Tag: اےآروائی نیوز

  • علامہ اقبال کا آفاقی کلام نامور گلوکاروں کی آواز میں

    علامہ اقبال کا آفاقی کلام نامور گلوکاروں کی آواز میں

    شاعر مشرق، حکیم الامت اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی 80 ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

    اقبال کی شاعری عام شاعری نہیں تھی، ان کا کلام آفاقی تھا جس نے نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کو سیاسی شعور عطا کیا، بلکہ اس وقت کی شاعری کو ایسی جہت عطا کی جس کی آج تک کوئی تقلید نہ کرسکا۔

    اقبال کے کلام کو موسیقی کی صورت بھی پیش کیا گیا اور کئی گلوکاروں نے اقبال کا کلام گا کر اپنے فن کو شہرت دوام بخش دی۔

    یہاں ہم اقبال کا وہ کلام پیش کر رہے ہیں جنہیں مختلف گلوکاروں نے گایا جس کے بعد ان کا کلام نئی نسل میں بھی مقبول ہوگیا۔


    شکوہ ۔ جواب شکوہ

    علامہ اقبال کی مشہور نظموں شکوہ اور جواب شکوہ کو عظیم گلوکار استاد نصرت فتح علی نے گایا۔ اس نظم میں ایک انسان خدا سے شکوہ کر رہا ہے، اور بعد ازاں خدا اس شکوے کا جواب دے رہا ہے۔

    اقبال کا آفاقی کلام اور نصرت فتح علی خان کی جاودانی آواز نے مل کر اسے ایک سحر انگیز گیت بنا دیا۔


    خودی کا سر نہاں

    علامہ اقبال کی ایک اور مشہور نظم ’خودی کا سر نہاں‘ شفقت امانت علی اور صنم ماروی نے گائی۔


    ہر لحظہ ہے مومن

    سنہ 1965 میں پاک بھارت جنگ کے دوران ملکہ ترنم میڈم نور جہاں نے اقبال کا ایک نغمہ ’ہر لحظہ ہے مومن‘ گایا۔ اس نغمے نے فوج کے جوانوں اور قوم کا حوصلہ بے حد بلند کردیا۔


    ستاروں سے آگے

    نظم ’ستاروں سے آگے‘ راحت فتح علی خان نے گائی۔


    لا پھر اک بار وہی

    اقبال کی ایک اور نظم ’لا پھر اک بار وہی بادہ و جام اے ساقی‘ کو مشہور گلوکارہ شبنم مجید نے نہایت خوبصورت انداز میں گایا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • خوش باش زندگی گزارنے کے انوکھے طریقے

    خوش باش زندگی گزارنے کے انوکھے طریقے

    زندگی کو پرسکون اور خوش باش بنانے کے لیے بہت سے طریقے ہیں جنہیں اپنا کر آپ زندگی کو نہایت آسان بنا سکتے ہیں۔

    ان طریقوں میں ورزش کرنا، مزاحیہ فلمیں دیکھنا، کتابیں پڑھنا، اچھی غذا کا استعمال، کوئی مشغلہ اپنانا، اور ذہنی ہم آہنگی رکھنے والے افراد کے ساتھ وقت گزارنا شامل ہیں۔

    تاہم آج ہم آپ کو زندگی کو خوش باش بنانے کے کچھ انوکھے طریقے بتا رہے ہیں جو اس سے پہلے آپ نہیں جانتے ہوں گے۔


    مسکرائیں

    کسی کو دیکھ کر مسکرانا نہ صرف آپ کی شخصیت کا بہترین تاثر اجاگر کرتا ہے، آپ کو نرم دل اور ہمدرد انسان ظاہر کرتا ہے، بلکہ دوسرے انسان کو بھی خوشی دیتا ہے۔

    مسکرانے سے آپ کا دماغ ایسے ہارمونز خارج کرتا ہے جو آپ کے جسم میں ذہنی تناؤ کو کم کرتے ہیں اور آپ ذہنی طور پر پرسکون محسوس کرتے ہیں۔


    باہر جائیں

    اپنے دوستوں، ساتھیوں اور اہلخانہ کے ساتھ باہر جانا اور خصوصاً قدرتی مقامات پر وقت گزارنا آپ کے دماغ کو تازہ دم کرتا ہے اور جسم میں ذہنی تناؤ کی سطح کو کم کرتا ہے۔


    پالتو جانوروں اور بچوں سے کھیلیں

    پالتو جانوروں اور بچوں کے ساتھ کھیلنا آپ کے ذہنی تناؤ اور جسمانی تھکن میں فوری طور پر کمی کرتا ہے۔


    لوگوں سے ملیں

    نئے لوگوں سے ملنا اور نئے دوست بنانا نہ صرف نئی چیزیں سکیھنے کے لیے معاون ثابت ہوتا ہے بلکہ آپ میں جوش و جذبہ اور مثبت جذبات پیدا کرتا ہے۔

    لوگوں سے ملنا جلنا آپ کے اعتماد میں بھی اضافہ کرتا ہے جس سے آپ زندگی میں اطمینان محسوس کرتے ہیں۔


    اپنے آپ کو چیلنج کریں

    اپنے کمفرٹ زون سے باہر نکلیں اور اپنے آپ کو چیلنج دیں۔ ایڈونچر کریں یا مشکل ٹاسکس پر کام کریں۔ جب آپ ان ٹاسکس کو کامیابی سے مکمل کریں گے تو اپنی خود اعتمادی میں اضافہ اور خوشی محسوس کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جج کی غلطی کا خمیازہ معاشرہ بھگتتا ہے: چیف جسٹس

    جج کی غلطی کا خمیازہ معاشرہ بھگتتا ہے: چیف جسٹس

    پشاور: چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ اکیلا نظام ٹھیک نہیں کر سکتا، جج کی غلطی کا خمیازہ معاشرہ بھگتتا ہے۔ حکومت کی ترجیح عدلیہ نہیں تو میں ذمہ دار نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جوڈیشل اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں چیف جسٹس نے کہا کہ بار اور عدلیہ ایک دوسرے کے بغیر نا مکمل ہیں۔ تنقید ہوتی ہے کہ عدلیہ فیصلے جلد اور قانون کے مطابق نہیں کرتی۔ ’میں تنہا یہ نظام درست نہیں کر سکتا، سپورٹ کی ضرورت ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ مثالی ہونا چاہیئے کہ اعلیٰ عدالت سے بھی تبدیل نہ ہو۔ جج کی غلطی کا خمیازہ معاشرہ بھگتتا ہے۔ ایک غلط فیصلے کے نتائج دور تک جاتے ہیں۔ ’جج خود سے عہد کریں کہ ان کو قانون سیکھنا ہے۔ 5 منٹ میں بتا سکتا ہوں ایک سول مقدمے کو کیسے نمٹانا ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں جوش و جذبے کے ساتھ انصاف مہیا کرنا ہوگا۔ اللہ نے انصاف دینے کے لیے آپ کو روزی دی اور مقام دیا۔ ’اگر صحیح انصاف کیا تو آپ کی نظریں کبھی نہیں جھکیں گی‘۔

    خیال رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار پشاور میں موجود ہیں جہاں انہوں نے عوامی مسائل سے متعلق کئی مقدمات کی سماعت کی۔

    اس سے قبل وہ ججز اور وکلا سے ملاقات کے لیے پشاور ہائیکورٹ بھی پہنچے تھے۔ ہائی کورٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف انصاف ہے، تول کر دیا جانا چاہیئے۔ انصاف کرنا ججز کی ذمہ داری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آج کھانے کا لطف کباب کری کے ساتھ دوبالا کریں

    آج کھانے کا لطف کباب کری کے ساتھ دوبالا کریں

    آپ یقیناً اپنے اہل خانہ کو روزانہ کچھ نیا اور مزیدار کھلانا چاہتی ہوں گی اسی لیے ہم آج آپ کو کھانے کا لطف دوبالا کرنے کے لیے کباب کری بنانے کی نہایت آسان ترکیب بتا رہے ہیں۔


    کباب بنانے کے اجزا

    بکرے کا قیمہ: 1 کلو

    سونف پاؤڈر: 3 چائے کے چمچ

    ادرک پاؤڈر: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    لال مرچ پاؤڈر: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    بڑی الائچی: 6 عدد

    کوکنگ آئل: ڈیڑھ کھانے کا چمچ


    کری بنانے کے اجزا

    دہی: 5 کھانے کے چمچ

    کوکنگ آئل: کھانے کے چمچ

    پسا ہوا گرم مصالحہ: 2 چائے کے چمچ

    لونگ: 8 عدد

    دار چینی: 2 انچ کا ٹکڑا

    ٹماٹر: 4 عدد

    ٹماٹر کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    لال مرچ پاؤڈر: 2 کھانے کے چمچ

    ادرک پاؤڈر: 2 چائے کے چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    ہرا دھنیہ: حسب ضرورت


    ترکیب

    قیمے کو 2 بار فوڈ پروسیسر میں چلائیں یا مشن سے چلا کر نکالیں تاکہ مزید باریک ہو جائے۔

    اب بڑی الائچی کو پیس کر کباب کے باقی مصالحوں کے ساتھ ملا کر قیمے میں اچھی طرح مکس کرلیں۔

    اب اس میں تیل، نمک اور انڈہ ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔

    ہاتھوں کو گیلا کرکے تیار شدہ مکسچر سے تین انچ لمبے اور گول کباب بنا کر رکھ لیں۔

    کری بنانے کے لیے دہی کو پھینٹ لیں۔

    ایک بڑے سائز کے پین میں تیل گرم کر کے لونگ اور دار چینی کو 1 منٹ تک فرائی کریں۔

    پھر ٹماٹر شامل کر کے خشک ہونے تک پکائیں۔

    اب اس میں ٹماٹر کا پیسٹ اور دہی ملا کر چلائیں تاکہ دہی کے گولے نہ بننے پائیں۔

    سونف اور ادرک پاؤڈر شامل کر کے 5 منٹ تک درمیانی آنچ پر پکائیں۔

    پھر اس میں تقریباً 5 کپ گرم پانی شامل کر کے ابال لیں۔

    آنچ ہلکی کر کے پہلے سے بنائے ہوئے کباب آہستہ سے گریوی میں شامل کریں اور تقریباً 20 منٹ تک پکنے دیں۔

    اس دوران چمچ بالکل نہ چلائیں۔ اگر چلانے کی ضرورت ہو تو کپڑے سے برتن کو ہلا لیں تاکہ کباب نہ ٹوٹنے پائیں۔

    جب تیل اوپر آجائے تو چولہا بند کر کے گرم مصالحہ اور ہرا دھنیہ ڈالیں۔

    کباب کری کا منفرد پکوان تیار ہے۔ گرم گرم روٹی یا سادہ چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جگر کی خرابی سے کیسے بچا جائے؟

    جگر کی خرابی سے کیسے بچا جائے؟

    جگر ہمارے جسم کا دوسرا بڑا اور نظام ہاضمہ میں اہم کردار ادا کرنے والا عضو ہے۔ ہم جو بھی شے کھاتے ہیں، چاہے غذا ہو یا دوا، وہ ہمارے جگر سے گزرتی ہے۔

    اگر جگر کی صحت کا خیال نہ رکھا جائے تو یہ باآسانی خراب ہو کر ہمیں بہت سے امراض میں مبتلا کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں جگر کی پیوند کاری ممکن

    جگر کا ایک عام مرض ہیپاٹائٹس ہے جو بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

    اس اہم عضو کی اسی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آج جگر کی حفاظت اور صحت کا شعور اجاگر کرنے کے لیے جگر کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔


    جگر کی خرابی کی علامات

    یہاں ہم آپ کو ان علامات کے بارے میں بتا رہے ہیں جو جگر کی خرابی کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ اگر آپ کو ان میں سے کسی بھی علامت کا سامنا ہے توآپ کو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزن میں اچانک کمی

    بھوک ختم ہوجانا

    غنودگی، چکر آنا اور متلی کا احساس

    ہر وقت تھکاوٹ کا احساس

    پیٹ کے اوپری حصے میں تکلیف محسوس ہونا


    جگر کے امراض سے حفاظت

    جگر کو مختلف امراض اور مسائل سے بچانے کے لیے مندرجہ ذیل حفاظتی تدابیر اپنانے کی ضروت ہے۔

    صحت مندانہ طرز زندگی اپنایا جائے۔

    گوشت، پھل، سبزی، اور ڈیری غذائیں متوازن طریقے سے کھائی جائیں تاکہ جسم کی تمام غذائی ضروریات پوری ہوں۔

    مزید پڑھیں: کافی جگر کے امراض سے محفوظ رکھنے میں معاون

    خون کی منتقلی کے دوران نہایت احتیاط برتی جائے ورنہ یہ ہیپاٹائٹس کا سبب بن سکتا ہے۔

    جسمانی صفائی کا خیال رکھا جائے۔

    گھر سے دور ہوتے ہوئے نلکے کا پانی پینے سے گریز کیا جائے۔

    تمباکو نوشی، شراب نوشی اور دیگر اقسام کی منشیات سے گریز کیا جائے۔

    ورزش کو زندگی کا معمول بنایا جائے۔


    جگر کو خرابی سے بچانے والی غذائیں

    ان غذاؤں کا باقاعدگی سے استعمال آپ کے جگر کو مختلف بیماریوں سے بچا کر انہیں صحت مند اور فعال رکھتا ہے۔

    لہسن

    چقندر

    سبز چائے

    لیموں

    ہلدی

    اخروٹ

    ان تمام غذاؤں میں موجود اجزا بشمول وٹامن سی، فیٹی ایسڈز، اینٹی آکسیڈنٹس، اور انزائم وغیرہ جگر کی صفائی کر کے اس کی کارکردگی میں اضافہ کرتے ہیں اور مختلف خرابیوں سے بچاتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دفاعی تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

    پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دفاعی تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

    وارسا: پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دفاعی تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا کہ معلومات کے تبادلوں سے دنیا بھر میں کئی حملے ناکام بنائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خرم دستگیر پولینڈ کے 3 روزہ دورے پر ہیں۔ دورےمیں دفاعی تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امن بقائے باہمی کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معلومات کے تبادلوں سے دنیا بھر میں کئی حملے ناکام بنائے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کثیر الجہتی تعاون کیا۔ پاکستان نے خطے میں قیام امن کا عزم کر رکھا ہے۔

    وزیر دفاع نے پولینڈ کے ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے افغانستان میں بھارتی کردار اور پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزیوں پر تشویش سے آگاہ کیا۔

    علاوہ ازیں خرم دستگیر نے ڈیفنس انڈسٹریز کا بھی دورہ کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لاپتہ بچیوں کا کیس: کیوں نہ تفتیشی افسر کو جیل بھیج دیں، عدالت

    لاپتہ بچیوں کا کیس: کیوں نہ تفتیشی افسر کو جیل بھیج دیں، عدالت

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ہائیکورٹ میں 2 بچیوں کے اغوا سے متعلق کیس میں پولیس کے شعبہ کرائم کے سربراہ کو طلب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پونے 2 سال سے لاپتہ بچیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی نے بچیوں کو ایک ماہ میں بازیاب کروانے کا یقین دلایا تھا۔ آئی جی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کریں گے۔

    عدالت نے کہا کہ پونے 2 سال سے بچیاں لاپتہ ہیں، پولیس کچھ نہیں کر سکی۔ ’کیوں نہ تفتیشی افسر کو فارغ کر کے اڈیالہ جیل بھیج دوں‘۔

    جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے استفسار کیا کہ ایس پی صاحب آپ کی کتنی بیٹیاں ہیں، آپ کی ایک بھی بیٹی لاپتہ ہو تو آپ کا کیا حال ہوگا۔ معلوم نہیں کہ بچیاں زندہ بھی ہیں یا نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لگتا ہے پولیس معاملے میں کچھ چھپا رہی ہے۔

    عدالت نے آئی جی پولیس کو کل ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دے دیا جبکہ پولیس کے شعبہ کرائم کے سربراہ کو بھی پیر کے روز طلب کرلیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صاف پانی کمپنی اسکینڈل سے متعلق مزید انکشافات سامنے آگئے

    صاف پانی کمپنی اسکینڈل سے متعلق مزید انکشافات سامنے آگئے

    لاہور: صوبہ پنجاب کی صاف پانی کمپنی اسکینڈل سے متعلق مزید انکشافات سامنے آگئے۔ پلانٹس کا ٹھیکہ دینے میں 11 اہم شخصیات کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کا معلوم ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں مزید بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی کی جانب سے پلانٹس کا ٹھیکہ دینے میں 11 اہم شخصیات مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ بہاولپور میں 116 واٹر پلانٹس لگانے کا ٹھیکہ مہنگے داموں دیا گیا۔

    نیب ذرائع کے مطابق ٹھیکوں کی حتمی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دی جبکہ ابتدائی منظوری پروکیورنمنٹ کمیٹی انچارج انجینئر قمر السلام نے دی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ منظوری کے وقت صاف پانی کمپنی کی چیئرمین ڈاکٹر عائشہ غوث تھیں۔ ڈاکٹر عائشہ نے واٹر پلانٹس کے مہنگے ٹھیکے دینے کی حمایت کی۔

    نیب ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈی جی اینٹی کرپشن مظفر رانجھا نے صاف پانی کمپنی میں کرپشن چھپانے کی کوشش کی۔ اینٹی کرپشن پنجاب مجموعی طور پر مہنگے ٹھیکوں سے متعلق معاملات کو چھپاتا رہا۔

    خیال رہے کہ صاف پانی کمپنی میں کرپشن اور بے ضابطگیوں سے متعلق از خود نوٹس بھی لیا جاچکا ہے اور کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔

    گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبہ بھر میں 4 سال میں 116 فلٹریشن پلانٹ لگائے، جن پر 400 کروڑ روپے خرچ کر دیے گئے۔

    عدالت نے صاف پانی کمپنی کے تمام ملازمین اور افسران کی تنخواہوں سمیت مراعات کی تفصیلات بھی طلب کی تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کالعدم تحریک طالبان کے 3 دہشت گردوں کی سزا کے خلاف اپیلیں خارج

    کالعدم تحریک طالبان کے 3 دہشت گردوں کی سزا کے خلاف اپیلیں خارج

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان کے 3 کارندوں کی سزا کے خلاف اپیلیں خارج کرتے ہوئے ان کی 14 سال قید کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے 3 دہشت گردوں کی ٹرائل کورٹ سے دی جانے والی 14 سال قید کی سزا کے خلاف ملزمان کی اپیلوں پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔

    جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کا تحریک طالبان سے تعلق ثابت ہوا، دہشت گردوں کے کیس میں تکنیکی خامیاں نہیں دیکھتے۔ دہشت گرد 840 کلو دھماکہ خیز مواد کے ساتھ گرفتار ہوئے۔

    ملزمان کے وکیل نے کہا کہ ایک ملزم کم عمر ہے جس پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ دنیا میں پہلی غلطی کو آخری غلطی کہا جاتا ہے۔ پاکستان میں کہا جاتا ہے پہلی بار ہے جانے دو۔ ’جانے دو کا کلچر دراصل دوسری غلطی کا لائسنس ہوتا ہے‘۔

    ملزمان کے وکیل نے کہا کہ ملزمان سے گن پاؤڈر ملا جو دھماکہ خیز مواد نہیں جس پر عدالت نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں ملزمان سے ٹیلکم پاؤڈر ملتا؟

    عدالت نے ملزمان کی 14 سال قید کو برقرار رکھنے کا فیصلہ سنا دیا۔ ٹرائل کورٹ کے مذکورہ فیصلے کو اس سے قبل ہائی کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا۔

    ملزمان آصف شیراز، حبیب اور نیاز بین کے خلاف تھانہ کتنی پشاور میں مقدمہ درج ہے۔ ملزمان سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی لندن پہنچ گئے

    وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی لندن پہنچ گئے

    لندن: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی لندن پہنچ گئے۔ وہ دولت مشترکہ سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی لندن پہنچ گئے۔ برطانوی اعلیٰ حکام اور پاکستانی ہائی کمشنر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

    وزیر اعظم شاہد خاقان دولت مشترکہ سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم برطانوی ملکہ الزبتھ، پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے سے ملاقات کریں گے۔

    دورے کے دوران وزیر اعظم دولت مشترکہ کے ایگزیکٹو اور رپٹریٹ اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔

    خیال رہے کہ دولت مشترکہ سربراہی اجلاس 18 سے 20 اپریل تک لندن میں ہورہا ہے۔ رواں سال دولت مشترکہ سربراہی اجلاس کا موضوع ’مشترکہ مستقبل‘ ہے۔

    اجلاس میں شرکت پاکستان میں دستیاب مواقع اجاگر کرنے میں مدد دے گی جبکہ پاکستان کو بطور ابھرتی منڈی سامنے لانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ سربراہی اجلاس دولت مشترکہ سربراہان کو باہمی تعاون کا موقع فراہم کرے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔