Tag: اےآروائی نیوز

  • خلائی مخلوق کی موجودگی کا ثبوت مل گیا؟

    خلائی مخلوق کی موجودگی کا ثبوت مل گیا؟

    خلائی مخلوق کی موجودگی کے بارے میں اب تک کئی متضاد دعوے سامنے آچکے ہیں اور ان میں سے کون سا دعویٰ حتمی ہے، یہ کہنا مشکل ہے تاہم پہلی بار چاند پر قدم رکھنے والے خلانوردوں کا یہ دعویٰ کہ ان کا سامنا خلائی مخلوق سے ہوا تھا، اب سچ ثابت ہوگیا ہے۔

    سنہ 1969 میں امریکی خلائی مشن اپالو 11 چاند پر بھیجا گیا تھا اور اس میں موجود خلا نوردوں نے چاند پر قدم رکھ کر، چاند پر پہنچنے والے اولین انسانوں کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

    مشن پر جانے والے خلا نورد اپنے کئی انٹرویوز میں کہہ چکے ہیں کہ ان کا سامنا خلائی مخلوق سے ہوا تھا تاہم ان کے دعوے پر کوئی بھی یقین کرنے کو تیار نہیں تھا۔

    مزید پڑھیں: چینی خلائی جہاز پر خلائی مخلوق کی دستک

    اب حال ہی میں ان خلا نوردوں کا لائی ڈیٹیکٹر (جھوٹ پکڑنے والی مشین) سے ٹیسٹ کیا گیا جس میں وہ کامیاب ہوگئے، گویا خلائی مخلوق کو دیکھنے کا ان کا دعویٰ درست ہے۔

    یہ ٹیسٹ امریکی ریاست اوہائیو میں واقع انسٹیٹیوٹ آف بائیو ایکوزٹک بیالوجی میں کیا گیا جس میں اپالو 11 میں موجود خلا نورد بز ایلڈرن نے یہ ٹیسٹ پاس کرلیا۔

    ٹیسٹ کے نتائج میں ماہرین نے بتایا کہ ایلڈرن جو نیل آرم اسٹرونگ کے بعد چاند پر قدم رکھنے والے دوسرے انسان تھے، اس مشن کی واپسی سے یہ دعویٰ کرتے آرہے ہیں کہ انہوں نے چاند تک اپنے سفر کے دوران خلائی مخلوق کو دیکھا تھا، اب انہوں نے لائی ڈیٹیکٹر کا یہ ٹیسٹ پاس کرلیا ہے چنانچہ ہم یہ مان سکتے ہیں کہ انہوں نے خلائی مخلوق کو واقعتاً دیکھا تھا۔

    ایلڈرن کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے چاند کے سفر کے دوران ایک قابل مشاہدہ شے دیکھی تھی جو انگریزی حرف تہجی ’ایل‘ جیسی تھی۔ ٹیسٹ لینے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ گو کہ وہ سچ کہہ رہے ہیں تاہم وہ شے کیا تھی، ان کا دماغ اس کی تشریح پیش کرنے سے قاصر ہے۔

    ٹیسٹ میں خلا نوردوں ایڈگر مچل اور گورڈن کوپر کی آوازوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ دونوں خلا نورد انتقال کرچکے ہیں اور ان کی آواز کے تجزیے کے لیے ان کے ایک پرانے انٹرویو سے مدد لی گئی۔

    مزید پڑھیں: خلائی مخلوق کو بلانا زمین کی تباہی کا سبب

    ایڈگر مچل کا دعویٰ تھا کہ انہوں نے متعدد اڑن طشتریوں کو دیکھا تھا۔ مذکورہ ٹیسٹ میں ان کی آواز کے تجزیے کے بعد سائنس دانوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ وہ بھی سچ کہہ رہے تھے۔

    خلا نوردوں پر مذکورہ ٹیسٹ کے بعد خلائی مخلوق کی تلاش کے مشنز اور تجربات کے لیے ایک نئی راہ کھل گئی ہے۔ سائنس داں پر امید ہیں کہ اس سلسلے میں ان کی کی جانے والی کوششوں کو جلد کامیابی حاصل ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شاہی جوڑے کی شادی میں تحائف کے بجائے عطیات دینے کی اپیل

    شاہی جوڑے کی شادی میں تحائف کے بجائے عطیات دینے کی اپیل

    لندن: برطانوی شاہی خاندان کے نئے جوڑے شہزادہ ہیری اور ان کی منگیتر میگھن مرکل نے اپیل کی ہے کہ جو افراد ان کی شادی پر انہیں تحائف دینا چاہتے ہیں، وہ تحائف کے بجائے اس رقم کو فلاحی مقاصد کے لیے عطیہ کردیں۔

    برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے چھوٹے صاحبزادے شہزادہ ہیری اور ان کی منگیتر امریکی اداکارہ میگھن مرکل 19 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔

    ایسے میں شہزادہ ہیری کے دفتر کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ ان کی شادی میں تحائف بھجوانے کی خواہش رکھنے والے افراد وہی رقم فلاحی منصوبے میں بطور عطیہ دے دیں۔ ’یہ سخاوت بہت سے لوگوں کو فائدہ پہنچائے گی‘۔

    شہزادے اور ان کی منگیتر نے اس سلسلے میں 7 فلاحی ادارے بھی منتخب کیے ہیں جن سے وہ دنوں منسلک ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ لوگ انہیں عطیات دیں۔

    یاد رہے کہ برطانوی شہزداے ہیری نے امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے گذشتہ برس منگنی کی تھی۔ شہزادہ ہیری سے ملاقات سے قبل میگھن پہلے بھی فلاحی کاموں سے منسلک رہ چکی ہیں۔

    شہزادہ ہیری بھی اپنی والدہ اور بھائی کی طرح فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ ان کی والدہ لیڈی ڈیانا، بھائی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن بھی بے شمار فلاحی منصوبوں سے منسلک رہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لذیذ ایرانی تکے بنانے کی ترکیب جانیں

    لذیذ ایرانی تکے بنانے کی ترکیب جانیں

    غیر ملکی کھانے اپنے مقامی مصالحوں اور مختلف طریقہ تیاری کے باعث علیحدہ ذائقوں کے حامل ہوتے ہیں اور زبان کا ذائقہ تبدیل کرنے کے لیے غیر ملکی پکوان بنانے سے بہتر کوئی طریقہ نہیں۔

    اسی لیے ہم آج آپ کو ایرانی تکے بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں جو نہایت آسانی سے تیار کیے جاسکتے ہیں۔


    اجزا

    گوشت (پارچوں کی شکل میں): 1 کلو

    پسا ہوا گرم مصالحہ: 3 چٹکی

    نوشادر ( ٹکیہ کی شکل میں ملتا ہے): 6 ماشہ

    ثابت لال مرچیں: 21 عدد

    خشک دھنیہ: 9 ماشہ

    پیاز: نصف پاؤ

    خشک انجیر: 2 عدد

    دہی: 1 پاؤ

    گھی: حسب ضرورت

    نمک: حسب ضرورت


    ترکیب

    پیاز کو باریک کتریں۔ لال مرچوں کو ہاون دستہ یا کونڈے میں موٹا موٹا کوٹ لیں۔ دھنیہ باریک پیس لیں یا پسا ہوا لیں۔

    نوشادر کو سل پر پیس کر خوب باریک کر لیں یا اسے آگ پر رکھ کر پھیلا دیں اور پیس کر اس کا سفوف بنا لیں۔

    انجیروں کو سل پر بٹے کی ضربوں سے کچل کر پھیلا لیں۔ پھر ان سب کو ملا کر پیس لیں۔

    گوشت کے پارچوں کو دہی کے نمکین پانی سے خوب اچھی طرح دھو لیں اور کسی موٹے کپڑے پر پھیلا کر کسی سایہ دار جگہ میں خشک کریں۔

    اب پسی ہوئی تمام چیزوں کو دہی پھینٹ کر اس میں ملا دیں اور خشک کیے ہوئے گوشت کے پارچوں پر لگا دیں۔

    انہیں 4 گھنٹے تک اسی حالت میں رہنے دیں پھر ان پر گھی لگائیں اور سیخوں پر چڑھا کر دھاگہ اوپر لپیٹ کر کوئلے کی آگ پر سینک لیں۔

    مزیدار ایرانی تکے تیار ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دشمن ہمیں جنونی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: وزیر داخلہ

    دشمن ہمیں جنونی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دشمن ہمیں جنونی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سڑکوں پر بیٹھ کر دھرنے دینے سے مذہب سے محبت نہیں کی جاتی، پاکستانی قوم کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنا ٹھیک نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دشمن ہمیں جنونی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارا فرض ہے اپنے عمل سے اس بیانیہ کو شکست دیں۔ کچھ عناصر سوشل میڈیا پر کلپس چلا کر دشمنوں کو مواد دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر بیٹھ کر دھرنے دینے سے مذہب سے محبت نہیں کی جاتی۔ ختم نبوت ہر مسلمان کاایمان ہے کسی ایک شخص کا مسئلہ نہیں۔ پاکستانی قوم کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنا ٹھیک نہیں ہے۔

    احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی قوم کو تقسیم کرنے کا فائدہ دشمن قوتیں اٹھاتی ہیں۔ الیکشن میں جانے سے پہلے ملک میں برداشت سے چلنا ہے۔ دشمن کوشش کرے گا الیکشن میں محاذ آرائی کی جائے۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کا فرض ہے درجہ حرارت قابو میں رکھیں۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ تاریخ میں دوسری بار اپنے وقت پر الیکشن کروانے جا رہے ہیں۔ غیر ذمہ دارانہ بیان کو عالمی طور پر ہمارے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔ ’دھرنے پاکستان کی ترقی کے خلاف ہیں۔ فیض آباد دھرنا ختم نہ کرتے تو دو مسلک کے فسادات ہوجاتے‘۔

    انہوں نے کہا کہ مذہب کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہیئے ہمیں اعتدال پر آنا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ائیر چیف کا ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ

    ائیر چیف کا ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ

    راولپنڈی: ائیر چیف مجاہد انور نے پاک فضائیہ کی قیادت سنبھالنے کے بعد ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشنز کا معائنہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے نئے سربراہ مارشل مجاہد انور نے قیادت سنبھالنے کے بعد ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ کیا۔

    ایئر چیف کا استقبال ایئر وائس مارشل ظہور فیصل اور ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر ڈیفنس کمانڈ نے کیا۔ ایئر چیف نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں آپریشنز کا معائنہ کیا۔

    دورے کا مقصدایئر ڈیفنس کمانڈ کی تنصیبات کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے ایئر ڈیفنس عملے سے بھی ملاقات کی اور فضائی سرحدوں کے دفاع کو ہمہ وقت سر انجام دینے کے جذبے کو سراہا۔

    ایئر چیف کا کہنا تھا کہ آپریشنل تیاریوں کے لیے خلوص نیت سے کوششیں جاری رکھنی چاہیئں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کشمیری 70 سال سے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں: وزیر خارجہ

    کشمیری 70 سال سے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کشمیری 70 سال سے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ میں قراردادیں بھارتی ہٹ دھرمی سے التوا کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر سے متعلق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری 70 سال سے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ میں قراردادیں بھارتی ہٹ دھرمی سے التوا کا شکار ہیں۔ پاکستان کا عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ ذمہ داریاں پوری کرے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر تنازعے کا بنیادی سبب ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی اور تشدد کے خلاف آج پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔

    رواں ہفتے 24 گھنٹوں کے دوران مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد اور شوپیاں میں غاضب بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 16 کشمیری نوجوانوں جبکہ 4 نوجوانوں کو نماز جنازہ کے دوران فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سرفراز نے اپنی میچ فیس نیشنل اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کے نام کردی

    سرفراز نے اپنی میچ فیس نیشنل اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کے نام کردی

    کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 میچز کی سیریز کے اختتام پر کپتان سرفراز احمد نے اپنی میچ فیس نیشنل اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کے نام کر کے سب کا دل جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز اختتام پذیر ہوگئی۔ پاکستانی ٹیم نے تینوں میچز جیت کر ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کردیا۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9 سال قبل سری لنکن ٹیم پر حملے کی وجہ سے پاکستان میں کرکٹ معطل ہوجانے کے بعد پہلی بار کراچی آئی تھی۔

    اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن کا فائنل میچ بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جس نے شہر قائد میں ایک بار پھر کرکٹ کی رونقوں کو بحال کردیا۔

    تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے اپنی میچ فیس نیشنل اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کے حوالے کردی۔

    انہوں نے ویسٹ انڈیز ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دنیا بھر کی دوسری ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • قندوز میں مدرسے پر حملہ: افغان صدر نے تحقیقات کا حکم دے دیا

    قندوز میں مدرسے پر حملہ: افغان صدر نے تحقیقات کا حکم دے دیا

    کابل: افغانستان کے صدر اشرف غنی نے 2 روز قبل قندوز میں مدرسے پر ہونے والے فضائی حملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ قندوز میں مدرسے پر فضائی حملے میں بچوں سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    افغان صوبہ قندوز کے ضلع دشت آرچی میں واقع مدرسے پر 2 روز قبل افغان فورسز کی جانب سے فضائی حملہ کیا گیا تھا۔ فورسز کے مطابق یہ حملہ طالبان کے تربیتی مرکز پر کیا گیا تھا جہاں انہیں طالبان کمانڈروں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔

    ان کے دعوے کے مطابق حملے میں 20 سے زائد طالبان کمانڈر ہلاک ہوئے تھے، تاہم اسپتال میں لائے جانے والے زخمیوں میں بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی۔

    بعد ازاں رپورٹس سامنے آئیں کہ حملے میں نشانہ بننے والا مقام مدرسہ تھا جہاں حافظ قرآن بچوں کی تقریب تقسیم اسناد جاری تھی جس میں شرکت کے لیے ان کے اہلخانہ اور رشتہ دار بھی آئے تھے۔

    جلد ہی ان رپورٹس کی تصدیق ہوگئی جب طالبان کی جانب سے بھی بیان جاری کردیا گیا کہ حملے میں نشانہ بننے والا مدرسہ تھا اور مدرسے میں کوئی بھی جنگجو موجود نہیں تھا جبکہ مارے جانے والے عام شہری اور حافظ قرآن بچے تھے۔

    طالبان کی جانب سے کہا گیا کہ مارے جانے والوں کی تعداد سو سے زائد ہے، افغان حکام ابتدا میں 20 افراد کی ہلاکت پر مصر رہے تاہم بعد میں افغان سیکیورٹی کے ایک اہلکار نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے 59 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

    ایک روز بعد افغان وزارت دفاع کے حکام نے فضائی حملے میں شہریوں کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا ہے جس کے بعد افغان صدر اشرف غنی نے بھی مدرسے پر فضائی حملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    اس سے قبل حکومتی اہلکار مدرسے پر بمباری اور عام شہریوں و بچوں کی ہلاکت سے انکاری تھے اور متضاد بیانات دے رہے تھے۔

    اقوام متحدہ نے بھی قندوزحملے میں شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب افغانستان میں موجود امریکی افواج نے واقعے سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قندوز میں فضائی کارروائی میں امریکی فورسز شامل نہیں تھیں اور یہ کارروائی صرف افغان فورسز کی جانب سے عمل میں لائی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فواد خان کے لیے ایک اور بین الاقوامی اعزاز

    فواد خان کے لیے ایک اور بین الاقوامی اعزاز

    دبئی: فیشن میگزین فلم فیئر کے مشرق وسطیٰ ایڈیشن کے دوبارہ اجرا کے موقع پر معروف پاکستانی اداکار فواد خان کو سینماٹک آئیکون کے اعزاز سے نوازا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیشن میگزین فلم فیئر کے اجرا کی تقریب میں پاکستانی فنکاروں کی بے حد پذیرائی ہوئی۔ تقریب میں فواد خان، معروف اداکارہ مہوش حیات اور جاوید شیخ نے شرکت کی۔

    @fawadkhan81 is here… #filmfareme @bollywoodparksdubai

    A post shared by Filmfare Middle East (@filmfareme) on

    تقریب میں مہوش حیات کو پاکستانی آئیکون، فواد خان کو سینماٹک آئیکون اور جاوید شیخ کو سینماٹک لیجنڈ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

    اس موقع پر مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے ایوارڈ ملنے کو کامیابی نہیں سمجھتی مگر فلم فیئر بین الاقومی ایوارڈ ہے اور مجھے پاکستانی انڈسٹری میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر بڑا اعزاز ملا، یہ ایوارڈ میرا نہیں دراصل پاکستان کی فلم انڈسٹری کے لیے ہے‘۔

    #fawadkhan #karanjohar #manishmalhotra #lastnight at #filmfaremiddleeast

    A post shared by FawadandSadaf (@fawadandsadaf) on

    فواد خان نے اپنی پذیرائی پر شکریہ ادا کیا جبکہ جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے فنکاروں کا مل کر کام کرنا ضروری ہے۔

    فلم فیئر کی تقریب اجرا کے موقع پر کرن جوہر، دپیکا پڈوکون، دیا مرزا اور جیکی شیروف سمیت بے شمار بالی ووڈ شخصیات شریک تھیں۔ اس موقع پر بالی ووڈ شخصیات نے فواد خان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

    یاد رہے کہ فواد خان اور جاوید شیخ متعدد پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ دونوں اداکار بالی ووڈ کی بھی کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جس کے بعد بھارت میں بھی بڑی تعداد میں ان کے مداح موجود ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ریستوران میں اپنے کھانے کے لیے مچھلی خود پکڑیں

    ریستوران میں اپنے کھانے کے لیے مچھلی خود پکڑیں

    ویسے تو آپ جب بھی کسی ریستوران میں جاتے ہیں تو آپ کے سامنے مینیو پیش کیا جاتا ہے جس میں سے پسندیدہ ڈش منتخب کرنے کے بعد وہ ڈش آپ کے سامنے پیش کردی جاتی ہے، تاہم جاپان کے ایک ریستوران میں آنے والوں کو اپنے کھانے کے لیے خود مچھلی پکڑنی پڑتی ہے۔

    جاپان میں زاؤ نامی یہ ریستوران اپنی نوعیت کا منفرد ریستوران ہے۔ بحری جہاز کی طرز پر بنے ہوئے اس ریستوران کے بیچوں بیچ ایک بڑا سا ایکوریم بنا ہوا ہے۔

    یہاں کھانے کے لیے آنے والوں کو ایک جال اور کانٹا دیا جاتا ہے جس کے ذریعے وہ اس ایکوریم سے مچھلی پکڑتے ہیں۔

    مچھلی پکڑنے کے بعد یہ بیرے کے حوالے کردی جاتی ہے جو اسے آپ کی پسند کے مطابق بنوا کر پیش کردیتا ہے۔

    گو کہ آپ چاہیں تو کسی ویٹر سے بھی مچھلی پکڑوا سکتے ہیں تاہم یہ طریقہ جیب پر بھاری پڑ سکتا ہے، چنانچہ یہاں آنے والے خود ہی مچھلی پکڑنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

    ریستوران میں مچھلی پکڑنا بظاہر یہاں آنے والوں کو تفریح فراہم کرنے کا ذریعہ نظر آتا ہے، لیکن اس کے پیچھے درحقیقت ایک نہایت بامعنی مقصد چھپا ہوا ہے۔

    ریستوران کے مالک کا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد دراصل لوگوں کو یہ بتانا ہے کہ وہ اپنے کھانے کے لیے ایک زندگی کا خاتمہ کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ جاپان میں ہر کھانے سے پہلے دعا مانگی جاتی ہے، ’اس زندگی کا شکریہ جو آپ نے ہمیں دی‘، اور اس کے بعد آپ ایک زندگی کو کھاتے ہیں۔

    ان کے مطابق اس طریقہ کار کا مقصد لوگوں میں زندگی کی اہمیت کی طرف توجہ دلانا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔