Tag: اےآر وائی نیوز

  • کرونا نے آئی پی ایل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، منتظمین کی پریشانی میں اضافہ

    کرونا نے آئی پی ایل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، منتظمین کی پریشانی میں اضافہ

    نئی دہلی: بھارت میں جاری آئی پی ایل بھی کرونا سے متاثر ہونے لگا ہے، جہاں دو کرکٹرز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کچھ کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے باعث انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میں آج رات ہونے والا رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز(کے کے آر) کے مابین ہونے والا میچ کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے۔

    بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ کے کے آر کے کیمپ میں کرونا کے کیسز پائے جانے کی وجہ سے آر سی بی ان کے خلاف میدان میں اترنے کے خواہشمند نہیں ہے،جس کی وجہ سے آج کے میچ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے قہر کی وجہ سے آسٹریلوی کھلاڑی اینڈریو ٹائی، کین رچرڈسن اور ایڈم زمپا کے علاوہ آراشون اور دو امپائرز نے بھی آئی پی ایل کو چھوڑ کر جاچکے ہیں، لیگ چھوڑ کر اپنے وطن واپس لوٹنے والے اینڈریو ٹائی نے اعتراض کیا تھا کہ بھارت میں کورونا کے مریضوں کو علاج کے لیے اسپتال نہیں مل رہے تو کمپنیاں اور کارپوریٹ ادارے آئی پی ایل پر اتنا خرچ کیوں کر رہے ہیں؟ جب ملک میں صحت کا نظام اتنا بڑا مسئلہ تھا تو فرنچائز نے کرکٹ پر اتنے پیسے خرچ کیسے کیے؟

    یہ بھی پڑھیں: کرونا کا خوف، غیر ملکی کرکٹرز آئی پی ایل چھوڑ کر جانے لگے

    ان کا کہنا تھا کہ اگر آئی پی ایل سے لوگوں کے درمیان وبا کا خوف اور پریشانی کم ہورہی ہے تو اسے جاری رکھنا چاہے لیکن بھارتی نقطہ نظر سے دیکھیں تو متعلقہ ادارے، فرنچائز، کمپنیاں اور حکومت ایسے وقت میں کرکٹ پر پیسے خرچ کررہی ہے جب یہاں مریضوں کو علاج کے لیے اسپتال نہیں مل رہے ہیں۔

    دوسری جانب بھارت میں کرونا کی بگڑتی صورتحال کے باوجود نجی لیگ کو جاری رکھنے پر منتظمین کو شدید تنقید کاسامنا ہے، میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ لیگ کے ملتوی ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں، لیگ کے ملتوی ہونے کے حوالے سے فی الوقت انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

  • متحدہ پاکستان کا این اے 249 کے ضمنی الیکشن سے متعلق اہم مطالبہ

    متحدہ پاکستان کا این اے 249 کے ضمنی الیکشن سے متعلق اہم مطالبہ

    کراچی: متحدہ پاکستان نے این اے 249 پر ہونے والے ضمنی الیکشن کو ملتوی کرنے کی درخواست دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دینے کے بعد این اے 249 کی سیٹ خالی ہوئی تھی، الیکشن کمیشن نے حلقے میں پولنگ کے لئے 29 اپریل تاریخ مقرر کردی ہے۔

    این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والی متحدہ پاکستان نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر حلقے میں ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دے دی ہے، متحدہ پاکستان کی جانب سے دو علیحدہ درخواستیں دی گئیں ہیں۔

    پہلی درخواست ایم کیوایم امیدوار حافظ مرسلین نے ریٹرننگ آفیسر کو دی جبکہ دوسری درخواست ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ارسال کیں، دونوں درخواستوں میں یکساں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کرونا ایس اوپیز کے ساتھ گھر گھر انتخابی مہم چلانا مشکل ہے، ضمنی الیکشن کی انتخاب میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ممکن نہیں ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دائر درخواستوں میں موقف اپنایاگیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا تیسری لہر میں مثبت کیسز کی شرح 12فیصد تک ہے جبکہ حلقے میں این سی او سی کی کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی سامنےآرہی ہے۔

    درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ این اے 249 پر ضمنی الیکشن کرونا صورتحال کی بہتر تک ملتوی کئے جائیں اور الیکشن کمیشن جلد اس تناظر میں ایکشن لیتےہوئےفیصلہ کرے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی، حلقہ این اے 249 میں‌ ووٹرز کی تعداد کتنی ہے؟ اعداد و شمار سامنے آگئے

    گذشتہ روز رکن سندھ اسمبلی و تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کی جانب سے بھی الیکشن کمیشن کو کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کا ضمنی الیکشن جمعرات کے بجائے اتوار کو کروانے کیلئے درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

    خرم شیر زمان نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں جمعرات کے بجائے اتوار کو الیکشن کروانے کی درخواست جمع کروائی ہے، تاکہ زیادہ تعداد میں لوگ ووٹ ڈال سکیں۔

  • این سی او سی کا رمضان المبارک سے قبل اہم فیصلے کرنے کا عندیہ

    این سی او سی کا رمضان المبارک سے قبل اہم فیصلے کرنے کا عندیہ

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کرونا سے متعلق موجودہ پابندیوں میں تین روز کی توسیع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا، اجلا میں ملک بھر میں کرونا کے بڑھتے کیسز اور ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق صورت حال پر غور کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وصوبائی حکام نے شرکت کی۔

    این سی او سی نے رمضان المبارک کے دوران کرونا ویکسینیشن پلان پر غور کیا اور فیصلہ کیا کہ عالمی وبا سےبچاؤ سے متعلق کئے گئے تمام فیصلے13اپریل تک نافذالعمل ہونگے جبکہ رمضان المبارک سےمتعلق اہم فیصلے12اپریل کو ہونگے۔

    اجلاس میں شرکا کو بتایا کہ رواں ماہ کافی مقدار میں کرونا ویکیسن پاکستان پہنچے گی۔

    واضح رہے کہ اٹھائیس مارچ کو این سی او سی نے ملک بھر میں ان ڈور، آؤٹ ڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ تقریبات پر پابندی کا فیصلہ فوری طور نافذ العمل ہوگا جبکہ ان ڈور، آؤٹ ڈور شادی تقریبات پر پانچ اپریل سے پابندی ہوگی۔

    این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سماجی، کلچرل، سیاسی، کھیلوں کی تقریبات پر بھی پابندی ہوگی، این سی او سی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ فیصلوں کا اطلاق کرونا کےہائی رسک اضلاع اور شہروں پر ہوگا، آٹھ فیصد مثبت کیسز کی شرح والے اضلاع پر ان فیصلوں کا فوری اطلاق کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کونسے اضلاع کورونا ہائی رسک ہیں؟ این سی او سی نے بتا دیا

    چھ اپریل کو این سی او سی کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ کورونا ہائی رسک اضلاع اور شہروں میں ‏تعلیمی ادارے 27 اپریل تک بند رہیں گے۔

    این سی اوسی کا کہنا تھا کہ نویں تا بارہویں جماعت کی کلاسز کا دوبارہ آغاز 19 اپریل سے ہو گا، ملک بھر میں امتحانات24 مئی سےشروع ہوں گے،این سی او سی کا کہنا تھا کہ اے اور او لیول کےامتحانات شیڈول کےمطابق ہوں گے۔

  • غیر ملکیوں کو کب سے عمان میں داخلے کی اجازت ہوگی؟

    غیر ملکیوں کو کب سے عمان میں داخلے کی اجازت ہوگی؟

    مستقط: خلیجی ملک عمان نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی ضرورت کے بغیر سفر سے گریز کریں۔

    عمانی خبر رساں ادارے اونا کے مطابق سلطنت عمان نے فیصلہ کیا ہے کہ مقامی شہری اور سلطنت میں مقیم غیر ملکی جمعرات کو دوپہر بارہ بجے سے عمان میں داخل ہوسکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ عمانی حکومت نے پورے ملک میں تمام تجارتی سرگرمیوں پر پابندی میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے افراد اور گاڑیوں کو رات آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک بین الصوبائی آمد ورفت کی اجازت دے دی ہے، یہ اجازت یکم رمضان تک کے لیے دی گئی ہے۔

    عمان کی اعلی کمیٹی نے ساتھ ہی اعلان کیا کہ رمضان کے دوران رات نو سے صبح چار بجے تک تمام تجارتی ادارے بند رہیں گے، اس دوران سفر کرنے والے افراد اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی جبکہ رواں سال مساجد میں تراویح کی اجازت نہیں ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سلطنت عمان میں نئی کورونا پابندیاں عائد

    عمانی حکومت نے رمضان میں تمام تقریبات پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، پابندی کے بعد مساجد، خیموں اور عوامی مقامات پر اجتماعی افطار دسترخوان پر پابندی ہوگی۔

    اس کے علاوہ کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے تحت رمضان کے دوران تمام سماجی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں بند رہیں گی، سلطنت میں کسی بھی قسم کا اجتماعی پروگرام نہیں کیا جاسکے گا۔

  • تائیوان میں تیز رفتار ٹرین حادثے کا شکار، 41 ہلاکتیں

    تائیوان میں تیز رفتار ٹرین حادثے کا شکار، 41 ہلاکتیں

    تائی پے: تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب ٹرین پٹری سے اترگئی، واقعے میں اکتالیس مسافر ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرین حادثے کا واقعہ تائیوان کے مشرقی ساحل پر ٹروکو گارج کے علاقے میں آج مقامی وقت کے مطابق صبح تقریبا ًساڑھے نو بجے پیش آیا، متاثرہ ٹرین میں ساڑھے تین سو سے زائد مسافر سوار تھے۔

    ریلوے پولیس نے اب تک 41 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، اب بھی متعدد افراد ٹرین میں پھنسے ہوئے ہیں، جس کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

    ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹرین تائی پی سے تائی تنگ جا رہی تھی کہ سرنگ میں حادثے کا شکار ہوئی، حکام کا کہنا ہےکہ سرنگ کے اوپر پل سے ایک ٹرک تیز رفتاری کے باعث ریلوے لائن پر آگرا، ریل تیز رفتاری کے باعث اس سے ٹکرا کر الٹ گئی۔

    واضح رہے کہ پہاڑی سلسلوں پر مشتمل تائیوان کا یہ مشرقی ساحل سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے، تائی پی کے مشرقی ساحل سے اس جانب جانے والی ٹرینیں مختلف سرنگوں سے ہو کرگزرتی ہیں اور یہ بڑا خوشگوار سفر ہوتا ہے۔

    یاد رہے کہ تائیوان میں اس سے پہلے ٹرین کا بڑا حادثہ اکتوبر 2018 میں پیش آیا تھا جب ایک مسافر ٹرین پٹری سے اترگئی تھی، جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 175 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

  • عرب دنیا میں سعودی فضائیہ کی دھاک

    عرب دنیا میں سعودی فضائیہ کی دھاک

    ریاض: سعودی فضائیہ نے حربی استعداد کے حوالے سے تمام عرب ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے۔

    سبق ویب سائٹ نے سعودی فضائیہ کے استعداد کار سے متعلق تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے، رپورٹ کے مطابق سعودی فضائیہ کے پاس مختلف قسم کے 889 جنگی طیارے ہیں، ان میں سے 279 لڑاکا، 81 حملہ آور اور 258 ہیلی کاپٹر ہیں، جن میں سے 34 حملہ آور ہیلی کاپٹر ہیں۔ 186 طیارے جنگی تربیت اور 50 طیارے فضائی نقل و حمل کے لیے ہیں۔

    ایف 15 ایگل طیاروں کو سعودی فضائیہ کا اہم ہتھیار تصور کیا جاتا ہے، دشمن پر اندر تک جاکر اسٹرٹیجک ٹھکانوں پر حملہ کرکے واپس آسکتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی فضائیہ کے پاس ٹورنیڈو طیارے ہیں، یہ کثیر المقاصد جنگی طیارے ہیں اور متعدد خصوصیات کے مالک ہیں، یہ حملہ آور دشمن کے تعاقب کی صلاحیت رکھتے ہیں اور نچلی پرواز کرسکتے ہیں جبکہ آواز سے زیادہ تیز رفتار ہیں۔

    سعودی فضائیہ کے پاس آئی ایچ 64 اپاچی ہیلی کاپٹر ہیں، یہ امریکی فوج کے اہم لڑاکا ہیلی کاپٹر مانے جاتے ہیں،ہر طرح کے موسم میں حملہ کرسکتے ہیں اور شدید معرکوں میں بہترین کام کرسکتے ہیں۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق جنگی طیاروں اور تجربہ کار ہوابازوں کے لحاظ سے سعودی عرب پوری عرب دنیا میں پہلی پوزیشن جبکہ فضائی استعداد کے حوالے سے 139 ممالک میں بارہویں پوزیشن اور جنگی طیاروں کی طاقت کے حوالے سے دنیا میں نویں پوزیشن پر ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مسلح افواج پر سالانہ بجٹ کے حوالے سے سعودی عرب دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے، سعودی عرب نے فوج کو جدید تر بنانے کے لیے 175 ارب ریال کا بجٹ مخصوص کیا ہے۔

  • کرونا کی تیسری لہر: کمرشل سرگرمیوں سے متعلق اہم اعلان

    کرونا کی تیسری لہر: کمرشل سرگرمیوں سے متعلق اہم اعلان

    لاہور: کرونا وائرس کا مسلسل بڑھتا خطرہ، پنجاب حکومت نے عوام کے تحفظ کے لیے بڑے فیصلے کرلئے ہیں۔

    کرونا کی متوقع تیسری لہر کے منڈلاتے خطرات کے پیش نظ حکومت پنجاب نے لاہور،راولپنڈی،سرگودھا،فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں 29مارچ تک اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا ہے۔

    اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت ہفتہ اور اتوار کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی، تفریحی مقامات اور پارکس شام چھ بجے بند کرادیئے جائیں گے، سرکاری ونجی دفاترکو 50فیصد اسٹاف بلانے کی اجازت ہوگی۔ ان ڈور، آؤٹ ڈور میرج ہالز، کمیونٹی سینٹرز اور مارکیز کو پندرہ مارچ کو بند کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کورونا کی نئی لہر، دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف بلانے کا نوٹیفکیشن جاری

    اب ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام کمرشل سرگرمیوں پر رات10بجے کے بعد پابندی عائد کردی ہے، جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی ہدایت پر کیا گیا،پابندی کا اطلاع 15اپریل تک ہوگا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شہر کے تمام تھیٹرز رات 10 بجے تک بند کردیئےجائیں، خلاف ورزی کرنیوالےتھیٹر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائےگی۔

  • افسوس: پاکستانی عوام  پی ایس ایل میچز سے محروم ہوئے، مالک کراچی کنگز سلمان اقبال

    افسوس: پاکستانی عوام پی ایس ایل میچز سے محروم ہوئے، مالک کراچی کنگز سلمان اقبال

    کراچی: کراچی کنگز کے مالک اور سی ای او اے آر وائی گروپ سلمان اقبال نے پی ایس ایل سیزن سکس کے ملتوی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ افسوس ہے کہ پاکستانی عوام پی ایس ایل میچز سے محروم ہوئے، پی سی ایل ملتوی ہونا مذاق نہیں، دنیا دیکھ رہی ہے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو مشکل سے پاکستان لیکر آئے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا پاکستان آنا ہماری جیت ہے۔

    اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال نے کہا کہ کرونا سے لڑنا ہمارے بس کی بات نہیں ہے،میچز کے لئے  پی سی بی نے آئسولیشن کا طریقہ   کار دار دیا وہ ہم نے پوراکیا، پی سی بی نے تین کرونا ٹیسٹ کرانے کا کہا میں نے اپنے کھلاڑیوں کے چار ٹیسٹ کرائے، ایونٹ کے دوران ٹیم مینجمنٹ کی شکایت پر میں خود بائیوببل چیک کرنےگیا تھا۔

    سلمان اقبال نے پی ایس ایل کے انتظامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ تین دن کی آئسولیشن کسی بھی کتاب میں نہیں، آئسولیشن سات دن کی ہوتی ہے،کرونا علامات چار دن بعد ظاہرہوتی ہیں، جس ہوٹل میں کھلاڑیوں کو ٹہرایا گیا وہاں شادیاں ہورہی ہیں،کچن بھی سب کیلئےکھلا رہا۔

    کراچی کنگز کے مالک کا کہنا تھا کہ صورتحال سے کیسےنمٹیں ؟ پی سی بی نے ہم سےمشورہ ہی نہیں کیا، ہم اسٹیک ہولڈرز ہیں، ہم نے پی ایس یل کو کامیاب کیا ہے، آج جو میٹنگ ہوئی وہ بہت پہلے ہونی چاہیے تھی، پی سی بی حکام کی جانب سے آج میٹنگ کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔

    سلمان اقبال کا اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہنا تھا کہ میں نے میٹنگ میں کہا کہ کسی کو ذمہ دار ہونا چاہیے تھا، پی سی بی حکام نے ہم سے مشاورت کی نہ کوئی بات کی گئی، پی سی بی چار یا پانچ لوگوں کے ہاتھ میں ہے، غلط فیصلے سےکرکٹ اورشائقین افسردہ ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی کے سی ای او کا کہنا تھا کہ اے آر وائی سے 11ہزار لوگ وابستہ ہیں، مشکل سے 50لوگ کرونا سے متاثر ہوئے، ہم نے اے آر وائی میں سخت ایس اوپیز رکھے ہوئے ہیں، پی سی بی کے اتنے لوگ تھے مگر کسی نے ٹھیک مینجمنٹ نہیں کی، میٹنگ میں سختی سے کہا تھا کہ کسی ایک کوذمہ داری لینا ہوگی۔

    کراچی کنگز سلمان اقبال نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ پی ایس ایل کے لئے بنائے گئے بائیو سیکیور ببل میں کچھ لوگ تھے کچھ نہیں تھے، جو افراد بائیوببل میں نہیں تھے وہ بھی گراؤنڈ میں موجود تھے، ایونٹ میں تین کیسز رپورٹ ہوئےتو حکام سےکہا اب تو ایس اوپیز سخت کریں۔

  • دنیا بھر میں مقبول روایتی ازبک پلاؤ بنانے کی ترکیب

    دنیا بھر میں مقبول روایتی ازبک پلاؤ بنانے کی ترکیب

    پلاؤ چاولوں کی ایسی ڈش ہے جس میں مصالحوں کی مقدار بریانی کے مقابلے میں کم رکھی جاتی ہے اور یہ زود ہضم بھی ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں پلاؤ کو مختلف طریقوں سے پکایا جاتا ہے۔

    آج ہم آپ کو ازبک پلاؤ تیار کرنے کی ترکیب بتا رہے ہیں جو اپنی لذت کے باعث دنیا بھر میں نہایت مقبول ہے۔


    اجزا

    چکن: حسب ضرورت

    چاول: 1 کلو

    کابلی چنے: 1 پیالی

    کشمش: کھانے کے چمچ

    گاجر: 3 عدد

    لہسن ادرک: پسا ہوا 1 کھانے کا چمچ

    سیاہ زیرہ: 1 چٹکی

    کالی مرچ: 12 عدد

    پیاز: 4 عدد

    ہری مرچ: 4 عدد

    سفید سرکہ: 1 کھانے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    کوکنگ آئل: 1 پیالی


    ترکیب

    چاولوں کو دھو کر 20 منٹ کے لیے بھگا دیں۔ کابلی چنے ابال لیں۔

    ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز کو سنہری کرلیں۔

    سنہری پیاز میں تھوڑا سا پانی ڈال کر اس میں چکن، ادرک لہسن، سیاہ زیرہ، اور کالی مرچ ڈال کر بھون لیں۔

    جب پانی خشک ہو جائے تو ابلے چنے، چاول اور کشمش ڈال کر ہلکے ہاتھ سے تھوڑا بھون کر پانی ڈال دیں۔

    پانی اتنا ڈالیں کہ چاول 1 انچ ڈوبے رہیں۔

    سرکہ بھی ساتھ ڈال دیں۔

    جب چاول کا پانی خشک ہو کر دم پر جائے تو دیگچی توے پر رکھ دیں اوپر سے پیاز، کشمش اور گاجر ڈال دیں۔ گاجر کو فنگر چپس کی طرح کاٹ کر پہلے فرائی کرلیں۔

    دم ہونے کے بعد چولہے سے اتار لیں۔

    گرما گرم مزیدار ازبک پلاؤ تیار ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صحت کے لیے نقصان دہ مشروبات

    صحت کے لیے نقصان دہ مشروبات

    گرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے اور ایسے میں گرمی بھگانے کے لیے مختلف ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ جسم کو راحت پہنچائی جا سکے۔

    لیکن آپ کو علم ہونا چاہیئے کہ جو مشروب آپ پی رہے ہیں وہ آپ کے لیے فائدہ مند ہے بھی یا نہیں۔ آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ کون کون سے مشروبات آپ کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچا رہے ہیں۔


    پھلوں کا جوس

    2

    ایک عام خیال ہے کہ مختلف پھلوں کے جوس صحت کے لیے بہترین اور فائدہ مند ہیں لیکن ماہرین طب اس تصور کو غلط قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پھل کی اصل غذائیت اس کے بیجوں اور چھلکوں میں موجود ہوتی ہے جو جوس نکالنے کے لیے ہم پھینک دیتے ہیں۔

    ان کے مطابق پھلوں کا جوس بہت تھوڑے فوائد کا سبب بنتا ہے البتہ یہ وزن میں اضافے کا سبب ضرور بن سکتے ہیں۔


    سوڈا مشروبات

    5

    بازار میں عام طور پر دستیاب سوڈا مشروبات جنہیں ہم کولڈ ڈرنکس بھی کہتے ہیں ہماری صحت کے لیے زہر کی حیثیت رکھتے ہیں۔

    ان کا مستقل استعمال ہمیں موٹاپے اور ذیابیطس سمیت بے شمار بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے۔


    ڈائٹ مشروبات

    8

    اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ڈائٹ مشروبات پی کر آپ وزن بڑھانے اور ذیا بیطس پیدا کرنے والے اجزا سے بچ گئے ہیں تو آپ سراسر غلط ہیں۔

    بظاہر ڈائٹ مشروبات میں عام مشروبات کے مقابلے میں کیلوریز کم ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں اس میں موجود مصنوعی مٹھاس میٹھے کی طلب کو بھی پورا کرتی ہے، لیکن درحقیقت یہ جسم کے لیے عام ڈرنکس سے بھی زیادہ نقصان دہ ہوتی ہیں۔

    دراصل ڈائٹ مشروبات میں شامل مٹھاس عام میٹھے کی نسبت زیادہ میٹھی ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ میٹھا شوگر کا شکار افراد کو بعین وہی نقصانات پہنچاتا ہے جو قدرتی میٹھا پہنچا سکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈائٹ مشروبات پینے کے نقصانات


    انرجی ڈرنکس

    4

    بعض افراد توانائی حاصل کرنے اور حسیات کو جگانے کے لیے تلخ کافی کے بجائے انرجی ڈرنکس پینا پسند کرتے ہیں تاہم یہ بھی جسم کے لیے بے حد نقصان دہ ہیں۔

    ان میں موجود اجزا وقتی طور پر آپ کو توانائی کا احساس دلاتے ہیں لیکن اندر سے یہ آپ کے جسم کو کھوکھلا کرتے ہیں۔


    سموتھی

    6

    مختلف پھلوں کی بنائی جانے والی سموتھی اگر گھر پر بنائی گئی ہو تب تو یہ فائدہ مند ہے، تاہم بازار سے خریدی گئی سموتھی ممکن ہے کہ عام مشروبات کی طرح آپ کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچائے۔

    سموتھی میں پھلوں کے چھلکے بھی ملائے جاتے ہیں لہٰذا یہ صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ تاہم باہر سے ملنے والی سموتھی کو خوش رنگ اور خوش ذائقہ بنانے کے لیے اس میں مختلف مصنوعی عناصر شامل کیے جاتے ہیں۔


    فلیورڈ کافی

    3

    ویسے تو ماہرین طب کے مطابق کافی جسم کے لیے فائدہ مند ہے، تاہم اگر آپ اس میں بہت سارا سیرپ، کریم اور چاکلیٹس ڈال کر استعمال کریں گے تو یہ آپ کے لیے سوڈا مشروبات کی طرح ہی نقصان دہ ہے۔

    مزید پڑھیں: کافی کے حیرت انگیز فوائد


    الکوحل
    7

    مختلف اقسام کی شرابوں اور الکوحل کا استعمال ابتدا میں وزن بڑھانے کا سبب بنتا ہے، بعد ازاں یہ اندرونی طور پر جسمانی اعضا کو متاثر کرنا شروع کردیتی ہیں لہٰذا ان سے پرہیز کرنا بہتر ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔