے صوبے بھر کے غریب عوام تک پہنچانے میں محکمہ صحت سندھ کی مدد کریں۔

    حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سندھ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اکرم سلطان نے بتایا کہ سندھ کے ہر ضلع میں ایک موبائل وین کے ذریعے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جانے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، ان موبائل وینز کے ذریعے اب ان بچوں تک بھی پہنچا جائے گا جن کے والدین انھیں ٹیکہ جات پروگرام کے سینٹرز تک نہیں لا سکتے۔

  • کراچی کی گیارہ یوسیز میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

    کراچی کی گیارہ یوسیز میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

    کراچی: شہرکی گیارہ یونین کونسلوں میں انسدادِپولیو کی خصوصی مہم چلائی جارہی ہے تاہم ریڑھی گوٹھ یونین کونسل میں لیڈی ہیلتھ ورکرز نے معاوضے کی عدم ادائیگی کے باعث عارضی طور پر پولیو مہم کا بائیکاٹ کیا۔

    پولیو رضاکاروں کے مطابق ہر پولیو مہم سے قبل معاوضے بروقت ادا کئے جانے کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے جبکہ معاوضہ انتہائی تاخیر سے ا دا کیا جاتا ہے اور پولیو مہم کے دوران کسی بھی قسم کی سفری سہولت فراہم نہیں کی جاتی۔

    کراچی میں آج سے شروع ہونے والے تین روزہ خصوصی پولیو مہم کے لئے گیارہ حساس یونین کونسلوں کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں پولیو کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔

    وفاقی اور صوبائی حکومت کی واضح ہدایت کے باوجود صوبہ سندھ میں آج بھی ای پی آئی آفس بند رہا جس کی وجہ سے پروگرام چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے صوبہ سندھ میں اب تک رواں سال پچیس کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔