Tag: اےآروائی نیوز

  • تہران میں مردہ درخت خوبصورت فن پاروں میں تبدیل

    تہران میں مردہ درخت خوبصورت فن پاروں میں تبدیل

    تہران: سال نو کے تہوار نوروز کے موقع پر ایرانی دارالحکومت تہران میں سینکڑوں مردہ درختوں کے تنوں کو خوبصورت فن پاروں میں تبدیل کردیا گیا۔

    ایرانی دارالحکومت تہران کی سڑک خیابان ولی عصر پر بے شمار قدیم اور تناور درخت موجود ہیں۔ ان میں سے کئی درخت مردہ ہوچکے ہیں اور یہ چاروں موسم میں بنجر رہتے ہیں۔

    اس سال بہار کی آمد کے موقع پر چند فنکاروں نے ان مردہ درختوں کو تراش کر خوبصورت شکل دے دی۔

    لکڑی کا کام کرنے والے ان فنکاروں نے ان درختوں کے تنے پر خوبصورت نقش و نگار کھودے۔

    کچھ درختوں پر مختلف رنگ بھی کیے گئے جس کے بعد یہ مردہ درخت سرسبز درختوں سے بھی زیادہ حسین نظر آنے لگے۔

    درختوں کو خوبصورت فن پاروں میں تبدیل کردیے جانے کے بعد تہران کی یہ شاہراہ اور بھی خوبصورت ہوگئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان ٹی بی کا شکار پانچواں بڑا ملک

    پاکستان ٹی بی کا شکار پانچواں بڑا ملک

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج تپ دق یا ٹی بی سے بچاؤ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں ہر سال 70 ہزار افراد ٹی بی کے ہاتھوں موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔

    ٹی بی ایک ایسا مرض ہے جو پھیپھڑوں پر اثرانداز ہوتا ہے اور ہوا کے ذریعے ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہوسکتا ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر سال لگ بھگ 2 لاکھ 40 ہزار افراد ٹی بی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ٹی بی کے باعث موت کا شکار ہونے والے افراد میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔

    عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ٹی بی کا مرض دنیا بھر میں ہر روز 5 ہزار جانیں لے لیتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں ایک تہائی ٹی بی کے مریضوں میں مرض کی تشخیص ہی نہیں ہو پاتی، یا وہ علاج کی سہولیات سے محروم ہیں۔

    کچھ عرصہ قبل جاری کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق ٹی بی کے شکار ممالک میں پاکستان کا نمبر 5 واں ہے۔

    تاہم پاکستان نے اس مرض کے خاتمے کے لیے قابل تعریف کوششیں کیں۔

    ٹی بی کے خاتمے کی جدوجہد میں پاکستان کو عالمی رول ماڈل تسلیم کیا جاچکا ہے اور سنہ 2016 میں یو ایس ایڈ چیمپئینز آف ٹی بی ایوارڈ بھی پاکستان نے اپنے نام کیا۔

    پاکستان میں سنہ 2025 تک تپ دق کی شرح میں 50 فیصد کمی کا ہدف رکھا گیا ہے جس پر کام جاری ہے۔


    ٹی بی کیسے لاحق ہوسکتا ہے؟

    عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غربت، غذائی کمی، گندے گھروں میں رہنا اور صفائی کا انتظام نہ ہونا ٹی بی سمیت بہت سی بیماریوں کا آسان شکار بنا دیتا ہے۔

    اسی طرح پہلے سے مختلف امراض جیسے ایڈز یا ذیابیطس کا شکار ہونا، اور طویل عرصے تک تمباکو نوشی اور شراب نوشی کا استعمال بھی اس مرض میں مبتلا ہونے کے امکانات کو بڑھا دیتا ہے۔


    ٹی بی کی علامات

    اگر آپ اپنے یا کسی اور کے اندر یہ علامات دیکھیں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ یہ علامات ممکنہ طور پر ٹی بی کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔

    دو ہفتے سے زیادہ کھانسی یا بخار

    بہت زیادہ تھکاوٹ

    رات کو پسینہ آنا

    بھوک اور وزن کی کمی

    کھانسی میں خون آنا

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ان علامات پر فوری توجہ دے کر ابتدائی مرحلے میں مرض کی تشخیص کی جاسکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے والی خواتین کرکٹرز

    پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے والی خواتین کرکٹرز

    دنیا بھر میں خواتین کے عالمی دن پر مختلف شعبوں کی ان خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور دنیا بھر میں اپنے ملک کا نام روشن کیا۔

    پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ مختلف کھیلوں کی صورتحال کچھ حوصلہ افزا نہیں۔ خصوصاً خواتین کے لیے تو اور بھی مشکلات ہیں کیونکہ ان کی ٹیموں کو یا تو سرکاری سرپرستی حاصل نہیں، یا پھر فنڈز نہ ہونے کے باعث یہ بہترین مواقعوں سے محروم ہیں۔

    لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم کی خواتین تمام تر مشکلات اور ناموزوں حالات کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور اسی کا نتیجہ ہے کہ پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کچھ کھلاڑیوں نے اپنی اس جدوجہد کا احوال بتایا۔ آئیے آپ بھی وہ احوال جانیں۔

    نین عابدی

    player-2

    ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق نائب کپتان نین عابدی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ واحد پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں سنچری بنائی ہے۔ وہ اسے اپنی زندگی کا نہایت قابل فخر لمحہ قرار دیتی ہیں۔

    نین عابدی کچھ عرصہ قبل ہی رشتہ ازدواج میں بھی منسلک ہوچکی ہیں، اور شادی کے بعد بھی اپنا کیرئیر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    وہ بتاتی ہیں کہ ان کا سفر آسان نہیں تھا۔ خصوصاً اس وقت جب ویمن کرکٹ کو بالکل نظر انداز کیا جاتا تھا اور کھلاڑیوں کو مالی معاونت بھی حاصل نہیں تھی۔

    تاہم اب حالات بہتر ہوگئے ہیں، اب پی سی بی کی جانب سے ان کی مکمل سرپرستی کی جارہی ہے، انہیں مالی معاونت بھی حاصل ہوگئی ہے اور ٹیم کو بین الاقوامی طور پر کھیلنے کا موقع بھی دیا جارہا ہے۔

    نین عابدی کے مطابق جب وہ سبز لباس پہن کر دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرتی ہیں تو اس وقت ان کے تاثرات ناقابل بیان ہوتے ہیں۔

    ربیعہ شاہ

    rabiya

    ویمن کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر ربیعہ شاہ نے گلی محلوں میں اپنے بھائیوں اور کزنز کے ساتھ کرکٹ کھیل کر اپنی اس صلاحیت کو نکھارا۔

    وہ بتاتی ہیں کہ اس شعبہ میں جانے کے لیے سب سے زیادہ ان کے ماموں نے ان کی حوصلہ افزائی کی، اور انہوں نے ہی ربیعہ کے والدین کو قائل کیا کہ وہ اسے قومی کرکٹ ٹیم میں بھیجیں۔

    ماہم طارق

    maham

    باؤلر ماہم طارق بتاتی ہیں کہ ان کے والد کے علاوہ خاندان کے کسی شخص نے ان کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔ ان کے لیے خود کو منوانے کا سفر آسان نہیں تھا۔

    جویریہ روؤف

    javeria

    ایک اور بولر جویریہ روؤف اپنے بچپن کے بارے میں بتاتے ہوئے کہتی ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ لڑکوں کے ساتھ پریکٹس کی اور ان کے ساتھ کھیلنے والی وہ واحد لڑکی ہوا کرتی تھیں۔

    وہ بتاتی ہیں کہ ان کے ساتھ کھیلنے والے بہت کم لڑکے ان کی حوصلہ افزائی کرتے تھے۔

    تمام خواتین کا متفقہ طور پر ماننا ہے کہ جب انہوں نے کرکٹ ٹیم میں جانے کی خواہش کا اظہار کیا تو انہیں مشکلات اور مخالفتیں تو سہنی پڑیں، لیکن ایک بار جب انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کرنا شروع کردیں، اور خود کو منوا لیا تو اس کے بعد سب نے ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کرلیا۔

    ماہم طارق کا کہنا ہے کہ وہ سب بھی عام سے گھرانوں سے تعلق رکھتی ہیں اور آج اگر وہ اس مقام پر موجود ہیں تو اس کے پیچھے صرف ان کی انتھک محنت اور جدوجہد ہے۔ اسی جدوجہد سے وہ اپنی شناخت منوانے میں کامیاب ہوئیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ان روشن ستاروں کا تمام لڑکیوں کے لیے پیغام ہے کہ حوصلہ، لگن اور محنت کسی کو اس کے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے سے نہیں روک سکتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایف سی کی خفیہ اطلاع پر کارروائیاں، بھاری اسلحہ برآمد

    ایف سی کی خفیہ اطلاع پر کارروائیاں، بھاری اسلحہ برآمد

    کوئٹہ: آپریشن رد الفساد کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فرنٹیئر کورپس (ایف سی) بلوچستان نے خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایف سی بلوچستان کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائیاں چمن، سبی، اوچ اور کوہلو میں خفیہ اطلاع پر کی گئیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا جن میں خودکش جیکٹس، آر پی جی راکٹس، چھوٹی مشین گنیں اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے گئے۔

    خیال رہے کہ آج صبح ہی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اسمنگلی روڈ کے قریب ڈپٹی سپریٹینڈینٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) حمید اللہ کے اسکواڈ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس میں ان کی سیکیورٹی پر تعینات 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • رحم کے کینسر کی علامات جانیں

    رحم کے کینسر کی علامات جانیں

    اووری یا رحم کا کینسر دنیا بھر کی خواتین میں کینسر کے باعث موت کی سب سے اہم وجہ ہے۔

    یہ کینسر اس وقت پیدا ہوتا ہے جب رحم میں موجود خلیات خود کار طریقے سے ٹیومرز کی نشونما کرنے لگتے ہیں جو آہستہ آہستہ خطرناک اور جان لیوا صورت اختیار کرجاتے ہیں۔

    اس مرض کو خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے کیونکہ روزمرہ زندگی میں اس کی کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔


    کون سی خواتین نشانے پر؟

    یہ مرض عموماً 50 سال سے زائد عمر کی خواتین کو اپنا شکار بناتا ہے مگر گزشتہ کچھ عشروں میں غیر متحرک اور غیر صحت مندانہ طرز زندگی کے باعث 30 سے 40 سال کی عمر کی خواتین بھی اوورین کینسر کا شکار ہورہی ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس مرض کو ابتدا میں ہی تشخیص کرلیا جائے تو اس کا علاج کیا جا سکتا ہے جس کے بعد مریضہ کے بچنے کے امکانات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: وٹامن ڈی بریسٹ کینسر کی شدت میں کمی کے لیے معاون

    تاہم تشویشناک بات یہ ہے کہ تاحال اس مرض کی درست تشخیص کا ٹیسٹ مرتب نہیں کیا جاسکا۔ ایسا کوئی ٹیسٹ نہیں جو ابتدائی مرحلے میں بیضہ میں پرورش پانے والے ٹیومرز کو پکڑ سکے۔

    بعض اوقات اس مرض کو کسی دوسرے مرض کی غلط فہمی میں نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ صرف اپنے انتہائی مرحلے پر پہنچنے کے بعد ہی یہ مرض تشخیص ہوتا ہے اور اس وقت کوئی علاج کارگر نہیں ہوتا۔


    علامات

    گو کہ اس مرض کی کوئی واضح علامات تو نہیں ہیں، تاہم مندرجہ ذیل علامتیں اووری کے سرطان کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔

    پیٹ پر ابھار

    اگر پیٹ پر کسی قسم کا کوئی ابھار نمودار ہوگیا ہے اور 3 ہفتوں سے زائد اپنی جگہ پر موجود ہے، تو یہ اس جگہ ٹیومرز کی موجودگی کی طرف اشارہ ہے۔

    پیٹ کے نچلے حصے میں درد

    گو کہ خواتین کے ماہانہ ایام میں پیٹ کا درد عام بات ہے لیکن اگر یہ 3 ہفتوں سے زائد رہے، اور بڑی عمر کی خواتین بھی اسے محسوس کریں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیئے۔

    بھوک میں کمی

    بھوک میں اچانک اور بغیر کسی وجہ کے کمی ہوجانا یوں تو کئی مسائل کی طرف اشارہ کرتا ہے لیکن یہ اوورین کینسر کی بھی علامت ہوسکتی ہے۔

    باتھ روم کے چکروں میں اضافہ

    اگر آپ کو بار بار بیت الخلا جانے کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے، باوجود اس کے کہ آپ پانی معمولی مقدار میں پی رہی ہیں، تو یہ بھی اوورین کینسر کے ابتدائی مرحلے کی علامت ہوسکتی ہے۔ کیونکہ اس صورت میں اووری کمزور ہوجاتی ہے اور حاجت کو زیادہ دیر نہیں روک سکتی۔

    مندرجہ بالا تمام علامات کو گیسٹرک کی علامات بھی سمجھا جاتا ہے، تاہم اگر آپ کو ان علامات کا اس سے پہلے تجربہ نہیں ہوا تو ان پر توجہ دینے اور ڈاکٹر سے فوری رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹیلکم پاؤڈر رحم کے کینسر کا باعث؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل کے حوالے سے آئی جی سندھ کی وزیر اعلیٰ کو بریفنگ

    پی ایس ایل کے حوالے سے آئی جی سندھ کی وزیر اعلیٰ کو بریفنگ

    کراچی: پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے آئی جی سندھ نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ پولیس نے لاہور کا دورہ کیا جس میں پاکستان و سری لنکا میچ اکتوبر 2017 کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ہے جبکہ تمام اسٹیک ہولڈرز میں قریبی تعاون کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آئی جی سندھ سے بریفنگ کے موقع پر احکامات دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ایونٹ ہمارے عوام کے لیے ہے اور اس ایونٹ سے کسی کو پریشانی نہیں ہونی چاہیئے۔ اسٹیڈیم کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے متبادل راستے بھی پہلے عوام کو بتا دیے جائیں۔ ٹریفک پولیس اپنا زبردست بندوبست کرے۔

    آئی جی پولیس سندھ نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میچ سے 5 روز قبل پارکنگ ایریاز، اسٹیڈیم کھول دیے جائیں گے۔ آج ابتدائی ریہرسل کی جارہی ہے۔ ریہرسل میں وی وی آئی پی موومنٹ، کھلاڑیوں کی آمد، سیکیورٹی انتظامات و دیگر ہر قسم کی موومنٹ کور کی جارہی ہے۔

    بریفنگ کے مطابق اسٹڈیم میں 33 ہزار لوگوں کی گنجائش ہے جس کو دیکھتے ہوئے پارکنگ و دیگر انتظامات کا بندوبست کیا جارہا ہے۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ نے اس موقع پر بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے 4 کمیٹیز تشکیل دے دی ہیں جن میں ایگزیکٹو کمیٹی میں چیف سیکریٹری، سول کمیٹی میں وزیر بلدیات و میئر کراچی و دیگر، انٹیلی جنس کمیٹی میں خفیہ اداروں کے حکام شامل اور سیکیورٹی کمیٹی میں پولیس و رینجرز کے حکام شامل ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے سیکریٹری صحت کو ہدایت بھی جاری کی ہیں کہ اسٹیڈیم کے قریب آغا خان و لیاقت نیشنل اسپتال ہیں، ان کی انتظامیہ سے بات چیت کر کے الرٹ رکھا جائے۔ کسی ناگہانی صورتحال پر ان قریبی اسپتالوں کی خدمات لی جاسکتی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا اب ہم سب کو اس ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • افضل گرو کی برسی پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

    افضل گرو کی برسی پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

    سرینگر: کشمیری رہنما افضل گرو کی برسی کے موقع پر آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے۔ ہڑتال کی کال میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور دیگرحریت رہنماؤں نے دی ہے۔ بھارت نے افضل گرو کو 2013 میں تہاڑ جیل میں پھانسی دے دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر بھارتی مظالم کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ کشمیری رہنما افضل گرو کی برسی پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔

    دکانوں، کاروباری مراکز پر تالے ہیں اور تعلیمی ادارے بند جبکہ ٹرانسپورٹ معطل ہے۔ ہڑتال کی کال حریت رہنماؤں علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے دی ہے۔

    کٹھ پتلی انتظامیہ نے احتجاج روکنے کے لیے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ کرفیو لگا دیا۔ موبائل، انٹرنیٹ سروس اور ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ افضل گرو کو بھارتی عدالت نے ممبئی پارلیمنٹ حملہ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں سنہ 2013 میں تہاڑ جیل میں پھانسی دی تھی اور وہیں تدفین کردی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جانوروں کی عظیم معدومی کا ذمہ دار حضرت انسان

    جانوروں کی عظیم معدومی کا ذمہ دار حضرت انسان

    دنیا میں انسانوں کی آمد سے قبل اور ان کی آمد کے ابتدائی کچھ عرصے تک دنیا میں بے شمار قوی الجثہ جانور بھی موجود تھے جو آہستہ آہستہ معدوم ہوتے چلے گئے۔

    ایک عام خیال ہے کہ ان جانوروں کی معدومی کی وجہ بدلتا موسم یعنی کلائمٹ چینج تھا۔ یہ جانور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور اس کی وجہ سے رونما ہوتی خشک سالیوں سے مطابقت نہیں کر سکے اور ختم ہوگئے۔

    لیکن حال ہی میں ایک تحقیق نے اس خیال کی نفی کرتے ہوئے انسانوں کو اس کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

    جرنل نیچر کمیونیکشنز نامی جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق انسانوں کی اس دنیا پر آمد کے مختصر عرصہ بعد آسٹریلیا کے 80 فیصد بڑے ممالیہ، پرندے اور رینگنے والے جانور معدوم ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں: کیا ہم جانوروں کو معدومی سے بچا سکیں گے؟

    اس سے قبل سنہ 2013 میں نیشنل اکیڈمی آف سائنس میں ایک تحقیق پیش کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ جس وقت انسان اس دنیا پر آیا، اس وقت وہاں موجود قوی الجثہ جانور پہلے ہی معدومی کی طرف گامزن تھے۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ اس وقت انسانوں نے کسی ایک جانور کو بھی شکار نہیں کیا۔ اس وقت موجود زیادہ تر انسان سبزی خور تھے۔

    لیکن اس کے برعکس حالیہ تحقیق میں کہا گیا کہ انسانوں نے اپنی آمد کے بعد بے دریغ شکار کیا جس کی وجہ سے ایک ’عظیم معدومی‘ رونما ہوئی۔

    ماہرین نے اس تحقیق کے لیے کم از کم ڈیڑھ لاکھ سال قبل زمین پر موجود نباتات اور خوردبینی جانداروں کے رکاز کا بغور جائزہ لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ سال قبل زمین پر مختلف اقسام کی جنگلی حیات اور نباتات موجود تھی، تاہم صرف کچھ ہی عرصے بعد یکایک ان کا نام و نشان تک مٹ گیا۔

    سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں صرف انسان کی آمد ہی ایسا واقعہ تھی جو زمین پر کسی بڑی تبدیلی کا سبب بن سکتی تھی۔ یعنی اس دوران ماحولیاتی تبدیلی یا موسمیاتی تغیرات کے حوالے سے ایسا کوئی بڑا واقعہ رونما نہیں ہوا جو جانوروں کی عظیم معدومی کا سبب بن سکے۔

    مزید پڑھیں: گرم موسم کے باعث جنگلی حیات کی معدومی کا خدشہ

    یاد رہے کہ انسان کی اس زمین پر عمر 2 لاکھ سال ہے یعنی 2 لاکھ سال قبل زمین پر انسانوں کا کوئی وجود نہیں تھا۔

    تحقیق میں واضح کیا گیا کہ اس بات کے کوئی شواہد نہیں ملے کہ کسی ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے کسی قسم کی کوئی نباتات معدوم ہوئی ہو یا کسی علاقے میں خشک سالی کی وجہ سے وہاں کے جانور آہستہ آہستہ موت کا شکار ہوگئے ہوں۔

    گویا اس تحقیق نے واضح طور انسانوں کو جانوروں کی معدومی کی سب سے بڑی وجہ قرار دے دیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹرائل روم میں خفیہ کیمرہ؟ جاننے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں

    ٹرائل روم میں خفیہ کیمرہ؟ جاننے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں

    کیا آپ جانتے ہیں بڑے بڑے بوتیکس اور شاپنگ مالز میں موجود ٹرائل روم، ہوٹلز کے باتھ روم وغیرہ بعض اوقات جرائم کا گڑھ نکل آتے ہیں اور اسے استعمال کرنے والی خواتین سخت پریشانی و ذہنی اذیت کا شکار ہوجاتی ہیں۔

    ان ٹرائل رومز یا باتھ رومز میں اکثر اوقات مذموم مقاصد کے لیے خفیہ ویڈیو کیمرے نصب کیے جاتے ہیں۔ ٹرائل روم استعمال کرنے والی خواتین کی ویڈیو بنا کر یا تو انہیں انٹرنیٹ پر ڈال دیا جاتا ہے یا پھر انہیں بلیک میل کر کے ان سے پیسہ اینٹھا جاتا ہے۔

    اس مشکل سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کو علم ہو کہ جب بھی آپ ٹرائل روم استعمال کریں تو وہاں کیا ضروری اقدامات اپنائیں۔

    گو کہ بڑے برانڈز اس قسم کی حرکات نہیں کرتے کیونکہ اس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے لیکن جابجا کھلے گمنام بوتیکس پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا، اور اگلی بار آپ جب بھی کوئی ٹرائل روم استعمال کریں تو مندرجہ ذیل طریقے اپنا کر جانیں کہ کیا وہ محفوظ جگہ ہے یا نہیں۔


    موبائل کا استعمال

    ٹرائل روم میں اپنا موبائل لے کر جائیں اور وہاں پہنچ کر کسی کو کال ملائیں۔ اگر آپ کے موبائل کے سگنل آرہے ہیں اور کال جارہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ محفوظ جگہ ہے۔

    کیمرے نصب ہونے کی صورت میں آپ کے موبائل کے سگنلز غائب ہوجائیں گے اور آپ کال یا میسج نہیں کر سکیں گی۔


    آئینے کو چیک کریں

    ٹرائل روم میں لگا ہوا آئینہ بعض اوقات دو طرفہ ہوسکتا ہے اور دوسری جانب بیٹھا شخص بآسانی آپ کو دیکھ سکتا ہے۔ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے انگلی کو آئینے سے ٹکرایں۔

    mirror

    اگر آئینہ یک طرفہ ہوگا تو آپ کی انگلی اور اس کے عکس میں کچھ فاصلہ ہوگا۔ لیکن اگر آئینے کے عکس اور آپ کی انگلی میں کوئی فاصلہ نہیں تو اس کا مطلب ہے کہ یہ آئینہ دو طرفہ ہے اور دوسری طرف لازماً کوئی شخص موجود ہوگا۔


    ٹارچ کا استعمال

    ایک اور تکنیک لائٹس بند کرنے کی ہے۔ ٹرائل روم میں داخل ہوکر لائٹس بند کردیں۔ اب اپنے موبائل کی ٹارچ جلا کر آئینے پر ڈالیں۔ اس سے دوسری طرف موجود شخص یا کیمرے کی روشنی واضح ہو کر نظر آجائے گی۔


    آئینے کو قریب سے دیکھیں

    ایک اور طریقہ آئینے کو قریب سے دیکھنے کا بھی ہے۔ اپنے چہرے کو آئینے کے بالکل قریب لے جا کر ہاتھوں سے چہرے کو ڈھانپ لیں۔ اس طرح آپ کو دوسری طرف جاری سرگرمی باآسانی نظر آجائے گی۔

    اگر آپ کو کچھ نظر نہ آئے تو جان جایئے کہ سب ٹھیک ہے۔


    اگر ان میں سے کوئی بھی تکنیک ناکام ہوجائے اور آپ کو وہاں کسی خفیہ کیمرے یا خفیہ طور پر چھپے شخص کی موجودگی معلوم ہوجائے تو ایسے ٹرائل روم سے فوراً باہر نکل آئیں، شور مچا کر وہاں موجود دیگر افراد کو بھی اس سے آگاہ کریں، اور متعلقہ حکام کو رپورٹ کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حوثی باغیوں کے سعودی عرب میں میزائل حملے پر پاکستان کا اظہار تشویش

    حوثی باغیوں کے سعودی عرب میں میزائل حملے پر پاکستان کا اظہار تشویش

    اسلام آباد: پاکستان نے حوثی باغیوں کے سعودی عرب میں میزائل حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حملے مقدس مقامات کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کے سعودی عرب میں میزائل حملے پر تشویش ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے شہر خمیس پر میزائل 5 فروری کو داغا گیا تھا۔ سعودی ایئر ڈیفنس نے میزائل بر وقت ناکارہ بنا کر آبادی کو بچالیا۔

    دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ شہری آبادی پر میزائل حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان حوثی باغیوں کی جانب سے حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ ’ایسے حملے مقدس مقامات کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔