Tag: اےآروائی نیوز

  • لکھنؤ میں مسلمان صحافی پر تشدد، بہادر بیوی نے فائرنگ کر کے جان بچائی

    لکھنؤ میں مسلمان صحافی پر تشدد، بہادر بیوی نے فائرنگ کر کے جان بچائی

    لکھنؤ: بھارت میں مذہبی انتہا پسندی اور عدم برداشت اپنی انتہاؤں کو چھونے لگی۔ لکھنؤ میں مسلمان صحافی کو نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ صحافی کی بہادر بیوی کی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کےمطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں 4 افراد نے مسلمان صحافی عابد علی کو ان کے گھر کے باہر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    شور شرابے کی آواز سن کر صحافی کی اہلیہ ہاتھ میں پستول لے کر باہر آگئیں اور حملہ آوروں پر فائرنگ کرنے لگیں۔

    حملہ آوروں کو اس مزاحمت کی توقع نہیں تھی لہٰذا خاتون کی فائرنگ سے بوکھلا کر وہ بھاگ کھڑے ہوئے۔

    پولیس نے حسب معمول حملہ آوروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ماحول دوست بجلی فراہم کرنے والا جزیرہ

    ماحول دوست بجلی فراہم کرنے والا جزیرہ

    براعظم یورپ ایسے جزیرے کی تیاری پر کام کر رہا ہے جو متعدد یورپی ممالک کو ماحول دوست بجلی فراہم کرے گا۔

    اس جزیرے کی تیاری فی الحال ماہرین کے زیر غور ہے تاہم بہت جلد اس پر کام شروع کردیا جائے گا۔ یہ جزیرہ سمندر میں لگائی گئی ان ہزاروں پن چکیوں سے بجلی پیدا کرے گا جو اسی مقصد کے لیے نئی نصب کی جائیں گی۔

    شمالی سمندر میں اس جزیرے کے قیام کے لیے جرمنی، نیدر لینڈز اور ڈنمارک مل کر کام کریں گے۔

    یہ جزیرہ برطانیہ، ناروے، نیدر لینڈز، جرمنی، ڈنمارک اور بیلجیئم سے منسلک ہوگا اور یورپ کے شمال مغرب میں واقع ممالک کو توانائی فراہم کرے گا۔

    جزیرے پر زیادہ سے زیادہ توانائی پیدا کرنے کے لیے سولر فارمز بھی بنائے جائیں گے جبکہ اس تک رسائی کے لیے یہاں بندر گاہ اور ہوائی جہازوں کے لیے رن وے بھی تعمیر کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی کنگز کے ستاروں کی دی مارننگ شو میں شرکت

    کراچی کنگز کے ستاروں کی دی مارننگ شو میں شرکت

    کراچی کنگز کے ستاروں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی مارننگ شو میں شرکت کی۔ ٹیم کے کپتان عماد وسیم، بابر اعظم اور محمد عامر نے مزیدار گفتگو کی اور مختلف سوالات کے جواب دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کھلاڑی عماد وسیم، بابر اعظم اور محمد عامر صنم بلوچ کے دی مارننگ شو میں شریک ہوئے۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم شو میں دھماکے دار انٹری دی جس پر شائقین نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ عماد وسیم نے آٹو گراف بھی دیا۔

    تینوں کھلاڑیوں نے صنم بلوچ کے ساتھ رقص بھی کیا۔

    فاسٹ بالر محمد عامر اور بابر اعظم نے شو میں خوب شرارتیں بھی کیں۔ کراچی کنگز کے شیروں سے دی مارننگ شو کی میزبان صنم بلوچ نے دلچسپ سوالات بھی پوچھے۔

    پروگرام میں ستاروں نے پراٹھے بھی بنا کر دکھائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ریپ سے متاثرہ افراد کی شناخت عام کیے جانے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر

    ریپ سے متاثرہ افراد کی شناخت عام کیے جانے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں ریپ سے متاثرہ افراد کی شناخت عام کیے جانے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی جس پر عدالت نے وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات اور پیمرا کو نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ریپ سے متاثرہ افراد کی شناخت عام کیے جانے کے خلاف درخواست دائر کی گئی۔ درخواست مقامی وکلا شرافت علی اور عمر ساجد چوہان کی طرف سے دائر کی گئی۔

    درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ قصور واقعہ کے بعد ریپ سے متاثرہ افراد کی شناخت عام کی جارہی ہے۔ ٹی وی چینلز اور اخبارات میں متاثرین کی شناخت ظاہر کیا جانا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ ریپ متاثرین کی شناخت ظاہر کیا جانا قابل گرفت جرم ہے۔

    مذکورہ درخواست پر سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

    عدالت نے درخواست پر وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات اور پیمرا کو نوٹس جاری کردیا اور فریقین کو 15 دن میں جواب جمع کروانے کا حکم دیا۔

    بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15 دن تک ملتوی کردی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نہال ہاشمی کو جیسےجیل میں ڈالا گیا مشرف کو بھی ڈالا جائے: احسن اقبال

    نہال ہاشمی کو جیسےجیل میں ڈالا گیا مشرف کو بھی ڈالا جائے: احسن اقبال

    وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کہا جا رہا ہے الیکشن سے پہلے نواز شریف کو سزا دی جائے، یہ ن لیگ کے خلاف انتخابات سے پہلے دھاندلی ہوگی۔ نہال ہاشمی کو جیسے جیل میں ڈالا گیا مشرف کو بھی ڈالا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے بجلی کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔ نیٹو سپلائی کی وجہ سے ہماری سڑکیں تباہ ہوگئی تھیں۔ حکومت سنبھالی تو ہم نے 3 چیزوں پر بہت توجہ دی ہم نے معیشت، توانائی اور دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ دی۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک کی وجہ سے پورے ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔ پورے ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا گیا، اہم سپلائی روٹ بنائے۔ سنہ 2020 تک کراچی سے پشاور تک موٹر وے تعمیر ہوگی۔ کراچی سے پشاور تک موٹر وے اہم سپلائی لائن کا کردار ادا کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے 4 سالوں میں 11 ہزار میگا واٹ کے منصوبے مکمل کیے۔ بجلی آنے سے کارخانوں کی پیداوار میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ رائزنگ پاکستان کے لیے ہمیں ملک میں انتشار کو روکنا ہے۔ سی پیک منصوبے ہدف سے بھی تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ ہم بھی دنیا کی دیگر قوموں کی طرح تیز منصوبے مکمل کر سکتے ہیں۔ ضروری ہے کہ ہم پالیسیوں کا تسلسل رکھیں۔ ’نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے پر پوری دنیا نے تحفظات کا اظہار کیا۔ فیصلے پر تحفظات سے توہین عدالت ہوتی ہے تو یہ غلط ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت توہین عدالت کے سب سے بڑے مرتکب مشرف ہیں۔ سب سے پہلےعدلیہ پرویز مشرف کے جرائم کی سزا دے۔ ’سپریم کورٹ پولیس کو کہے کہ مشرف کو جیل میں ڈالو تو پھر عدلیہ کو آزاد سمجھوں گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ متنازع ہوجائے تو یہ بھی ہمارا ہی نقصان ہے۔ معاشرے انصاف کے اداروں پر عدم اعتماد پر انتشار میں چلے جاتے ہیں۔ ’انصاف کے اداروں کا احترام لوگوں میں قائم رہنا چاہیئے‘۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بھاری کمبل اوڑھ کر سونا ذہنی تناؤ کم کرنے میں معاون

    بھاری کمبل اوڑھ کر سونا ذہنی تناؤ کم کرنے میں معاون

    ماہرین کا کہنا ہے کہ رات میں سوتے ہوئے بھاری اور وزن دار کمبل اوڑھ کر سونا آپ کے ذہنی تناؤ میں کمی اور قوت مدافعت میں اضافہ کرسکتا ہے۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق ذہنی تناؤ اور قوت مدافعت میں کمی کی ایک بڑی وجہ نیند کی کمی ہونا ہے۔ یہ آپ کی ذہنی و جسمانی کارکردگی میں کمی کر کے آپ کو تھکن اور سستی کا شکار بناتی ہے، جبکہ آپ کی فیصلہ سازی کی قوت کو بھی متاثر کرتی ہے۔

    مزید پڑھیں: نیند نہ آنے کی وجوہات

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پرسکون نیند لانے کا ایک اہم ذریعہ بھاری اور وزن دار کمبل اوڑھ کر سونا بھی ہے۔

    تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ جب ہمیں کوئی چیز معمولی سا چھوتی ہے تو یہ ہمارے اعصاب اور دماغ کو چوکنا کردیتی ہے کہ شاید کوئی خطرے کی بات ہے، گویا ہلکی پھلکی چار اوڑھ کر سونے کے دوران آپ کا دماغ جاگتا رہتا ہے۔

    blanket-2

    اس کے برعکس اگر آپ وزنی کمبل لپیٹ کر سوئیں تو یہ آپ کے دماغ اور اعصاب کو پرسکون کرے گا نتیجتاً آپ کو گہری اور پرسکون نیند آئے گی۔ گرم کمبل آپ کے جسم کو آرام دہ حالت میں لے آئے گا جس سے ذہنی تناؤ اور دماغی تھکن سمیت بے شمار پیچیدگیوں سے چھٹکارہ پایا جاسکتا ہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ یہ طریقہ علاج ان افراد کے لیے بھی فائدہ مند ہے جو بے چینی کا شکار یا منشیات کے عادی ہوں۔ سنہ 2012 میں کیے جانے والے ایک تحقیقی سروے کے مطابق بے چینی کا شکار مریضوں نے اس طریقہ علاج سے خاصا فائدہ حاصل کیا۔

    یہ طریقہ علاج ان کے لیے ’ٹچ تھراپی‘ کی طرح کارآمد ثابت ہوا۔

    مزید پڑھیں: پرسکون نیند کے لیے 5 غذائیں

    ماہرین طب نے واضح کیا کہ بھاری کمبل کو استعمال میں لاتے ہوئے پہلے اسے چیک کریں کہ آیا آپ اس کا وزن برداشت بھی کر سکتے ہیں یا نہیں۔ کہیں ایسا تو نہیں بہت زیادہ وزن دار کمبل سوتے میں آپ کا دم گھونٹ دے۔

    اسی طرح بچوں کے لیے نارمل اقسام کے کمبل ہی استعمال کیے جائیں اور بھاری بھرکم کمبلوں کے استعمال سے گریز کیا جائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • شدید ٹھنڈ میں آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے سج گیا

    شدید ٹھنڈ میں آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے سج گیا

    واشنگٹن: شدید ٹھنڈ اور برف باری جہاں نظام زندگی روک دیتی ہے، وہیں دوسری جانب کچھ منچلوں کے لیے تفریح کا باعث بھی بن جاتی ہے۔

    امریکی ریاست منی سوٹا میں برفیلے موسم میں جھیل جم گئی۔ جھیل کا پانی برف بنا تو تفریح کرنے والوں کے مزے آگئے۔

    منی سوٹا کے سالانہ کائٹ فیسٹیول میں آسمان رنگی برنگی دیوہیکل پتنگوں سے سج گیا۔

    گڑیاؤں، بھالو اور مختلف جانوروں کی شکل میں بنی پتنگوں نے آسمان کو خوش رنگ کینوس میں تبدیل کردیا۔

    سرد موسم میں بڑوں کے ساتھ بچوں نے آئس فشنگ بھی کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

    آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

    ریاض: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ فوجی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ریاض میں موجود ہیں جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں دو طرفہ فوجی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

    ملاقات میں سعودی وزیر دفاع، کونسل آف منسٹرز کے نائب صدر اور پاکستان عسکری حکام بھی شریک تھے۔

    اپنے دورے کے دوران جنرل قمر باجوہ نے سعودی کمانڈر آف گراؤنڈ فورسز لیفٹنینٹ جنرل شہزادہ فہد بن ترکی بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مزیدار اسپائسی فش اسٹکس بنائیں

    مزیدار اسپائسی فش اسٹکس بنائیں

    سردیوں کا موسم اپنے اختتام پر ہے، ایسے میں سردیوں کی سوغات سے بھرپور فائدہ اٹھالیں۔ اسی لیے آج ہم آپ کو مزیدار اسپائسی فش اسٹکس بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔


    اجزا

    مچھلی کے فلے: 500 گرام

    انڈے کی سفیدی: 2 عدد

    پسا ہوا لہسن ادرک: 1 کھانے کا چمچ

    پسی ہوئی لال مرچ: 1 کھانے کا چمچ

    پسی ہوئی ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    پسا ہوا گرم مصالحہ: آدھا چائے کا چمچ

    اجوائن: آدھا چائے کا چمچ

    میتھی دانہ پسا ہوا: آدھا چائے کا چمچ

    لیوں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    میدہ: 2 کھانے کے چمچ

    زردے کا رنگ: 1 چٹکی

    نمک: حسب ذائقہ

    تیل: تلنے کے لیے

    سلاد، پتے، لیموں، ٹماٹر: سجاوٹ کے لیے


    ترکیب

    ایک پیالے میں تیل اور مچھلی کے علاوہ تمام اجزا اچھی طرح سے ملا لیں۔

    مچھلی کے فلے کو پٹیوں کی صورت میں کاٹ کر پیالے میں شام کریں اور آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

    کڑاہی میں تیل گرم کریں، مچھلی کی پٹیاں ایک ایک کر کے اس میں شامل کریں اور سنہری تل کر کاغذ پر نکال لیں۔

    مزیدار فش اسٹکس سلاد پتے، لیموں اور ٹماٹر سے سجا کر پیش کریں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • معذور کتے کے لیے خصوصی جوتے

    معذور کتے کے لیے خصوصی جوتے

    گلیوں میں پھرنے والے اکثر کتے اور بلیاں کسی جانور کے حملے میں زخمی ہوجاتے ہیں، اور بہت کم جانور ایسے ہوتے ہیں جنہیں کوئی مہربان شخص مل جائے جو ان کے زخموں کو ٹھیک کردے۔

    جنوبی کوریا کا چی چی بھی ایسا ہی خوش نصیب کتا تھا جس کے پاؤں زخمی ہونے کے بعد اسے کچرے میں پھینک دیا گیا تاہم ایک مہربان جوڑا اس زخمی کتے کو اپنے گھر لے آیا اور اس کی دیکھ بھال کرنے لگا۔

    آہستہ آہستہ کتے کے زخم تو ٹھیک ہوگئے تاہم وہ اب بھی چلنے پھرنے میں تکلیف کا شکار تھا، لیکن اس کا حوصلہ اور عزم جوان تھا اور وہ مسلسل چلنے کی کوششیں کر رہا تھا۔

    اس کے زندہ رہنے کے جذبے کو دیکھتے ہوئے اس کا نگہبان جوڑا اسے امریکا لے آیا۔ وہاں چی چی کے لیے مصنوعی پاؤں نما جوتے تیار کیے گئے جو اسے چلنے پھرنے میں مدد دے سکتے تھے۔

    ہر روز صبح چی چی کا نگہبان جوڑا اسے موزے اور جوتے پہنا کر تیار کرتا ہے جس کے بعد دن بھر وہ بھاگ دوڑ کرتا ہے۔ ان جوتوں کی مدد سے اس کی زندگی نہایت آسان ہوگئی ہے اور وہ دیگر کتوں کے ساتھ کھیل اور بھاگ دوڑ کر سکتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔